ٹھاٹھری ڈیولپمنٹ فرنٹ کا شیوابم دھماکے کی تحقیقات کا مطالبہ
ڈوڈہ //ٹھاٹھری ڈیولپمنٹ فرنٹ نے جی ایچ ایس ایس شوا بم دھماکے کی تحقیقات کا مطالبہ کرکے مبینہ ملزمان اوران پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے جنھوں نے پولیس حراست سے مبینہ ملزم کو فرار ہونے میں مدد کی۔فرنٹ کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں شوا ہائر سیکنڈری سکول میں بم دھماکے کے پیش نظرعام لوگوں کو درپیش مسائل پر مباحثہ کیا گیا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈوڈہ کی پوری ایجوکیشن برادری کیلئے یہ باعث تشویش ہے کہ کس طرح سے ایک ایماندار اور نیک نیت پرنسپل کو اپنے فرائض انجام دینے میں جواب دہی قائم کرنے کے لئے نشانہ بنایا گیا ۔فرنٹ نے سماج کے تمام طبقوں کو بلا لحاظ مذہب و ملت ،رنگ و نسل سے بم دھماکہ کرنے والوں کی مذمت کرنے کی اپیل کی کیونکہ ایسے عناصر کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے۔اجلاس میں زخمی پرنسپل کا خصوصی محالجہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔فرنٹ نے گورنر کو بم دھماکہ کے واقعہ کو سنجیدگی سے لینے اور واقعہ کی باریک بینی سے تحقیقات کرنے کی اپیل کی۔
شبیر ملک نے بطور ایس ایس پی ڈوڈہ اپنا عہدہ سنبھالا
ڈوڈہ //شبیر احمد ملک جے کے پی ایس نے جمعہ کے روز بطور ایس ایس پی ڈوڈہ اپنا عہدہ سنبھال لیا ۔عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد انہوں نے ضلع پولیس ڈوڈہ کے پولیس افسراں کے ساتھ تعارفی اجلاس کا اہتمام کیا۔انہوں نے ضلع پولیس لائنز ڈوڈہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں جوانوں اور افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ایس ایس پی نے اسکے علاوہ پولیس اسٹیشن ڈوڈہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر افسروں و اہلکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔
پوگل پرستان کے علاقوں میں بجلی کے صارفین پریشان
چھ مہینے کی بجلی فیس معاف کرنے کی حکام سے اپیل
محمد تسکین
بانہال // علاقہ پرستان میں بجلی صارفین کا کہنا ہے کہ وہاں محکمہ کے لائین مینوں نے عام صارفین کو تنگ کرکے رکھ چھوڑا ہے اور سرکار کی طرف سے تار اور کھمبے نہ دیئے جانے کے بعد لوگوں کی طرف سے اپنے ڈھوکوں تک بجلی کیلئے بچھائی گئی تار اور کھمبے لائین مین اکھاڑ دیتے ہیں جبکہ محکمہ کی طرف سے نہ تار دی جاتی ہے اور ناہی کھمبے دیئے جاتے ہیں جبکہ سال بھر بجلی فیس لی جاتی ہے۔ صارفین بجلی کا کہنا ہے کہ انہوں نے محکمہ بجلی کے ساتھ ایگریمنٹ کر رکھے ہیں اور پرستان کی بیشتر آبادی گرمیوں کے سات مہینے کیلئے اوپری علاقوں میں قائم ڈھوکوں میں چلے جاتے ہیں جبکہ صرف پانچ مہینے کیلئے نیچے رہ کر بجلی کا استعمال کرتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے گاوں سے ادھواروں تک اپنے ذاتی خرچے پر بجلی پہنچائی ہے لیکن بجلی کے لائین مین بجلی کی یہ تاریں اور کھمبے بار بار اٹھا کر لے جاتے ہیں اور یہ عمل کئی بار دھرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارہ مہینے کی بجلی فیس ادا کرنے کے بجائے یہاں کے غریب صارفین سے صرف چھ مہینے کی بجلی فیس لی جائے اور چھ مہینے کی بجلی فیس معاف کی جائے یا محکمہ کی طرف سے صارفین کیلئے بجلی کے کھمبے اور بجلی کی ترسیلی لائینیں بچھائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پرستان اور سینابتی کی آبادی میں چوبیس گھنٹوں میں محض چند گھنٹوں کیلئے بجلی چھوڑی جاتی ہے اور بجلی کے شیڈول پر کوئی عمل نہیں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکڑال اور پوگل پرستان کے وسیع علاقوں میں محض دو لائن مین تعینات ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی بیشتر اوقات متاثر رہتی ہے جس کی سزا گھپ اندھیروں کی صورت عام صارفین کو بھگتنا پڑتی ہے۔ تاہم بانہال میں سب ڈویژن بانہال کے بجلی حکام اس مسئلے کو لوگوں کی حفاظت سے جوڑتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ غیر قانونی حرکت ہے اوراسے برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ خود بچھائی گئی لائینوں سے کسی حادثے کی صورت میں الزام محکمہ بجلی پرہی آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوگل پرستان اور سینابتی کے بیشتر دیہات بجلی سے جوڑے گئے ہیں تاہم ملازمین کی کمی کی وجہ سے رامسو سے پوگل پرستان اورسینا بتی کے دیہات اور پہاڑوں تک بچھی لمبی ترسیلی لائین میں آنے والے فالٹ بڑی مشکلات کا باعث بنتے ہیں اور بجلی منقطع رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی فیس معاف کرنے کا کوئی بھی معاملہ اعلیٰ حکام ہی طے کر سکتے ہیں اور وہ اس کیلئے مجاز نہیں ہیں۔
چھاترو میں بیداری کیمپ کا اہتمام
کشتواڑ//جے اینڈ کے کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کی جانب سے نیشنل شیڈولڈ کاسٹ اور شیڈولڈ ٹرائب ہب پر چھاترو میں ایک بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔این ایس ایس ایچ میں ایس سی، ایس ٹی، ایم ایس ایم ای تقسیم کاری کے سلسلہ میں اعداد و شمار جمع کرنا، ایس سی ،ایس ٹی ،ایم ایس ایم ئیز کے آب و ہوا کا مطالعہ کرنا ،بیداری کیمپ منعقد کرنے ،سکل ڈیولپمنٹ تربیت فراہم کرنا اور ورکشاپ منعقد کرنا شامل ہے۔جے کے کے وی آئی بی جموں کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو افسر پون کمار گپتا ،ضلع افسر کشتواڑ محمد اقبال بٹ، ڈپٹی رجسٹرار جموں ، اکونٹس افسر کشتواڑ و دیگر افسران اس موقعہ پر بطور ریسورس پرسن تھے، جنھوں نے شرکا کو جے کے کے وی آئی بی، ایس سی اینڈ ایس ٹی ڈیولپمنٹ بورڈوں کی مختلف سکیموں سے آگاہ کیا۔انہوں نے پرائم منسٹر ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام ،روایتی انڈسٹریز کو بحال رکھنے کے لئے فنڈز کی سکیم ،کھادی ڈیولپمنٹ پروگرام ، ایس ٹی ہب کے علاوہ جے کے ای ڈی آئی جیسے کہ سیڈ کیپٹل فنڈ سکیم ،یوتھ اسٹارٹ اپ لون سکیم اور سیلف ایملائمنٹ پر تفصیلی جانکاری پیش کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ این ایس ایس ایچ بھارت سرکار کی ایک پہل ہے ۔
بھدرواہ اور بھلیسہ میں سڑکوں کی حالت تشویش کن: نریش گپتا
ہدف تھا70کلو میٹرلیکن میکڈم 4کلو میٹر پر ہی بچھایا گیا
بھدرواہ // ایم ایل سی نریش گپتا نے بھدرواہ او ر گندو بھلیسہ علاقہ میں پی ڈبلیو ڈی /پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے تعمیر کی گئی سڑکوں کی خستہ حالی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک پریس بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ان سڑکوں کی تعمیر غیر پیشہ وارانہ طریقہ سے کرنے کی وجہ سے ان کی حالت ابتر ہو رہی ہے۔انہوں نے شکایت کی کہ پی ڈی پی۔بی جے پی سرکار نے بھدرواہ اور گندو میں 70 کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر کا ہدف رکھا تھا لیکن فقط 4 کلو میٹر سڑک پر ہی میکڈم بچھایا گیا ہے،جبکہ اخراجات 100 فیصدی دکھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھیلہ سے پنشائی ملاوٹھہ ،نگر منتھلا، بئیرو بستی سے ڈُگلی،بھالہ گجوٹ،ہنگا، نالتھی، سرتنگل، شیرکھی، سیو گواڑی، پوناجا چیرالہ، بھالارا، ہلارن جورا، ملک پور چلی سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت سی آر ایف بھالہ ٹسانہ، ملانی سے چکر بھاٹی سڑکیں روز بروز ابتر ہوتی جا رہی ہیں۔ان کے بیچ میں بڑے بڑے کھڈے پیدا ہوگئے ہیں جس سے انسانی زندگی کو خطرہ لاحق ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی ابتر حالت کی وجہ سے سڑک حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔موسلا دھار بارشوں سے حالات اور بھی سنگین بن گئے ہیں۔انہوں نے ریاست کے گورنر اور متعلقہ مشیر سے اپیل کی ہے کہ وہ ان سڑکوں کی فوری تعمیر کے لئیے پی ڈبلیو ڈی محکمہ کو ہدایت جاری کرے۔
سروڑی کاکاہراہ میں عوامی دربار
متعدد سیاسی کارکنان کا کانگریس میں شمولیت کا دعویٰ
کاہراہ//رکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے یہاں کاہراہ میں ایک عوامی دربارمنعقد کیاجس میں اُنہوں نے عوامی مسائل سنے اور موقع پرمتعلقہ حکام کو ہدایات بھی جاری کیں۔سروڑی نے عوامی مسائل کے بہترازالہ کیلئے مختلف محکمہ جات کے مابین بہترتال میل کواہمیت کاحامل قرار دیتے ہوئے آفیسران سے تلقین کی کہ وہ آپسی تال میل پرخصوصی توجہ مرکوز کریں۔انہوں نے کہاکہ وہ عوام کے درپہ خدمات مہیاکرانے کیلئے کوشاں ہیں اوردورافتادہ علاقہ جا ت میں بھی عوامی دربارمنعقد کئے جائیں گے جہاں عوامی مسائل سے آگاہی کے بعدانہیں جلدازجلدحل کیاجائے۔عوام نے جومسائل رکن اسمبلی کیساتھ اُبھارے ان میں سرفہرست منریگااُجرتوں کی ادائیگی، پینے کے پانی کی بہترسپلائی، بجلی نظام کوبہتربنانے کے مطالبات قابل ذکرہیں۔سروڑی نے بغورسننے کے بعد یقین دلایاکہ وہ ا ن مسائل کاجلدازالہ کریں گے۔محکمہ صحت عامہ سے متعلق مسائل کرترجیح قرار دیتے ہوئے سروڑی نے کہاکہ جونہی پائپیں سٹور میں دستیاب ہونگی،ان علاقوں میں نصب کردی جائیں گی اور پینے کے پانی کی سپلائی بہتربنائی جائے گی۔اُنہوں نے بتایاکہ10کروڑ روپے کی لاگت والی کل9واٹرسپلائی اسکیمیں کاہراہ میں چالو ہیںجس سے لوگوں کوراحت نصیب ہورہی ہے۔سروڑی نے لوگوں سے کہاکہ وہ تعمیراتی ایجنسیوں کیساتھ بھرپورتعاون کریں تاکہ ان کے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پرعمل آوری بلاکسی تاخیر ورُکاوٹ یقینی بن سکے۔سروڑی نے عوام کے معیارِحیاب کوبلندکرنے کیلئے سرکاری فلاحی اسکیموں سے مستفیدہونے وآفیسران پرانہیں عملانے پرزوردیتے ہوئے خاص طورپرپی ایم اے وائی، آئی ایچ ایچ ایلز، بے سہارہ؍ معذورپنشن اورایس ایم اے ایس کے تحت خط افلاس سے نیچے زندگی بسرکرنے والی لڑکیوںکی شادیوں کیلئے مالی معاونت کی اسکیم قابل ذکرہیں جن سے بڑھ چڑھ کرمستفیدہونے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے متعلقہ حکام سے ان اسکیموں کی بہترعمل آوری یقینی بنانے کی تلقین کی۔سروڑی نے اس موقع پرکاہراہ۔جائی ایک تا6ویں کلومیٹرکے درمیان آر اینڈبی ڈویژن گندوہ اور کاہراہ تانتاسڑک پرتار کول بچھانے کااعلان کیا۔اُنہوں نے مزیداعلان کیاکہ ایک سال کے اندراندراندروا اسمبلی حلقہ کے اُن تمام علاقوں میں بجلی مہیاکرائی جائے گی جواب محروم ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ آر جی جی وی وائی مرحلہ دوئم، ڈی ڈی یووائی اور سوبھاگیا اسکیموں کے تحت ان علاقوں کوبجلی مہیاکرائی جائیگی۔اُنہوںنے کہاکہ یہ کام جلدازجلدشروع ہورہاہے، اورلوگوں کومفت بجلی کنکشن بھی مہیاہونگے۔بعدازاں سروڑی نے کاہراہ اورٹھاٹھری میں پارٹی کارکنان سے بھی خطاب کی اور انہیں تلقین کی کہ وہ عوام کو درپیش مشکلات کاازالہ کرنے کیلئے سرگرم عمل رہیں اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے محنت سے کام کریں۔سروڑی نے کہاکہ ایک متحرک کانگریس ہرعوامی مشکل کاح ہے، لہٰذاکانگریس کی مضبوطی سے ہی عوام کومشکلات ومسائل سے نجات ملے گی، اس لئے پارٹی کارکنان کے سرپربہت ذمہ داری ہے۔اُنہوں نے کہاکہ کچھ برسوں سے ریاست میں جس طرح کے حالات وواقعات رونماہوئے، جس طرح کے لوگ اقتدار پرقابض ہوئے،ان کی کارستانیوں سے عوام کا جمہوریت اورسیاست پرسے اعتماداُٹھاہے یااِسے ٹھیس پہنچی ہے اور بلآخر عوام کی اُمیدیں کانگریس سے وابستہ ہیں جس کی پالیسیاں عوام دوست ہیں اور ریاست کے تینوںخطوں میں مقبول ترین سیاسی متادل ہے۔اس موقع پردرجنوں سیاسی کارکنان نے کانگریس میں شمولیت اختیارکی جن کاسروڑی نے والہانہ استقبال کیااورکہاکہ ان کی پارٹی میں آمد سے پارٹی بھلیسہ کاہرہ میں مضبوط ہوگی۔اُنہوں نے کہاکہ کانگریس پچھڑے علاقوں وسماج کوبہترمستقبل کی جانب گامزن کرنے کی متمنی ہے۔