دست و قے کی بیماری پھوٹ پڑی
گاندربل میں درجنوں افراد لپیٹ میں آگئے
گاندربل//ارشاد احمد//گاندربل سے ملحقہ تین دیہات میں دست اور قے کی بیماری پھوٹ پڑی ہے جس کے بعدمحکمہ صحت کی ٹیم نے درجنوں افراد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل منتقل کردیا ہے۔گاندربل سے ملحقہ ریشی پورہ،شاہ پورہ اور بدرکونڈ میںدست و قے سے سینکڑوں افراد متاثر ہوگئے ہیں۔علاقہ میں دست اور قے بیماری نے تشویشناک صورت حال اختیار کرلی ہے۔ پچھلے تین روز سے ریشی پورہ،شاہ پورہ اور بدرکونڈ میں ہر شخص اس بیماری میں مبتلا ہوچکا ہے۔کئی متاثرہ افراد ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل میں داخل کئے گئے ہیں۔ میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر معراج الدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان علاقوں میں دست اور قے کی بیماری میں کئی افراد مبتلا ہوچکے ہیں ہم نے میڈیکل ٹیم پورے علاقے میں روانہ کی ہے جس کے دوران ہم نے سینکڑوں افراد کا علاج معالجہ کیا جبکہ درجنوں افراد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ وہ تحقیقات کررہے ہیں کہ بیماری پھوٹنے کی کیا وجوہات ہیں کیونکہ کچھ روز قبل یہاں عرس بھی منایا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ پینے کے پانی کے نمونے حاصل کرکے جانچ کے لئے لیبارٹری روانہ کردئے گئے ہیں۔
محبوس لیڈرکے اہل خانہ کی ہراسانی مذموم:صحرائی
سرینگر// تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی نے تہاڑ جیل میں محبوس لیڈر راجہ معراج الدین کلوال کے اہل خانہ کو ای ڈی کے ذریعے ہراساں وپریشان کرنے کی کارروائی کی سخت مذمت کی اور کہا کہ راجہ معراج الدین کلوال پچھلے ایک سال سے تہاڑ جیل میں بند ہےں اور ان کا کیس دہلی کے کورٹ میں چل رہا ہے۔ اب ایک سال کے بعد اہل خانہ سے پوچھ تاچھ کرنا سیاسی انتقام گیری ہے۔ صحرائی نے کہا کہ حکمران مختلف سیاسی ہتھکنڈوں، ظلم وجبر اور دھونس دباو¿ کے ذریعے آزادی پسند لیڈروں اور کارکنوں کو ہراساں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجہ معراج کے گھروالوں کو ہراساں کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
آئی سی ڈی ایس ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم
سرینگر//محکمہ سماجی بہبودکی آئی سی ڈی ایس ونگ سے وابستہ سپروائزروں کے ساتھ ساتھ آنگن واڑی ورکر اورہیلپرکئی مہینوں سے اپنی اُجرتوں سے محروم ہیںجس کے نتیجے میں آنگن واڑی مراکزکوچلانے والے خواتین عملہ میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے ۔انہوں نے گورنرانتظامیہ کوخبردارکیاہے کہ اگرعیدالاضحی سے قبل اُنکی واجب الاداتنخواہیں واگزارنہیں کی گئیں تووہ عیدکے فوراًبعدکام چھوڑہڑتال شروع ہوگی۔اُدھرآنگن واڑی ورکروں اورہیلپروں نے بھی الزام لگایاکہ ا نہیں کئی مہینوں سے تنخواہیں فراہم نہیں کی جاری ہیں ۔
گلے لگانے کی باتیں بے وقعت:کانگریس
میجر آدتیہ کو اعزاز کیوںبخشا گیا:انجینئر
سری نگر//وزیر اعظم نریندی مودی کی کشمیریوں کو گلے لگانے کی پالیسی کو سیاسی بیان بازی قرار دیتے ہوئے ریاست کی مختلف سیاسی جماعتوں نے بتایا کہ ایسے بیانات سے کچھ بھی حاصل ہونے والے نہیں ہیں جب تک نہ ان کو زمینی سطح پر من و عن عملایا جائے۔ کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اس طرح کے بیانات کا ریاست میں کوئی خریدار نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس قسم کی باتوں کا اب دم نکل چکا ہے کیوں کہ وزیرا عظم نے گزشتہ سال بھی ایسے الفاظ دہرائے تھے تاہم اس عرصے کے دوران زمینی سطح پر اس کے برعکس عملایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کو اچھا موقعہ فراہم ہوا تھا کہ وہ اپنے بیان کو زمینی سطح پر عملائے لیکن وہ اس دوران مکمل طور پر ناکام ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ ایسے حالات میں اس قسم کے بیان کا بالکل دم نکل چکا ہے اور فی الوقت ان الفاظ کی کوئی وقعت نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاست جموں وکشمیر میں فی الوقت گورنر راج نافذ العمل ہے لہٰذا پنچائتی اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے گورنر انتظامیہ کو زمینی سطح پر حالات کا جائزہ لے کر ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ گورنر کو ریاست میں پنچائتی اور بلدیاتی انتخابات کو منعقد کرانے کے لیے پرامن اور سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا اور اس معاملے میں امن و قانون کی صورتحال کی پوری ذمہ داری اپنے سر لینی ہوگی۔اگر گورنر انتظامیہ ریاست میں امن و قانون کی صورتحال کی پوری ذمہ داری اپنے اوپر لیتی ہے تو کانگریس جمہوری اداروں کی مضبوطی اور استحکام کے لیے الیکشن پراسس کا حصہ بنے گی۔ ادھرامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے وزیر اعظم مودی کی جانب سے کشمیریوں کو گلے لگانے کی چاہت کا اظہار کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک نہ نئی دلی اپنا ابہام دور کرے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی اصل حیثیت میں تسلیم کرے تب تک کوئی بھی اچھے الفاظ بے معنیٰ ہی ٹھہریں گے۔انہوں نے کہا یہ بات یاد رکھی جانی چاہیئے کہ الفاظ سے اونچی آواز کام کی ہوتی ہے لہٰذا جب تک عملی اقدامات نا ہوں تب تک اچھے سے اچھے الفاظ بھی کسی کام کے نہیں ہو سکتے ہیں۔انجینئر رشید نے کہا ” جو کچھ بھی وزیر اعظم نے یوم آزادی کے موقعہ پر کہا وہ سننے میں اچھا ہے لیکن جب تک نہیں ان الفاظ اور زمینی حقائق میں مماثلت ہو حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی ہے۔حیران کن ہے کہ نئی دلی ابہام کا شکار ہی نہیں ہے بلکہ اسکے کہنے اور کرنے میں بڑا اور واضح فرق ہے۔چناچہ مودی جی نے جو کچھ بھی لال قلعے کی فصیل سے کہا اسکی، معصوم کشمیری نوجوانوں کو گولیوں سے چھلنی کرنے والے میجر آدتیہ کوسوریہ چکر دئے جانے سے،اسی وقت نفی کردی گئی۔کشمیریوں کو گلے لگائے جانے کی باتیں کرنے کے ساتھ ہی انکے قاتلوں کو اعزازات سے نوازے جانے سے نئی دلی کے قول و فعل میں تضاد واضح ہوجاتا ہے “۔انجینئر رشید نے کہا کہ جہاں فوج کہیں کہیں پر بچوں کو تعلیم دیکر ور اس طرح کے پروگراموں سے یہ تاثر دینے کی کوشش کرتی ہے کہ وہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے کاموں میں حصہ ڈالنا چاہتی ہے وہیں معصوموں اور نہتوں کے قتل ہائے ناحق کو جواز فراہم کرنے کی اسکی کوششوں سے اسکی ”گُڈوِل“کے غبارے سے ہوا نکل جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ باتیں ساتھ ساتھ کس طرح چل سکتی ہیں کہ ایک طرف فوج NEETاور دیگر پیشہ ورانہ کورسز کیلئے کشمیری نوجوانوں کی کوچنگ کرانے کا دعویٰ کرے اور دوسری جانب انہی نوجوانوں کے قتل میں ملوث جوانوں اور افسروں کو اعلیٰ اعزازات کیلئے نامزد بھی کرے۔انہوں نے وزیر اعظم مودی سے دھوکے اور وقت گذاری کی روایتی پالیسی چھوڑ کر ایک سچے لیڈر کی طرح کام کرنے کی اپیل کی تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو ایک ہی بار اور ہمیشہ کیلئے حل کیا جا سکے۔
ٹنگمرگ میں پونچھ کی خاتون غرقآب
ٹنگمرگ//سیاحتی مقام درنگ ٹنگمرگ میں 21 سالہ خاتون نالہ میں گرکرغرقاب ہوئیں۔جمعرات کی صبح 11 بجے ٹنگمرگ سے 3 کلو میٹر دور سیاحتی مقام درنگ میں اسوقت دلخراش واقعہ پیش آیا جب 21سالہ تعظیمہ اختر زوجہ محمد اسماعیل چوہان ساکنہ سیلر پونچھ گرمی سے نجات پانے کے لئے نالہ فیروزپورہ کے کنارے اپنی پیاس بجھانے کے دران اچانک پیر پھسل جانے سے غرقاب ہوئیں۔ اگرچہ وہاں موجود لوگوں اور خاتون کے رشتہ داروں نے اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم نالہ میں پانی کا تیز بہاﺅ خاتون کو اپنے ساتھ بہا کر لے گیا۔ٹنگمرگ پولیس نے اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں کے تعاون سے خاتون کو نالہ سے برآمد کرکے سب ڈسٹرکٹ اسپتال ٹنگمرگ منتقل کیا جہاں ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش آخری رسومات کی خاطر لواحقین کے حوالے کی۔(مشتاق الحسن )
سکولی بورڑ میں کے اے ایس آفیسر کی تعیناتی
حکومت اپنا فیصلہ واپس لے:قیوم وانی
سرینگر //جموں وکشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے سٹیٹ بورڈ آف ایجوکیشن میں کے اے ایس افسر کی تعیناتی کو متعلقہ محکمہ کے افسران اور تدریسی ماہرین کے ساتھ ناانصافی قراد دیا ہے ۔محکمہ تعلیم کے آفیسران اور تدریسی عملے کی ایک میٹنگ ایجیک صدر عبدالقیوم وانی کی قیادت میں مرکزی آفس پر منعقد ہوئی جس میں کالج ٹیچرس ایسوسی ایشن ، +2لیکچر ر فورم اور جموں وکشمیر ٹیچر فورم کے لیڈران نے شرکت کی اس دوران تمام لیڈران نے کے اے ایس افسر کو بورڈ کا سکریٹری تعینات کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔لیڈران کا کہنا تھا کہ بورڈ میں کے اے ایس افسر کی بطور سیکریٹری تعیناتی اساتذہ کی عزت اور وقار پر حملہ ہے اور اُس کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔اس موقعہ پر ایجیک صدر عبدالقیوم وانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کو بورڈ میں کسی ماہر تعلیم کو بطور سکریٹری تعینات کرنا چاہئے ۔انہوں نے اس دوران گورنر این این وہرا ، ایڈوائز خورشید احمد گنائی ،بی بی ویاس ، بی بی سپرمنیم اور سکریٹری ایجوکیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اُس فیصلے پر ازسرنو غور کر کے کسی ماہر تعلیم کو اس عہدے پر فائز کریں ۔انہوں نے کہا کہ اگر اُس طرف کوئی دھیان نہیں دیا گیا تو سکول ایجوکیشن محکمہ کی مختلف انجمنیں اُس فیصلے کے خلاف سڑکوں پر آئیں گئی ۔میٹنگ میں اس دوران مختلف تنظیموں کے لیڈران جن میں پروفیسر طارق اشائی ، ڈاکٹر منظور ، محمد اکبر خان ، پروفیسر فاروق احمد پنڈت ، محمد افصل بٹ ، میر بشیر ، پروفیسر الطاف پرا ،پیر نثار احمد ، میر فیاض ، پروفیسر ظہور احمد ، شوکت علی بیگ ، الطاف احمد ، قیوم سانی اور محمد شفیع وانی کے علاوہ دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔
لداخ ترقیاتی ہل کونسل کرگل انتخابات
کانگریس کا سرکاری افسران پر جابنداری کا الزام
سرینگر//جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ لداخ ایریا ہل ڈیولپمنٹ کونسل ( کرگل )کے انتخابات میں سرکاری افسران دخل اندازی کررہی ہے جوتشویشناک ہے۔ پارٹی نے ریاستی گورنر این این ووہرا کے نام ایک مکتوب ارسال کیا ،جس میں پارٹی نے سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کرنے کی مانگ کی تاکہ یہاں صاف شفاف انتخابات منعقد ہوسکے۔ کانگریس ترجمان کی جانب سے بھیجے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری افسران پی ڈی پی امیدوار کے حق میں انتخابی مہم بھی چلا رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں جب کانگریس کو ایک شکایت موصول ہوئی تھی،کانگریس پارٹی کے نائب ریاستی صدر وایم ایل سی غلام نبی مونگا نے گورنر این این ووہرا کے نام ایک مکتوب ارسال کیا ،جس میں انہوں نے کرگل میں خود مختار ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیاہے۔ مکتوب میں کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بعض سرکاری افسران کا تعلق پی ڈی پی امیدوار کے ساتھ ہے ،جو انتخابات میں اپنا اثر ورسوخ استعمال کررہے ہیں تاکہ یہ جمہوری عمل، غیر جمہوری عمل پر اختتام پذیر ہوسکے۔ انہوں نے اسی طرح کی ایک شکایت ریاستی چیف الیکٹورل افسر کو بھی بھیجی گئی تاکہ مذکورہ افسران کے خلاف کارروائی ہوسکے۔ترجمان نے کہا کہ غلام نبی مونگا نے این این ووہرا کی نوٹس میں یہ معاملہ لایا اور بتایا کہ سرکاری افسران کاچو شمیم کے ساتھ مراسم ہیں جو شاکار حلقہ انتخاب کے کانگریس امیدوار ذاکر حسین کے مدمقابل ہیں۔
بانڈی پورہ میں مارکیٹ چیکنگ
دکانداروں سے 2600 روپے جرمانہ وصول
بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پور ہ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کی ہدایت پر عید الاضحی کی آمد کے پیش نظر ضلع کے مختلف بازاروں میں چیکنگ سکارڈوں کو مزید متحرک کردیا گیا ہے۔فوڈ سیفٹی ،لیگل میٹرالوجی،خوراک شہری رسدات اور امور صارفین نیز محکمہ مال اورپولیس پر مشتمل ٹیموں نے بانڈی پورہ ،سمبل، حاجن،آلوسہ ،اجس،گریز اور دیگر قصبہ جات کے بازاروں میں قصورواردکانداروں سے 2600روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا جب کہ مضر صحت بیکری اورزائد المعیاد اشیائے خوردنی کو بھی موقعہ پر ہی ضائع کیا گیا۔
ہالہ مولہ سنگم میں تفریحی پارک کی تعمیرکا جائزہ
اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک نے ہالہ مولہ سنگم میں تفریحی پارک کی تعمیر کی پیش رفت کاجائزہ لیا ۔محکمہ پھولبانی اننت ناگ کی طرف سے تعمیر کی جارہی اس پارک کی تعمیر پر 5.20کروڑ روپ خرچ کئے جارہے ہیں۔اس موقعہ پر بتا یا گیا کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ کے کنارے پر ہالہ مولہ سنگم میں تعمیر کی جارہی اس تفریحی پارک سے جہاں سیاح دریائے جہلم کا نظارہ کرسکتے ہیں، وہیں مقامی سطح پر روزگار کے وسائل بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ پارک میں مٹی کی بھرائی کا کام 22کنال اراضی پر مکمل کیا گیا ہے۔جبکہ دیگر تعمیراتی کاموں میں بھی پیش رفت ہورہی ہے۔انہوں نے پارک کی تعمیر کے کام کو مقررہ وقت میں یقینی بنانے پر زوردیا۔
۔ امر ناتھ یاترا2018
؛227یاتریوں نیشو لنگم کے درشن کئے
سرینگر// امر ناتھ جی یاترا کے50 ویں روز227یاتریوں نے پوتر گپھامیں شولنگم کے درشن کئے۔ یاترا شروع ہونے سے اب تک280384 یاتری اب تک پوتر گپھا میں شو لنگم کے درشن کرچکے ہیں۔
اگست پر ہڑتال اقوام عالم کیلئے چشم کشا: پیروان ولایت 15
سرینگر// پیروان ولایت نے 15اگست کے موقعہ پر کشمیر میں مکمل ہڑتال کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا ہے۔ تنظیم کے ترجمان نے ہڑتال کو اقوام عالم کیلئے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم نے بھارت کو کبھی تسلیم نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل پر کشمیر میں 15اگست کی تقریبات منارہا ہے اور کشمیر کو جیل خانہ میں تبدیل کرکے اقوام عالم کو گمراہ کرنے کیلئے یہاں آزادی کی تقریبات منارہا ہے۔
تحریک حریت کا عرفان خان سے اظہاریکجہتی
سرینگر// تحریک حریت کے ایک وفد نے عرفان احمد خان ساکن لازبل اسلام آباد کے والد بشیر احمد خان کی وفات پر اُن کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی۔وفد محمد یوسف مکرو، میر حفیظ اللہ، عاشق حسین، یاسر احمد اور سبزار احمد پر مشتمل تھا۔ اس موقع پر مرحوم کے حق میں جنت نشینی کی دُعا کی گئی۔ محمد یوسف مکرو کی قیادت میں ایک اور وفد نے اترسو شانگس میں ایک دلدوز حادثے میں 4افراد کے جاں بحق ہونے پر رنج وغم کا اظہار کیا۔
ہاشم قریشی کا اظہار تعزیت
سرینگر// ڈیمو کریٹک لبریشن پارٹی کے چیئرمین ہاشم قریشی نے لبریشن فرنٹ کے بانی محمد مقبول بٹ کے قریبی ساتھی ریاض احمد ڈارکے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا ہے۔انہوں نے موصوف کی تحریکی خدمات کو سراہتے ہوئے انکی ثابت قدمی کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم نے خود مختار نظریہ کو پروان چڑھانے کے لئے مصائب و مشکلات کا سامنا کیا۔
خورشید گنائی 18 اور 19 اگست کو جموں میں عوامی دربار منعقد کریں گے
سری نگر //گورنر کے صلاحکار خورشید احمد گنائی 18 اگست 2018 سنیچر وار کو کنونشن سنٹر کنال روڈ جموں میں عوامی شکایات سُننے کیلئے دوپہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک موجود رہیں گے ۔ مشیر موصوف 20 اگست 2018 سوموار کے بجائے جموں میں 19 اگست 2018 اتوار کو صبح دس بجے سے دوپہر 12 بجے تک عوامی شکایات سُنیں گے ۔
واجپائی کی خدمات ناقابل فراموش
ڈاکٹر فاروق اورسوزسمیت کئی لیڈران کا خراج عقیدت
سرینگر//سابق وزیر عظم اٹل بہاری واجپائی کی وفات پر ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، سیف الدین سوز، سجاد غنی لون، خالدہ شاہ، غلام حسن میر اوربھیم سنگھ نے اُن کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم ایک عظیم شخصیت کے مالک ہونے کے علاوہ برصغیر کی سیاست میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے ۔فاروق عبداللہ نے بتایاکہ اٹل بہاری واجپائی کو اس بات کا پورا علم تھا کہ گولی کسی مسئلے کا حل نہیں ہے جبکہ پڑوسیوں کے ساتھ بہتر تعلقات ان کی بلند نگاہ کی عکاسی کر تا ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے بتایاکہ ان کی وفات سے جو بر صغیر کی سیاست میں جو خلا پیدا ہواا ُسے پُر کر نا مشکل ہی نہیںبلکہ ناممکن بن گیا ہے۔سینئر کانگریس لیڈرسیف الدین سوز نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ واجپائی جیسے سیاسی لیڈران بہت ہی کم تعداد میں پیدا ہوتے ہیں۔ غلام حسن میر نے بتایا کہ واجپائی کا جو طریقہ کار تھا اسکی کسی بھی جگہ مثال نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا کشمیر سے متعلق جو نعرہ انہوں نے دیا تھا ،اُس میں ان کی بالغ نظری ،انسان دوستی صاف نظر آتی ہے ۔ممبر اسمبلی سجاد غنی لون نے واجپائی کی موت کو پورے ہندوستان کی سیا ست کے لئے نقصان قرار دیا ہے۔ انہوں نے واجپائی کوملک کی ایک ایسی شخصیت قرار دیا جو ہر ایک مسئلے کو پر امن طریقے سے حل کرنے اور اپنے پڑوسیوں کے ساتھ ایک گھر کی صورت میں رہنا انکی انسان دوستی کا ثبوت فراہم کرتی تھی۔ عوامی نیشنل کانفرنس صدر خالدہ شاہ نے بتایا کہ واجپائی ایک بلند پایہ شخصیت کے مالک تھے جس کے دور میں ملک کی سیاست میںایک نیا انقلاب آیا ،جس کو کوئی بھی شخص فراموش نہیں کر سکتا ہے۔ نیشنل پنتھرس پارٹی نے واجپائی کی موت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک عظیم سکیولر رہنما تھے جو ذات ، مذہب اور قومیت کی تفریق کئے بغیر ہر کسی کے لئے انسانیت سے بھرا دل رکھتے تھے اور ہر ایک کی مدد کرتے تھے۔
قیدیوں کی حالت ناگفتہ بہ:مزاحمتی خیمہ
عالمی اداروں سے مداخلت کی اپیل
سرینگر//نیشنل فرنٹ نے کشمیری قیدیوں کی حالت کو ناگفتہ بہ قرار دیتے ہوئے جملہ سیاسی قیدیوں بشمول نعیم احمد خان کی رہائی کا مطالبہ کیاہے۔پارٹی نے کہا کہ نعیم احمد خان اور دیگر درجنوں قیدی کئی امراض میں مبتلاء ہیں اور اُنہیں بہتر طبی سہولیات سے محروم رکھنا اُن بین الاقوامی معاہدوںکی خلاف ورزی ہے جو قیدیو ں سے متعلق ہیں اور جن پر بھارت نے بھی دستخط کر رکھے ہیں۔نیشنل فرنٹ ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ نئی دلی ایک نہیں تو دوسرے بہانے آزادی پسند عوام و قائدین کو نشانہ بنانے کی پالیسی پر سختی کے ساتھ عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام پر آئے دنوں مختلف بہانے بنا کر پابندیاں عائد کی جاتی ہیں، تلاشیاں لی جاتی ہیں،گھروں پر چھاپے مارے جاتے ہیں اور اُن کی جائیدادوں کو نقصان پہنچایا جاتا ہے یہاں تک کہ اُنہیں تھانوں اور اذیت خانوں میں لیجاکر اُن پر تشدد ڈھایا جاتا ہے۔ترجمان کے مطابق ان سارے حربوں کا مقصد آزادی پسند کشمیریوں کو اُنکے سیاسی مطالبات سے دستبردار کرنا ہے حالانکہ نئی دلی گذشتہ سات دہائیوں سے لگاتار ایسے حربے آزما تی آرہی ہے لیکن اس کے باوجود وہ آزادی پسندوں کا جینا دو بھر کرنے میں لگی ہے۔ ترجمان نے حقوق البشر کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے اُن کی رہائی یقینی بنانے کیلئے سرگرم ہوجائیں۔ تحریک حریت نے 15اگست کے پیش نظر آزادی پسند لیڈروں اور کارکنوں کی گرفتاری اور پھر 15اگست گزرنے کے باوجود اُن کو تھانوں میں بند رکھنے کی مذمت کی۔ بیان کے مطابق اشفا ق احمد خان، معراج الدین ربانی، ملک شوکت کنگن اور فیاض احمدکنگن کو 15؍اگست سے پہلے احتیاطی طور گرفتار کیا گیا مگر ابھی تک اُن کی رہائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ تحریک حریت نے گرفتار شدگان کی رہائی پر زور دیا۔ پیپلزلیگ نے تنظیم کے محبوس چیئرمین غلام محمدخان سوپوری سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو عید سے قبل رہا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نظربندوں کے حوالے سے انتہائی بے رحمی اور بے اعتنائی کا مظاہرہ کررہی ہے۔موصولہ بیان کے مطابق لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے کہا ہے کہ دنیا کے ہر ملک میں عید اوراس طرح کے دیگر تہواروں پر قیدیوں کو رہا کیا جاتا ہے لیکن جموں کشمیر میں عید کے موقع پر رہا کرنے کے بجائے تازہ پی ایس اے کے تحت جموں کی گرم ترین جیلوں میں منتقل کیا جاتا ہے اور حراست کے دوران انہیں انتقام گیری کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔انہوں نے عید سے قبل تمام نظر بندوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔جمعیت اہلحدیث صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے کہا ہے کہ اس وقت جہاں اہل وادی ایک طرف سے عید الاضحی جیسے انتہائی اہم مذہبی تہوار منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں،وہیں متعدد گھرانے ایسے ہیں جو واحدکفیل کے پابہ جولاںہونے کی وجہ سے اجڑے پڑے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزاحمتی قائدین اور سینکڑوں ایسے اسیروں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے جو سالہا سال سے جرم بے گناہی کی سزا کاٹ رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حقیقت اظہر من الشمس ہے کہ جمعیت کے دعوتی،تعلیمی، رفاہی، خیراتی اور ملی منصوبے ارکان جمعیت اور اہل خیر کے تعاون سے ہی پائیہ تکمیل تک پہنچ پاتے ہیںتاہم پوست ہائے قربانی خیراتی کاموں میںمعاونت کا ایک اہم ذریعہ ہے، اور جمعیت کے پاس بہت سارے خیراتی پروگرام اور منصوبے زیر غور ہیں جن کو پورا کرنے کیلئے مالی تعاون کی اشد ضرورت ہے، لہٰذا حسب سابق امسال بھی تعاون کریں۔
پاور کنال میں شگاف،فراو کنگن میں خوف وہراس
غلام نبی رینہ
کنگن//تحصیل گنڈ کے فراو علاقہ سے بہنے والی پاور کنال میں اچانک شگاف پڑنے سے مقامی آبادی خوف وہراس میں مبتلا ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پاور کنال میں شگاف پڑنے کی وجہ سے دو روز سے پانی کا اخراج ہورہا ہے اورخوف وہراس کی وجہ سے وہ رات بھر جاگتے رہتے ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے اب نقل مکانی شروع کی ہے۔ انہوں نے پاور کنال کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔
اسداللہ پرے کی دوبارہ گرفتاری سیاسی انتقام گیری:مسلم لیگ
کینسر میں مبتلا بیٹی سمیت 5بیٹیاں باپ کی رہائی کی منتظر
سرینگر//مسلم لیگ نے تنظیم کے محبوس صدر ضلع اسداللہ پرے کی کورٹ بلوال جیل جموں سے رہا ئی کے بعد دوبارہ گرفتاری کو سیاسی انتقام گیری سے تعبیر کیا ہے۔لیگ بیان میںموصوف کو جے آئی سی جموں اور وہاں سے سمبل پولیس اسٹیشن میں مقید رکھنے کی مذمت کی ہے ۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے کہا ہے کہ انسانیت کا جنازہ نکالنے میں وردی پوش اہلکاروں نے تمام انصاف کی حدوں کو توڑ دیا ہے کیونکہ انہیں تب تک چین اور قرار نصیب نہیں ہوتا جب تک وہ کسی بے گناہ کو جرم بے گناہی کی سزا نہ دے جس کی تازہ مثال اسداللہ پرے ہیں جو پچھلے چار سال سے جموں کشمیر کی مختلف جیلوں میں انتقام گیری کا نشانہ بنے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موصوف کی پانچ بیٹیوں میں ایک کینسر میں مبتلاہے۔ان معصوموں کی والدہ پہلے ہی انتقال کر چکی ہے اوراب ان کی دیکھ ریکھ اسداللہ پرے کے کندھوں پرہی تھی ۔چونکہ اسداللہ پرے کئی سالوں سے بند ہیں لہذا اس گھر کی تمام ذمہ داری پرے کی بڑی بیٹی کے کندھوں پر پڑی جو دوسروں کے کپڑے سل کر اپنی بہنوں کی ضروریات زندگی کوپورا کرنے کے ساتھ ساتھ کینسر میں مبتلا بہن کے علاج و معالجہ کا بوجھ بھی اٹھارہی ہے اور اپنے باپ کی رہائی کی منتظر ہے ۔ترجمان نے کہاکہ انصاف و انسانیت کا تقاضہ تھا کہ اسداللہ پرے کی بیٹیوں کی حالت زار کے متعلق گردش کر رہی خبروں کو سن کر ہی انہیں رہا کیا جانا چاہیے تھا مگر ’’جمہوریت ‘‘ کا مکھوٹا اپنے چہرے پر لگا کر لوگوں کو گمراہ کرنے والوں نے عدالتی احکامات کے باوجود انہیں پولیس اسٹیشن سمبل میں مقید رکھا ہواہے جو عدالتی احکامات کی صریحاََ خلاف ورزی اور بشری حقوق کی بدترین پامالی ہے۔ سجادایوبی نے ریڈ کراس، ہیومن رائٹس واچ اوردوسری عالمی تنظیموں سے اس ضمن میں مداخلت کی اپیل کی۔
گریٹر کشمیر کے نامہ نگار عابد خان کوصدمہ،چاچا انتقال کرگئے
سرینگر //گریٹر کشمیر کے سپورٹس رپورٹر عابد خان کے چاچا عبدالرحمان خان جمعرات کو صورہ ہسپتال میں انتقال کرگئے ۔موصوف محکمہ بجلی میں کام کر رہے تھے اور 19جولائی کو انہیں قمر واری سرینگر میں بجلی کا ایک جھٹکا لگ گیا تھا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوئے۔ 28روز تک صورہ ہسپتال میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جمعرات کووہ انتقال کرگئے ۔گریٹر کشمیر اور کشمیر عظمیٰ کے عملے نے عابد خان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اورمرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے
بجلی ملازمین کی ہڑتال مؤخر
سرینگر // حکام کی یقین دہانی کے بعد بجلی ملازمین نے 20اگست کو دی گئی کام چھوڑ ہڑتال کو 3ستمبر تک مؤخر کر دیا ہے ۔معلوم رہے کہ محکمہ بجلی کے ملازمین نے گذشتہ دنوں محکمہ بجلی کی نجکاری کے خلاف 20اگست سے ہڑتال پر جانے کا فیصلہ لیا تھا تاہم بجلی ملازمین کو محکمہ کے اعلیٰ حکام کی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں کے بعد ہڑتال کو 3ستمبر تک مؤخر کیا گیا ہے ۔ الیکٹرکل ایمپلائز یونین اور محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام کی ایک میٹنگ سرینگر میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر سکریٹری پی ڈی ڈی ، ایڈیشنل سکریٹری پی ڈی ڈی ،ڈائریکٹر فائنانس مہیش شرما ، چیف انجینئر مظفر متو ، چیف انجینئر لداخ کرگل کلدیب رینہ ، چیف انجینئر قاضی حشمت ،ڈائریکٹر ٹی ٹی آئی محمد یوسف بابااور چیف انجینئر پروجیکٹس نصیر احمدکے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی ۔الیکٹرکل ایمپلائز یونین کے صدر عبدالسلام راجپوری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حکام نے انہیں یقین دلایا ہے کہ محکمہ کی کوئی بھی نجکاری نہیں ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ صرف میٹر لگانے کا کام کمپنی کو دیا گیا ہے اور محکمہ بروقت 12لاکھ میٹر نہیں لگا سکتا ہے ۔
۔ 4شہریوں کی ہلاکت کی برسی
آری پانتھن بیروہ میں ہڑتال
سرینگر//آری پانتھن بیروہ میں 2برس قبل فورسز کے ہاتھوںجاں بحق ہوئے4عام شہریوں کی دوسری برسی پرعلاقے میں ہڑتال رہی۔اس دوران دعائیہ مجلس بھی منعقد ہوئی ،جس میں عام لوگوں کی ایک خاصی تعداد نے شرکت کی اور لواحقین کے ساتھ تعزیت پُرسی کی ۔کے این این کے مطابق2016 کی ایجی ٹیشن کے دوران فورسز کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میںمحمد اشرف پیشے سے تاجر تھا ،منظور احمد کسان ،جاوید احمد نجارترکھان اور جاوید احمدشیخ نائی تھا۔ہڑتال کی وجہ سے علاقے میں کاروباری ادارے اورتجارتی مراکز بند رہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا۔ اس دوران جاں بحق شہریوں کے حق میں دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا گیا ،جن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ماگام قصبے میں8کلنک سربمہر
ٹنگمرگ// انتظامیہ نے ماگام قصبے میں غیر قانونی طور چلائے جارہے 8 کلنک سربمہر کردیئے ۔ بلاک میڈیکل آفیسر ماگام طاہر سجاد نے تحصیلدار ماگام کی سربراہی میں غیر قانونی طور چلائے جارہے 13 کلنکوں پر چھاپہ مار ااور 8 کلنکوں کو موقعہ پر ہی مقفل کردیا جبکہ 5 کلنکوں کو ایک ہفتے کے اندر ضروری دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔بی ایم اوماگام طاہر سجاد نیاس ضمن میں کہا کہ انہیں مقامی لوگوں کی طرف سے شکایات موصول ہورہی تھیں کہ قصبے میں کئی کلنک غیر قانونی طور چلائے جارہے ہیں،جس کی بنیاد پر محکمہ نے کارروائی عمل میں لائی ۔(مشتاق الحسن)
مدرسہ بورڈ سے دوررہیں
رابطہ مدارس کی مدارس کوتلقین
سرینگر//رابطہ مدارس اسلامیہ جموں و کشمیر کی مجلس منتظمہ کا ہنگامی اجلاس مدرسہ بورڈ کی سرگرمی پر تشویش کے سلسلے میں منعقد ہوا۔موصولہ بیان کے مطابق جموں و کشمیرکے دونوں صوبوں میں مدارس کے ضلعی ذمہ داران پر مشتمل بہت سے وفود اپنے اپنے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے ملاقی ہوئے اور زبانی یا تحریری طور پر یاداشتیں پیش کیں۔ جن میں بورڈ سے متعلق ان خدشات کا اظہار کیا جو مدارس کے لئے ضرر رساں ہیں۔ سرینگر میں ایجوکیشن سیکریٹری سے رابطہ مدارس اسلامیہ کے صدر مولانا رحمت اللہ قاسمی ، دارالعلوم سوپور کے مہتمم اعلیٰ مولانا بشیر الدین قاسمی ، دارالعلوم بلالیہ سرینگر کے مفتی عبد الرشید مفتاحی، لداخ لہیہ جامع مسجد کے سابق امام مولانا محمد عمر ندوی اور النور ایجوکیشنل ٹرسٹ کے مولانا ارشد ندوی نے ملاقات کی ۔اجلاس میں ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا گیاکہ اس قسم کے بورڈ کی نہ کوئی ضرورت ہے اور نہ ہی اس دینی تعلیم کے لئے اس بورڈ میں کوئی فائدہ متوقع ہے جو مدارس اسلامیہ کا مشن ہے۔ اجلاس میں مدارس کے ذمہ داران کو تاکید کی گئی کہ وہ چوکنا رہیں اور مدارس کی تعلیم و تربیت، صفائی وستھرائی، حسابات آمد و خرچ کی شفافیت کے ساتھ ساتھ ریکارڈ رابطہ کی طرف سے طے کردہ خطوط اور ہدایات کے مطابق بنائیں، یہ مدارس صدقات و زکوۃ اور عوامی تعاون سے چلتے ہیں اس میں ہر طرح دیانت و امانت کو ملحوظ رکھا جائے اور مجوزہ بورڈ کی مداخلت سے محفوظ رہنے کے لئے ہر ضروری اقدام کیا جائے جس کا تعلق داخلی شفافیت اور نظام کی عمدگی پر ہے۔
نیشنل کانفرنس کا کرناہ میں ہوئے نقصانات پر اظہارِ رنج
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے کرناہ میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں ہوئے نقصانات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے مکانات، میوہ باغات اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اُن کی مالی معاونت کی جائے۔ انہوں نے آفت سماوی کے نتیجے میں ایک ڈرائیور کے انتقال پر بھی گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ڈاکٹر عبداللہ نے صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ پارٹی کے ضلع صدر کپوارہ قیصر جمشید لون ، سابق ایم ایل اے کرناہ کفیل الرحمن اور سابق ایم ایل سی ناصر خان نے بھی متاثرین کی فوری بازآبارکاری کا مطالبہ کیا ہے۔
370کو کھوکھلا کرنے والے مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں:وکیل
سرینگر//جموں وکشمیر بچاؤ تحریک کے صدر عبدالغنی وکیل نے کہا ہے کہ جن لیڈروں نے دفعہ 370صرف نام کا رکھ دیا ہے وہی لیڈران اس کے بچانے کے لئے مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں اور حفاظت کرنے کا ڈونگ بھی رچا رہے ہیں ۔ وکیل سرینگر میں ورکنگ کمیٹی کے کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔کنونشن میں پاس کی گئی قرارداد میں گورنر سے اپیل کی گئی کہ وہ ہائی کورٹ جج کی سربراہی میں ایک کمیشن قائم کرے جو دفعہ370کو کھوکھلے کرنے کے ذمہ داروں کی نشاندہی کرے۔ایک اور قرارداد میں اس طرح ایک کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا جو معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کرے ۔