۔19 اگست کی احتجاج کال کوکامیاب بنایاجائے
یونائٹیڈ ٹیچرس ایسوسی ایشن کی اساتذہ سے اپیل
جموں//یونائٹیڈ سکول ٹیچرس ایسوسی ایشن کی مختلف ٹیموں نے لیڈران کی قیادت میں جموں،سانبہ،کٹھوعہ، راجوری ،ریاسی ،کشتواڑ اورادہم پور کادورہ کیااورجے اینڈکے ٹیچرس کوآرڈی نیشن کمیٹی (سات ٹیچرس ایسوسی ایشن /یونینوں کے مشترکہ پلیٹ فارم ) کی جانب سے 19اگست کوپریس کلب جموں کے باہر مطالبات کے حق میں احتجاج کی کال کوکامیاب بنانے کیلئے اساتذہ سے اپیل کی ۔اساتذہ کی مانگوں میں ساتویں تنخواہ کمیشن کو ماسٹروں،ہیڈماسٹر وں جوایس ایس اے اورآرایم ایس اے کے تحت کام کررہے ہیں کیلئے لاگوکرنا،ایس ایس اے /آرایم ایس اے اساتذہ کی تنخواہیں مرکزی فنڈسے ڈی لنک کرنا، ماسٹروں،لیکچراروں اورہیڈماسٹروں جنھوں نے اپنی ملازمت کی مدت دوردرازعلاقوں میں مکمل کرلی ہے کامناسب جگہوں پرتبادلہ کرنا، لیکچراروں، ہیڈماسٹروں اورپرنسپلوں کوباقاعدہ بنانا،یکم جنوری 2010کے تعینات کیے گئے ٹیچروں اوردیگرملازمین کوپنشن سکیم کے دائرے میں لانااورنئی پنشن سکیم کوختم کرناشامل ہے۔یہاں جاری پریس ریلیزکے مطابق اساتذہ برادری کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے اورمانگوں کے حق میں 19 اگست کوپریس کلب جموں کے باہراحتجاج کیاجائے گا۔ مختلف اضلاع کادورہ کرنے والی ٹیم میں ہری سنگھ، راجیو کمار، پردیپ سنگھ، کانتادیوی، روپ چند، راج کمار، ذوالفقارعلی ملک، بشیراحمد، سراج الدین، بلونت سنگھ،اشوک کمار،سنیل تھاپا ،ایس پی چوہان، تھوڑورام، شنکراسنگھ ،دیوی سروپ اورانگاد سنگھ ،منوہر سنگھ ودیگران شامل تھے۔
جموں شہرمیں پانی کی قلت
انتظامیہ خاموش تماشائی
جموں//جموں وکشمیرپیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے جموں ویسٹ سے تعلق رکھنے والے لیڈر پونیت سنگھ جموال نے توپ شیرخانیاں میں پانی کی قلت کے مسئلے کولے کرمحکمہ پی ایچ ای کوتنقیدکانشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ ایک ہفتے سے توپ شیرخانیاں کے لوگ پانی کی سپلائی سے محروم ہیں اورلوگوں کے نلکے خشک ہوچکے ہیں۔انہوں نے علاقہ میں پانی سپلائی کی عدم دستیابی پرتشویش کااظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ ایک وفدنے ان سے ملاقات کرکے لوگوں کی پریشانیاں بیان کیں۔انہوں نے کہاکہ اکیسیوی صدی کے دورمیں بھی لوگوں کوپانی سپلائی دستیاب نہ ہونا باعث شرم بات ہے۔انہوں نے کہاکہ شہرکے لوگوں کوبھی پانی دورسے لانا پڑرہاہے جوکہ بدقسمتی کی بات ہے۔پی ڈی پی لیڈرپونیت سنگھ جموال نے کچی چھائونی اورپنج تیرتھی میں بھی پانی کے بحران پرمحکمہ پی ایچ ای کوتنقیدکانشانہ بنایا۔انہوں نے کہاکہ لوگوں نے متعددبارشکایت درج کرائی ہے لیکن اس کے باوجودمتعلقہ حکام کوئی توجہ نہیں دے رہاہے جوکہ لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کوپانی کی قلت کی وجہ سے ترسناپڑرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ اعلیٰ حکام کوقصورواراہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاکرلوگوں کوبہترپانی سپلائی کی دستیابی یقینی بنانی چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ لگ بھگ پوراپراناشہرجموں اوراس کے گردونواح کے علاقہ جات کے لوگ پانی کی قلت سے پریشان ہیں۔انہوں نے ریاستی گورنرسے پرزورمطالبہ کیاہے کہ شہرمیں آمدہ تہواروں کے پیش نظر جلدازجلد پانی سپلائی یقینی بناکرلوگوں کوپریشانیوں سے نجات دلانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
خاتون سمیت 2 منشیات سمگلرگرفتار
۔85گرام ہیروئن ضبط
جموں//جموں وکشمیرپولیس نے گذشتہ روزجموں ضلع کے میراں صاحب علاقہ سے ایک منشیات سمگلرکے قبضے سے 85گرام ہیروئن برآمد کرکے دوافرادکو گرفتارکرنے کادعویٰ کیاہے۔ایک پولیس ترجمان کے مطابق بلول پل ،اندرنگر،میراں صاحب آرایس پورہ تحصیل ،جموں ضلع میں ناکہ کے دوران گاڑیوں کی معمول کی چیکنگ کے دوران 85گرام ہیروئن برآمد کی۔اس موقعہ پر ایک گاڑی سے 85 گرام ہیروئن ضبط کرکے ایک شخص اورایک خاتون کوگرفتارکرلیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 116/2018 ،زیردفعات 8/21/22،نارکوٹیک ڈرگس اینڈ ساکوٹروپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس )ایکٹ کے تحت میراں صاحب پولیس سٹیشن میں درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔پولیس نے یہ کامیابی انسپکٹر اجیت سنگھ ،ایس ایچ او پولیس سٹیشن میراں صاحب کی قیادت اور اے ایس آئی جگل کشورکے تعاون سے حاصل کی۔
ڈوگری زبان کی ترقی میں واجپائی کا رول؟
یو این آئی
جموں// جس طرح واجپائی نے سال 2003کو لال چوک سری نگر سے پاکستان کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھانے کی پیشکش کر کے کشمیریوں کے دلوں میں ہمیشہ کے لئے اپنی جگہ بنائی ، ٹھیک اُسی طرح صوبہ جموں خاص طور سے ڈوگرؤں پر بھی واجپائی کا خاص احسان ہے۔ ڈوگری زبان وادب کے فروغ میں واجپائی دورِ حکومت میں اہم پیش رفت ہوئی تھی جس کے لئے ڈوگرے واجپائی کے آج بھی مرہونِ منت ہیں۔22دسمبر2003کا دن ڈوگری زبان وادب کے لئے تاریخ ساز دن تھا، اِسی روز بوڈو، میتھالی اور سنتھالی زبانوں سمیت ڈوگری کو بھی آئینِ ہند کے8ویں شیڈیول میں شامل کیاگیاتھا۔واجپائی کی شاعری کا ڈوگری میں ترجمہ کرنے والے چندر موہن شرما نے بتایا’’ہم نئی دہلی میں ڈوگری زبان کو آٹھویں شیڈیول میں شامل کرنے کے لئے مہم چلارہے تھے، 20دسمبر 2003کولوک سبھا میں آئینی ترمیمی بل سے متعلق ایجنڈہ سرکولیٹ کیاگیاتو اُس میں ڈوگری زبان شامل نہیں تھی، کسی طرح کر کے سابقہ مرکزی وزراء مدن لال کھورانہ اور چمن لال گپتا کی مداخلت سے ہمیں اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا، جنہوں نے ڈوگری زبان کی تعریف کی‘‘۔ چند موہن نے مزیدبتایاکہ ’’جب ہم نے واجپائی جی کی نوٹس میں یہ بات لائی کہ ڈوگری کو نظر انداز کیاگیا ہے توانہوںنے بغیر وقت ضائع کئے فوری طور اس وقت کے نائب وزیر اعظم ایل کے ایڈوانی کی نوٹس میں یہ معاملہ لایا اور ڈوگری زبان کو آٹھویں شیڈیول میں شامل کرنے کا ترمیمی بل لوک سبھا میں پیش ہوا۔ لال کرشن ایڈوانی نے تحریک پیش کی‘‘۔شرما کے مطابق21دسمبر20013کو اتوارتھا لیکن افسران کو ایجنڈا میں ترمیم کرنے کے لئے کہاگیا اور ڈوگری کو مجوزہ زبانوں کی فہرست میں شامل کیاگیا۔اس بل پر لوک سبھا میں22دسمبر2003کو بحث ہوئی اور اس کو منظور کیاگیا۔ اگلے روز یعنی 23دسمبر 2003کو راجیہ سبھا میں یہ بل پاس کیاگیا۔ چندر موہن شرما نے بتاکاکہ واجپائی کے تئیں اظہارِ تشکر کے لئے انہوں نے ان کی شاعری کا ڈوگری ترجمہ کر کے ایک کتاب’جموں دی پکار‘نام سے ترتیب دی ،جس کا سال 2008میں بھاجپا لیڈر اور موجودہ مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اجرا کیاتھا۔یو این آئی
۔13 کلو گرام فکی برآمد، 3گرفتار
جموں //جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کٹھوعہ کے لکھنپور علاقہ میں تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے انکے قبضہ سے.5 13 کلو گرام فکی برآمدکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایس ایچ او لکھن پور سوشیل شرما کے مطابق پولیس نے ایک خصوصی اطلاع پر لکھن پور میں ایک ناکہ لگایا ،جہاں پر کشمیر سے پنجاب جا رہی ایک کار زیر نمبرPB08D-8195 کو روکنے کا اشارہ کیا گیا ۔کار کی تلاشی کے بعد پولیس پارٹی نے کار میں سے .5 13 کلو گرام فکی برآمدکی اور ہوشیار پور ،پنجاب کے تین مبینہ ملزمان کو گرفتار کیا ۔ لکھن پورپولیس اسٹیشن میں اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 84/18زیر دفعہ 8/15 منشیات ایکٹ کے درج کیا گیا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ کٹھوعہ ضلع میں گُذشتہ دو دنوں میں منشیات ضبطی کی دوسری واردات ہے ،جمعرات کے روز پولیس نے پنجاب کے ایک شہری سے20کلو گرام فکی ضط کی تھی۔
تیزدھارہتھیارضبط، 1 شخص گرفتار
جموں//جموں وکشمیرپولیس نے تحصیل آرایس پورہ ،ضلع جموں سے ایک تیزدھارہتھیارکے ساتھ ایک شخص کوگرفتارکرکے اس کے خلاف آرمزایکٹ کے تحت معاملہ درج کرلیاہے۔پولیس ترجمان کے مطابق معمول کے ناکہ کے دوران بھگت سنگھ چوک، آرای سپورہ میں ہیڈکانسٹیبل اجے کمارکی قیادت میں پولیس ٹیم نے ایک موٹرسائیکل سوارجوستاریاں سے آرایس پورہ کی طرف آرہاتھا ،کورکنے کااشارہ کیالیکن وہ نہیں رکھا۔ناکہ ٹیم نے موٹرسائیکل کاپیچھاکرکے موٹرسائیکل کودبوچ لیا۔تلاشی کے دوران پولیس نے اس کے قبضے سے ایک ٹوکا(تیزدھارہتھیار) برآمد کیا۔اس سلسلے میں پولیس نے ایف آئی آر نمبر 104/2018 ،زیردفعات 4/25 آرمز ایکٹ پولیس سٹیشن آرایس پورہ میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔پولیس پارٹی نے یہ گرفتاری انسپکٹربشنیش کمار ،ایس ایچ او آرای سپورہ اورڈی ایس پی سوربھ پراشر،ایس ڈی پی اوآرایس پورہ کی نگرانی میں عمل میں لائی۔