مزید خبریں

کچلو کا سابقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کے انتقال پر دکھ کا اظہار 

کشتواڑ//سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر و سابقہ وزیر سجاد احمد کچلو نے سابقہ ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز غلام قادر میر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے،جن کا انتقال جمعرات کے روز طویل علالت کے بعد ہوا۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے ا س کی موت کو سول سوسائٹی کے لئے ایک عظیم نقصان قراردیا ہے،انہوں نے غم زدہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اللہ سے مرحوم کو جنت فردوس میں جگہ عطا کرنے کی دعا کی ہے اور غم زدہ خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عا کرنے کی دعا کی ہے۔کچلو نے پارٹی عہدیداروں بشمول ضلع صدر تنویر احمد کچلو، صوبائی نائب صدر قاضی جلال الدین ،ضلع ترجمان غلام قادر ملک، صوبائی سیکرٹری امتیاززرگر، اور راجندر سین ، ضلع سیکرٹری شبیر احمد کمال، ضلع صدر لیبر سیل عبدالمجید شاہ، ضلع صدر شیڈولڈ کاسٹ سیل اشوک بھگت، ضلع صدر سابقہ فوجی سیل ریٹائرڈ کیپٹن رمیش کمار، ضلع صدر او بی سی سیل فاروق بٹ، بلاک صدر کشتواڑ ولی محمد گیری، ضلع یوتھ صدرڈی ڈی فاروق، ضلع سیکرٹری یوتھ آصف قاضی، پبلسٹی سیکرٹری چودھری فردوس، سٹی صدر خالد میر و دیگران کے ہمراہ دکھ زدہ کنبہ کا دورہ کرکے انہیں تعزیت کی۔
 

این ایچ ایم ایمپلائز کا عید الضحیٰ سے قبل تنخواہ وا گذار کرنے کا مطالبہ 

ڈوڈہ //آل جموں و کشمیر این ایچ ایم ملازمین ایسو سی ایشن یونٹ ڈوڈہ نے عید الضحیٰ سے قبل تنخواہ واگُذار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک پریس بیان میں ایسو سی ایشن کے صدر فیضان اے ترنبو نے اینا یچ ایم ملازمین کو تنخواہ واگُذار نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ ملازمین گذشتہ 2,۔3 مہینوں سے بغیر تنخواہوں کے ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ جموں کے این ایچ ایم ملازمین بھی گُذشتہ 05 مہینوں سے تنخواہوں کے بغیر ہیں،جسکی وجہ سے وہ بھوک مری کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بیشتر این ایچ ایم ملازمین اپنے گھروں کے واحد کمائو ہیںاور تنخواہ واگُذار نہ ہونے کی وجہ سے انکے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے سرکار سے ان ملازمین کی تنخواہ اجت واگذار کرنے کے لئے کوئی حل ڈھونڈنے کی اپیل کی، تاکہ مستقبل میںان ملازمین کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایسوسی ایشن نے کمشنر سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ، مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم جے اینڈ کے، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ،جموں پر زور دیا ہے کہ وہ این ا یچ ایم ملازمین کے صبر کا امتحان نہ لیںاور انہیں عید الضحیٰ سے قبل تنخواہ واگُذار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 
 
 

ایس ایس پی رام بن کا دورہ بغلیہار آبی پن بجلی پروجیکٹ

رام بن //سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس انیتا شرما نے بطور ایس ایس پی رام بن کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈیم سائٹ پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ریاست کے ایک اہم پروجیکٹ بغلیہار آبی پن بجلی پروجیکٹ کا دورہ کیا ۔دورہ کے دوران ایس ایس پی نے سٹیک ہولڈروں کے ساتھ ایک اجلاس کا انعقاد بھی کیا۔ا جلاس میں چیف انجینئر ایس کے تھاپا ،سی آئی ایس ایف کے ڈپٹی کمانڈنٹ ایس کے سنھا ،ایس ایچ او چندر کوٹ اور دیگر متعلقہ سٹاف نے شرکت کی۔اجلاس میں کسی بھی حادثہ کو روکنے کے لئے تمام ایجنسیوں سے قریبی تال میل بنانے اور پیشگی احتیاطی اقدام اُٹھانے پر زور دیا گیا ۔
 
 

رام بن میں راشن ڈیلر کی پُر اسرار موت 

ایم ایم پرویز 
 
رام بن //ضلع کے اُکھڑال علاقہ میں محکمہ امور صارفین و رسدات سے رجسٹر ایک پرائیویٹ راشن ڈیلر کے پُر اسرار موت کی اطلاع ہے۔ پولیس بیان کے مطابق مذکورہ ڈیلر اکھڑال میں ایک کرایہ کے کمرے میں رہتا تھا۔متوفی کی شناخت جنک سنگھ ،عمر 50سال ولد کرشن سنگھ ساکنہ اُکھڑال کے بطور کی گئی ہے۔پولیس نے مزید کہا ہے کہ مذکورہ راشن ڈیلر محکمہ امور صارفین و رسدات کی ایک رٹیل راشن دکان چلاتا تھا اور اکھڑال میں کرایہ کے کمرے میں رہائش پذیر تھا۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری طور کارروائی کرکے نعش کو اپنی تحویل میں لیکر طبی لوازمات پُر کرنے کے لئے پی ایچ سی اکھڑال منتقل کی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر سی آر پی سی دفعہ 174ایک معاملہ درج کیا ،تاکہ موت کے وجوہات کا پتہ لگایا جاسکے۔
 

رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کا 20اگست سے ریاست گیر احتجاج کا اعلان 

 معاملات حل نہ ہونے پر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا انتباہ  

 بانہال // ریاست کے اکتالیس ہزار کے قریب رہبر تعلیم اساتذہ کو ابھی تک ساتویں پے کمیشن کے دائرے میں نہ لانے کے خلاف یہ اساتذہ پچھلے کئی مہینوں سے پے کمشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہاں جاری ایک پریس بیان کے مطابق کئی بار کے احتجاج کے باوجود ابھی تک سرکار کی طرف سے اس بارے میں کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہ آنے پر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نے 20اگست سے تین روزہ ریاست گیر احتجاج کی کال دی ہے ۔ فورم نے یہ فیصلہ سرینگر میں اس معاملے میں طلب کئے گئے ایک ریاستی سطح کی میٹنگ میں لیا ہے۔فورم کے ریاستی چیئرمین فاروق احمد تانترے کی قیادت میں منعقد اس میٹنگ میں ریاست کے تمام اضلاع کے فورم ضلع صدور ،زونل صدور اور ریاستی ایگزکیٹیو فورم ممبران نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران مقررین نے کہا کہ رہبر تعلیم ٹیچرز فورم گذشتہ کئی سالوں سے اْن کی تنخوہوں کو مرکزی ایم ایچ آر ڈی سی ڈی لنک کر کے ریاستی بجٹ سے واگذار کر نے کی مانگ کرتے آ رہے ہیں لیکن کئی بار کی یقین دہانیوں کے باوجود ابھی تک اس معاملے کو سلجھایا نہ گیا ۔اْنہوں نے مزید کہا کہ حالیہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی مخلوط سرکار کے دوران عید الفطر کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ نے سرینگر کے پرتاب پارک میں اپنا احتجاج درج کر کے نماز عید بھی وہاں پر ادا کی تھی اور اْس وقت کی وزیر اعلیٰ نے مداخلت کر کے فورم کو یقین دہانی کرائی تھی اس معاملے کو بہت جلد حل کیا جائے گا۔مقررین نے مزید کہا کہ اْس کے بعد مخلوط سرکار گر جانے کے بعد فورم نے گونر انتظامیہ سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی اور ایجوکیشن سیکریٹری سے لیکر ،چیف سیکٹریٹری اور گونر کے مشیر وں و فائنانس سیکریٹری سے ساتویں پے کمیشن کے واگذار کر نے کی التجا کی گئی اور کئی مرتبہ فورم کے وفود ان آفسران سے ملاقی ہوئے لیکن تاحال زبانی یقین دہانیوں کے باوجود ابھی تک سرکار کی طرف سے اس مسئلے میں کوئی احکامات صادر نہ کئے گئے ہیں جو کہ افسوس ناک ہے ۔ فورم عہدیدران نے کہا کہ اس معاملے کو حل کر نے کے لئے ماضی سے لیکر ابھی تک کئی کمیٹیاں سرکار کی طرف سے تشکیل دی گئی لیکن معاملہ جوں کا توں پڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ رہبر تعلیم استاد کو باضابطہ طور پر ایک سرکاری حکم نامے کے تحت تعینات کیا گیا ہے اور پانچ سال کی تسلی بخش فرائض انجام دینے کے بعد انہیں مستقل بنیادوں پر تعینات کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سروس بکس بنانے کے علاوہ ٹائم باونڈ پروموشن ،چھٹے پے کمیشن کے علاوہ اْنہیں دیگر وہ تمام مرعات دی گئی جو کہ ریاست کے ریبر سر کاری ملازمین کودی جاتی ہیں لیکن اچانک ابھی تک ساتویں پے کمیشن کے ریاست کے ہزاروں رہبر تعلیم اساتذہ کو دور رکھنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ فورم نے یہ فیصلہ لیا ہے کہ وہ ماس کیجول لیو لیکر 20اگست کو  ناظم تعلیم سرینگر کے دفتر سے باہر پندہ گھنٹے کا دھرنا دے کر اپنے حقوق کے حق میں آواز بلند کرینگے جبکہ 21اگست کو سکول تالا بند اور 22اگست بروز عید الضحیٰ کو سرینگر کی پرتاب پارک میں احتجاج کرینگے اور گونر ہاوئس کی طرف مارچ کرینگے ۔فورم لیڈران نے کہا کہ ریاست کے اکتالیس ہزار اساتذہ کو ذہنی پریشانیوں میں مبتلاء کیا گیا ہے اور وقت پر تنخواہوں کی واگذری نے ان کے مالی مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے -اْنہوں نے کہا کہ اساتذہ کو پریشان کر نے کی وجہ سے ریاست کے نظام تعلیم کی شرح فیصد کے اضافے میں رہبر تعلیم اساتذہ نے جس کلیدی رول ادا کیا تھا دوبارہ نظام تعلیم کو اْسی ڈگر پر پہنچایا جا رہا ہے ۔اْنہوں نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں غریب والدین کے بچے زیر تعلیم ہیں جنہیں یہ اساتذہ شروع کے پانچ سالوں کے دوران پندرہ سو سے تین ہزار روپے کی معمولی اْجرت پر تعلیم کے نور سے منور کرتے آرہے ہیں اور اپنی زندگی کے قیمتی پانچ سال معمولی سی اْجرت پر ریاست کے تعلیمی نظام پر قربان کئے ہیں۔اْنہوں نے ریاست کی سیول سوسائٹی سے بھی اپیل کی ہے کہ معمار قوم کو اس پریشانی سے باہر نکالنے کے لئے وہ بھی اپنا کردار ادا کریں۔اْنہوں نے کہا کہ وہ سکولوں میں بچوں کو پڑھانا چاہتے ہیں لیکن اْنہیں حقوق کی حق تلفی کے خاطر سڑکوں پر اْتر آنے کی مجبور کیا جا رہا ہے۔اْنہوں نے کہا ہے کہ اگر ان کے مطالبات جس میں ساتواں پے کمیشن اور ڈی لنکنگ کا مسئلہ شامل ہے حل نہ کئے گئے تو وہ مستقبل میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر چلے جانے پر مجبور ہو جائیں گے جس کی ذمہ داری سرکار پر عائید ہو گی ۔
 

AISF کاوفد ڈی سی سے ملاقی

 ڈوڈہ کیلئے یونیورسٹی کیمپس کا مطالبہ 

ڈوڈہ //آل انڈیا سٹوڈنٹس فیڈریشن یونٹ ڈوڈہ کے ایک وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر سمرن دیپ سنگھ کے ساتھ ملاقات کی۔وفد نے ڈی سی کے ساتھ مختلف مسائل پر مباحثہ کیا۔وفد نے ڈی سی کو بتایا کہ اے آئی ایس ایف نے ڈوڈہ کے لئے یونیورسٹی کیمپس الاٹ کرنے کے مطالبہ کو لیکر غیر معینہ عرصہ کی ہڑتال کی تھی ،جس پر تب کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے وفد کو یقین دیا تھا کہ ڈوڈہ میں عنقریب ہی یونیورسٹی کیمپس کام شروع کرے گا۔وفد نے ڈی سی کو مزید بتایا کہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول گھٹ کے70فیصدی طلاب جودھ پور، دھارا، گوالوٹ ،بھبور و غیرہ سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں سکول آنے جانے کے لئے روزانہ بس کی ضرورت ہے،تاکہ وہ سکول باقاعدگی سے آ جاسکیں۔ وفد نے ڈی سی سے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بائز ڈوڈہ کے لئے پنکھوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ میں قائم واش روموںکی حالت ناگفتہ بہہ ہے اور وہ قابل استعمال نہیں ہیں۔ وفد میں آل انڈیا سٹوڈنٹس فیڈریشن کے ضلع ڈوڈہ کے صدر کامریڈشلیندر پریہار،نائب صدر شوانی دیوی، جنرل سیکرٹری ولیم کٹوچ ،جوائنٹ سیکرٹری سونیکا دیوی اور راجیش کمار بھی شامل تھے
 
 

بھلیسہ میں ڈویژنل سطح کا کشتی مقابلہ 

ڈوڈہ //ضلع کے چنگا بھلیسہ علاقہ میں ایک بین ۔ضلعی کشتی مقابلہ کا انعقاد کیا گیا ۔مقابلے میں جموں،سانبہ، کٹھوعہ ،ڈوڈہ، ادھمپور،اور ریاسی کے پہلوانوں نے شرکت کی۔مقابلے کا فائنل میچ نثار بھلیسہ اور عامر خان جموں کے درمیان کھیلا گیا ، جس میں نثار بھلیسہ فاتح رہے اور فائنل ٹرافی حاصل کی۔کمیٹی کے چیئرمین جمعیت علی آغا نے شائقین پر زور دیا کھیلوں کی اہمیت پر توہ مرکوز کرنا وقت کی ضرورت ہے ،تاکہ نوجوانوں کی توانائی کو انکے اپنے، سماج اور ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے استعمال میں لائی جا سکے۔اس موقعہ پر بی ڈی او چنگا پریم سنگھ ،محبوب اقبال بٹ اور فیاض احمد بھی موجود تھے۔
 

ڈوڈہ میں رہبر تعلیم اساتذہ کا مشعل بردار جلوس 

ایس ایس اے کے تحت تنخواہوں اور ساتویں پے کمیشن کا مطالبہ 

رفیع چودھری 
 
گندو//ضلع ڈوڈہ کے رہبر تعلیم اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں ضلع صدر مقام پر شام دیر گئے مشعل بردار جلوس نکالا۔ وہ ایس ایس اے کے تحت لگائے گئے اساتذہ کی تنخواہیں ساتویں پے کمیشن کے نفاذ کی مانگ کر رہے تھے۔ حکومت اور محکمہ تعلیم کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے رہبر تعلیم ٹیچر فورم کے بینر تلے اساتذہ قصبہ میں جمع ہوئے اور انہوں نے حکومت پر ان کے ساتھ امتیازی سلوک کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ سرو شکھشا ابھیان کے تحت تعینات اساتذہ کو عرصہ سے تنخواہیں تسلسل کے ساتھ ادا نہیں کی جا رہی ہیں اور اس سلسلہ میں کی جانے والی یقین دہانیاں سراب ثابت ہوئی ہیں۔ اس موقعہ پر جماعت علی آغا۔ پردیپ کوتوال اور دیگران نے بھی خطاب کیا۔ جب کہ سرفراز احمد ملک، چودھری یاسین، راکیش کمار، دیوان سنگھ ، انیش وانی، ذاکر حسین ، یاسین سجاد، ملک شریف ، مغل عشرت علی، الیاس ڈار ، شبیر الطاف حسین اور دیگران بھی موجود تھے۔