ہانجورہ پی ڈی پی جنرل سیکریٹری کے عہدے سے مستعفی
سرینگر//پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی کے جنرل سیکرٹری غلام نبی لون ہانجورہ نے پارٹی میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ سی این آئی کے مطابق غلام نبی لون ہانجورہ نے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کے نام اپنااستعفیٰ روانہ کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے وہ پارٹی عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں تاہم پارٹی کی بنیادی رکنیت سے وہ مستعفی نہیں ہوئے اور وہ پارٹی کی بہبودی کیلئے آگے بھی کام کرتے رہیں گے تاہم ابھی تک یہ بات معلوم نہیںہوا ہے کہ پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے ہانجورہ کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے یا نہیں ۔ خیال رہے کہ غلام نبی ہانجورہ پی ڈی پی کے سنیئر لیڈر ہے اور وہ ابھی پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے عہدے پر تعینات تھے ۔
چاڈورہ میں عدم شناخت لاش برآمد
یواین آئی
سری نگر// بڈگام کے برنہ وار علاقے میں بدھ کے روزپولیس نے ایک عدم شناخت لاش برآمد کی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گرڈ اسٹیشن برنہ وار چاڈورہ کے نزدیک بدھ کے روز مقامی لوگوں نے ایک معمر شہری کی لاش دیکھی اور اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا ۔پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر اُس کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔
لداخ میں کورونا کے 70نئے معاملے سامنے
لیہہ//لداخ میں کووِڈ – 19کے فعال معاملات کم ہوکر773رہ گئے ہیں اور179مریض شفایاب ہوگئے ہیں اور70نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔حکام کے مطابق خطے میں ابھی تک کورونا سے226لوگ فوت ہوئے ہیں جن میں167لیہہ میں اور59کرگل میں ہیں۔منگل کو خطے میں کورونا سے کوئی موت نہیں ہوئی۔تازہ 70کیسوں میں39لیہہ میں اور31کرگل میں پائے گئے۔
کشمیری علیحدگی پسندوں کی حمایت
’ہونڈا‘اور’ڈومینو‘کااظہار تاسف
نئی دہلی//پیزاچین ڈومینوزاورجاپان کی موٹر گاڑیاں بنانے والی کمپنی ہونڈانے بھارتیوں کے جذبات کومجروح کرنے پر معذرت کااظہار کیاہے۔ان کے تجارت کے پاکستانی معاونین نے اپنے کچھ سوشل میڈیا پوسٹوں میں کشمیرمیں علیحدگی پسندوں کی حمایت کی تھی۔ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ڈومینوانڈیا نے کہا کہ وہ بھارت کے بازار کے ساتھ وہ مخلص ہیں،اور 25برس وہ ان کے گھر جیسا ہے اوروہ یہاں کے لوگوں ،تمدن اورقومیت کے جذبے کااحترام کرتے ہیں۔پیزاچین ڈومینو نے مزیدکہاکہ ہمیں افسوس ہے اور ہم معذرت کااظہارکرتے ہیں۔کمپنی نے مزیدکہا کہ ہم بھارت کااحترام اورعزت کرتے ہیں اوراپنے معززگاہکوں کے تئیں مخلص ہیں ۔اسی طرح ہونڈاکاروں کے ٹوئٹرہینڈل پر کمپنی نے ایک پوسٹ میں کہا،کمپنی اُس ملک جہاں یہ کام کرتی ہیں کے جذبات اورقانون کااحترام کرتی ہے اوراس سلسلے میں اگر کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہوں تووہ معذرت خواہ ہیں۔
بیٹے کی بے رحمی سے پٹائی کرنے والا شخص گرفتار
سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے گائوں ناریاں میں ایک شخص نے اپنے ہی بیٹے کی بے رحمی سے پٹائی کر دی جس کا پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔راجوری کے جوونائل جسٹس بورڈ نے بھی ملزم باپ کے خلاف شروع کی گئی قانونی کارروائی کی کڑی نگرانی شروع کر دی ہے۔اطلاع کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک نابالغ لڑکے کو زخمی حالت میں دیکھا گیا جس کے پورے جسم پر پٹائی کے نشانات تھے جبکہ اس نے بتایا کہ اسکے اپنا ہی باپ نے اس کی شدید پٹائی کی ہے ۔لڑکے نے بتایا کہ ’’میری والدہ اب نہیں رہیں اور والد نے دوبارہ شادی کر لی جس کے بعد اس پر شدید نوعیت کا تشدید کیا جارہا ہے ‘‘۔نابالغ لڑکے نے بتایاکہ اس کا والد اسے مسلسل تشدد کا نشانہ بنانا کر گھر کے سارے کام کرنے پر مجبور کرتا ہے ۔اس پر راجوری پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے جوینائل جسٹس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم کے والد عبدالغنی سکنہ ناریاں کو گرفتار کرلیا ہے۔متاثرہ لڑکے کی نانی جو کہ اب اس لڑکے کی دیکھ ریکھ بھی کررہی ہیں ،نے بتایا کہ لڑکے کا والد غیر انسانی عمل کا سہارا لے کر رہا ہے اور ان دنوں میں اس نے ظلم کی تمام حدیں پارکرتے ہوئے کمسن کی شدید پٹائی کی ہے ۔انٹی گریٹڈ چائلڈ پروٹیکشن اسکیم کے ایک کونسلر، جووینائل جسٹس بورڈ کا ایک حصہ بھی ہیں،نے بتایا کہ انتظامیہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا سنجیدگی کیساتھ جائزہ لے رہی ہے ۔
پلوامہ میں ’ممکن‘ سکیم کے تحت مستحقین میں کمرشل گاڑیاں تقسیم
پلوامہ//نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرکے پائیدار روزی روٹی فراہم کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چوہدری نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس میں ممکن اسکیم کے تحت 13 بے روزگار مستفیدین میں گاڑیاں تقسیم کیں۔ تقریب کے دوران ڈی سی نے ان ڈرائیوروںاورمستحقین کو چابیاں دیں جنہوں نے بے روزگار نوجوانوں کے طور پر درخواست دی تھی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے، ڈی سی نے کہا کہ ممکن اسکیم مشن یوتھ کا ایک حصہ ہے، جو انتظامیہ کی طرف سے شروع کی گئی ایک پہل ہے جس کا مقصد بے روزگار نوجوانوں کی توانائی کو صحیح سمت میں منتقل کرنا اور انہیں خود روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے استفادہ کنندگان کے ساتھ بھی بات چیت کی اور ان پر زور دیا کہ وہ پوری لگن اور جوش کے ساتھ کام کریں جو بالآخرممکن اسکیم کے تحت فائدہ اٹھانے والوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک طویل سفر طے کرے گا۔
کرناہ کے پنچایتی اراکین کا اجلاس
سب ضلع ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں کی ٹرانسفامر پالیسی ترتیب دینے کا مطالبہ
نیوز ڈیسک
کرناہ // کرناہ کے پنچایتی اراکین نے سب ضلع ہسپتال ٹنگڈار میں ماہر ڈاکٹروں کو تعینات کرنے اور برسوں سے کرناہ میں تعینات ڈاکٹروں کیلئے ایک ٹرانسفر پالیسی ترتیب دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ڈی ڈی سی ممبر کرناہ نجمہ حمید کی سربراہی میں ٹنگڈار میںایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں سرپنچوں اور پنچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔پنچایتی اراکین نے اس دوران ہسپتال میں ڈاکٹروں اور بی ایم او کے درمیان اپسی رشہ کشی پر بات کرتے ہوئے کہا ،کہ سرکار کو جلد از جلد اس مسئلہ کی طرف دھیان دے کر مسائل کا حل تلاش کرنا چاہئے ۔پنچایتی اراکین نے کہا کہ پچھلے دو برسوں سے ہسپتال کا نظام بہتر ہوا ہے اور یہاں ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ بی ایم او نے اچھا کام کیا ہے، جبکہ زچگی میں مبتلا خواتین کو 2برسوں سے وادی کے ہسپتالوں میں منتقل کرنے کی ضرورت نہیں پڑی ہے اور ان کی جراہیاں یہاں ہی انجام دی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان ڈاکٹروں کیلئے ایک ٹرانسفر پالیسی ترتیب دی جائے اور کرناہ میں ان کے رہنے کیلئے بہتر بنیادی سہولیات رکھی جائیں ۔میٹنگ کے دوران پنچایتی اراکین نے کہا کہ اگر ان ڈاکٹروں کیلئے کوئی ٹرانسفر پالیسی ہوتی تو کرناہ سمیت دیگر سرحدی علاقوں میں طبی نظام بہتر ہوتا اور ڈاکٹر بھی خوش اسلوبی کے ساتھ اپنا کام انجام دیتے لیکن ایسا نہیں ہے اور سرکار ان کیلئے پالیسی ترتیب دینے میں ناکام ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ ڈاکٹر زہنی پریشانیوں میں مبتلا ہیں ۔سلمان کرناہ کے سرپنچ عبدالرحیم میر نے کہا کہ ہسپتال کا نظام اچھا چل رہا تھا، لیکن پچھلے کچھ دنوں سے ڈاکٹروں اور بی ایم او کے درمیان آپسی رشہ کشی نے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کیا اور ہمارا حکام سے مطالبہ ہے کہ ڈاکٹرکے مسائل کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے ۔ سرپنچ نہچیاں خالد شجاعت بڈھانہ نے کہا کہ کرناہ کے لوگ پہلے سے ہی ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کے نتیجے میں پریشان ہیں، کیونکہ ہسپتال میں 27 ڈاکٹروں کی اسامیاں ہیں ،جن میں سے 14ڈاکٹر ہسپتال میں کام کر رہے ہیں، باقی اسامیاں خالی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہاں کوئی بھی فزیشن نہیں ، کوئی بچوں کا ڈاکٹر نہیں،جبکہ باقی امراض کے ڈاکٹروں کا بھی ہسپتال میں فقدان ہے ۔پنچایتی اراکین نے کہا کہ ہم ڈاکٹروں اور بی ایم او کے کام کو سرہنا کرتے ہیں اور سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے مسائل کا حل تلاش کیا جائے ۔
کولگام میں خواتین ہیلپ ڈیسک کا افتتاح
سرینگر//پولیس نے قاضی گنڈ تھانے میں خواتین ہیلپ ڈیسک کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر ایس ایس پی کولگام ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی نے کہا کہ اس ہیلپ ڈیسک میں ہراساں کیے جانے یا کسی بھی قسم کی بدسلوکی یا تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین شکایت کرسکتی ہیں۔ڈاکٹر سندیپ کے ہمراہ اے ایس پی نیشنل ہائی وے ماجد ملک، ایس ڈی پی او قاضی گنڈ، ڈی وائی ایس پی پی سی میر بازار، ڈی وائی ایس پی ڈار اور ضلع کے دیگر افسران تھے۔ہیلپ ڈیسک کا مقصد گھریلو تشدد کا شکار خواتین کی طرف سے کی جانے والی ایسی تمام کالوں کا جواب دینا ہے۔ وادی بالخصوص ضلع کولگام میں شادی شدہ جوڑوں کے درمیان مسائل کی وجہ سے پیدا ہونے والے گھریلو تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے فوری ازالے کے طریقہ کار کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی کولگام نے کہا کہ خواتین ہیلپ ڈیسک ضلع میں خواتین ولڑکیوں کے حقوق کے تحفظ میں مدد کرے گا اور امید ظاہر کی کہ وہ ہیلپ ڈیسک تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین کی ضروریات کو پورا کرے گا اور خواتین کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور انچارج ہیلپ ڈیسک کو یہ کام سونپا جائے گا کہ وہ خاتون تحقیقاتی افسران کو متاثرہ خواتین ولڑکیوں کی شکایات سے نمٹنے اور ان کی تحقیقات کے لیے تربیت دیں۔سی این ایس
بارہمولہ میں 5 قمارباز گرفتار ، داؤ پر لگی رقم ضبط
سرینگر//سماجی جرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے 5 قماربازوں کو گرفتار کرکے اُن کے قبضے سے داؤ پر لگی رقم ضبط کی۔مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پٹن اورکنزر کی پولیس پارٹیوں نے سنگھ پورہ پٹن اور چچلورہ کنزر میں قماربازی کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات کے بعد کئی مقامات پر چھاپہ مارا اور 5 قماربازوں کو گرفتار کیا۔پولیس نے اُن سے 25170 داؤ پر لگی رقم اور تاش بھی ضبط کر لئے۔ انہیں متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ۔
یتیم فائونڈیشن کا شوپیان میں مفت طبی کیمپ
شاہد ٹاک
شوپیان//جموں و کشمیر یتیم فاونڈیشن نے پہاڑی ضلع شوپیان کے نسرپورہ علاقے میں قائم ایک طبی مرکز میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا۔طبی کیمپ میں دور دراز علاقوں سے آئے درجنوں افراد نے اپنی جانچ کرائی اور مفت دوائیاں حاصل کیں۔ طبی جانچ کے دوران شیر کشمیر میڈیکل انسٹی ٹیوٹ صورہ، ضلع اسپتال شوپیان اور سب ضلع اسپتال کیلر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر موجود تھے۔یتیم فائونڈیشن کے ممبران نے اس موقع پر کہا کہ کووڈ 19-اور زیادہ برفباری کے باعث دور دراز اور دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مریض سرینگر یا دیگر علاقوں تک علاج ومعالجہ کرانے کے لئے نہیں پہنچ پا رہے ہیں اسلئے اس کیمپ کے ذریعہ انہیں مفت علاج فراہم کرایا جا رہا ہے۔ فائونڈیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جموں و کشمیر یتیم فائونڈیشن گزشتہ کئی برسوں سے یتیموں بیوائوں اور دیگر ضرورتمندوں کی مدد کرتی آرہی ہے اور آج کا مفت طبی کیمپ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس میں کئی ڈاکٹروں نے بھر پور تعاون فراہم کیا۔اس موقع پر مریضوں میںمختلف قسم کی ادویات مفت تقسیم کی گئیں اور کیمپ میں شامل افراد کو کووڈ 19-سے نمٹنے کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا۔
حقانی ٹرسٹ کامولانا محمد اشرف کی وفات پر اظہارِ تعزیت
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ خطیب جامع نوشہرہ بارہمولہ مولانا محمد اشرف وانی ساکنہ گانٹہ مولہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے انکی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دینی اور سماجی خدمات ہمیشہ یاد کی جائیں گی۔ ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کی تلافی ناممکن ہے۔ ٹرسٹ کے جملہ عہدیداران و اراکین ،مرکزی کونسل کے سینئرممبران نے ان کی وفات پر تعزیت کااظہار کیا ہے۔