مزید خبریں

شوپیان میں نامعلوم بندوق برداروں نے پٹرول پمپ لوٹ لیا

شاہد ٹاک
 شوپیان// حرمین شوپیان میں رات کے دوران نامعلوم بندوق برداروں نے ایک پیٹرول پمپ حرمین فلنگ اسٹیشن سے قریب ایک لاکھ 60 ہزار روپیہ اُڑا لئے۔پیٹرول پمپ پر موجود ایک ملازم کے مطابق گزشتہ رات قریب 10 بجے تین نامعلوم بندوق بردار پیٹرول پمپ پر نمودار ہوئے اور بندوں کی نوک پر ملازم سے لاکر میں موجود سارے پیسہ لوٹ لئے۔پیٹرول پمپ کے مالک کے مطابق نامعلوم بندوق برداروں نے پہلے پمپ پر لگے سی سی ٹی وی کو ناکارہ بنا دیا اور بعد میں ساری رقم لوٹ لی۔ اس سلسلے میں نزدیکی پولیس اسٹیشن میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
 

ڈسٹرکٹ لیگل سروسزاتھارٹی شوپیان کاقدم

 تیزاب متاثرہ لڑکی کودولاکھ کاچیک پیش کیا

شاہد ٹاک 
شوپیان// شوپیان میں ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی جانب سے تیزاب سے متاثرہ لڑکی کے علاجِ معالجہ کے لیے اس کے گھر والوں کو دو لاکھ روپے کا چیک پیش کیا گیا۔یاد رہے کہ 05 اکتوبر 2021 کو ضلع شوپیان کے کرالہ چک علاقے میں ایک نابالغ لڑکی پر تیزاب پھینکا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ شدید طور پر زخمی ہوگئی اور لڑکی کا چہرہ اور آنکھیں تیزاب سے متاثر ہوگئی تھی۔اس سلسلے میں پولیس نے پہلے ہی کیس درج کیا ہے اور ملزم کے خلاف عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے۔متاثرہ لڑکی کے والد نے بتایا کہ ہم ضلع انتظامیہ شوپیان کی شکر گزار ہیں جنہوں نے ابھی تک ان کی متاثرہ بیٹی کے علاجِ معالجہ میں خاندان کی مدد کی۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور اسے سخت ترین سزا ملنی چاہیے تاکہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔انہوں نے بتایا تیزاب کی وجہ سے ان کی بیٹی پوری طرح سے متاثر ہوکر رہ گئی ہے۔
 
 

دمہال ہانجی پورہ میں تین لیبارٹریاں سربمہر

کولگام//ڈپٹی کمشنر کولگام کی ہدایت پر تحصیلدار دمہال ہانجی پورہ نے نائب تحصیلدار اور ایس ایچ ائو کے ساتھ جمعرات کو کولگام ضلع کے ڈی ایچ پورہ میں ادویات کی دکانوں اور نجی لیبارٹریوں کا اچانک معائنہ کیا۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے بتایاکہ کولگام ضلع کے ڈی ایچ پورہ مین بازار میں 3 میڈیکل لیبارٹریوں کو سیل کر دیا گیا جو مناسب دستاویزات کے بغیر کام کر رہی تھیں۔ایک افسر نے بتایا کہ لوگوں کی شکایات پر معائنہ کیا گیا۔
 

لداخ میں کووِڈ- 19کے 86نئے کیس سامنے

لہیہ//لداخ میں کووِڈ- 19کے مزید86مریض پائے جانے کے بعد خطے میں کوروناوباء پھوٹ پڑنے سے اب تک اس وباء میں مبتلاء ہوئے افراد کی تعداد27148ہوگئی ہے ۔حکام کے مطابق مرکزی زیرانتظام اس خطے میں فی الوقت کورونا کے 696فعال مریض ہیں جن میں476لیہہ میں اور220کرگل میں ہیں۔خطے میں اب تک اس بیماری نے226افراد کی جان لی ہے جن میں167لیہہ میں اور59کرگل میں فوت ہوئے۔بدھ کو خطے میں کووِڈ- 19سے کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔اس دوران163مریضوں جن میں98لیہہ میںاور65کرگل میں شامل ہیں،کواسپتالوں سے شفایاب ہونے کے بعد رخصت کیاگیا۔تازہ معاملوں میں63لیہہ میں اور 23کرگل میں پائے گئے۔
 
 
 

۔12ویں جماعت کے حالیہ نتائج 

مشکلات کے باوجودکارکردگی باعث افتخار:جی این وار 

 
سرینگر//پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار نے بارہویں جماعت کے طلبہ کی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالب علموں نے آج یہ ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی مشکل وقت اور ماحول میں اپنی قابلیت کے بل پر آگے بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 ، لاک ڈاون اور دیگر مشکلات کے باوجود بھی طلباء نے ہمت سے کام لیا جس کیلئے وہ قابل سراہنا ہیں۔ ایک بیان میںایسوسی ایشن کے صدر جی این وار نے کہا کہ 12ویں جماعت کے بورڈ امتحان کے حالیہ نتائج میں کامیاب قرار پانے والے طلباء نے تمام تر مشکلات کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مختلف مضامین میں اعلیٰ نمبرات حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد دی۔ وار نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اسکول اب تقریباً تین سالوں سے بند ہیں اور طلبائآف لائن تدریسی عمل سے محروم ہیںلیکن اس کے باوجود انہوںنے ہمت نہیں ہاری بلکہ سخت محنت کی۔ انہوں نے اساتذہ کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے مشکلات اور رکاوٹوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے شاگردوںکو تعلیم فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے والدین کے کردار کی بھی تعریف کی جنہوں نے اپنے بچوں کی رہنمائی کی اور کووڈ سے نکلنے میں ان کی مدد کی۔کے این ایس
 
 

بانڈی پورہ میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلاب کو ایس ایس پی کی مبارکباد 

بانڈی پورہ//بانڈی پورہ پولیس نے جمعرات کو ضلع کے اُن طلباء کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے 12ویں امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے۔ ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہد تقریب پر مہمان خصوصی تھے جس میں ایڈیشنل ایس پی عاشق حسین ٹاک، ڈی ایس پی ہیڈکواٹر ڈاکٹر محمد ادریس وانی، ایس ایچ او بانڈی پورہ اور آئی سی پی پی آلوسہ نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ایس ایس پی نے صوبائی سطح (کشمیر) میں تیسری اور نویں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں نقد انعام، ٹرافی اور سرٹیفکیٹ سے نوازا ۔انہوں نے ہونہار طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دوسرے طلباء کو بھی اپنی پڑھائی اور تعلیمی میدان میں سبقت حاصل کرنے کی ترغیب دیں گے۔ایس ایس پی نے ان کی کامیابی میں اساتذہ، والدین اور سرپرستوں کے کردار کو بھی سراہا ۔جے کے این ایس 
 
 
 

بانڈی پورہ،کپوارہ اورگاندربل میں 6افراد گرفتار

چرس اوردیگرممنوعہ نشیلی اشیاء برآمد

عازم جان+اشرف چراغ+ارشاد احمد
 
بانڈی پورہ+کپوارہ+گاندربل //منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے بانڈی پورہ ،کپوارہ اورگاندربل میں6 افراد کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء کو برآمد کرلیا۔بانڈی پورہ پولیس نے حاجن میں 2 افراد کو گرفتارکر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او حاجن انسپکٹر ظہور احمد کی قیادت میں مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس نے حاجن پل پر ناکہ لگایا اور نشیلی ادویات کا دھندہ کرنے والے افرادمظفر احمد بٹ اور سجاد احمد بٹ ساکنان یاربل پورہ حاکبارہ حاجن کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ گرفتارکئے گئے افرادکے قبضے سے 150 گرام چرس برآمدکیا گیا۔ بانڈی بورہ پولیس نے عام لوگوں سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ منشیات مخالف کارروائیوں میں پولیس کو تعاون کریں۔کپوارہ پولیس نے ترہگام بازار میں ناکہ چیکنگ کے دوران تین افراد کومشکوک حالت میں گھومتے ہوئے پایا جن کی شناخت نورالحسن بھگت ساکن بھگت محلہ ترہگام، محمد اشرف گنائی اور محمد اسلم ملک ساکنان رامپورہ حیان کے طور پر ہوئی ہے ۔ ان کے قبضہ سیً 65گرام چرس برآمد ہوا ۔تھانہ ترہگام نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر 8/22متعلقہ دفعات کے درج کرلیا۔اس دوران گاندربل پولیس نے ایس ایس پی نکھل بورکر کی ہدایت پر ریپورہ لار میں ایک ناکہ قائم کیا۔ چیکنگ کے دوران ایک مشکوک شخص  سے 4کلو 800گرام بھنگ پاؤڈر اور بھنگ کا بھوسہ بر آمد ہوا۔ملزم کو گرفتار کر لیا گیاجس کی شناخت غلام نبی بٹ ساکن ریپورہ لار گاندربل کے بطور ہوئی ہے۔پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ ممنوعہ مادہ گاندربل کے عام لوگوں میں فروخت کے لیے تھا۔لار تھانہ نے کیس زیر ایف آئی آر نمبر 10/2022درج کیا۔
 
 

 شیری تھانہ میں پولیس دربار

نوجوان نسل کو سماجی برائیوں سے دور رکھنے پر بات چیت 

فیاض بخاری 
بارہمولہ//منشیات کا خاتمہ اور نوجوان نسل کو سماجی برائیوں سے دور رکھنے کیلئے پولیس تھانہ شیری بارہمولہ میںجمعرات کو ایک عوامی دربار منعقد ہوا جس میں علاقہ نارواو کی مساجد کے ائمہ،خطباء اور دیگر ذی عزت شخصیات نے شرکت کی۔دربار کے دوران ایس ایچ او وسیم جہانگیر نے علاقے کے ائمہ حضرات سے اپیل کی کہ وہ نوجوان نسل کو سماجی برائیوں سے دور رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور ان نوجواں کی نشاندہی کریں جو منشیات اور دیگر غیر قانونی کاموں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقے کے لوگ مستقبل میں بھی پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ پولیس نے کہا کہ یہ دربار پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ آج کل کی نوجوان نسل تمام برائیوں سے بچ سکے۔ادھر علاقہ نارواو کے عوامی حلقوں نے بارہمولہ پولیس خاصکر ایس ایچ او شیری وسیم جہانگیر کے اس اقدام کی سراہنا کی۔
 
 
 
 
 

گاندربل میں پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ میٹنگ

سرینگر// پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت کھیربوانی تھانے میں پولیس کی جانب سے ایک پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ میٹنگ منعقد کی گئی۔ یہ میٹنگ سماجی دوری کے اصولوں اور دیگر پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے کی گئی۔ میٹنگ ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر کی ہدایت پر منعقد کی گئی اور اس کی صدارت ایس ایچ او کھیربوانی نے کی۔ اجلاس میں تاجر یونین، دکانداروں اور علاقے کے عام لوگوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شرکاء نے منشیات کی لعنت، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر مسائل سمیت مختلف مسائل کو اٹھایا۔ایس ایچ او نے انہیں یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق ان کی حقیقی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جبکہ سول انتظامیہ سے متعلق مسائل ان کے جلد از جلد ازالے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائے جائیں گے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایچ او نے ان سے درخواست کی کہ وہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر کی نشاندہی میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔میٹنگ کے شرکاء نے سماجی برائیوں سے نمٹنے کے لیے پولیس کے ساتھ اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔
 
 

ٹائون ہال ترال میں دیہی ترقی محکمہ کا جانکاری کیمپ

سید اعجاز
ترال//ٹائون ہال ترال میں جمعرات کو دیہی ترقی محکمہ کی جانب سے دیہی نمائندوں کے لئے پی آرآئی ایلو کیشن کے حوالے سے ایک جانکاری کیمپ منعقد ہو اہے جس میں پنچوں،سرپنچوں ،بی ڈی سی اور ڈی ڈی سی ممبران نے شرکت کی ۔کیمپ میں اے ڈی ڈی سی پلوامہ ڈاکٹر عبد العزیز،اے سی ڈی پلوامہ ڈاکٹر فرحت احمدنے یہاں موجود پنچوں سر پنچوں کے علاوہ بی ڈی سی اور ڈی ڈی سی ممبران کوپی آر آئی بجٹ ایلوکیشن کے حوالے سے جانکاری دی۔پروگرام میںموجود دیہی نمائندوں نے مختلف معاملات کے حوالے سے جانکاری حاصل کی ۔اس دوران ڈاکٹر عبدالعزیز نے بتایا کہ پروگرام میں داڈسرہ اور ترال کے تمام دیہی نمائندوں نے شرکت کی ۔انہوں نے بتایا کہ پروگرام کا مقصد ہے کہ سال2022-23کے بجٹ ائیریا پلان کو کس طرح بنایا جائے تاکہ لوگوں کو فائدہ پہنچے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ضلع میں1500سے زیادہ پنچ وارڈ ہیں جہاں کل313پنچ موجود ہیں ۔بٹ نور ترال کے کھیل میدان کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے انہیں کوئی جانکاری نہیں ہے تاہم وہ معاملے کو دیکھ لیں گے ۔