فیصلہ قابل مذمت : کچلو
اندرونی معاملات سے احتراز کرنے کی اپیل
کشتواڑ// سینئر لیڈر و سا بقہ وزیر سجاد احمد کچلو نے بھی جاری ایک پریس بیان میں جے اینڈ کے بینک کو بطور پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگ کا درجہ دینے کے گورنر انتظامیہ کی سخت مذمت کی ہے اور اس فیصلہ کو واپس لینے کامطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے ریاست کے خصوصی درجہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی کوشش ہے کیونکہ ریاست کے خصوصی درجہ کی وجہ سے فقط ریاستی قانون سازیہ ہی اس میں کوئی ترمیم کرنے کی مجاز ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورنر راج یا صدر راج کے دوران کسی کو بھی ریاست کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے کرنے سے ریاست کے خصوصی درجہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے ،جس سے عیاں ہے کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن خطرے میں ہے۔کچلو نے کہا کہ جے اینڈ کے بیک اسی چال کا ایک حصہ ہے جسکے خلاف پوری ریاست ہے اور یہی وجہ ہے کہ این سی، پی ڈی پی اور کانگریس ریاست میں سرکار تشکیل دینے کے لئے اکٹھا ہوئے تھے،جس کا مقصد ریاست کو مرکزی رول کے چنگل سے آزاد کرانا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ گورنر راج کوئی مستقل انتظام نہیں ہے اسلئے گورنر انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ روز مرہ کی کاموں پر اپنی توجہ مرکوز کرے،نہ کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کے ساتھ کھلواڑ کرے۔
کشمیری گلوکارہ جہاں آرا’ راج بیگم ایوارڈ‘ سے سرفراز
ڈوڈہ // وادی چناب کی نامور گلوکارہ جہاں آرا جانباز کو کشمیری موسیقی کے شعبہ میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر راج بیگم وومن ایمپائورمنٹ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے۔اسکے علاوہ نامور گلوکار عبدالرشید فراش کو کشمیری موسیقی کے تحت اپنے رول پر انہیں بعد از مرگ ایک خصوصی ایوارڈ دیا گیا ہے۔جہاں آرا جانباز نے ایوارڈ عطا کرنے کے لئے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ راج بیگم خواتین میں موسیقی کو فروغ دینے کیلئے ایک تحریک بن گئی اور مجھے یہ ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے۔ نامور گلو کا روحید جیلانی نے گلوکار ہ کو خراج عقیدت دا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کلاکاروں کو یاد کرتے ہیں،جنھوں نے کشمیری موسیقی میںنام کمایا ہے۔انہوں نے کہا کہ راج بیگم بہت سے خواہشمند گلوکار وں اور موسیقاروں کیلئے ایک ترغیب ہے،جنھوںنے موسیقی کے شعبہ میں ایک مثال قائم کر دی ہے۔
ڈوڈہ کے کھلاڑی کی عمدہ کارکردگی
۔64ویں قومی سکول گیمز میں میڈل حاصل کر لیا
نصیر احمد کھوڑا
ڈوڈہ// ضلع ڈوڈہ کی کانڈوت گاؤں سے تعلق رکھنے والے نکھل کمار نے 64ویںسکول گیمز میں جو کہ ہندوستان کی ریاست منی پور میں منعقد ہوئی اپنی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر برونزمیڈل جیت لیا، یہ میڈل انہوں نے تائیکونڈومیں اعلیٰ کھیل پیش کرکے حاصل کیا، اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کی وجہ سے ڈوڈہ کی مختلف سماجی اور کھیل سے وابستہ تنظیموں نے نکھل کمار کو مبارک باد پیش کی ہے۔ ان تنظیموں میں ینگ سٹار کرکٹ کلب، فٹ بال ایسوسی ایشن ڈوڈہ، کیئرفار وومن اینڈ چلڈرن سراج سپورٹس ودیگر کئی افراد نے نکھل کمار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔جبکہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے ضلع آفسر ڈوڈہ نے بھی نکھل کمار ولد رنجیت کمار کو اپنی اور محکمہ کی جانب سے مبارکباد پیش کی ہے اوربتایا کہ خطہ چناب کا ڈوڈہ ضلع کے کھلاڑیوں نے ریاست سے باہر ہمیشہ عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اورامید ظاہر کی ہے کہ اس سال وہ کئی کھلاڑیوں کو ہندوستان کی ریاستوں میں مختلف کھیل کود کیلئے روانہ کررہے ہیں۔
چھاس اور چنگام میںتقریری مقابلہ کا اہتمام
کشتوڑ//ضلع کے چھاس علاقہ میں لوگوں میں تمباکو نوشی کے مضر اثرات کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کے لئے فوج کی جانب سے
ایک تقریری مقابلہ کا اہتمام کیا گیا۔مقابلے میں طلاب نے پر اعتماد سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ،جس سے ایک مرتبہ یہ دوبارہ ثابت ہوا کہ اگر ان بچوں کو پلیٹ فارم مہیا ہوگا تو وہ اپنے اندر چھپے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کریں گے۔طلاب کو ان چھوٹے چھوٹے پروگراموں میں شرکت کرنے پر اپنی شخصیت کو نکھار لانے میں مدد ملے گی ۔علاقہ کے مختلف سکولوں کے 05 بچوں نے پروگرام میں شرکت کی ۔پروگرام کے اختتام پر فاتحین میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ دریں اثنا ، فوج کی جانب سے ضلع کے چنگام علاقہ میں’’ سیکولر انڈیا بطور ایک سپر پائور‘‘ کے موضوع پر ایک لیکچر بازی کا امقابلہ منعقد کیا گیا ،جس میںعلاقہ کے مختلف سکولوں کے چھ بچوں نے پروگرام میں شرکت کی ،فاتحین کی حوصلہ افزائی کے لئے انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ شرکت کرنے والے طلاب میں بھی حوصلہ افزائی کے انعامات تقسیم کئے گئے۔مقامی لوگوں نے یہ پروگرام منعقد کرنے پر فوج کا شکریہ ادا کیا۔
بھنڈار کوٹ کے سابقہ فوجیوں کا اجلاس
کشتواڑ// خطہ کے سابقہ فوجیوں کی رسائی کیلئے انڈین آرمی کی جانب سے بھنڈار کوٹ میں سابقہ فوجیوں کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں 29سابقہ فوجیوں نے شرکت کی ،اجلاس کا مقصد سابقہ فوجیوں کے صحت سے متعلق مدعے حل کرنے اور انہیں جاری سکیموں کی جانکاری دینا تھا ۔اجلاس کے دوران معمول کا طبی معاینہ کیا گیا اور مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔اجلاس کا مقصد سابقہ فوجیوں کی شکایات کرنے کی ایک کوشش بھی تھا ۔اجلاس کے بعد سابقہ فوجیوں کے اعزاز میں لنچ کا اہتما م کیاگیا،سابقہ فوجیوںنے فوج کی جانب سے اجلاس منعقد کرنے پر فوج کا شکریہ اداکیا۔
کشتواڑ کے نو منتخب عوامی نمائندوں کا اجلاس
عوام نے فرقہ پرست طاقتوں کو مسترد کر دیا: سروڑی
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ //کانگریس نے منتخب پنچوں وسرپنچوں کے اعزاز میں ایک تقریب منعقدکی ۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق اس موقعہ پر58سرپنچوں اور 405پنچوںنیز کشتواڑ میونسپل کمیٹی کے منتخب ارکان نے بھی شرکت کی۔ نو منتخب عوامی نمائندوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ممبر اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے اندروال کے عوام کے تئیں تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عوام نے استحصالی، غنڈہ گردی اور پیسے کی طاقت پر اچھل کود کرنے والوں کویکسر مسترد کیاہے اور یہ ثابت کیاکہ اندروال کی سرزمین فرقہ پرست قوتوں کیلئے بہت تنگ ہے۔ کانگریس مجموعی ترقی کی متمنی ہے اورپارٹی کی ترقی وعوام دوست پالیسیوں کانتیجہ ہے جو آج کشتواڑضلع کے اندروال میں پارٹی کابول بالاہے۔انہوں نے کہاکہ وہ محبت، حمایت، اعتماد اوربھروسے کیلئے اندروال کے عوام کے انتہائی مشکور وممنون ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ منتخب پنچوں وسرپنچوں کوہرممکن تعاون ومددکے عہدبند ہیں۔انہوں نے کہاکہ کانگریس زمینی سطح پرپنچایتی اداروں کے ذریعے جمہوریت کومضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے اور وہ آنجہانی راجیوگاندھی کے اس نظرئے کو پروان چڑھانے اوردیہی عوام کوبااختیار بنانے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں گے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام بھاجپاکی استحصالی حربوں کوکسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔سروڑی نے یقین دلایاکہ جہاں آپسی تفریق وتقسیم ودیگروجوہات کی بناپر کانگریس امیدواروں کوشکست کا سامناہوا پارٹی انکی جانب سے کئے گئے عوامی وعدوں کووفا کرنے میں کوئی کسرباقی نہ چھوڑے گی اور اپنے لوگوں کوکسی بھی صورت میں رسوانہیں ہونے دے گی اور نہ ہی عوامی امنگوں کوادھورا چھوڑے گی۔
پی ڈی سی کالونی میں صفائی مہم چلائی گئی
کشتواڑ//سی آر پی ایف کی52ویں بٹالین کی جانب سے یہاں پی ڈی سی کالونی نے ہفتہ کے روز صفائی مہم کا اہتمام کیا گیا ۔مہم کے دوران بٹالین کے کمانڈنٹ سریش کمار نے تمام اہلکاروں کو صحت و صفائی کی حلف دلائی۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے روز مرہ کی زندگی میں صحت و صفائی اور حفظان صحت پر زور دیا ۔انہوں نے شرکا کو اپنے طرز زندگی میں صفائی کو لاگو کرنے کیلئے کہا اور دوسروں کو بھی اسے اپنا نے کے لئے مطمئن کرنے پر زور دیا۔اس موقعہ پر بٹالین کے راجندر کمار، جے کے جوشی و دیگران بھی شامل تھے۔تمام اہلکاروں نے پی ڈی ایس کالونی اور اسکے نزدیکی علاقوں کو صاف کرکے سوچھتا ہی سیوا مہم میں اپنا کردار نبھایا ۔
موسم سرما سے متعلق بیماریوں پر لیکچر
کشتواڑ//ضلع کے پنجاڑخطہ میںفوج کی جانب سے موسم سرما سر متعلق بیماریوں زوکام،گھلے میں خراش، ناک بہنا،کھانسی، استھما، جوڑوں میں تکلیف وغیرہ کی جانکاری اور انکے پرہیز کیلئے ایک لیکچر کا اہتمام کیا گیا ۔لیکچرمیں پنجاڑ خطہ کے 22مقامی لوگوں نے شرکت کی ۔لیکچر فوج کی جانب سے اپنی قسم کا منفرد پروگرام تھا ۔مقامی لوگوں اور طلاب نے فوج کی اس پہل پر خوشی کا اظہار کیا اور انکا شکریہ ادا کیا ۔