۔224پولیس افسروں واہلکاروں کے حق میں2.42کروڑ کابہبودی قرضہ منظور
جموں//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے پولیس اہلکاروں کی فلاح بہبود کے اقدامات کوجاری رکھتے ہوئے 224پولیس افسروں اور اہلکاروں کے حق میں2کروڑ42لاکھ روپے کابہبودی قرضہ منظور کیا ہے۔جاری ایک حکم کے مطابق اس سلسلے میں 30لاکھ روپے کی رقم 30پولیس اہلکاروں کے حق میں منظور کی گئی تاکہ وہ اپنایااپنے افراد خانہ کا علاج کراسکیں۔ 1کروڑ93لاکھ روپے کی رقم 181پولیس اہلکاروں کے حق میں منظور کی گئی تاکہ وہ اپنی یا اپنے بیٹے بیٹیوں کی شادی انجام دے سکیں۔اسی طرح13پولیس اہلکاروں کے حق میں 17 لاکھ 75 ہزار روپے کی امداد منظور کی گئی تاکہ وہ اپنے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کاخرچہ برداشت کرسکیں۔
میونسپل کونسل گاندربل کے نائب صدرمستعفی
ارشاداحمد
گاندربل// میونسپل کونسل گاندربل کے نائب صدر غلام جیلانی نے عدم اعتماد کی تحریک سے قبل ہی استعفیٰ دیکر گزشتہ چند روز سے جاری افواہوں کا سلسلہ ختم کردیا۔اس کے ساتھ ہی عدم اعتماد پر ہونے والی میٹنگ کو منسوخ کردیا گیا ۔میونسپل کونسل گاندربل کے نائب صدر کے خلاف حال ہی میں بیشتر کونسلروں کی طرف سے عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی،جس وجہ سے نائب صدر کی کرسی نے وقار کھو دیا تھا۔اس دوران پیر کو نائب صدر نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا جس کے ساتھ ہی عدم اعتماد کی تحریک پر ہونے والی میٹنگ منسوخ کردی گئی۔
سیاحتی شعبے کو درپیش مشکلات کودورکیا جائے | چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کالیفٹیننٹ گورنرپرزور
سرینگر//کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پیر کوسیاحتی صنعت کوتجارتی گاڑیوں کوسیاحتی مقصد کیلئے پرمٹ دینے میں پیش آرہی مشکلات پر تشویش کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میں چیمبر کے ترجمان نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہماری سیاحتی صنعت گزشتہ پانچ برس سے تباہی کی بدترین سطح پر گرچکی ہے۔سیاحتی شعبے کی حوصلہ افزائی کیلئے ہمیں آنے والے سیاحتی سیزن کوہرسطح پرتعاون دیناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اور سیاحتی متعلقین سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے اپنی بھرپورکوششیں کررہے ہیں اورنقصان کوکم کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی آپریٹروں کو گاڑیوں کاپرمٹ نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے بکنگس منسوخ ہورہی ہیں ۔ سیاحتی شعبہ اور ٹور آپریٹراگست2019سے مشکل ترین دور سے گزررہے ہیں اوران کاتجارتی نقصان ہورہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سیاحتی شعبہ سے لوگوں کی کثیرتعداد کے جڑے ہونے کی بناپرکشمیر چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پرزوردیتا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرکے اس مشکل کودور کریں۔
پونچھ میںحد متارکہ کے قریب سے اسلحہ بر آمد
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقہ میں شروع کی گئی ایک تلاشی مہم کے دوران سیکورٹی فورسز نے اسلحہ برآمد کرلیا ۔جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے جاری کردہ جانکاری کے مطابق ایس ڈی پی او مینڈھر کی قیادت میں پولیس اور فوج کی جانب سے حد متارکہ کے قریبی ڈیری ڈبسی علاقہ میں ایک تلاشی مہم شروع کی ۔انہوں نے بتایا کہ خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد مذکورہ سرگرمیاں شروع کی گئی تھی جس کے دوران سیکورٹی فورسز نے اسلحہ برآمد کرلیا ۔انہوں نے بتایا کہ برآمد ہوئے اسلحہ میں ایک اے کے 47رائفل اور دو پستول شامل ہیں جبکہ مزید تحقیقات عمل میں لائی جارہی ہیں ۔
۔10ویں جماعت میں پاس کرانے کا لالچ | والدین اور طلاب جعلی فون کالز سے ہوشیاررہیں:کرائم برانچ
ارشاداحمد
سرینگر//دسویں جماعت کے امتحانی نتائج کو لیکر جاری افواہوں کے درمیان کرائم برانچ کشمیر زون نے جعلی فون کالز سے طلبا اور ان کے والدین کو خبر دار رہنے کی تلقین کی ہے۔کرائم برانچ کشمیر زون کی جانب سے جاری ایڈ وائزری میں دسویں جماعت کے اُمید واروں اور ان کے والدین کو جعلی فون کالز سے ہوشیار رہنے کو کہا گیا ہے ۔ایڈوائزری والدین اور طلبا سے کہا گیا ہے کہ اگر ان کو کوئی بھی فون کال موصول ہوتی ہے جس میں ان سے کہا جائے کہ یہ فون کال بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی طرف سے ہے اور وہ ان کے بچوں کو امتحان میں پاس کرائیں گے، تو اس فون کال سے متعلق فوری طور پر کرائم برانچ کشمیر زون کو مطلع کریں۔ ایڈ وائزری میں کہا گیا ہے کہ والدین اور امید وار فوری طور پر کرائم برانچ کی موبائیل ایپ،ای میل یا ان کے دفتر پر جاکر شکایات درج کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے دسویں جماعت کے امید واروں اور ان کے والدین کو فون کالز موصول ہو رہی ہیں، جن میں ان سے کہا جاتا ہے کہ انہیں دسویں جماعت کے امتحان میں پاس کرایا جائے گا جس کے عوض ان سے بھاری رقومات طلب کی جاتی ہیں جو کہ سراسر جعلی اور فرضی ہوتی ہے۔ اس معاملے سے متعلق پہلے ہی بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے بھی والدین اور امید واروں کو خبر دار رہنے کی تلقین کی ہے،چونکہ ان دنوں جعلی اور فرضی ٹھگوں کی بھرمار ہے جو معصوم لوگوں کو مختلف طریقوں سے رقومات ٹھگ لیتے ہیں ۔
کووِڈ- 19مخالف ٹیکہ | ڈاک کا بوسٹر ڈوزدیئے جانے کی مدت کم کرنے پرزور
سرینگر//ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیرنے کووِڈ- 19مخالف ٹیکہ کابوسٹر ڈوزدینے کی مدت نوماہ سے کم کرکے چھ ماہ کرنے پرزوردیا ہے۔ایک بیان میں ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹرنثارالحسن نے کہا ہے کہ فی الوقت بھارت میں کووِڈمخالف ٹیکہ کی دوسری خوراک لینے کے نوماہ بعد اس ٹیکہ کی بوسٹر خوراک دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوروناکی دوسری خوراک لینے کے بعد بوسٹر خوراک لینے کی مدت میں اگر کمی کی جائے ،تو کووِڈ- 19کی نئی ہیتوں کے سامنے آنے کوروکاجاسکتا ہے۔ڈاکٹر نثار نے کہا کہ کووِڈ ٹیکہ کی دوخوراکیں لینے سے اگرچہ شدیدبیماری سے تحفظ فراہم ہوتا ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مدافعت کم ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کووِڈ- 19کاٹیکہ لینے کے بعد مدافعت کم ہوجاتی ہے اورتحقیق سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے۔ڈاکٹر س ایسوسی ایشن کشمیرنے برطانیہ کے ایک جائزے سے پتہ چلاہے کہ فائزر اور کوی شیلڈ ٹیکوں کی دوخوراکوں سے جو تحفظ فراہم ہوتا ہے وہ چھ ماہ بعد کم ہوجاتا ہے۔تحقیق سے پتہ چلاہے کہ فائزر کی دوخوراکوں سے پہلے ماہ88فیصدتحفظ فراہم ہوتا ہے جبکہ پانچ سے چھ ماہ بعد یہ 77فیصد رہتا ہے اور آکسفورڈکے کوی شیلڈ ٹیکہ کی پہلے ماہ77فیصد تحفظ کے مقابلے میں پانچ چھ ماہ بعد یہ67فیصد رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ متعددممالک میں کووِڈ کا بوسٹر ڈوزدوسری خوراک لینے کے چھ ماہ کے اندردیاجاتا ہے۔ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ارشدعلی نے کہا بوسٹر ڈوزتمام بالغوں کو دیا جاناچاہیے تاکہ فرد کے مدافعتی نظام کو کورونا کے نئے اقسام سے لڑنے کے قابل بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بوسٹر دوزہیلتھ کیئر ورکروں،صف اول کے کارکنوں اور 60سال سے زیادہ عمر کے بیمار لوگوں کودیئے جاتے ہیں۔ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر ریاض احمد ڈگہ نے کہا کہ بھارت میں احتیاطی ڈوزکہلانے والا،بوسٹر ڈوزتیسرایااضافی ڈوزہے،جوکووِڈ کی نئی اقسام سے بچائو کو برقرار رکھتا ہے۔
خون کا عطیہ کر نے کی مہم کی رو ح رواں | کرالہ گنڈہندوارہ کی بلقیس آراء | 27بار خون کا عطیہ دے کر مثال قائم کی
کپوارہ//اشرف چراغ //جب ارادہ کچھ بڑا اور غیر معمولی کرنے کا ہو، تو چھو ٹی عمر بے معنی ہوکر رہ جاتی ہے ۔اس کے لئے جذبہ ،جنون اور لگن ہی کافی ہے ۔کورونا کے اس مشکل ترین دور میں جب لوگ وبا ء کے خوف سے گھرو ں میں ہی قید ہیں، تو جوش و جذبے سے لبریز ایسے متعدد مخلص لوگ ہیں جو اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی مدد کے لئے سر گرم ہیں ۔ایسے ہی لوگو ں میں کپوارہ کے گنڈ چوبترہ کرالہ گنڈ کی رہنے والی 32سالہ بلقیس آرا ہیں، جنہوں نے 27ویں بار اپنے خون کا عطیہ دے کر ایک مثال قائم کی ۔بلقیس آرا ء جو محکمہ صحت میں بطور آشا ورکر کام کر رہی ہیں، کا کہنا ہے کہ وہ ہر وقت خون کا عطیہ کرنے کے لئے بلا جھجھک پیش پیش رہے گی اور خون کا عطیہ دیکر اپنے علاقہ میں ایک احساس پیدا کیا ہے ۔بلقیس کا مزید کہنا ہے کہ ہر نوجوان لڑکے اور لڑکی کو اس نیک کام میں حصہ لینا چایئے کیونکہ ایسا موقع کبھی کبھی ہی دروازے پر دستک دیتا ہے ،لہذا کبھی بھی اسے ہاتھ سے جانے نہ دیں اور جب بھی موقع ملے خون عطیہ دیں ۔بلقیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ ہر تین ماہ کے بعد اپنا خون عطیہ کرتی ہے اور انہو ں نے یہ کام 2012سے شروع کیا اور آج پورے ضلع میں اس کانام خاتون بولڈ ڈونر نام سے جانا جاتا ہے ۔بلقیس جو ایک آ شا ورکر ہے، کا کہنا ہے کہ ہمارے علاقہ کی ایک حاملہ خاتون کو جب خون کی ضرورت پڑی ،تو کسی نے خون نہیں دیا جس کے بعد میں نے پہلی بار اُسے خون دیا اور بعد میں یہ جذبہ میرے دل و دماغ میں چھایا رہا اور تب سے آج تک کپوارہ سے لیکر لل دید اسپتال تک، میں نے27بار خون کا عطیہ دیا ۔بلقیس نے پیر کو ضلع اسپتال ہندوارہ میں بولڈ ڈونیشن کیمپ میں خون کا عطیہ دیا ۔اس حوالہ سے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ضلع اسپتال ہندوارہ ٖڈاکٹر نثار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ اس طرح کے رضاکاروں نے خون کا عطیہ پیش کر کے ان کے کام کو آ سان کر دیا کیوںکہ اب ہندوارہ میں کسی بھی مریض کو خون کے حوالہ سے کسی بھی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ نوجوان لڑکو ں اور لڑکیوں میں اس قسم کے جذبہ سے بہت سارے نوجوان ایسے ہیں جو اپنا خون عطیہ کرتے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ آشا ورکر بلقیس خون عطیہ کرنے والو ں کی رو ح رواں بن چکی ہے ۔
اپنی پارٹی کا کپوارہ میں عطیہ خون کا کیمپ
سرینگر//اپنی پارٹی ضلع کپوارہ نے پیر کے روز کپوارہ ہسپتال میں عطیہ خون کے کیمپ کا اہتمام کیا جس میں شرکاء نے خون کا عطیہ دیا۔ عطیہ خون کیمپ کا اہتمام ضلع جنرل سیکریٹری کپوارہ بلال عارف نے ضلع کارڈی نیٹر ڈاکٹر تجمل، یوتھ لیڈر نثاربٹ اور خواتین لیڈرطاہرہ نے کیاتھا۔ اس موقع پر بلال عارف نے کہاکہ عطیہ خون انسانیت کو ایک بہترین تحفہ ہے۔ خون سے آپ قیمتی جانیں بچا سکتے ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ اپنے آ س پاس ضرورتمندوں کو خون دینا چاہئے۔ عطیہ خون کے فائدے بھی ہیں۔اس کیمپ کے دوران 20یونٹس خون عطیہ کیاگیا۔
کشمیرکی میوہ صنعت برباد ہونے کی دہلیزپر:وکیل
سرینگر//پیپلزکانفرنس کے نائب صدر عبدالغنی وکیل نے کہا ہے کہ کشمیرکی میوہ صنعت برباد ہونے کی دہلیزپر ہے کیوں کہ حکومت نے اسے زمینی سطح پر نظر انداز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں میوہ اُگانے والوں سخت مشکلات کا سامنا ہے کیوں کہ انتظامیہ نے ان کے مطالبات کو پس پشت ڈالدیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دفعہ370کی تنسیخ کے بعد حکومت ہند نے کشمیرکی میوہ صنعت کوفروغ دینے کے بڑے دعوے کئے تھے جن میں خصوصی پیکیج بھی شامل تھالیکن یہ صرف بیانوں تک ہی محدود تھااورابھی تک ایساکوئی بھی پیکیج میوہ اُگانے والوں کو نہیں دیا گیا۔وکیل نے کہا کہ میوہ صنعت کوروناکی وجہ سے پہلے ہی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور نامساعد حالات، ناساز گارموسم اورایران سے سیبوں کی غیرقانونی درآمدنے میوہ صنعت کی کمر توڑ کررکھ دی ہے اور اس کو فروغ دینے کیلئے کوئی بھی اقدام نہیں کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ مرکزی بجٹ میں بھی وادی کے پریشان حال میوہ اُگانے والوں کیلئے کوئی بھی خوشخبری نہیں تھی ۔اکثر میوہ اُگانے والے ٹیکس،قرضہ اور دیگر اخراجات اداکرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میوہ صنعت جو کبھی کشمیرکی اقتصادیات کی ریڑھ کی ہڈی تھی،اب تباہ حالی کاشکار ہے۔
لداخ میں کووِڈ- 19 کے77نئے معاملات
لیہہ//لداخ میں کووِڈ- 19کے مزید77نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور خطے میں اس طرح کورونامتاثرین کی تعداد 27477 ہوگئی ہے۔خطے میں اس وقت فعال کورونامعاملات کی تعداد537ہے جن میں لیہہ میں403اور کرگل میں134شامل ہیں۔اس دوران 110مریضوں کواسپتالوں سے شفایاب ہوکر رخصت کیاگیا جن میں90لیہہ اور20کرگل سے ہیں ۔خطے میں کوروناسے شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد26714ہوگئی ہے۔
۔12ویں ٹاپر کوجے کے بینک کی عزت افزائی
سرینگر//جموں کشمیربینک کے چیئرمین اورمنیجنگ ڈائریکٹر بلدیوپرکاش نے حال ہی میں بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ عروسہ پرویز کو مبارکباد دی۔اس موقعہ پر منعقدہ ایک تقریب پر جے کے بینک کے ایم ڈی اورسی ای اونے اُسے ایک مومینٹو اورکشمیری شال پیش کیا۔اس موقعہ پرپریذیڈنٹ اور ایم ڈی اور سی ای اوکے سپیشل سیکریٹری کرن جیت سنگھ ،عروسہ کے قریبی رشتہ داراوربینک کے دیگرحکام بھی موجودتھے۔ بینک کے سی ای او نے اس موقعہ پر عروسہ کے خوشحال مستقبل کی تمنا کی ۔عروسہ نے اس موقعہ پربینک کا شکریہ اداکیا۔
شیرکشمیر زرعی یونیورسٹی کے ڈاکٹر عمران خان
لیسا کے چیئرمین منتخب
سرینگر//شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی جو 35 اسٹٹسٹیکل لیبارٹریزکے عالمی کنسورشیم کی ممبر ہے ،کے سرایک اور سہرابندھا ہے اوریونیورسٹی کے ایگری اسٹیٹکس ،ہارٹی کلچر شعبہ کے ڈاکٹر عمران خان کو(Laboratory for Interdisciplinary Statistical Analysis)LISAسرٹیفیکیشن کمیٹی کاچیئرمیں منتخب کیا گیا ہے۔LISAیونیورسٹی آف کولریڈوکی بولڈرس لیبارٹری فارانٹرڈسپلنری اسٹیٹسٹکل انالیسس کی طرف سے USAIDکے اشتراک سے نافذ کیاجاتا ہے۔شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی کشمیر کو لیزانیٹ ورک کی آفیشل ممبرشپ اکتوبر2020میں حاصل ہوئی۔شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی کشمیر کویہ ممبرشپ اُ س کی اعلیٰ معیارکی کارکردگی کی بناپر دی گئی ۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرنذیراحمد گنائی نے ڈاکٹر عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ساتھی فیکلٹی ممبران اور طلاب کی حوصلہ افزائی کریں۔
مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی
رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع میں غیر قانونی مویشی سمگلنگ کیخلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے 8مویشیوں کو باز یاب کروا لیا ۔پولیس نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ درمسال پولیس سٹیشن کی ایک ٹیم ایچ ایچ او نیرج چوہدری کی قیادت میں ایک ٹا ٹا موبائل گاڑی زیر نمبر JK11E-7986کو روک کر اس کی تلاشی لی جس کے دوران گاڑی میں غیر قانونی طورپر سمگل کئے جارہے 8مویشیوں کو باز یاب کرلیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران گاڑی کا ڈرائیور موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ پولیس نے مویشیوں کو باز یاب کرتے ہوئے ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 12/2022 درج کر تے ہوئے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔
سینٹرل یونیورسٹی میں گہماگہمی،روبرودرس وتدریس کاسلسلہ شروع
ارشاداحمد
گاندربل//سینٹرل یونیورسٹی کشمیرمیں پیر کوکشمیرمیں یونیورسٹی سطح کے تعلیمی ادارے کھول دیئے جانے کے بعدطالب علموں کی گہماگہمی دیکھنے کو ملی۔اوریونیورسٹی میں روبروتدریس کاسلسلہ شروع ہوا۔دوسال کے وقفے کے بعد یونیورسٹی کے طلاب اپنے ہم جماعتوں اور اساتذہ سے مل کر کافی خوش اور مطمئن دکھائی دے رہے تھے۔طلاب خوشگوارماحول میں کلاسز میں داخل ہوئے اوردرس لینے کاسلسلہ شروع کیا۔اس موقع پرسینٹرل یونیورسٹی کے رجسٹرارمحمدافضل زرگر نے بتایا کہ اگرچہ گزشتہ دوبرس کے دوران یونیورسٹی میں درس وتدریس کا سلسلہ آن لائن جاری تھاتاہم آج یونیورسٹی میں روبروتعلیم کا سلسلہ شروع کرکے کافی خوشی محسوس ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پوری طرح کووِڈ- 19مناسب رویہ پرعمل کرکے سینٹرل یونیورسٹی کے دروازے کھول دیئے۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچنے کی تمام تدابیر پر یونیورسٹی میں عمل ہوگاتاکہ اساتذہ اور طلاب کو کسی قسم کی پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔