سنروانی بانڈی پورہ میں فوجی اہلکار حرکت قلب بند ہونے سے فوت
عازم جان
سرینگر//سنروانی بانڈی پورہ میں قائم بٹالین ہیڈکواٹر میںتعینات فوجی اہلکار گذشتہ شب دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوگیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق محمد شریف خان 20 گرنیڈ سے وابستہ حوالدارنے جمعرات کو اچانک دل میں تکلیف محسوس کی۔ اگرچہ اسے فوری طوراسپتال پہنچایا گیا تاہم وہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا
بارہمولہ میں 3دیہات کا محاصرہ اور گھر گھر تلاشی
فیاض بخاری
بارہمولہ // فورسز نے جمعہ کو بارہمولہ کے کئی علاقوں کو محاصرے میں کر گھر گھر تلاشی لی ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فوج کے32 آر آر، ایس او جی اور سی آر پی ایفکو جمعہ کو ایک مصدقہ اطلاع تھی کہ خوشی پورہ رفیع آباد علاقے میں کچھ جنگجوموجود ہیں جس کے بعد فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میںلیا کر گھر گھر تلاشی لی اور لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کئے گئے جبکہ سخت پوچھ تاچھ بھی کی گئی ۔محاصرے کے دورن فورسز نے آس پاس علاقوں کو سیل کیا تھا ۔ ادھر درنگبل علاقے کو بھی فورسز نے جنگجوئوںکی موجودگی کی اطلاع ملنے پر محاصرے میںلیا اور گھر گھرتلاشی لی۔ جبکہ فوج و فورسز نے پٹن کے پورن دیہات کو بھی اسی روز جنگجو کی موجود گی کی اطلاع ملنے پر محاصرے میں لیا اورگھر گھر تلاشیاں کیس تاہم فورسز کو خالی ہاتھوںلوٹنا پڑا۔
پٹن میں اسلحہ بردار گرفتار
بارہمولہ // فیاض بخاری//پولیس نے سنگھ پور ہ پٹن سے ایک شخص کو گرفتارکرکے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کئے جانے کا دعویٰ کیا گیاہے۔ذرائع سے معلوام ہوا ہے کہ سپیشل آپریشن گروپ کی ایک ناکہ ٹیم نے جمعہ کو ہا رترٹھ سنگھ پورہ علاقے سے ظہور احمد خان ولد عبدالرشید خان ساکنہ سوئی بگ بڈگام کو گرفتار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایس او جی نے مذکورہ شخص کے قبضے سے ایک گرنیڈ اور اے کے 47 کے 49روند بھی برآمد کئے جبکہ ایک الٹو گاڑی زیر نمبر1299 JK18-کو بھی ضبط کیا۔
پلوامہ کے جاں بحق شہریوں کے لواحقین سے تعزیت پرسی
سرینگر//مسلم لیگ اورینگ مینز لیگ کے وفود نے پلوامہ میں حالیہ فورسز فائرنگ سے مارے گئے شہریوں کے گھر جاکر لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔مسلم لیگ کی طرف سے فیاض سبطین ،توصیف احمد ، منیر احمد اور عبدالرشیدوفود میں شامل تھے جنہوں نے کہاکہ دنیا کے کسی بھی خطے میں پُر امن احتجاج کررہے لوگوں پر راست فائرنگ نہیں کی جاتی لیکن کشمیر میں ایسا کرکے خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے۔ ادھر ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی اورغلام محمد میر نے شوپیاں جاکر حال ہی میں مارے گئے شہریوں کے لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔
محبوس کارکن سے صحرائی کااظہار تعزیت
سرینگر//تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے محبوس کارکن عبدالرحمان تانترے بارہمولہ کی والدہ کی وفات اور سید محمد الطاف اندرابی کیچ راز گیر کے ماما جان کی وفات پر رنج ووغم اور کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ٹیلیفون پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ صحرائی نے کہاکہ عبدالرحمان تانترے کا PSAعدالت عالیہ سے کواش ہونے کے باوجود ایک پرانے کیس میں بارہمولہ سب جیل میں بند ہے جبکہ اس کا بیٹا شاہد تانترے بھی 3ماہ سے PSAکے تحت ہیرا نگر جیل میں بند ہے، لیکن والدہ کی وفات کے باوجود اُن کو اپنی ماں کے جنازے اور آخری رسومات میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ صحرائی کی ہدایت پر سید امتیاز حیدر، عبدالاحد ڈار، بشیر احمد اور محمد یوسف پر مشتمل وفد نے ہمہامہ جاکر سید محمد الطاف اندرابی کے ساتھ تعزیت کی۔
بانڈی پورہ آتشزدگان میں 4.30لاکھ روپے امداد فراہم
بانڈی پورہ//ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ نے آتشزدگی سے متاثرہ دوکنبوں کو 4.30لاکھ روپے کی نقد ریلیف فراہم کی۔آگ کی واردات میں یہ دونوںکنبے بے گھر ہوگئے تھے۔اس واردات میں سدھنارا میں محمد مقبول ڈار اورفیاض احمدلون کے مکانات پوری طرح تباہ ہوگئے تھے۔اے ڈی سی بانڈی پورہ ظہور احمد میر نے متعلقہ تحصیلدار کو جائے واردات کا معائنہ کرنے اور متاثرہ کنبوں کو ایس ڈی آر ایف کے تحت ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت دی۔اے ڈی سی نے محکمہ مال کے آفیسران کو متاثرہ کنبوں کے لئے عارضی متبادل رہائشی سہولیت فراہم کرنے کے بھی احکامات دئے۔انہوںنے متاثرین کے لئے برتن اور کپڑے فراہم کرنے کے لئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت دی تاکہ آتشزدگان کو شدید سردی کے ان ایام میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
قیدیوں کی حالت زار پرمحاذ آزادی کا اظہار برہمی
سرینگر//محاذآزاد ی صدر محمد اقبال میر کشمیر اور کشمیر سے باہر جیلوں میں بند سیاسی اسیروں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ قیدیوں کو طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے بہت سے قیدی بیمار ہوئے ہیںجوقیدیوں کے بارے جینوا کنونشن میں طے شدہ اصولوں کے خلاف ہے۔ نائب صدر قطب عالم نے سوپور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کوخراج عقیدت ادا کیا۔اس دوران سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے ہندو پاک کو مخاصمت ترک کرکے مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے مذاکراتی عمل شروع کرنے پر زوردیا ہے۔
سڑکوں، عمارتوں اور پلوں کی تعمیر
شراکت داروں سے آراء طلب
جموں//محکمہ تعمیرات عامہ نے سڑکوں، عمارتوں اور پُلوں کیلئے ٹینڈر / بِڈ حاصل کرنے کے لئے سٹنڈرڈ بِڈنگ ڈاکیومنٹ( ایس بی ڈی) کو ازسر نو تشکیل دینے کا عمل شروع کیا ہے۔کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ خورشید احمد شاہ کے مطابق محکمہ نے ڈرافٹ سٹنڈرڈ بِڈنگ ڈاکیو منٹ شراکت داروں کی آراء حاصل کرنے کے لئے جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرافٹ ایس بی ڈی محکمہ تعمیرات عامہ کی ویب سائٹ http://jkpwdrb.nic.in/pdfs/Tender-sbd-RandB-2018.pdf پر دستیاب رکھا ہے۔ایس بی ڈی سے متعلق شراکت داروں کی رائے کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ کو11 جنوری2019 تک [email protected] پر میل کی جاسکتی ہے۔
فاروق عبداللہ کا بیان مضحکہ خیز:وکیل
سرینگر//جموں کشمیر بچائو تحریک کے صدر اور سابق وزیر عبد الغنی وکیل نے ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کے اِس بیان جس میں انہوں نے کہا کہ اگر آنے والے اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی کو بھاری اکثریت ملی تو وہ سب سے پہلے ریاست کی اسمبلی میں خود مختاری کے حوالے سے قرار داد پاس کریںگے، کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات عوام کو بیوقوف بنانے کے مترادف ہیں ۔ عبد الغنی وکیل نے کہا کہ جو پارٹی اقتدار میں رہ کر ایسا کوئی کام نہ کر سکی وہ آج کیا کر سکتی ہے جب اُن کا سورج غروب ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی عوام نے کئی بار نیشنل کانفرنس کو بھاری اکثر یت سے کامیاب کیا تاہم بعد میں ان کو کیا حاصل ہوا ۔
بانڈی پورہ میں سٹیزنزکونسل کاکنونشن
پلوامہ شہری ہلاکتوں کیخلاف احتجاج
بانڈی پورہ// عازم جان//پلوامہ میں سات شہریوں کی گزشتہ دنوں فورسزکی فائرنگ سے ہلاکت و زیادتیوں ،بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کیخلاف سٹیزنزکونسل نے احتجاج کیا۔اس موقعہ پر سٹیزنزکونسل کے چیئرمین پروفیسر محمد اسماعیل آشنا نے پلوامہ میں عام شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ دھونس دبائو اور ہلاکتوں سے کشمیریوں کاغصہ بڑھ جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے متحد منظم اور متحرک ہیں اور جب تک نئی دہلی کشمیریوں کے مبنی برصداقت مطالبے کو تسلیم نہیں کرے گی تب تک ہماری جدوجہدجاری رہے گی ۔اس سے قبل سٹیزنزکونسل کا کنونشن چیئرمین محمداسماعیل آشنا کی صدارت میں اُن کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔
املر ترال میں چوروں نے گائو خانے صاف کئے
5گایوں سمیت 8مویشی اڑا لے گئے
ترال//سید اعجاز // املر ترال چوروں نے کئی گائو خانوں میں 5گائے سمیت8مویشیوں کو چرا لیا ۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ جب وہ حسب معمول صبح چارہ ڈالنے کے لئے گائو خانوں میںداخل ہوئے تو یہ دیکھ کر ششدر ہو کر رہ گئے جب وہاں کوئی مویشی نہیں پائے گئے ۔علاقے میں واقعے کے حوالے سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔
محکمہ بجلی کے خلاف مگھرکوٹ میں احتجاجی مظاہرے
بانہال //محمد تسکین // جموں سرینگر شاہراہ پر مگرکوٹ کے مقامی منتخب پنچایتی نمائندوں کی قیادت میں لوگوں نے بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ لوگوں نے مگرکوٹ رامسو اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بجلی کی سپلائی کو باقاعدہ بنانے کیلئے گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ رامسو اور اکڑال پوگل پرستان کے درجنوں علاقوں میں بجلی کا بحران ہے اوربجلی فیس کی ادائیگی کے باوجود صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس اور دیگر حکام کی مداخلت کے بعد احتجاجی مظاہروں میں شامل لوگوں کویقین دلایا گیا کہ ان کے مسائل کو اعلی حکام کی نوٹس میں لایا جائے گا اور بجلی کی فراہمی کی باقاعدگی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
ساگام کوکرناگ میں لوگوں کا احتجاج
محکمہ دیہی ترقی دفتر میں رشوت خوری کاالزام
اسلام آباد(اننت ناگ)//عارف بلوچ// ساگام کوکرناگ میں لوگوںنے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ دیہی ترقی دفتر میںگرام سبھا اور نریگا سکیم میں منظور نظرافراد کو ہی کام دیاجاتاہے۔ لوگوںنے محکمہ دیہی ترقی دفتر کے باہر احتجاج کیا اور الزام عائد کیا کہ بی ڈی او آفس مبینہ طور پر رشوت خوری کا اڈہ بن گیاہے۔ احتجاجی لوگوںنے پلے کارڑ اٹھا رکھے تھے جن پر بی ڈی او کو ہٹائو، ساگام بلاک کو بچائو کے نعرے درج تھے۔ احتجاجیوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ دفتر میں تعینات ملازمین کا فوری طور پر تبادلہ عمل میں لایاجائے۔اس حوالے سے بی ڈی او نے لوگوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایک مخصوص جماعت کے افراد نے بے بنیاد الزامات عائد کرکے نے انکی شبیہ کو زک پہنچانے کی کوشش کی ہے ،جو قابل افسوس ہے۔ انہوںنے کہاکہ ’دراصل چند افراد نے فراڈ طریقے سے خزانہ عامرہ کو چونا لگانے کی کوشش کی جس کو میں نے ناکام بنا دیا ہے‘ ۔
جموں کشمیررورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کامطالبہ
بونیار کے نوجوان کے قتل کی تحقیقات کرائی جائے
سرینگر//جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے بونیار میںنوجوان کے پُراسرار قتل کی گورنر انتظامیہ سے باریک بینی سے تحقیقات کرانے اورملوثین کو کیفرکردارتک پہنچانے کی مانگ کی ہے۔ ریاستی اسمبلی کے سابق سپیکر مبارک گل کی ہدایت پر جموںو کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کاایک وفد چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع اور ان کے ہمراہ شمالی کشمیر کے جوائنٹ سیکریٹری اشفاق احمد لون ، تحصیل چیئرمین اوڑی بشیر احمد وٹھلو اور تحصیل چیئرمین بونیار تنویر عمران لون نے گذشتہ دنوں قتل کئے گئے ارن بوا بونیار کے محمد اعظم کے گھر جاکر تعزیت کا اظہار کیا اور گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس قتل کی باریک بینی سے تحقیقات کی جائے اور قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
فیئرڈیل موٹرس میں عزت افزائی کی تقریب
سرینگر//جموں کشمیرمیں معروف کمپنی ٹاٹاموٹرس کمرشل وہیکل کے ایک ممتازڈیلر فیئرڈیل موٹرس اینڈورکشاپ پرائیویٹ لمیٹڈنے اپنے جیتنے والوں رضوان واحد ،محمد مقبول اوررلیل الرحمن جنہیں12دسمبر کوٹاٹاموٹرس ممبئی میں ٹرافی اور سرٹیفیکٹ عطا کی گئیں ،کی عزت افزائی کی ۔عزت افزائی کی شاندارتقریب فیئرڈیل موٹرس کے دفتر پر منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر سی ای اوفیئرڈیل موٹرس اینڈ ورکشاپ پرائیویٹ لمیٹڈامجدخان اور ٹاٹاموٹرس سے راکیش موہن کول بھی موجودتھے۔جنرل منیجرلطیف شیخ کی موجود گی میں کیک کاٹا گیا اور تحفے پیش کئے گئے ۔کمپنی کے سبھی ملازم بھی تقریب میں شریک تھے ۔
کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین کے والد کا نتقال
مزاحمتی،تجارتی اور مین اسٹریم جماعتوں کا اظہار افسوس
سرینگر// معروف تاجر لیڈراورکشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار کے والد کے انتقال پر لبریشن فرنٹ،جماعت اسلامی ،پیپلز لیگ، مسلم کانفرنس ،ماس مومنٹ کے علاوہ سابق وزیر خزانہ سید الطاف بخاری،سنجے صراف ،ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدرعبدالقیوم وانی، تجارتی و سول سوسائٹی انجمنوںنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار کے والد محمد سلطان ڈارکا انتقال جمعرات کو ہوا۔لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک نے محمدسلطان ڈارکی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ حریت کے سابق صدر اور مسلم کانفرنس کے سربراہ پروفیسر عبدالغنی بٹ نے فاروق احمد ڈار کی رہائش گاہ پر جاکر اُن کے والد کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔جماعت اسلامی کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی بھی فاروق احمدڈار کے گھر گئے اور انکے والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔پیپلز لیگ کے چیر مین شیخ محمد یعقوب اور وائس چیر مین محمد یاسین عطائی نیکشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار کے والد محمد سلطان کے والدکے انتقال پر گہر ے دکھ کا اظہار کیا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ۔پارٹی کا ایک وفد جس میں محمد یاسین عطائی ، حاجی قدوس ،گوہر احمد اور عبدالحمید الہی شامل تھے، اُن کے گھر گئے ۔ فریدہ بہن جی نے معروف تاجر لیڈر اور کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار کے والد کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔پیپلز لیگ غلام محمد خان سوپوری گروپ،ئنگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز ریشی،مزاحمتی لیڈر مختار صوفی ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو،تحریک حریت کے امتیاز حیدرنے بھی فاروق احمد ڈار کے والد کے انتقال پر رنج و گم کا اظہار کیا۔ کشمیر اکنامک الائنس کے دھڑے کے چیئرمین محمدیوسف چاپری و نائب چیئرمین اعجاز شہدار،کشمیر سوشو اکنامک کارڈی نیشن کے کنونیئر سراج احمد سراج،سینٹرل کانٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اکبر پال،چیف آرگنائزر،حاجی نذیر احمد زرگر،الیکٹریکل ایمپلائز یونین کے صدر عبدالاسلام راجپوری،کے ٹی ایم ایف دھڑے کے صدر بشیر احمد راتھر،کشمیر شکارہ یونین کے صدر حاجی ولی محمد،کشمیر مٹن ڈیلرس ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری معراج الدین گنائی،فروٹ گروورس ایسو سی ایشن کے چیئرمین بشیر احمد بشیر،گڈس ٹرانسپورٹ کے صدر محمد صدیق رونگہ کے علاوہ لوک جن شکتی پارٹی کے قومی ترجمان سنجے صراف نے بھی فاروق احمد ڈار کے والد کے انتقال پر رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔سابق وزیرخزانہ سیدمحمدالطاف بخاری نے کشمیراکنامک لائنس کے شریک چیئرمین اورجموں کشمیرکنٹریکٹرس ایسوسی ایشن کارڈنیشن کمیٹی کے صدرفاروق احمدڈار کے والد محمدسلطان ڈار کے انتقال پردکھ اورصدمے کااظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں بخاری نے غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھاتے ہوئے مرحوم کوایک شریف النفس انسان قراردیا ۔انہوں نے کہا مرحوم ہمیشہ ضرورت مندوں اورمفلوک الحال لوگوں کی امداد کیلئے آگے آگے رہتے تھے۔ ادھرایک بیان میں ایمپلائزجوائنٹ کاردنیشن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی نے بھی فاروق احمد ڈار کے والد محمدسلطان ڈار کے انتقال پررنج وغم کااظہار کیا۔ وانی نے کہا کہ مرحوم ایک شریف النفس اورخداترس انسان تھے ۔ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کاایک وفد سینئرنائب صدر فیاض احمد شبنم جن کے ہمراہ ترجمان اعلیٰ شبیراحمد لنگو،نائب صدر فاروق احمد خان ودیگر تھے،فاروق احمدڈار کے گھر تعزیت پرسی کیلئے گئے ۔