کرناٹک میں کشمیری طلاب کی مبینہ پروفائلنگ | انتہائی شرمناک عمل: عمر عبداللہ
یواین آئی
سری نگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کرناٹک میں حکام کی طرف سے کشمیری طلبا کی مبینہ پروفائلنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں کشمیری طلبا کی مبینہ پروفائلنگ کرنا شرم کی بات ہے ۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا جو انہوں نے ’دی نیوز منٹ’ کی ایک رپورٹ کے رد عمل میں کیا۔مذکورہ رپورٹ کے مطابق پولیس نے کرناٹک میں کالج حکام سے کہا ہے کہ وہ ان میں زیر تعلیم کشمیری طلبا کی پروفائنلگ کریں اور ان کی ذاتی تفصیلات بشمول نام، فون نمبر، موجودہ اور مستقل پتہ پولیس کے سامنے پیش کری ںتاہم پولیس حکام نے ایسے کسی بھی حکمنامے کو جاری کرنے سے انکار کیا ہے ۔عمر عبداللہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا،’’انتہائی شرم کی بات ہے کہ کرناٹک میں حکام کشمیری طلبا کی پروفائلنگ کر رہے ہیں گویا یہ طلبا غیر ملکی شہری ہیں‘‘۔
ؔمتوفی پولیس اہلکاروں کے پسماندگان
پولیس سربراہ نے2.04کروڑ کی امدادمنظور کی
جموں//پولیس اہلکاروں اور ایس پی اوزکی مالی مدد کرنے کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس سربراہ جنرل دلباغ سنگھ نے 2کروڑ4لاکھ روپے کی امدادمارے گئے یافوت ہوئے پولیس اہلکاروں اور ایس پی اوز کے پسماندگان کے حق میں منظور کی۔پولیس سربراہ نے فی کس22لاکھ روپے کی رقم پولیس کنٹری بیوٹری فنڈ سے ہیڈکانسٹیبل علی محمدگنائی،سارجنٹ محمدسلطان اور کانسٹیبل فیاض احمدکے پسماندگان کے حق میں منظور کئے،جوایک ملی ٹینٹ مارے گئے تھے۔ 22 لاکھ روپے فی کس کی خصوصی بہبودی امداد پولیس کنٹری بیوٹری فنڈ سے فوت ہوئے ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ اجے کمار شرما،اے ایس آئی فاروق احمد، ہیڈکانسٹیبل ایوب حسین، ہیڈکانسٹیبل شبیراحمد،سارجنٹ روہت کماراور فالورمحمدالطاف کے پسماندگان کے حق میں منظور کئے گئے۔پولیس سربراہ نے ایس پی اوسبھاش چندر کے لواحقین کے حق میں 6لاکھ روپے کی امداد بھی منظور کی جو دوران ڈیوٹی فوت ہوئے تھے۔فی کس ایک لاکھ روپے کی فوری مدد مارے گئے یافوت ہوئے پولیس اہلکاروں اور50ہزارروپے کی مددفی کس ایس پی اوزکے پسماندگان کے حق میں پہلے ہی واگزار کئے گئے ہیں تاکہ متعلقین ان کے آخری رسومات انجام دے سکیں۔
ماگام میں پوسٹر پھاڑنے کا معاملہ | مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح :آغاحسن
ماگام//انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغاسیدحسن نے ماگام میں فوج کی طرف سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے اس کے خلاف مظاہرین پرطاقت کابے تحاشہ استعمال کرنے کی بھی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ آئے دن مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کئے جاتے ہیں جو ہرگزبرداشت نہیں کیاجائے گا۔انہوں نے زخمی نوجوانوں کے ساتھ ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے ان کی جلدصحتیابی کی دعاکی۔
ڈورو میںAEEجل شکتی کی کرسی خالی
اننت ناگ//عارف بلوچ // ڈورو میں اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر جل شکتی کی کرسی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے خالی پڑی ہے جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں و ٹھیکیداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہیں۔ قصبہ میں تعینات اے ای ای محمد یوسف راتھر گذشتہ سال 31 دسمبر کو نوکری سے سبکدوش ہوگئے اور تب سے آج تک سب ڈویژن میں نئے اے ای ای کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی اور اے ای ای قاضی گنڈ کو سب ڈویژن ڈورو کا اضافی چارج سونپا گیا ۔اس سلسلے میں شاہ آباد کنٹریکٹرز نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اسسٹنٹ ایگزیکیٹوانجینئر کی عدم موجودگی سے انہیں سخت مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے کہا نے حکام سے گزارش کی کہ وہ ڈورو کیلئے اے ای ای کو تعینات کریں۔
فروغ ہنریوجنانفاذکیلئے نگران کمیٹی کی تشکیل کومنظوری
سرینگر// بلال فرقانی// حکومت نے وزیر اعظم فروغ ہنر یوجنا کے تحت’’ ہنر پہل مرکز‘ کے نفاذ کیلئے یوٹی سطح کی نگراں کمیٹی کے قیام کو منظوری دی۔ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کا گیا کہ اس کمیٹی کی کمان فروغ ہنر محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری کو سونپی گئی،جبکہ کمیٹی میں محکمہ مکانات و شہری ترقی ،محکمہ اعلیٰ تعلیم،محکمہ تعلیم،محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے نمائندے جو ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے کم نہ ہو ،کے علاوہ جموں کشمیر ایس ڈی ایم کے منیجنگ ڈائریکٹر،محکمہ فروغ ہنر کے ڈائریکٹر، جموں اور سرینگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ایس ڈی ایم سرینگر و جموں کے نمائندے و نوڈل افسراں اور این ایس ڈی ایس کے انگیج منٹ افسر ممبران ہونگے۔ آرڈر کے مطابق مذکورہ کمیٹی سکل ہب انیشٹیٹو(ہنر پہل مرکز) کی نگرانی کرے گی اور جموں کشمیر میں اس اسکیم کے نفاذ کی نظارت کریں گی۔ کمیٹی ہر15دنوں میں اس پل کے نفاذ کا جائز لے گی۔
گاندربل میں پولیس کے وومنز ہیلپ ڈیسک کاافتتاح | خواتین کے خلاف جرائم کو سنجیدگی سے لیاجائے:ایس ایس پی
گاندربل //ہراسانی،بدسلوکی یاگھریلوں تشددکی شکار خواتین کی امداد کیلئے پولیس نے ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر میں ایک خواتین ہیلپ ڈیسک کاافتتاح کیا۔اس موقعہ پر ضلع کے ایڈیشنل ایس پی فیروزیحیٰ اوردیگر پولیس افسراں موجود تھے۔ جے کے این ایس کے مطابق ضلع کے ایس ایس پی نے اس موقعہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ڈیسک کا قیام عمل میں لانے کامقصدگھریلوں اوردیگرتشددکاشکار خواتین یالڑکیوں کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہیلپ ڈیسک کا مقصد گھریلو تشدد کا شکار خواتین کی طرف سے کی جانے والی ایسی تمام کالوں کا جواب دینا ہے۔اس موقع پر ایس ایس پی گاندربل نے کہا کہ پولیس خواتین ہیلپ ڈیسک قایم کرکے خواتین کی قانونی مدد میں اضافہ کر رہی ہے اور خواتین کے خلاف جرائم کو اس ہیلپ ڈیسک میں خواتین افسران واہلکار نمٹائیں گے۔ خواتین ہیلپ ڈیسک کے انچارجز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، ایس ایس پی گاندربل نے انہیں ہدایت دی کہ وہ جوش و خروش کے ساتھ کام کریں اور پیشہ ورانہ دیانت کو برقرار رکھیں اور پولیس اسٹیشن کو رپورٹ کی گئی شکایات کو اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق دور کرنے کی کوشش کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم کو سنجیدگی سے لیا جائے اور انچارج ویمن ہیلپ ڈیسک کو یہ کام سونپا جائے گا کہ وہ لیڈی انویسٹی گیشن افسران کو متاثرہ خواتین ولڑکیوں کی شکایات سے نمٹنے اور ان کی تحقیقات کے لیے تربیت دیں۔پولیس معاشرے میں امن کو یقینی بنانے اور معاشرے سے گھریلو تشدد کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کااتحاد ناگزیر: سوز | حدبندی کمیشن مرکزی سرکار کے منشاء کے مطابق کام کررہا ہے
سرینگر//سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے جموں کشمیرکی سیاسی جماعتوں ماسوائے بھاجپا پرزوردیا ہے کہ وہ حدبندی کے سوال پرمتحد ہوجائیں تاکہ اس اہم مسئلہ پراتفاق رائے پیداہوسکے جو ریاست کے حق میں فائدی مندثابت ہو۔ایک بیان میں انہوں نے کہا،’’یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ حد بندی کے سوال پر جموںوکشمیر کی سبھی سیاسی جماعتوں کو ماسوائے بی جے پی متحد ہونا چاہئے تاکہ اس اہم سوال پر اتفاق رائے ہو سکے اور ریاست کے حق میں یہ بات فائدہ مند ہو سکے۔‘‘انہوں نے کہا ،’’اس سلسلے میں مین اسٹریم جماعتوں کو یہ پوزیشن بھی اختیار نہیں کرنی چاہئے کہ وہ بنیادی طور پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں کیونکہ کسی کو یہ معلوم نہیں ہے کہ سپریم کورٹ اس مسئلے پر کیا رُخ اختیار کر سکتی ہے۔ عام طور پر سپریم کورٹ اردتاً مرکزی حکومت کے حق میں ہی رہتی ہے‘‘۔سوزنے کہا کہ حد بندی کا مسئلہ بنیادی طور سیاسی مسئلہ ہے اور سیاسی مین سٹریم جماعتوں کو مضبوط طریقے سے عوامی رابطے میں رہنا چاہئے اور جمہوری طریقے سے اپنا رد عمل دکھانا چاہئے اور اس بات سے بھی گریز کرنا چاہئے کہ وہ یہ خیال اظہار کرتے رہیں کہ اُن کو بنیادی طور پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے۔انہوں نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ حد بندی کمیشن لگاتار مرکزی سرکار کے منشا کے مطابق کام کر رہا ہے۔ دوسری طرف حد بندی کمیشن اپنی جانبداری اور معاندانہ روش کے مطابق مرکزی سرکار کے رابطے میں رہنا چاہتا ہے ۔ حدبندی کمیشن اس مسئلے پر سنجیدہ بھی نہیں ہے، ورنہ وہ کیسے راجوری کو اننت ناگ اسمبلی سے جوڑتا؟ کمیشن یہ بھی جانتا ہے کہ راجوری اور اننت ناگ دو مختلف خطے ہیں۔ کسے معلوم نہیںکہ پیر پنچال ان دو خطوں کو جدا کرتا ہے اور آب و ہوا بھی مختلف ہے۔ـ
دھوپ چھائوں کا کھیل جاری | 19فروری تک موسم خراب رہیگا
اشفاق سعید
سرینگر // محکمہ موسمیات نے اگلے72 گھنٹوں کے دوران ابر آلود موسم کی صورتحال برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ سونہ مرگ اور کپوارہ کے کچھ ایک بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور معمولی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔منگل کے روز بھی دن کے وقت درجہ حرارت کافی بہتر رہا۔ سونہ مرگ زوجیلا، گومری اور گگن گیر میں قریب چار بجے سے ہلکی برفباری کا آغاز ہوا جبکہ کپواڑہ کے شمس بھری پہاڑی سلسلے اور دیگر کچھ ایک بالائی علاقوں میں بھی ہلکی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے بتایاکہ خراب موسم جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ آج شام تک موسم خراب رہیگا جبکہ 17کو بڑی موسمیاتی تبدیلی نہیں آئے گی البتہ 18اور 19فروری کو موسم ایک بار پھر کڑاب ہوسکتا ہے اور ہلکی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سومواراورمنگل کی درمیانی رات سرینگر میں درجہ حرارت 0.8 ، پہلگام میں منفی 4.2 اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔سرحدی ضلع کپوارہ میںسومواراورمنگل وارکی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا، قاضی گنڈ میںسومواراورمنگل وارکی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔اور اس طرح دھیرے دھیرے موسم میں تبدیلی آرہی ہے اور درجہ حررات بھی کم ہو رہا ہے ۔ متعلقہ محکمہ کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکے درجے برف باری یا بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
بھرتی بورڈ کی 198 ویں بورڈمیٹنگ میںمختلف امور پرغور کیاگیا
جموں//چیئر مین جے اینڈ کے سروسز سلیکشن بورڈ خالد جہانگیر نے یہاں جے اینڈ کے سروسز سلیکشن بورڈ ( ایس ایس بی ) کی 198 ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کی جس میں انسپکٹر ، کمرشل ٹیکسز ( محکمہ ٹیکسز ) ، اسسٹنٹ کمپائلر ( محکمہ خزانہ ) ، ڈپو اسسٹنٹ اور کلاس IV کے تحت پی ایم پیکیج برائے کشمیری تارکین وطن اور غیر مہاجر کشمیری پنڈت ، پنچائت اکاؤنٹس اسسٹنٹ کے عہدوںکیلئے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا ۔میٹنگ کے دوران سب انسپکٹر ، کمرشل ٹیکسز ( محکمہ ریاستی ٹیکس ) اسسٹنٹ کمپائلر ( محکمہ خزانہ ) کی پوسٹوں ، ڈپو اسسٹنٹ اور کلاس IV کے ڈویژن /ڈسٹرکٹ کیڈر کی پوسٹوں کیلئے امیدواروں کی روکی ہوئی سفارش کے اجراء سے متعلق ایجنڈے کے مختلف آیٹمز پر غور کیا گیا ۔ کشمیری مائیگرنٹ اور غیر مہاجر کشمیری پنڈتوں کیلئے پیکیج ، پنچائت اکاؤنٹس اسسٹنٹ ( ڈسٹرکٹ کیڈر ) کے عہدے کیلئے امیدواروں کی روکی ہوئی سفارشات کا اجراء اور انہی عہدوں کیلئے امیدواروں کی امیدواری کی منسوخی کو بورڈ کے زیر غور لایا گیا اور مناسب فیصلے کئے گئے ۔ اجلاس کے دوران بورڈ نے سب انسپکٹر کمرشل ٹیکسز کی آسامیوں کیلئے 9 امیدواروں ، اسسٹنٹ کمپائلر کے عہدے کیلئے 11 امیدوار ، ڈپو اسسٹنٹ کے عہدے کیلئے 16 امیدواروں کی سفارشات جاری کرنے کی منظوری دی ۔ میٹنگ میں ایس ایس بی کے ممبران محمد شفیق چک ، نذیر احمد خواجہ ، پریتم لال اتری ، ہرویندر کور ، عاشق حسین للی ،نارائین دت، سی ای او اشوک کمار ، سیکرٹری ایس ایس بی سچن جموال ، اسپیشل سیکرٹری قانون جنگ بہادر کے علاوہ کے متعلقہ عہدیداران نے شرکت کی ۔
بھرتی اداروں کو بھیجی گئی اسامیوں کی منسوخی | بھاجپا رہنمااور سابق وزیرپریہ سیٹھی نالاں
جموں//بھارتیہ جنتاپارٹی کی سینئررہنمااورسابق وزیرپریہ سیٹھی نے جموں کشمیر حکومت کے 31اکتوبر2019سے قبل پبلک سروس کمیشن اوربھرتی بورڈ کو بھیجے گئے اسامیوں کو منسوخ کرنے کے فیصلے کی مخالفت کی ہے ۔ اس سلسلے میں اعلیٰ تعلیم میں اسسٹنٹ پروفیسرٹورازم اینڈٹریول کے خواہشمندوں امیدواروں کے ایک وفد نے یہاں ان سے ملاقات کی اور حالیہ حکومتی حکم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے پریہ پریہ سیٹھی کو بتایا گیا کہ اسسٹنٹ پروفسیرٹورازم اینڈٹرول کی سلیکشن کا عمل جاری تھا اوردسمبر2021کی29اور31تاریخ کوان کا انٹرویوبھی لیاگیااوروہ حتمی فہرست کاانتظار کررہے تھے۔کے این ایس کو موصولہ بیان کے مطابق وفد نے بھاجپا رہنما کو اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی،تاکہ ان کا مستقبل تاریک ہونے سے بچایا جائے۔وفد نے انہیں بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر کو بھی ایک یاداشت پیش کی ہے۔پریہ سیٹھی نے وفد کویقین دلایا کہ وہ لیفٹیننٹ گورنر کے سامنے اس معاملے کو پیش کریں گی تاکہ اس معاملے میں انصاف سے کام لیاجائے۔سابق وزیر نے لیفٹیننٹ گورنرپرزوردیا کہ جموں کشمیر کے نوجوانوں کے ساتھ انصاف کریں۔
ہندوارہ میں محکمہ باغبانی کا جانکاری کیمپ | اخروٹ کی پیداواربڑھانے کیلئے کاشتکار آگے آئیں:ناظم باغبانی
کپوارہ//اشرف چراغ //محکمہ باغبانی نے ہندوارہ سب ڈویژن میں ایک جانکاری کیمپ منعقد کیا جس میں کسانو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔محکمہ کی جانب سے یہ جانکاری کیمپ پرنسپل سیکرٹری محکمہ باغبانی نوین چودھری کی ہدایت پر ہندوستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کی یاد میں’’آزادی کا امرت مہو تسو‘‘کے حصہ کے طور منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ڈائر یکٹر جنرل محکمہ با غبانی اعجاز احمد بٹ نے اخروٹ کی صنعت سے وابستہ کاشتکارو ں کو یقین دلایا کہ اس صنعت کو فرو غ دینے کے لئے محکمہ ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے ہر وقت پیش پیش ر ہے گا ۔ڈائریکٹر جنرل نے کاشتکارو ں سے کہا کہ وہ محکمہ کی مختلف سکیمو ں کا فائدہ اٹھائیں جس میں ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن اسکیم اور اخروٹ لگانے کی سکیمیں شامل ہیں ۔اعجاز احمد بٹ نے محکمہ با غبانی کے ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ کاشتکارو ں کو نئی شروع کی گئی موڈ یفائیڈ ہائی ڈینسٹی سکیم اور نرسری ڈیو لپمنٹ سکیم پر خصوصی توجہ دیں اور محکمہ میں عملائی جارہی سکیمو ں کی تشہیر کریں اور اس کے ساتھ ساتھ باغات کا مسلسل دورہ کریں اور کاشتکارو ں کو جدید تکنیکی معلومات فراہم کریں ۔انہو ں نے کہا کپوارہ ضلع اخروٹ کی پیداوار میں اول مانا جاتا ہے اور یہا ںاس کی پیداوار کو مزید بڑھانے اور اس سے وابستہ کاشتکارو ں کو جانکاری فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ۔ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ باغبانی سے وابستہ لوگ پہلے محکمہ کے ماہرین سے صلح مشورہ کریں اور اس کے بعد دوا ئی پاشی کریں اور جراثیم کش ادویات محکمہ سے ہی حاصل کریں ۔
Contents
کرناٹک میں کشمیری طلاب کی مبینہ پروفائلنگ | انتہائی شرمناک عمل: عمر عبداللہ ؔمتوفی پولیس اہلکاروں کے پسماندگان ماگام میں پوسٹر پھاڑنے کا معاملہ | مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح :آغاحسنڈورو میںAEEجل شکتی کی کرسی خالیفروغ ہنریوجنانفاذکیلئے نگران کمیٹی کی تشکیل کومنظوریگاندربل میں پولیس کے وومنز ہیلپ ڈیسک کاافتتاح | خواتین کے خلاف جرائم کو سنجیدگی سے لیاجائے:ایس ایس پیمین اسٹریم سیاسی جماعتوں کااتحاد ناگزیر: سوز | حدبندی کمیشن مرکزی سرکار کے منشاء کے مطابق کام کررہا ہے دھوپ چھائوں کا کھیل جاری | 19فروری تک موسم خراب رہیگابھرتی بورڈ کی 198 ویں بورڈمیٹنگ میںمختلف امور پرغور کیاگیابھرتی اداروں کو بھیجی گئی اسامیوں کی منسوخی | بھاجپا رہنمااور سابق وزیرپریہ سیٹھی نالاںہندوارہ میں محکمہ باغبانی کا جانکاری کیمپ | اخروٹ کی پیداواربڑھانے کیلئے کاشتکار آگے آئیں:ناظم باغبانی