جانواڑی ،رام بن میںمصوری مقابلہ کا اہتمام
رام بن//عوام میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے اورطلاب میں ہنرکو نکھارنے کے لئے فوج کی جانب سے جانواڑی ،رام بن میں ایک مصوری کا مقابلہ منعقد کیا گیا،جس میں 20طلاب نے شرکت کی۔مقابلہ کا مقصد طلاب کے حوصلہ کو فروغ دینا اور ان میں تقابلی جذبہ پیدا کرنا تھا ۔ مقابلہ میں جواں سال طلاب اور طالبات نے دلچسپی سے شرکت کی۔پروگرام کا اختتام فاتحین میں انعامات کی تقسیم کاری کے ساتھ کیا گیا۔مقابلے میں شرکت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے معقول انعامات دئے گئے۔اساتذہ نے فوج کے اس قدم کی ستائش کی اور کہا کہ اس سے طلاب کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے میں مدد ملے گی۔
سائنس نمائش میں بانہال سکول کی طالبہ اول
محمد تسکین
بانہال // محکمہ تعلیم کے ضلع انسٹی ٹیوٹ برائے تعلیم و تربیت (DIET) بانہال کی طرف سے ڈوڈہ۔ کشتواڑ۔ رام بن رینج کے سکولی بچوں پر مشتمل سائنسی نمائش میں بانہال کے مڈل سکول گنگنہ ، چکناڑواہ کی آٹھویں جماعت کی بچی نے پہلا مقام حاصل کرکے پوری وادی چناب میں پذیرائی حاصل کی ہے ۔ آسیہ شافعی دختر عطا محمد بہورو ساکنہ چکناڑواہ چملواس بانہال نے پیش کئے گئے ماڈل پر اول پوزیشن حاصل کی۔ چودہ سالہ آسیہ شافعی مڈل سکول گنگنہ تعلیمی زون بانہال کی طالبہ ہے اور ماحولیات سے متعلق پیش کئے گئے ماڈل کیلئے اس نے پہلا مقام حاصل کیا ہے اور اس کیلئے اسے محکمہ تعلیم کی طرف سے ریاستی سطح کی سائنس نمائش کیلئے منتخب کیاگیا ہے ۔بانہال کی کئی سماجی اور ادبی تنظیموں نے آسیہ شافعی کو اس کامیابی اور علاقے کا نام روشن کرنے کیلئے اس کی سراہنا کی ہے اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ چناب رینجر کے بچوں کیلئے یہ سائنس نمائش منگل کو اپنے اختتام کو پہنچی۔
سیاسی کارکنان کی این سی میں شمولیت کادعویٰ
رفیع چوہدری
گندو//سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر وسابق وزیر خالد نجیب سہروردی نے ڈوڈہ میں کارکنوںکے ساتھ میٹنگ منعقد کی ۔اس دوارن متعددکارکنوںنے این سی میں شمولیت اختیار کی ۔ خالدسہروردی نے کہا کہ اسمبلی حلقہ ڈوڈہ کے درجنوں گائوں کے لوگ مشکلات سے دو چار ہیں۔ خالد نے کہا کہ سابقہ پی ڈی پی ۔بی جے پی سرکار کے دور میں لوگ بنیادی سہولیات سے محروم رہے او رآج بھی ان کاکوئی پرسان حال نہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہاں کی آبادی دور دراز علاقوں میں رہائش پزیر ہے جسے راشن،پینے کے صاف پانی،بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے مشکلات کا سامنا ہے۔ میٹنگ میں مقامی سطح کے مسائل بھی اٹھائے گئے۔خالد نے گورنر سے مطالبہ کیا کہ حلقہ ڈوڈہ میں لوگوں کے بنیادی مسائل پرتوجہ دی جائے ۔اس موقعہ پرجن لوگوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی اُن میں سنیل کمار ،نعیم اختر،احسان خان،خزان سنگھ،منوج کمار،سنجے کمار،امتیاز احمد،مد ثر ،عمران بٹ،محمد سلیم شامل ہیں۔ میٹنگ میں ضلع صدر این سی یوتھ ڈوڈہ سعید نوید حسین بھی موجود تھے ۔
ڈوڈہ میں پولیس کا عوامی دربار منعقد
ڈوڈہ //پولیس۔عوام کے رشتوں کو مستحکم بنانے کے لئے ایس پی ہیڈ کوارٹرز ڈوڈ ہ ونے کمار کھلر کی قیادت میںموضع سیل بنداس، ڈوڈہ میں ایک عوامی دربار کا اہتمام کیا گیا ۔اجلاس میں موضع سیل بنداس و ملحقہ دیہات کے معززین نے شرکت کی۔اس موقعہ پر متعدد مطالبات پیش کئے گئے جن میںوی ڈی سی ممبران کو مشاہرہ ادا کرنا ، موضع کی ڈسپنسری میں نیم طبی عملے کی قلت کو دور کرنا،گورنمنٹ مڈل سکول سین بنداس میں عملے کی تعیناتی، موضع میں سولر لائٹس نصب کرنا شامل ہے ۔ ایس پی آپریشن نے مقامی لوگوں کویقین دلایا کہ اْن کی طرف سے اجاگر کئے گئے مسائل اور مطالبات کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لا کر حل کروانے کی کوشش کی جائے گی جبکہ پولیس سے تعلق رکھنے والی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ ہوگا۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ منشیات ،غیر قانونی شراب، جنگلی جڑی بوٹیوں اور لکڑی کی سمگلنگ جیسے جرائم پر قابو پایا جا سکے اور جرائم سے پاک معاشرہ کی تعمیر ممکن ہو سکے۔اُنہوں نے مشتبہ افرادکی حرکات پر نظر رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو خواتین کے خلاف تشدد کے خلاف بھی آواز اٹھانی چاہئے ۔انہوں نے علاقے میں امن و امان قائم رکھنے پر زور دیا ۔عوامی دربار ایس ایس پی شبیر احمد ملک کی ہدایت پر منعقد کیا گیا۔
رام بن میں ڈرائیونگ کے مقابلے کا اہتمام
رام بن //ضلع کے دارالعلوم فاروقیہ مدرسہ ، بزلہ میں فوج کی جانب سے ڈرائیونگ مقابلہ کا اہتمام کیا گیا ،جس میں مدرسہ کے بچوں کی کافی تعداد نے شرکت کی۔پروگرام کے اختتام پر مقابلہ کے فاتحین کی عزت افزائی کی گئی۔مقابلہ کا مقصد بچوں کواپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے موقعہ فراہم کرناتھا ۔اس پروگرام کے اہتمام پر فوج کی سراہنا کی گئی ۔
تمباکو نوشی کیخلاف توسیعی خطبہ
کشتواڑ//مقامی آبادی کو تمباکو نوشی کی بدعت اور انسانی جسم پر اسکے مُضر اثرات سے باخبر کرنے کیلئے فوج کی جانب سے چیر جی ،کشتواڑ میں ایک توسیعی خطبہ کا اہتمام کیا گیا ۔لیکچر کا مقصد عوام کو تمباکو نوشی کے مُضر اثرات سے باخبر کرنا تھا۔لیکچر کے دوران مقامی لوگوں ،خصوصاً نوجوانوں کو تمباکو نوشی اور صحت پر اسکے مُضر اثرات ۔متعدد علامتوں ، اور علاج کی جانکاری دی گئی۔مقامی لوگوں کو بتایا گیا کہ تمباکو نوشی ہمارے ملک میں پنپنے والی بیماریوں اورکینسر کی سب سے بڑی وجہ ہے۔لیکچرکے دوران بتایا گیا کہ تمباکو نوشی سے آنکھ کی بینائی کمزور ہوتی ہے اوراس سے سانس لینے کا نظام اور ہاضمہ متاثر ہوتاہے ۔پروگرام سے لوگوں کو روز مرہ کی زندگی میں صحت اور حفظان صحت میں سدھار لانے میں مدد ملے گی۔مقامی آبادی نے فوج کی جانب سے اس پروگرام کے انعقاد پر سراہنا کی ۔
پنچایت بر شولہ Bمیں مبینہ دھاندلیوں کے الزامات کی تردید
نصیر احمد کھوڑا
ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ کے دیہی ترقی بلاک گندنہ کی پنچایت بر شولہ Bمیں مبینہ دھاندلیوں اور خرد برد کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مذکورہ پنچایت کے لوگوں و ممبران نے وضاحت پیش کی ہے۔ڈوڈہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پنچایت سے آئے مزدوروں نے کہا کہ دھاندلی اور خرد برد کے الزامات من گھڑت ،بے بنیا د اور شرپسندوں کی کار ستانی ہے اور اس وجہ سے پنچایت کی تعمیر و ترقی رک گئی ہے اور مزدور طبقہ پریشان ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ و محکمہ دیہی ترقی سے بھی اس سلسلہ میں ملاقات کر کے وضاحت دیں گے۔
متعدد سیاسی کارکنوں کا پی ڈی پی میںشمولیت کادعویٰ
کشتواڑ//اندروال حلقہ کا گوجر طبقہ ہمیشہ سے ہی استحصال کا شکار رہا ہے۔ ان باتوں کا اظہا رکرتے ہوئے پی ڈی پی کے ضلع صدر شیخ ناصر حسین نے موضع انگاڑا سرتھل میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے طبقہ کی جامع ترقی کے لئے توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ گوجر طبقہ ریاست کا ایک اہم طبقہ ہے اور ریاست کی معاشی اور تمدنی حالت میں اس کا اہم رول ہے لیکن بد قسمتی سے اسے اس کا حق نہیں دیاگیا۔انہوں نے کہا کہ طبقہ کا استحصال کرکے ان کو بطور ووٹ بینک استعمال کیا گیا ۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس پارٹیوںپر طبقہ کو فراموش کرنے کا مبینہ الزام لگایا۔انہوں نے علاقہ میں ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی تحقیقات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔اس سے قبل علاقہ کے لوگوں خصوصاً گوجر طبقہ نے ناصر کا استقبال کیا۔اس دوران کئی کارکنان نے پی ڈی پی میں شمولیت کا اعلان کیا جن میں ارشاد احمد، بشیر احمد، حبیب گوجر، غلام حسین ،لیاقت علی، بیر سنگھ ، نور محمد ،غنی گوجر، غلام حسین ، ذاکر حسین ، محمد اسلم ، نور حسین اور شبیر احمد قابل ذکر ہیں۔
گوجر بکروال کانفرنس کا ملزم کو بچانے کا الزام
ایم ایم پرویز
رام بن //اگرچہ کمسن گوجر لڑکی سے دست درازی کے ملزم کو پولیس نے احتجاج کے بعد گرفتار کیاہے تاہم آل جموں و کشمیر گوجر بکروال کانفرنس اور متاثرہ کے والد نے بدھ کے روز الزام لگایا کہ پولیس اس واقعہ میں اہم ملزم ،جس کی ایف آئی آر میں شناخت بھی کی گئی ہے ،کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس مبینہ ملزم کو گرفتار کرنے کے بجائے بعض امن کمیٹیوں کا سہارا لے کر مجرموں کو بچا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقہ میں کوئی امن و قانون کا مسئلہ نہیں او ر علاقہ کے سرپنچوں او رپنچوں کو پولیس اسٹیشن رام سو بلا کر اس وحشیانہ جرم میں ملوث مبینہ ملزم کو بچا رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس بعض سیاست دانوں کے ایما پر کام کر کے ملزمو ں کوبچا رہی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ طبقہ کی جانب سے رام سو اور رام بن میں احتجاج منعقد کرنے کے بعد رام سوپولیس نے امن کمیٹی کے بعض مقامی لوگوں کو رام سوپولیس اسٹیشن طلب کیا ہے۔
ڈوڈہ میں ہندو مسلم سکھ اتحاد کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام
ڈوڈہ // ڈوڈہ میں ایک غیر سرکاری ا نجمن ڈائمنڈ یوتھ کلب گھٹ کی جانب سے منعقدہ ہندو مسلم سکھ اتحاد کرکٹ ٹورنامنٹ 2019کے تحت بدھ کے روز کشتواڑ بنام ہاشمی الیون میچ کھیلا گیا۔کشتواڑ نے ٹاس جیت کر بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور20اووروں میں ہاشمی الیون کے لئے 117رنوں کا ہدف دیا، جسے ہاشمی الیون نے11.4 اووروں میں فقط 4کھلاڑیوںکے آوٹ ہونے پر حاصل کیا۔ عمران نے بغیر آوٹ ہوئے 38رن بنائے اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ٹورنامنٹ میں مہمان خصوصی عرفی مجید وانی اور مدثر حسین وانی اور آرگنائزنگ باڈی نجیب الرحمن وانی اور یاسر کرائپاک بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
ڈوڈہ میونسپل کمیٹی کے عہدیداروں کی حلف برداری
ڈوڈہ// ٹاؤن ہال ڈوڈہ میں ایک تقریب کے دوران میونسپل کمیٹی ڈوڈہ کے منتخب صدر ونائب صدور نے عہدے و رازداری کا حلف لیا۔ میونسپل کمیٹی ڈوڈہ کیلئے 10اکتوبر 2018 کو پولنگ ہوئی تھی جبکہ20؍ اکتوبر کو نتائج کااعلان ہوا تھا۔ ان نتائج میں کانگریس ، بی جے پی نے تین تین وارڈوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ17 میں سے11وارڈوں سے آزاد امیدوارکامیاب ہوئے جس کے بعد فاتح آزاد کونسلروں نے وید پرکاش گپتا اور مظہر الحق منشی کو بطور صدر ونائب صدر منتخب کیا۔ حلف وفاداری کی تقریب میں نو منتخب کونسلروں معزز شہریوں سابق صدور سماجی کارکنان وسیول سوسائٹی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ اے ڈی سی ڈوڈہ نے نو منتخب صدر وید پرکاش ونائب صدر مظہر الحق منشی کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا ۔تقریب سے سابق وزیرداخلہ خالد نجیب سہروردی نے بھی خطاب کیا اور نئے منتخب صدور ونائب صدر کو مبارکباد پیش کی۔
ڈوڈہ انتظامیہ کا بھیلہ میں شکایت ازالہ کیمپ
گرلز ہوسٹل کا معائینہ، سی ایف سی ہال کا افتتاح
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ//ضلع انتظامیہ ڈوڈہ کی جانب سے بھیلہ کے مقام پرعوامی شکایت ازالہ کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر انشل گارگ نے کی۔ اس کیمپ میں مقامی پنچ سرپنچ اور بھاری تعدادمیں بھیلہ، پنشئی، چگسو، پنیجہ، چراہلہ اور ملحقہ علاقوںکے شہری موجود تھے جنہوں نے اپنے مطالبات انتظامیہ کے روبرو رکھے۔ لوگوں نے مطالبہ کیا کہ رابطہ سڑکوں کی مرمت کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر بلیک ٹاپ بچھایاجائے اور بجلی اور پانی کی سپلائی کے نظام میں سدھار لایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ طبی سہولیات کی فراہمی اوراسکولوں کے اپ گریڈیشن کے مسائل حل کئے جائیں اور محکمہ زراعت کی سرگرمیوں میں سرعت لائی جائے۔ ڈی ڈی سی موصوف نے موقع پر ہی متعلقہ محکمہ کے افسران کو لوگوں کی شکایات دور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے دور دراز علاقہ جات میں وقفہ وقفہ سے بیداری کیمپ منعقد کرنے کا حکم دیا تا کہ لوگوں کو ان اسکیموں کے فوائد سے روشناس کروایا جائے جو ابھی تک ان کی پہنچ سے دور رہی ہیں۔ ڈی ڈی سی نے ووٹر لسٹوں کی نظر ثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یکم جنوری 2019کو 18برس کی عمر کو پہنچنے والے تمام نوجوانوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہئے ۔ انہوں نے بھیلہ میں محکمہ باغبانی کی طرف سے منعقدہ کسان میلہ کا افتتاح کیا جس میں سینکڑوں کسانوں نے شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے گرلز ہوسٹل عمارت بھیلہ کامعائینہ کیا اور سی ایف سی کم ٹریننگ ہال کا افتتاح کیا۔ ایس ڈی ایم ٹھاٹھری ورون جیت چاڑک، سی پی او پرشوتم کمار، بی ڈی او محمد رفیع نائیک اور دیگران بھی موجود تھے۔
پولیس کا لاپتہ لڑکی کو بازیاب کرنے کا دعویٰ
زاہد ملک
ریاسی //پولیس نے ضلع سے لاپتہ ہوئی ایک لڑکی کو باز یاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق مذکورہ لڑکی پرگیا گوئل دختر اجے گوئل ساکنہ پالو پورم فیض روڑکی روڈ مودی پورہ ،میرٹ ،یو پی عمر 20سال گذشتہ روز مورخہ 26.02018 و بان گنگا سے لاپتہ ہوئی تھی جس پر مذکورہ لڑکی کے والد نے بان گنگا پولیس پوسٹ میں ایک شکایت درج کی۔اے ایس پی /ایس ڈی پی او کٹرہ نے لڑکی کی تلاش کیلئے ایس آئی اجے کمار انگوترہ ہیڈ کانسٹبل راکیش کمار اور ایس پی او گورو شرماکی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ، جس نے میرٹھ جا کر رشتہ داروں وغیرہ سے جانکاری حاصل کی اور آخر کار لڑکی کو 15.09.2018کو امرتسر، پنجاب سے بازیاب کیا گیا ۔لڑکی کے والد نے لڑکی کو گھر لیکر کٹرہ پولیس کو مطلع کیا کہ وہ لڑکی کو کٹر ہ پولیس کے پاس پیش کرنا چاہتا ہے۔تین مہینوں کے بعد لڑکی کے والد نے لڑکی کو کٹرہ پولیس کے سامنے پیش کیا۔