مینڈھرمیں ایس ایس پی کاعوام کے ساتھ اجلاس
منیشات کاکاروباربندکرانے اورمسائل کاازالہ کرانے کامطالبہ کیا
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے پولیس سٹیشن مینڈھر میں ایک عوامی میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں پولیس و دیگران افسران بشمول ایڈیشنل ایس پی پونچھ راجا عادل ،ایس ڈی پی او مینڈھر نیرج کمار پڈیال و غیرہ کے علاوہ سماج کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ مینڈھر میں آپسی بھائی چارہ اور امن ہمیشہ قائم رہا جبکہ سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ایس ایس پی پونچھ کے سامنے مختلف عوامی مسائل اُجاگر کئے ۔ان کا کہنا تھا کہ عوام اور پولیس کے آپسی تال میل سے ہی یہاں ہمیشہ امن و امان کی فضابرقرار رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ مینڈھر کے اندر بجلی پانی اور سڑکوں کی خالت خستہ ہے جبکہ سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں کوئی بھی ماہرڈاکٹر موجود نہیں ہے جس سے لوگوں کو کئی قسم کی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگ امن پسند ہیں ۔انھوں نے مزید کہا کہ چھوٹے موٹے معاملات ہوتے رہتے ہیں جن کیلئے پولیس عوامی نمائندگان کی رائے پر کیس درج کرے لیکن اس سے پہلے مکمل طور پر تحقیقات کی جائے ۔مقررین نے مزید کہا کہ مینڈھر کے اندر شراب پر مکمل پابندی لگی ہے اور گذشتہ کئی سالوں سے شراب کی دکانوں کو بند کر دیا گیا ہے لیکن اس وقت شراب کا دھندہ چوری چوری زروں پر ہے جس پر کنٹرول کرنا ضروری ہے تاکہ یہاں کے حالات بہتر رہیں۔انھوں نے کہا کہ مینڈھر کے اندر پارکنگ کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جبکہ بائی پاس سڑک بھی اس وقت تک تیار نہیں ہوئی ہے اوراس معاملہ کو اعلی احکام کے ساتھ اٹھانے کی ضرورت ہے۔اس موقعہ پر ایس ایس پی پونچھ نے تمام مقررین کی باتوں کو سننے کے بعد کہا کہ عوام کے تمام مسائل جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں پر سابقہ ایس ایس پی نے کام کو ادھورا چھوڑا ہے وہاں سے شروع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح پولیس اور عوام کے درمیان تال میل کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ میری مینڈھر میں پہلی رابطہ میٹنگ ہے انھوں نے تمام لوگوں کو اعتماد دیتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر پولیس ہمیشہ عوام کے ساتھ مل جل کر حل نکالنے کی کوشش کرتی رہی اور ہماری کوشش جاری رہے گی ان کا کہنا تھا کہ امن بھائی چارہ قائم رکھا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ نشیلی ادویات پر کنٹرول پوری طرح کیا جائے گا لیکن آپ لوگوں کو ہمارا ساتھ دینا ہو گا جبکہ شراب پر بھی پوری پابندی لگائی جائے گی لیکن آپ لوگوں کو بھی خیال رکھنا ہو گا اور پولیس کا ساتھ دینا ہو گا۔اس موقعہ پر پولیس افسران کے علاوہ بولنے والوں میں سردار مجید احمد خان،سردار ممتاز احمد خان،مولانا محمد سلطان نقشبندی،مولانا فتح محمد،مولانا حق نواز خان،زاہدہ چوہدری،محمد صادق چوہدری،شارق خان،فروز دین،چوہدری میر محمد،سبھاش چندر شرما،پروین کمار ساہنی،شوکت چوہدری،خالد چوہان،حبیب اللہ خان،عبد المجید چوہدری،ماسٹر نذیر حسین شاہ،ابراہیم چوہدری کے علاوہ کئی سرپنچ ،پنچ اور معززین مینڈھر موجود تھے۔اس دوران نظامت کے فرائض ایڈوکیٹ اخلاق چوہان نے انجام دئیے۔
مینڈھرکے کانگریس کارکنان کاوفدڈاکٹرشکیل خان سے ملاقی
اسمبلی حلقہ کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال ،پارٹی کومضبوط کرنے پرزور
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//اسمبلی حلقہ مینڈھر سے تعلق رکھنے والا کانگریس کارکنان کے ایک وفدنے اے آئی سی سی کی رکن پروین سرور خان کی قیادت میںدلی سے آئے ہوئے پارٹی لیڈرڈاکٹر شکیل خان سے ملاقات کی۔اس دوران وفدنے ان سے جموں میں ملاقی ہوا۔ اس دوران وفد نے اسمبلی حلقہ مینڈھر کے حالات کے بارے جانکاری دی۔ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی حلقہ مینڈھر تعمیراتی کاموں میں بہت پچھڑاہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ مینڈھر اسمبلی حلقے کی طرف توجہ دی جائے کیونکہ انتخابات آنے والے ہیں اس لئے زیادہ توجہ مینڈھر کی طرف دی جائے تاکہ آنے والے انتخابات میں کانگریس امیدوار شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوسکے۔اس موقعہ پر پروین سرور خان نے مینڈھرکی سیاسی صورتحال کے بارے میںتفصیلی جانکاری دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کانگریس زمینی سطح پر آگے بڑھ رہی ہے اور لوگ دن رات کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں اور ہماری کوشش رہے گی کہ زیادہ سے زیادہ لوگ کانگریس میں شامل ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ کانگریس کے اعلی کارکنان بھی اسمبلی حلقہ مینڈھر کی طرف دھیان دیں اس دوران ڈاکٹرشکیل خان نے تمام باتوں کو سننے کے بعد انھیں یقین دلایا کہ آپ کے علاقے کی طرف یقینی طور توجہ دی جائے گی لیکن آپ لوگوں کو پارٹی کیلئے زمینی سطح پر کام کرنا ہو گا تاکہ پارٹی آنے والے انتخابات میں بہتر ثابت ہو۔ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگ دن رات پارٹی کیلئے کام کرو کیونکہ الیکشن بہت جلد آنے والے ہیں جس کیلئے آپ کو تیار رہنا ہو گا اور محنت سے کام کرنا ہو گا۔اس موقعہ پر راجہ وسیم احمد خان،حاجی امتیاز خان،ظہیر خان،ہمایوں سرور خان،حاجی خورشید میر،حاجی محمد حفیظ خان کے علاوہ کئی لوگ وفد میں شامل تھے۔
حامدہاشمی نیشنل یوتھ آئیکن 2019 ایوارڈکیلئے نامزد
پونچھ//پونچھ کے نوجوان ہرشعبے میںاپنی علمی صلاحیتوں کالوہامنوارہے ہیں ۔ایساکوئی بھی شعبہ نہیں ہے جس میںپونچھ کے نوجوان اپنانام درج نہ کروارہے ہوں۔ اس سلسلے میں پونچھ کی تحصیل مینڈھرسے تعلق رکھنے والے لاء سکول جموں یونیورسٹی کے طالب علم حامدہاشمی کانام اہمیت کاحامل ہے ۔گزشتہ روز نیشنل یوتھ آئیکن 2019 کااعلان نئی دہلی میں کیاگیاجس میں مختلف ریاستوں کے9 نوجوانوں کویوتھ آئیکن 2019 کے اعزازکیلئے نامزدکیاگیااورحامدہاشمی جموں وکشمیرسے تعلق رکھنے والے نوجوان ہیں جنھیں یوتھ آئیکن کے اعزازسے 21فروری 2019 کونوازاجائے گا۔واضح رہے کہ ہندوستان کی 29 ریاستوں کے 736 اُمیدواروں نے سماجی اورہمہ جہت خدمات کے سلسلے میں اعزازکیلئے درخواستیں دائرکی گئی تھیں جنھیں اعلیٰ سطح پرسکریننگ کی گئی اورآخرمیں 40 اُمیدواروں میں سے 9 کاانتخاب عمل میں لایاگیاجن میں پونچھ کے علاقہ مینڈھرنڑول سے تعلق رکھنے والے حامدہاشمی بھی اپنانام درج کرانے میں کامیاب رہے۔حامدہاشمی فی الوقت جموں یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری کررہے ہیں۔
پونچھ میںجموں و کشمیر انصاف مومنٹ کااجلاس منعقد
سیلاب 2014کے متاثرین کومعاوضہ نہ ملنے پراظہاربرہمی
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گاؤں چنڈک بیلہ میںجموں و کشمیر انصاف مؤمنٹ کا ایک اجلاس چنڈک بیلامیں منعقدہواجس کی صدارت تنظیم کے چیئرمین جاوید اقبال ریشی نے کی۔اس دوران اجلاس میں درجنوں کی تعداد میں مقامی لوگوں نے شمولیت کی۔ اس موقعہ پر مقامی لوگوں بشمول مولوی محمد تاج، فوجی محمد حنیف، محمد اکبر و دیگران نے حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سیلاب 2014 میں لوگوں کا جو نقصان ہوا تھا اس پر لوگوں کو معمولی بھی اجرت دینے میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار کے اسی ہزار کروڑ روپے کی واگزاری کے باوجود کلائی-چنڈک کے دریا کو واپس اپنی جگہ پر نہیں لے جایا گیا جس کی وجہ سے لوگ حکومت اورمقامی سیاستدانوں سے مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سے کئی لوگوں کے مکانات اس سیلاب کی زد میں بہہ گئے تھے جنہیں اس وقت تک معاوضہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے لوگوں کو پانچ پانچ مرلے پلاٹ دینے کا بھی وعدہ کیا تھا جو اس وقت تک نہیں ملے جبکہ معمولی بارش کے وقت بھی انکو انتظامیہ کی طرف سے نوٹس جاری کر دیئے جاتے ہیں کہ مکانات کو خالی کیا جائے۔ ایسے میں وہ کہاں جائیں اس کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا۔جاویدریشی نے کہاکہ مسائل کو ریاستی انتظامیہ تک پہنچا کر ان کاازالہ کرانے کیلئے جدوجہدکی جائے گی۔میٹنگ کاانعقادچوہدری محمد شریف کوہلی کے تعاون سے کیاگیاجس میں انصاف مؤمنٹ کے کارگزار جنرل سیکریٹری تنویر احمد، ایڈوکیٹ شاداب شاہ، معروف چوہان بھی موجود تھے۔
جھنگڑمیں عوامی مسائل ازالہ کیمپ منعقد
رمیش کیسر
نوشہرہ//ایڈیشنل ڈی سی نوشہرہ نے سرحدی گائوں جھنگھڑ میں عوامی مسائل ازالہ کیمپ کااہتمام کرکے لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔اس دوران مقامی لوگوں نے اپنے مسائل کے بارے میں انتظامیہ کوجانکاری دی ۔کیمپ کے دوران 7 ا ے ایل سی سرٹیفکیٹ، 4 ایس سی سرٹیفکیٹ ،و 5 ریاستی باشندہ سرٹیفکیٹ موقعہ پرجاری کیے گئے اورعوامی مسائل کے ازالہ کی یقین دہانی کروائی گئی۔
بدعنوانی کے خلاف اورمودی کی حمایت میں ووٹ دیں :وبودھ
راجوری//سینئربی جے پی لیڈراورایم ایل سی وبودھ گپتانے ڈاک بنگلوراجوری میں منعقدہ میٹنگ کے دوران منڈل صدور،سینئرپارٹی لیڈران اوردفتری عہدیدران سے خطاب کیا۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پرزوردیاکہ وہ آئندہ انتخابات کیلئے تیاری کریں ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی آنے والے انتخابات میں سب سے بڑی جماعت کے طورپراُبھرے گی۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی عوام کی پہلی پسندہے اوربی جے پی نے عوام کی بہبودکیلئے جوکام کیاہے وہ پچھلے ستربرسوں میں ملک میں رہنے والی کسی حکومت نے نہیں کروائے ہیں۔وبودھ گپتانے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی کانظریہ تعمیروترقی اورملک کوعظیم بلندیوں پرپہنچاناہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کرپشن اوراقرباپروری کے خاتمے کیلئے بی جے پی کوووٹ دیں۔انہوں نے مرکزی حکومت کی طرف سے ملک کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی سراہناکی۔اس موقعہ پر ضلع صدردنیش شرمانے بھی خیالات کااظہارکیا۔اس دوران میٹنگ میں دنیش شرما،بھارت بھوشن وید،آتم گپتا، دربارچوہدری،کمل گپتا، کمل بخشی ، اشونی کوچھر، طالب میر، آصف چوہدری،سنجے دت ،کیول شرما، انجوکھلر، ریکھاشرما، سنجے شرما ،زاہداحمد،رنجیت تارا، راکیش رینہ ،اعظیم احمد، بودھ راج ،اشوک کمار، راجہ رتن ودیگران بھی موجودتھے۔
مینڈھرمیں طلباء تربیتی کورس کااہتمام
مینڈھر//فوج کی جانب سے طلباء کیلئے سکل ڈیولپمنٹ کاتربیتی کورس کااہتمام کیاگیاجس کے تحت طلباء کوالیکٹریشن اوروائرنگ کی تربیت دی جائے گی۔ یہ کورس 7 جنوری سے شروع ہوکر18 مارچ تک جاری رہے گا۔سکل ڈیولپمنٹ کورس کامقصد طلباء کوباہنربناناہے تاکہ وہ مستقبل میں اپنے پائوں پرکھڑے ہوکرروزگارکمانے کے قابل بن سکیں۔کورس کے دوران طلباء کوالیکٹرک سامان کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی اوراحتیاطی تدابیرکے بارے میں بھی بتایاگیا۔ ماہرین نے بتایاکہ ریاستی اورمرکزی حکومت کی طرف سے نوجوانوں کے ہنرکونکھارنے کیلئے مختلف سکیمیں چلائی جارہی ہیں جن سے نوجوانوں کومستفیدہوکراپنامستقبل خوشحال بناناچاہیئے۔
موٹرسائیکل متصادم،چارزخمی ،2جموں منتقل
راجوری//سندربنی کے باجابائیں گائوں میں دوموٹرسائیکلوں کی آپسی ٹکرکے نتیجے میں چارافرادزخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بابابائین سندربنی میں پٹرول پمپ کے نزدیک موٹرسائیکلوں کی آپسی ٹکرہوئی جس کے نتیجے میں چارموٹرسائیکل سوارزخمی ہوا۔یہ حادثہ شام پونے چھ بجے پیش آیا،زخمی ہونے والے افرادکی شناخت ونودکمارولد جیت کمارساکن تھچکہ ، شاردادیوی زوجہ ونودکمار ساکن تھچکا ،ہرنیش کمارولد پون کمارساکن مڈل کانگڑی سندربنی اورراج سنگھ ولد گوارچن سنگھ ساکن تھیری چک سندربنی کے طورپرہوئی ہے۔تمام زخمیوں کوسب ضلع ہسپتال سندربنی پہنچایاگیاجہاں سے ہرنیش کماراورراج سنگھ کوجموں میڈیکل کالج ریفرکردیا۔
لاپتہ خاتون پراسرارحالت میں جنگلات سے بازیاب
سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے نڑیالہ گائوں سے لاپتہ ہوئی ایک خاتون کوپراسرارحالت میں چٹیاری گائوں کے جنگلات میں پانے کے بعدپولیس نے تحقیقات کوتیزکردیاہے۔تفصیلات کے مطابق نڑیالہ گائوں کی ایک خاتون کی گمشدگی رپورٹ اس کے افرادخانہ نے چنگس چٹیاری پولیس پوسٹ میں کروائی تھی اوربتایاتھاکہ ان کی بہوشاہین اخترزوجہ محمداشتیاق گزشتہ سوموارشام سے لاپتہ ہے ۔پولیس نے گمشدگی رپورٹ درج کرکے بعدتلاش شروع کردی تھی اوربدھ کی دوپہرلاپتہ خاتون کوچٹیاری گائوں کے جنگلات سے پراسرارحالت میں پایا۔اس کے بعداسے ضلع ہسپتال پہنچایاگیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ پراسرارطورپربرآمدہوئی لاپتہ خاتون کاعلاج ضلع ہسپتال میں چل رہاہے تاہم ابھی تک اس نے اپنابیان نہیں دیاہے اورپولیس تحقیقات میں مصروف ہے۔
قومی یوم صارفین کے سلسلہ میں کنڈی میں بیداری کیمپ
کوٹرنکہ// سب ضلع کوٹرنکہ کے ہائر سکینڈری سکول کنڈی میںقومی یوم صارفین کے سلسلہ میں ایک بیداری کیمپ کاانعقادکیاجس میں فاروق انقلابی نے پردھان منتری اجالا اسکیم کے بارے طلبہ و عوام کو جانکاری دی۔ فاروق انقلابی نے کہاکہ جنگلات کو بچانے کے لئے پردھان منتری اجالا اسکیم کے تحت دئے جارہے گیس سلینڈر کو استعمال میں لا کر اپنے زندگی کوخوشحال بناناچاہیئے۔انہوں نے کہاکہ گیس سلینڈروں کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی کم ہوگی اورجنگلات بھی محفوظ رہیں گے۔ فاروق انقلابی نے ہائر سکینڈری سکول کنڈی کیلئے دو سلینڈر گیس اور ساتھ میں چولہا دیا۔