مزید خبریں

 
 

رائے پور دومانہ میں کانگریس کا یک روزہ کنونشن 

پارٹی ریاست کے تینوں خطوں میں واحد متبادل :لیڈران 

یٰسین جنجوعہ 
جموں //پردیش کا نگریس کمیٹی کی طرف سے رائے پور دومانہ علا قہ میں کنونشن کا اہتمام کیا گیا جس میں متعدد لیڈران و کارکنوں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر پارٹی لیڈران نے کہا کہ بھاجپا کی ہر محاذ پر ناکامی پر سے کانگریس ریاست کے تینوں خطوں میں واحد متبادل کے طور پر سامنے آچکی ہے ۔اپنے خطاب میں پردیش کا نگریس کمیٹی کے ریاستی نائب صدر مولہ رام نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ حکومت عوام کو بنیادی سہو لیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو ئی جس کی وجہ سے اس وقت عوام متعدد مسائل میں مبتلا ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا نے ملک کے جمہوری نظام کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا اور اپنے ذاتی مفاد کیلئے عوام کو تقسیم کرنے کی پالیسی کا اپنایا ۔انہوں نے مزید کہاکہ پی ڈی پی اور بھا جپا کی سابقہ حکومت نے ریاستی عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ۔پارٹی سنیئر لیڈر نے کہاکہ بھاجپا نے صوبہ جموں کی عوام سے تعمیر وترقی اور پی ڈی پی کو اقتدار سے الگ رکھنے کے نام پر ووٹ حاصل کئے تھے لیکن بعد میں ن دونوں سیاسی پارٹیوں نے مخلوط حکومت بناکر اپنے مفاد حاصل کر نے کیلئے عوام کو نظرانداز کیا ۔انہوں نے کہا اس وقت ریاست میں عوام کے پاس کانگریس پارٹی واحد متبادل کے طور پر سامنے ہے جبکہ پارٹی کارکنوں کو چائیے کہ وہ پارٹی کی مضبوطی اور بھاجپا کی عوام دشمن پالیسیوں کے بارے میں عوام کو بیدار کرنے کی کوشش کریں ۔اپنے خطاب میں پارٹی سنیئر لیڈر رمن بھلہ نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا نے ریاستی عوام کے جذبات کیساتھ کھلواڑ کیا ۔انہوں نے کہاکہ اب یہ دونوں سیاسی پارٹیاں زمینی سطح پر اپنا وقار کھو چکی ہیں ۔موصوف نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے اس سے قبل ریاستی و ملکی تعمیرو ترقی میں ایک اہم رول ادا کیاہے جبکہ آئندہ بھی عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام جاری رکھے جاینگے ۔اس کنونشن سے پارٹی سنیئر لیڈر آر ایس چپ ،رویندر شرما و دیگر لیڈران نے بھی خطاب کیا ۔
 
 

بھاجپا نے تعمیروترقی میں سرحد ی علا قوںکو نظر انداز کیا :این سی 

آر ایس پورہ //نیشنل کا نفر نس نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اقتدار میں آنے کے بعد سرحد ی علا قوں کی تعمیر و ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے عوام پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔آرایس پورہ میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ریاستی سیکر یٹری اور سابقہ ایم ایل سی رتن لعل گپتا نے کہا کہ بھاجپا نے 2014کے انتخابات میں سرحدی علا قوں کی تعمیر و ترقی کے علاوہ فائر نگ سے متاثر ہو نے والے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن مرکزی اور ریاست میں اقتدار میں آنے کے بعد بھاجپا قیادت نے ان علا قوں کی عوام کو درپیش مسائل کی طرف کوئی توجہ ہی نہیں دی ۔انہوں نے کہاکہ 2009سے ریاستی اقتدار میں نیشنل کا نفرنس کی قیادت والی حکومت نے سرحدی علا قوں کیساتھ ساتھ دیہی علا قوں کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کرتے ہوئے کئی ایک تعمیر اتی پروجیکٹوں کو شروع کیا لیکن پی ڈی پی اور بھا جپا نے اقتدار میں آنے کے بعد ان پروجیکٹوں کو مکمل کر نے میں کوئی دلچسپی ظاہر ہی نہیں کی ۔این سی لیڈر نے کہا کہ نیشنل کا نفرنس حکومت کے دوران میں سرحدی علا قوں کی عوام پر خصوصی توجہ دی گئی لیکن پی ڈی پی اور بھاجپا نے اقتدار میں آنے کے بعد عوام کو ذاتوں اور فرقوں میں تقسیم کر کے اپنا سیاسی مفاد حاصل کر نے کی کوششیں کیں جس کی وجہ سے اس وقت ریاستی عوام تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کر تے ہوئے کہاکہ وہ آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی کی مضبوطی کیلئے زمینی سطح پر کام کیا جائے ۔اس اجلاس میں وجے لوچن ،عبدالغنی تیلی ،درشن سنگھ ،دلجیت شرما ،کلدیپ سنگھ و دیگران بھی موجو د تھے ۔
 
 

آیوشمان بھارت کے تحت رجسٹریشن 

 چھنی میں تیسرے دن بھی کیمپ جاری رہا 

جموں //مرکزی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی اسکیم آیوشمان بھارت کی رجسٹریشن کیلئے چھنی میں لگایا گیا کیمپ تیسرے دن بھی جاری رہا ۔مقامی کونسلر کی قیادت میں منعقدہ اس کیمپ کے دوران 106افراد کی رجسٹریشن عمل میں لائی گئی ۔ چھنی کے وارڈ نمبر 50 میں کیمپ لگائے گئے اس کیمپ میں ایڈوکیٹ ایشانت گپتا اور بھاجپا لیڈر راجندر مہتہ کی طرف سے رجسٹریشن عمل میں لائی گئی ۔رجسٹریشن کے عملے دوران کونسلر نینا گپتا نے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیم ’آیو شمان بھارت ‘کے سلسلہ میں مقامی لوگوں کو تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے کہاکہ اس سکیم کے علا وہ مرکزی حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اسکیموں کو شروع کیا ہوا ہے جس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ 
 
 

نیشنل یوتھ ڈے پر تقریب کا اہتمام 

جموں //رام کرشن مشن و دیگر سکولوں کی جانب سے ’نیشنل یوتھ ڈے ‘کے موقعہ پر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران سوامی وویکا نند کی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔اُدھے والا جموں میں منعقد ہ اس تقریب میں ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔اس تقریب کے دوران مقررین نے سوامی وویکا نند کی حالات زندگی اور ان کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ سوامی وویکا انند کی تعلیمات پر عمل پیرہ ہو تے ہوئے ملکی تعمیر وترقی میں پنا رول ادا کریں ۔اس موقعہ پر سکولی بچوں کی جانب سے تمدنی و ثقافتی پروگرام ،ڈرامے اور سمپوزیم کا اہتمام بھی کیا گیا ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر جموں نے کہا کہ سوامی وویکا انند نے ہر ایک شعبہ میں نوجوانوں نسل کو شعور پید ا کرنے کیلئے لا جوا ب کارنامے انجام دئیے ہیں ۔انہوں نے سوامی وویکا انند کے فلسفے کی موجودہ دور میں ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی وہ ان کی تعلیمات سے استفادہ کریں ۔
 

کلچرل اکیڈمی نے لوہڑی کا تہوار منایا 

جموں //جموں وکشمیر کلچرل اکیڈمی کے سب آفس کٹھوعہ کی جانب سے لوہڑی کے تہوار کی مناسبت سے سانبہ قلعہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سانبہ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علا وہ ایس ایس پی سانبہ و دیگر اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے ۔تقریب کے دوران ڈوگری تمدن و ثقافت پر روشنی ڈالنے کے علا وہ ڈوگری لوک گیت بھی پیش کئے گئے او ر مذہنی روایت کے تحت لوہڑی بھی منائی گئی ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی کے کٹھوعہ سب آفس کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں اکیڈمی کی جانب سے مختلف زبانوں کے فروغ کیلئے اہم رول ادا کیا جارہا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ تمام زبانوں کے فروغ کے علا وہ ریاستی ثقافت کو بچانے کیلئے اکیڈمی اسی طرح کام کرتی رہے گی ۔
 

ڈویژنل کمشنر نے یوم جمہوریہ انتظاما ت کا جائزہ لیا 

جموں //صوبائی انتظامیہ کی جانب سے یوم جمہوریہ کی تقریب کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈویژنل کمشنر جموں کی قیادت میں آفیسران کی ایک میٹنگ منعقد ہو ئی جس میں ڈی سی جموں ،ایس ایس پی ،ایس ایس پی ٹریفک ،چیف انجینئر آئی اینڈ بی ،جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کے علا وہ بی ایس ایف ،پی ایچ ای اور محکمہ پی ڈی پی کے آفیسران نے شرکت کی ۔ڈویژنل کمشنر جموں نے ٹریفک،سیکورٹی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے آفیسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات اٹھائیں ۔انہوں نے محکمہ پی ایچ ای اور محکمہ پی ڈی ڈی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں پینے کے صاف پانی اور بجلی کی سپلائی لگا تار بحال رکھی جائے ۔انہوں نے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ یوم جمہوریہ کی تقریب والی جگہ کا دورہ کر کے تمام انتظامات کو جلداز جلد حتمی شکل دیں ۔
 

ادہم پور میں 205کلو فکی کیساتھ 2اسمگلر گرفتار 

ادہم پور //ادہم پور پولیس نے منشیات اسمگلنگ کیخلاف ایک کاروائی انجام دیتے ہوئے 205کلو فکی ضبط کر تے ہوئے 2اسمگلر وں کو بھی گرفتار کر لیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق ایک خفیہ جانکاری موصول ہو تے ہوئے ایس ایچ ائو ادہم پور کی قیادت میں پولیس نے جکھانی میں لگا ئے گئے ایک ناکے کے دوران ایک ٹرک زیر نمبر GJ2Z-0549کو روک کر اس کی تلاشی لی جس کے دوران 205فکی بر آمد کر لی گئی ۔پولیس نے بر آمد شدہ فکی اور ٹرک کو ضبط کر تے ہوئے 2ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا جن کی پہچان سمیر احمد ولد بشیر احمد سکنہ ڈوڈہ اور محمد فاروق ولد بشیر احمد سکنہ مہور کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 17/19 پولیس اسٹیشن ادہم پور میں درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
 

 ہائرسکینڈری اردو لیکچرز کے لئے پہلا تربیتی پروگرام 

جموں //اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن جموں کی جانب سے محکمہ تعلیم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہائیر سکینڈری سطح کے لیکچرز کے لئے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔اس پروگرام میں صوبہ جموں کے دس اضلاع سے آئے ہوئے 20 لیکچرارز کو خصوصی تربیت دی گئی جس میں نظم و نثر وقواعد کی تدریس اردو صوتیات اور تدریس کے دیگر جدید طریقوں کے حوالے سے ماہرین نے خصوصی لیکچرز دیئے۔ اس دوران اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی مدد سے سمعی و بصری وسائل استعمال کرتے ہوئے تربیتی پروگرام کو مکمل کیا گیا یہاں تربیت پانے والے یہ بیس لیکچررز اپنے اپنے اضلاع میں جاکر وہاں اردو مضمون پڑھانے والے لیکچرز کو یہی تربیت دیں گے تاکہ تعلیم کے معیار کو بہتر کیا جاسکے۔ اس پروگرام کے کوآرڈنیٹر ریسرچ آفیسر اسٹیٹ ا نسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن انور خان نے ان تمام لیکچررز کو اتربیتی پروگرام کی غرض و غایت اور افادیت کے حوالے سے جانکاری دی اور اس امر پر زور دیا کہ یہاں سے حاصل کردہ اس تربیت کو حقیقی کلاسزتک پہنچایا جائے تاکہ طلبہ اور طالبات مستفید ہوسکیں ۔پروگرام میں ہارون رشید راٹھور اور ڈاکٹر ندیم الحسن نے مختلف موضوعات پر شرکا کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اس پروگرام میں طفل مرکوز تعلیم اور عملی سرگرمیوں پر مبنی طریقہ تدریس پر خصوصی زور دیا گیا یہ پانچ روزہ تربیتی پروگرام محکمہ تعلیم کے کارگزار جائنٹ ڈائریکٹر جے کے سو دن کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا اس تربیتی پروگرام کے دوران فیلڈ ایڈوائزر ایس آئی آئی مہندر سنگھ سراندر کمار اور کلونت کور نے بھی شرکا کے ساتھ تبادلہ خیال کیا تربیتی پروگرام کے آخری دن  تمام شرکاء￿  میں اسناد تقسیم کی گئی اختتامی تقریب کے موقع پر موجود دیگر ریسرچ آفیسر ان میں نعیمہ اختر کلدیپ کمار ڈاکٹر سویتا کولی اور پوجا شرما موجود تھے۔
 

ڈویژنل کمشنر جموں اور ایڈوکیٹ جنرل کی گورنر سے ملا قات 

جموں//ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔ڈویژنل کمشنر نے گورنر کو بین الاقومی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر تعمیر کئے جارہے انفرادی اور کمیونٹی بنکروں کی موجودہ پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی ۔اُنہوںنے گورنر کو جموں صوبے کے ترقیاتی منظرنامے کے مختلف پہلوئوں سے بھی روشنا س کرایا۔ گورنر نے سرحدوں پر رہنے والے لوگوں کے مال و جان کو تحفظ دینے کے لئے انفرادی اور کمیونٹی بنکروں کی تعمیر کے کام میں تیزی لانے پر زور دیا ۔اُنہوںنے کہا کہ جموں صوبے میں ہاتھ میں لئے گئے تمام تر پروجیکٹوں کو جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیے ۔اسی دوران ایڈوکیٹ جنرل جے اینڈ کے ڈی سی رینہ نے گورنرسے ملا قات کرتے ہوئے ملک کے سپریم کورٹ میں جموں وکشمیر کے متعلق اِلتوأمیں پڑے کئی اہم کیسوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے گورنر کو ریاستی ہائی کورٹ میں اِلتوأ میں پڑے کئی معاملات کے بارے میں بھی جانکاری دی۔گورنر نے ایڈوکیٹ جنر ل پر زور دیا کہ وہ انہیں سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ اور نیشنل گرین ٹریبونل میں جموں وکشمیر سے متعلق اِلتوا ٔمیں پڑے تمام اہم معاملات کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کرتے رہے۔
 

دیہی ترقی کو بڑھاوا دینے کیلئے پنچایتوں کو مستحکم کرنا لازمی: وِجے کمار

جموں//گورنر کے مشیر کے ۔وِجے کمار نے ریاست میں بنیادی سطح پر جمہوری عمل اور جواب دہی کو فروغ دینے کے لئے پنچایتی راج اِداروں کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔مشیر موصوف پنچایت بھون جموں میں ماسٹر ریسورس پرسنز کے لئے ایک ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے جو ریاست کے مختلف ضلعوں میں مقامی اِداروں کے منتخب شدہ نمائندوں کو تربیت دیں گے ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ورکشاپ کے دوران تربیت پانے والے بعدمیں پنچایتی راج اِداروں کے نئے منتخب شدہ ارکان کو 15؍ جنوری 2019 ء سے ایک مرحلہ وار طریقے پر تربیت فراہم کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ۔ وِجے کمار نے دیہی منظر نامے میں بنیادی سطح پر مثبت تبدیلی لانے پنچایتو ں کے رول کو اُجاگر کیا۔مشیر موصوف نے کہا کہ گائوں دیہات کی مجموعی ترقی تب ہی ممکن ہوگی جب پنچایت ممبران اپنی سماجی و اقتصادی ذمہ داریوں کو پوری طرح نبھائیں گے ۔اُنہوںنے کہا کہ تربیتی پروگراموں کی بدولت منتخب شدہ نمائندوں کو اپنارول سمجھنے اور اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کا بہتر ین موقعہ فراہم ہوگا۔اُنہوں نے کہاکہ مرکزی معاونت والی سکیموںکے بارے میں بھی ارکان کو روشنا س کرایا جانا چاہیئے تاکہ بنیادی سطح پر اُن کی عمل آوری ممکن ہوسکے۔اُنہوں نے کہا کہ ہر ایک گائو ں میں گرام سبھائوں کا بھی انعقاد کیا جانا چاہیئے تاکہ گائوں کی ضروریات کی ترجیحات کو پورا کیا جاسکے۔سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج شیتل نندا نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا اور تربیتی پروگرام کے خدو خال اور اس کے مسودے پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ تمام ضلعوں میں چار بیجز میں 3514 ارکان کو تربیت دی جائے گی۔ڈی جی آر ڈی ڈی جموں ، ڈائریکٹر پنچایت ، ڈائریکٹر آر ڈی ڈی کشمیر اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔
 

جموں وکشمیر اینجل نیٹ ورک اور وینچر کپٹل نیٹ ورک کا منصوبہ مرتب 

جموں//ریاست میں جموں وکشمیر سٹارٹ اَپ پالیسی 2018 کے تحت اختراعیت پر مبنی اُبھر تے ہوئے کارخانہ داری کو فروغ دینے کے لئے جے کے ای ڈی آئی نے بڑی براہمناانڈسٹریل ایسو سی ایشن کے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد کیا۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی ڈاکٹر ایم آئی پرے ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی طفیل متو کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں جے اینڈ کے سٹارٹ اَپ پالیسی کے مختلف امور اور پالیسی کے تحت رجسٹرشدہ نئے کار خانہ داروں کو دئیے جانے والے مراعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اِس دوران ریاست میں نئے کارخانہ داروں کو دی جارہی سہولیات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ اس موقعہ پر کہا گیا کہ ریاست میں اختراعیت پر مبنی سٹار ٹ اَپ وجود میں لانے کی اَشد ضرورت ہے کیوں کہ ایسا کرنے سے مجموعی طور پر سماجی و اقتصادی ترقی کو دوام حاصل ہوتا ہے ۔واضح رہے جے کے ای ڈی آئی کو ریاستی حکومت کی طرف سے ستمبر 2018ء میں شروع کی گئی جے اینڈ کے سٹارٹ اَپ پالیسی 2018کی عمل آوری کے لئے سٹیٹ نوڈل ایجنسی نامزد کیا گیا ہے۔یہ میٹنگ پالیسی کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے ایک کڑی تھی۔
 

گورنر نے لوہڑی اور مکر سنکرانتی کے موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد دی

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے لوہڑی اور مکرسنکرانتی کے موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد دی ہے۔اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ یہ دو تہوار موسم سرما سے بہار کی طرف تبدیلی کا عکاس ہے ۔گورنر نے لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ریاست میں دائمی امن ، ترقی اور خوشحالی کی ایک نوید لے کر آئے گا۔
 

صنعت کاروں کا وفدگورنر سے ملاقی 

جموں//فیڈریشن آف انڈسٹری جموں ، فیڈریش آف انڈسٹری کشمیر ، کشمیر اکنامک الائنس ، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جموں کا ایک مشترکہ وفد آج گورنر ستیہ پال ملک سے راج بھون میں ملاقی ہوا۔وفد نے صنعتی سیکٹرسے جُڑے کئی اہم معاملات گورنر کی نوٹس میں لائے جن میں حال ہی میں اعلان کئے گئے صنعتی پیکیج سے اِستفاد ہ کرنے کے لئے وقت میں توسیع اور اس کا جائزہ لینا بھی شامل ہے۔گورنر نے کہا کہ ریاست میں صنعتی سیکٹر کو درپیش معاملات کو حل کرنے اور اس سیکٹر کو بڑھاوا دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
 

مودی حکومت پاکستان کو جواب دینے میں ناکام :کانگریس 

جموں //کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی سرپرستی والی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان کو جواب دینے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں گزشتہ روز ضلع راجوری میں آرمی میجر اور پورٹر کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کو تے ہوئے پر دیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان رویندر شرما نے کہاکہ بھاجپا کے مرکز میں اقتدار میں آنے کے بعد سرحدی علا قوں میں پاکستانی افواج کی جانب سے لگاتا فائرنگ کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں فوج کے علا وہ عام لوگوں کو شدید نقصان کا سامنا کر نا پڑرہاہے لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے فائر نگ کے سلسلہ کو روکنے اور پڑوسی ملک کو معقول جواب دینے کیلئے کچھ بھی نہیں کیا جا رہاہے ۔انہوں نے گزشتہ روز سرحد پر ہوئی ہلاکتوں پر افسوس کرتے ہوئے لواحقین کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔
 

پٹوار ایسو سی ایشن کی میٹنگ منعقد 

جموں//آل جموں وکشمیر پٹوار ایسو سی ایشن کی ریاستی سطح کی میٹنگ سرینگر میں منعقد ہوئی جس میں ریاستی و صوبائی صدر کی نشست بوجہ ترقی نائب تحصیلدار خالی ہونے اور درپیش معاملات پر غور و خوض کیاگیا ۔ اس دوران آئین کو مد نظر رکھ کر اور آئین کی پاسداری کرتے ہوئے چند اہم فیصلے لئے گئے ۔ اس دوران اتفاق رائے سے نائب صدر مشتاق احمد گنائی کو صدر اول اور عبدالمجید کو نائب صدر اول مقرر کیاگیا اور فیصلہ لیاگیاکہ نائب صدر دوئم اور آرگنائزر کا اعلان جموں میں ہونے والی اگلی نشست میں کیاجائے گا۔ میٹنگ میں طے پایاگیاکہ انتخابات منعقد ہونے تک صوبہ کشمیر کیلئے محمود الرحمن بحیثیت صدر صوبہ کشمیر اور ہلال نبی بحیثیت نائب صدر صوبہ عبور ی طور پر مقرر ہوئے ۔ میٹنگ میں پٹوار طبقہ کو درپیش مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا اور ایک وفد کو حکام سے ملاقات کرکے ان مسائل کے حل کروانے کی ذمہ داری سونپی گئی ۔