ککہ پرے کے قتل کی تحقیقات کی جائے :امتیاز پرے
سرینگر //اپنے والد ککہ پر ے کے موت کی جانچ کامطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر اور پارٹی کے ضلع صدر بانڈی پورہ امتیاز پرے نے انکشا ف کیا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حاجن آکر ہزاروں لوگوں کے سامنے ’’ اخوان‘‘کو مزید مضبوط اور خون خرابے کے لئے ان کے والد کووزیرداخلہ بنانے کی پیشکش کی تھی ۔ امتیاز پر ے نے کہا کہ جب ککہ پر ے نے سرینگر میں ایک بھاری عوامی اجتماع کے دوران بندوق کو خیربادکہہ کر سیاست میں آ نے کا اعلان کیاتوانکے زندہ رہتے بہت کچھ منظر عام پر آسکتا تھا مگر بد قسمتی سے انکی حادثاتی موت نے تمام رازوں پر پردہ ڈال دیا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور پارٹی کے ضلع صدر بانڈی پورہ نے عمر عبداللہ کی جانب سے ککہ پر ے سے متعلق بیان کو جملہ بازی اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اخوان اور سپیشل ٹاسک فورس ان کے والد فاروق عبدللہ کی ایجاد ہے جس قوم کے آج عمر عبداللہ ہمدرد ہونے کا ڈھونگ رچا رہے ہیں اسی عوام کو ان کے والد ڈاکٹر فاروق مصیبت میں چھوڑ کر عمر عبداللہ کے ہمراہ لندن بھاگ گئے تھے۔ سال 1987 میں انکو اور انکی جماعت کو کشمیری عوام نے رد کیا تھا کہ فاروق عبداللہ نے نوے کی دہائی میں یہاں پہلے حالات خراب کروائے اور پھر اخوان بنوا کردھوکے سے وزرات اعلیٰ کی کرسی پر قابض ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ککہ پرے اور انکے لوگوں کو فاروق عبدللہ نے استعمال کیااور پھر ٹاسک فورس کا وجود عمل میں لاکر لوگوں پر مضالم ڈھائے۔امتیاز پرے کے مطابق عمر عبداللہ کے والد نے حاجن میں آکر ہزاروں لوگوں کے بیچ ککہ پرے کو ہوم منسٹر بنانے کی پیشکش کی تھی جس کو میرے والد نے ٹھکرا دیا کیونکہ اس کے بدلے فاروق عبداللہ چاہتے تھے کہ اخوان کو اور مضبوط کیا جائے مگر ککہ پرے نے صاف انکار کیا کیونکہ وہ ان کی سیاست سے واقف ہو چکے تھے اس کے فوراً بعد انہوں نے سرینگر میں ایک بھاری عوامی اجتماع کے دوران اخوان اور ہر طرح کے بندوق کو خیرباد کہا تھا جس کا علم تقریباً پورے ذرائع ابلاغ کو بھی ہے۔انکے زندہ رہتے بہت کچھ منظر عام پر آسکتا تھا مگر بد قسمتی سے انکی حادثاتی موت نے تمام رازوں پر پردہ ڈال دیا۔میرا مطالبہ ہیے کہ اس حادثے کی پوری جانچ ہونی چاہیے۔
وُلر جھیل کیلئے منیجمنٹ ایکشن پلان ، گورنر نے پیش رفت کا جائیزہ لیا
جموں// گورنر ستیہ پال ملک نے یہاںراج بھون میں وُلر کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی ( ڈبلیو یو سی ایم اے ) کی طرف سے وُلر جھیل کی شانِ رفتہ بحال کرنے سے متعلق کئے جا رہے اقدامات کا جائیزہ ایک میٹنگ کے دوران لیا ۔ گورنر نے کہا کہ وُلر جھیل جو ایشیا میں صاف پانی کا ایک بڑا جھیل مانا جاتا ہے اور وادی کشمیر میں رام سر سائیٹ قرار دیا گیا ہے کی شانِ رفتہ بحال کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے سی ای او ڈبلیو یو سی ایم اے مسٹر گیلانی کو صلاح دی کہ وہ ترجیح بنیادوں پر اس جھیل کو صاف کرنے اور وہاں ایکو ٹورازم کو فروغ دینے کے سلسلے میں تمام اقدامات عمل میں لائیں تا کہ منیجمنٹ ایکشن پلان کے تحت اس جھیل کی بدولت متعلقہ لوگوں کے روز گار کے مواقعوں میں اضافہ کیا جا سکے ۔ گورنر نے وُلر کے واٹر منیجمنٹ کیلئے معیاد بند طریقے پر کاروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ وُلر اور اس کے ساتھ منسلک دیگر ویٹ لینڈ وادی کشمیر کو سیلاب سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان پانی کے ذخائیر کے ذریعے زراعت شعبے اور پن بجلی پیدا کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں ۔ جھیل کی شانِ رفتہ بحال کرنے اور اُسے محفوظ رکھنے پر زور دیتے ہوئے گورنر نے جھیل کے علاقے میں درختوں کو اگانے کے عمل کو روکنے ، سبزیاں اگانے کے عمل کو روکنے کیلئے منظم طریقہ کار اپنانے کی ہدایت دی ۔ سی ای او ڈبلیو یو سی ایم اے نے اس موقعہ پر پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے سی ایم اے پی کے تحت پچھلے چھ برسوں کے دوران حاصل کی گئی پیش رفت کی تفصیلات پیش کیں ۔ مسٹر گیلانی نے اس مدت کے دوران وُلر جھیل کو محفوظ رکھنے کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کی بھی تفاصیل پیش کیں ۔ گورنر کے مشیر کے وجے کمار ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرا منیم ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ، خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری ، جنگلات و ماحولیات کے کمشنر سیکرٹری منوج کمار دویدی ، پی سی سی ایف /چیف وائیلڈ لائف وارڈن سریش چُگ ، سی ای او ڈبلیو یو سی ایم اے کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔
آبی پناہ گاہوں کی بحالی کا جائزہ
جموں// سیکریٹری صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول فاروق احمد شاہ نے مختلف محکمہ جات کے افسروں کی ایک میٹنگ میں ریاست کی آبی پناہ گاہوں ، جھیلوں اور ندی نالوں کو بحال کرنے کے عمل کا جائزہ لیا۔ چیف انجینئر آبپاشی کشمیر ، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل اور کشمیر صوبے کے دیگر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔یہ میٹنگ آبی پناہ گاہوں کی بحالی کے حوالے سے ہائی کورٹ حالیہ حکمنامے کے بعد منعقد کی گئی ۔
نگروٹہ میں 175 کلو فکی ضبط، سمگلر گرفتار
جموں // پولیس نے منشیات مخالف مہم جاری رکھتے ہوئے 175کلو فکی کے ساتھ ایک اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے ۔پولیس بیان کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ پر نگروٹہ علا قہ میں پولیس کی جانب سے ایک ناکے دوران ایک ٹرک کی تلاشی کے دوران 175کلو گرام فکی ضبط کر تے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔اس ملزم کی پہچان نیتن شرما ساکن آر ایس پورہ کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق مذکورہ ملزم نے اپنی گاڑی میں مخصوص ڈبوں میں فکی کو چھپایا تھا اور وہ اس کو کشمیر سے بیرون ریاست لے جارہا تھا۔ مذکورہ ملزم کو گرفتار کر کے معاملہ در ج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
گورنر کا حریت سے مخاطب ہونا مستحسن
شہری ہلاکتوں کی معیاد بند تحقیقات کی جائے:تاریگامی
جموں//سی پی آئی ایم کے سینئر رہنما وسابق ممبراسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے گورنر ستیہ پال ملک کے حریت سے بات چیت کرنے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ شہری ہلاکتوں کے ذمہ داران کا تعین کیاجاناچاہئے ۔ تاریگامی نے کہاکہ گورنر کابیان قابل سراہنا ہے لیکن اعتماد سازی کے اقدام کے طورپر یہ ضروری ہے کہ گورنر انتظامیہ کم از کم پچھلے چھ ماہ کے دوران شہری ہلاکتوں کے ہوئے بڑے واقعات پر معیاد بند انکوائری کرنے کے احکامات صادر کرے اور ذمہ داران کا تعین کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ کولگام کے ہاوورہ علاقے میں جولائی کے مہینے میں فورسز کے ہاتھوں ایک نوجوان لڑکی اور دو لڑکوں سمیت تین بے گناہ شہری مارے گئے اور پھر اکتوبر میں لارو کولگام میں انکائونٹر کی جگہ ہونے والے دھماکے کے نتیجہ میں سات بے گناہ شہری لقمہ اجل بنے لیکن ان واقعات پر کوئی کارروائی نہیں ۔ اسی طرح سے گزشتہ ماہ پلوامہ میں سات مزید شہری مارے گئے ۔تاریگامی نے کہاکہ پی ڈی پی ۔ بی جے پی کے دور میں ایسی ہلاکتوں کی فہرست طویل ہے لیکن اگر گورنر انتظامیہ کی اعتباریت بحال کرناچاہتی ہے تو اس کیلئے ویسا ہی ماحول تیار کرناہوگا اور کم از کم معیاد بند انکوائری کرواکے ذمہ داران کو کٹہرے میں کھڑا کیاجائے ۔تاریگامی نے کہاکہ کشمیر میں موجودہ حالات کی سب سے بڑی وجہ نئی دہلی کی طرف سے کشمیر کے مسئلے کی حقیقت کو سمجھنے سے انکار ہے اور بدقسمتی سے اس مسئلہ کو صرف سیکورٹی کی نگاہ سے دیکھاجارہاہے ۔ان کاکہناتھاکہ اعتماد سازی کے اقدامات اور بات چیت شرو ع کرنے کے بجائے بھاجپا حکومت طاقت کا مزید استعمال کرتی جارہی ہے جسے یہ سمجھناہوگاکہ مزید طاقت کا استعمال حالات کو مزید خراب کرے گا۔
زمینی سطح پر تعمیراتی حلقوں میں معقولیت
روہت کنسل نے کئی محکمہ جات کا جائزہ لیا
جموں// پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی و مونیٹرینگ روہت کنسل نے بجلی، تعمیرات عامہ، پی ایچ ای اور آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکموں کے فیلڈ لیول ورکس ڈویثرنوں میں معقولیت لانے کے عمل کا جائیزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری ریونیو شاہد عنائت اللہ، ایڈیشنل سیکرٹری جی اے ڈی اور کشمیر خطہ کے ، پی ڈبلیو ڈی ،تعمیرات عامہ، پی ڈی ڈی کے چیف انجنیئرز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے ورکس ڈویثرنوں کی معقولیت لانے کے عمل کی تفصیلات طلب کیںاور متعلقہ محکموں کے چیف انجنیئروں نے انہیں اس عمل کی تفصیلات کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ان رپورٹوں میں عوام کو سہولیت فراہم کرنے کے لئے اور ان ڈویثرنوں کو شفافیت سے چلانے کے لئے اقدامات درج ہیں۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ان ورکس ڈویثرنوں کی معقولیت کی بدولت لوگوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جاسکے گی اوراس سے وابستہ لوگ مختلف سکیموں کے فوائد سے مستفید ہوں گے۔
مہلوک جنگجوئوں کا چہارم،لوگوں کی خاصی تعداد شریک
شوپیان/شاہد ٹاک/سوگن اور چلی پورہ زینہ پورہ میں مہلوک جنگجوئوں کے چہارم کے پیش نظر شوپیان ضلع میں کوئی ہڑتال نہیں کی گئی۔اس دوران دونوں علاقوں میںچہارم کے سلسلے میں لوگوں کی اچھی خاصی تعداد مہلوک جنگجووں کے گھر گئی اور یہ سلسلہ دن بھر جاری رہا۔شوپیان میں کل رات ہی انٹر نیٹ سروس بحال کی گئی تھی۔البتہ زینہ پورہ کے اندرونی علاقوں میں جزوی طور پر معمولات زندگی متاثر رہیں۔
جموں میں کئی شخصیات اوروفود گورنر سے ملاقی
جموں//جموں میں کئی وفود گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقی ہوئے اور انہیں عوامی مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا ۔سرکاری بیان کے مطابق سابق وزیر قمر علی آخون کی قیادت میں کرگل کا ایک وفد یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقی ہوا ۔ وفد نے گورنر کو استدعا کی کہ لداخ کو صوبائی سطح کا درجہ دیا جائے اور لداخ خطے کے لیہہ اور کرگل اضلاع کو مختلف دفاتر کی متوازی تقسیم کاری فراہم کی جائے ۔ وفد نے سانکو میں ایک ڈگری کالج ، کرگل میں خواتین کا ڈگری کالج اور ایک میڈیکل کالج ، کرگل میں تعمیراتِ عامہ کا ایک الگ دفتر ، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کا ایک خصوصی سب ڈویژن ، دراس، زانسکار اور پدم کیلئے ہیلی کاپٹر خدمات ، پدم کیلئے ائیر سٹرپٹ کی تعمیر ، ڈیلی ویجروں اور کیجول لیبرروں کی ملازمت میں باقاعدگی لانے ، کرگل میں 200 بستروں والے ہسپتال پر جاری کام میں سرعت لانے ، کرگل میں کام کر رہے سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی الاؤنس کی منظوری ، زوجیلہ ٹنل اور زیڈ موڑ پر جاری کام کو مکمل کرنے ، چاڈر سڑک پر جاری کام میں سرعت لانے ، پہلگام سے پانیکھر کیلئے سڑک تعمیر کرنے ، نئی دہلی میں کرگل بھون کی تعمیر جلد شروع کرنے ، کرگل میں کثیر السطح کی پارکنگ اور کرگل میں سب ڈویژنوں کیلئے عملے کو معرض وجود لانے جیسے مطالبات پیش کئے ۔ وفد میں سابق ایم پی حاجی غلام حسن خان ، ایل اے ایچ ڈی سی کرگل کے کونسلر مبارک شاہ اور غلام محمد ، نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر کرگل حاجی محمد حنیفہ جان شامل تھے ۔ ادھر وائس چانسلر بہار انیمل سائینسز یونیورسٹی پٹنہ ڈاکٹر رومیشور سنگھ نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ ڈاکٹر سنگھ نے گورنر کے ساتھ بہار میں انیمل ہسبنڈری سیکٹر کو ترقی دینے اور دیگر تحقیقی پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر اور ڈاکٹر سنگھ نے ریاست جموں کشمیر میں پشوپالن شعبے کے ساتھ وابستہ معاملات پر سیر حاصل بحث کی اور ریاست میں اقتصادی حالت میں بہتری لانے میں پشو پالن سیکٹر کے رول پر بھی غور و خوض کیا ۔ادھر سابق آئی جی پی راجہ اعجاز علی اور شرافت علی خان کی قیادت میں جے اینڈ کے پہاڑی کلچرل اینڈ ویلفئیر فورم کا ایک وفد یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقی ہوا ۔ وفد نے گورنر کو پہاڑی لوگوں سے متعلق کئی معاملات کے بارے میں آگاہ کیا اور انہیں درخواست کی کہ پہاڑی لوگوں کیلئے تین فیصد ریزرویشن کے عمل میں سرعت لائی جائے ۔ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبے پر غور کیا جائے گا ۔
نیشنل فرنٹ کا مشتاق الاسلام کی رہائی پر اظہار اطمینان
سرینگر// نیشنل فرنٹ نے سینئر مزاحمتی لیڈر مشتاق الاسلام کی جیل سے رہائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جملہ کشمیری سیاسی قیدیوں، بشمول فرنٹ کے محبوس چیئر مین نعیم خان کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔ بیان کے مطابق نیشنل فرنٹ کا ایک وفد مشتاق الاسلام کے گھر گیا اور اُن کا خیر مقدم کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کی خیر و عافیت بھی دریافت کی۔ وفد میں عبد الحمید، عبد الرشید، منظور احمد اور دوسرے پارٹی ارکان شامل تھے۔
مزاحمتی جماعتوں کا راجپوری کے انتقال پر اظہار رنج
سرینگر//نیشنل فرنٹ، محاذآزادی، اسلامک پولیٹکل پارٹی اور ینگ مینز لیگ نے پیپلز لیگ کے سابق ذمہ دار اورمعروف ٹریڈ یونین لیڈر عبدالسلام راجپوری کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔ نیشنل فرنٹ ترجمان نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تحریک آزادی کے تئیں مرحوم کے رول کی سراہنا کی ہے۔ ترجمان نے مرحوم کی مغفرت و جنت نشینی کی دعا کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ محاذآزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی اور صدر سید الطاف اندرابی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالسلام راجپوری ایک عظیم دانشور اور مفکر تھے جنہوں نے اپنی ساری زندگی کشمیریوں کے کھوئے ہوئے وقار اور تشخص کی بحالی کے لئے ہمیشہ وقف رکھا۔اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش اور ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
نقاش کا مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کا مطالبہ
سرینگر//اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طاقت کے بے جا استعمال میں ہی یقین رکھتا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کا مسئلہ خالصتاََ ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے اور سبھی متعلقہ فریقین کی شمولیت سے ہی اس کے دیر پاحل کی امید کی جاسکتی ہے۔
سالویشن مومنٹ کا ریاض رسول کو برسی پر خراج عقیدت
سرینگر//سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے تحریک مزاحمت کے سرکردہ قائداور بانی ممبرغلام رسول ڈار المعروف ریاض رسول کو انکی برسی پر خراج عقیدت پیش کیاہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ایک وسیع النظر دانشور کی حیثیت سے رواں تحریک مزاحمت کو دوام بخشنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا۔دریں اثناء ظفر اکبر نے مزاحمتی قائدین مشتاق الاسلام اورخان سوپوری کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے۔