احتجاج سے قبل صوبائی درجہ دیاجائے:پی ڈی پی لیڈر
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//پی ڈی پی لیڈر ایڈووکیٹ ندیم رفیق خان نے انتباہ دیاہے کہ اگر خطہ پیر پنچال کو صوبے کادرجہ نہیں ملاتو عوام سڑکوںپر نکل آئیں گے ۔ مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی گورنر کو سب سے پہلے خطہ پیر پنچال کو صوبہ کا درجہ دینا چاہیے تھا کیونکہ اس خطے کا اس درجے کیلئے حق بنتاہے۔ان کا کہنا تھا کہ راجوری اور پونچھ اضلاع 19تحصیلوں پر مشتمل ہیںاور یہاں کی آبادی لداخ سے کئی گنا زیادہ ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ لداخ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ مانگ بھی کرتے ہیں کہ خطہ پیر پنچال کو بھی صوبے کادرجہ دیاجائے ۔ندیم نے کہاکہ راجوری پونچھ کے لوگوں نے تین بڑی جنگیں لڑی ہیں اور ہزاروں کنبے جنگوں کے دوران ہجرت کرنے پر مجبو ر ہوئے ۔ان کا کہنا تھا کہ ملی ٹینسی کے دوران بھی یہاںبڑے پیمانے پر نقصان ہوا اور بڑی تعداد میںلوگ نقل مکانی کرگئے ۔انہوں نے کہاکہ یہاں کے نوجوانوں نے ہمیشہ ہندوستان کا نعرہ لگایالیکن حکومت کیوں ان کے ذہن تبدیل کرناچاہتی ہے اور کیوں احتجاج کی طرف دھکیلاجارہاہے۔ندیم نے کہاکہ گزشتہ دنوں ریاست کی سابقہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پیر پنچال اور چناب خطے کو صوبہ کا درجہ دینے کی وکالت کی تھی لیکن ریاستی گورنر نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی ۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے کہ لوگ سڑکوںپر اتر آئیں ، خطہ پیر پنچال کو صوبے کادرجہ دیاجائے ۔پی ڈی پی لیڈ رنے کہاکہ یہ خطہ ہر اعتبار سے پسماندہ ہے اور یہاں کوئی ترقی نہیں ہوئی ۔ان کاکہناتھاکہ گورنر مرکزی سرکار کے اشاروں پر کام کرکے خطہ کے ساتھ ناانصافی کررہے ہیں ۔اس موقعہ پرسردار وسیم احمد خان،محمد اسلم خان،نواز خان،عارث خان، موجو خان،سرپنچ اظہر نسیم خان،حاجی منشی چوہدری،سفیر احمد خان،بابی خان وغیرہ بھی موجو دتھے۔
مزدور کی پراسرار حالت میں موت
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے ڈنڈیسر سٹون کریشر پرکام کررہے ایک مزدور کی پراسرار حالت میں موت ہوگئی جس پر پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ذرائع کے مطابق 55سالہ گوپال داس ولد موہن لعل ساکن دبڑ پوٹھہ نوشہرہ سیڑھی سٹون کریشر ڈنڈیسر میں گزشتہ بیس روز سے مزدوری کررہاتھا جہاں رات کے گیارہ بجے اسکی صحت اچانک خراب ہوگئی اور اسے فوری طور پر ساتھیوں نے وہاں سے اٹھاکر ہسپتال پہنچایاجہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے نعش کا پوسٹ مارٹم کرکے اسے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کیاہے جبکہ اس سلسلے میں دفعہ 174کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔
سڑک حادثے میں کانگریس لیڈرمضروب
راجوری //کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والا ایک سینئر لیڈر راجوری قصبہ کے نزدیک پیش آئے سڑک حادثے میں زخمی ہوگیاجس کی شناخت بال کرشن شرما عرف بالی ولد بابو رام شرما ساکن راجوری کے طور پر ہوئی ہے ۔شرما کے اہل خانہ نے بتایاکہ موصوف راجوری سے پھلیانہ میں ایک میٹنگ میں شرکت کیلئے جارہے تھے جس دوران ایک تیزرفتار کار نے ان کی سکوٹی کو ٹکر ماردی ۔شرما کو زخمی حالت میں فوری طور پر ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاجہاں اس کاعلاج کیاجارہاہے ۔اس سلسلے میں کیس درج کرکے پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔ایک افسر نے بتایاکہ پولیس ٹکر مارنے والی کار کا پتہ کروانے کیلئے کوشش کررہی ہے ۔
بجلی شارٹ سرکٹ
گائو خانہ خاکستر، مویشی جھلس کر ہلاک
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے چھجلہ کیانی علاقے میں گزشتہ رات بجلی کے شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے گائو خانے کو آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں کئی مویشی جھلس کر ہلاک ہوگئے ۔ عبدل ولد محمد شفیع ملک ساکن چھجلہ کیانی کے گائو خانے کو رات کے وقت بجلی شارٹ سرکٹ ہونے سے آگ گئی جس کے نتیجہ میں یہ گائو خانہ خاکستر ہوااور دو بھینسیں، دو بکریاں اور کئی درجن مرغے جھلس کر ہلاک ہوگئے ۔عبدل ایک غریب شخص ہے جس کا گزر بسر یہی مویشی تھے ۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ نقصان کا تخمینہ لگاکر متاثرہ شخص کو معاوضہ فراہم کیاجائے ۔
یٰسین جنجوعہ کے ساتھ اظہار تعزیت
مینڈھر//کشمیر عظمیٰ جموں کے ادارتی عملے سے سے منسلک نوجوان صحافی محمد یٰسین خان جنجوعہ اور روزنامہ تسکین سے وابستہ صحافی طارق خان جنجوعہ کی نانی کواتوارکے روز مینڈھر کے کیری کانگڑہ علاقے میں دفن کردیاگیا۔نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔پی ڈی پی سینئر لیڈر ایڈووکیٹ محمد معروف خان،پی ڈی پی سینئر لیڈر وسیم احمد خان،انجمن اردو صحافت سے جڑے متعدد صحافیوں و دیگرلوگوں نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔مرحومہ کی وفات پر مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔
جواہر ٹنل حادثے پر دکھ کا اظہار
جموںوکشمیر پیپلز ویلفیئر فائونڈیشن مینڈھر کے صدر نے جواہر ٹنل حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے جس میں تودے کی زد میں آکر آٹھ انسانی جانوں کا اتلاف ہوا۔تنظیم کے صدر نے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور انتظامیہ پر زور دیتے ہیں کہ درماندہ مسافروںکو اپنی اپنی منزل تک پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ بہت بڑی تعداد میں درماندہ مسافر جموں اور شاہراہ کے مختلف مقامات پر ہیں جن کو مزید کسی تاخیر کے اپنی اپنی منزل پر پہنچایاجائے ۔ انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ مرکز کی معاونت سے متاثرین کی مدد کریں ۔
کانگریس کا سلواہ میں اجلاس منعقد
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے سلواہ علاقے میں کانگریس کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں مہمان خصوصی چوہدری عمران ظفر تھے۔اس موقعہ پر مقامی لوگوںنے کہاکہ علاقے میں تعمیروترقی کا نام و نشان نہیں اور لیڈران ان سے ووٹ لینے کے بعد غائب ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ علاقے میں بجلی ،پانی اور سڑکوں کی حالت خستہ ہے جبکہ کوئی بڑا ہسپتال بھی نہیں جہاں لوگ اپنا علاج کراپائیں ۔انہوںنے بتایاکہ معمولی سے علاج کیلئے لوگوں کو مینڈھر ہسپتال کارخ کرناپڑتاہے ۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی کٹوتی کا یہ عالم ہے کہ کٹوتی کا کوئی وقت ہی مقرر نہیں ہے ۔اسی طرح سے پانی کی سپلائی بھی متاثر ہے اور سکیمیں بند پڑی ہیں۔اپنے خطاب میں عمران ظفر نے کہاکہ وہ ان مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کو مضبوط بنایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ آنے والے وقت میں ریاست میں کانگریس کی ہی سرکار بنے گی اور ان کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے کیونکہ کانگریس ہی وہ واحد جماعت ہے جو سبھی طبقہ جات کو ساتھ لیکر آگے بڑھتی ہے ۔اس دوران سینئر لیڈر چوہدری ظفر اللہ آزاد نے بھی خطاب کیا۔
۔11سال سے مفرور
ملزم گرفتار
راجوری //پولیس نے گیارہ سال سے مفرور ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔پولیس کے مطابق ایس ایچ او کنڈی منظور کوہلی نے ایک خصوصی اطلاع ملنے پر ایک جگہ پر چھاپہ مارکر گیارہ سال سے مفرور ملزم کو گرفتار کرلیا جس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 128/2007زیردفعات 363, 376آر پی سی کاکیس تھا۔ملزم کی شناخت 35سالہ طالب حسین ولد مٹو خان ساکن بارسلہ تحصیل کوٹرنکہ کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہے ۔
میاںنگری پلولیاں کے لوگوں کا اجلاس
حلقہ انتخاب راجوری سے متعلق گفت و شنید
راجوری//راجوری کے میاںنگری پلولیاں کے لوگوں کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں میاں محفوظ احمد اور میاں عمران احمد پسران روحانی رہنمامیاں لقمان نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں کئی پنچایتی نمائندگان بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ حلقہ انتخاب راجوری بدحکمرانی کی ایک مثال بن گیاہے اور یہاں منتخب ہونے والے نمائندگان نے عوامی مسائل حل نہیں کئے جس کا نتیجہ ہے کہ لوگ آج بھی بنیادی سہولیات جیسے بجلی ، پانی ، سڑک اور طبی و تعلیمی سہولت سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کے شعبے میں راجوری حلقہ کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاگیاہے اور ماسوائے چند سرکاری سکولوں کے باقی تمام اداروں میں نہ ہی بنیادی ڈھانچہ ہے اور نہ ہی طلباء کو دیگر سہولیات فراہم ہیں۔انہوںنے کہاکہ انتخابات کے دوران ذات پات کی لڑائی لڑی جاتی ہے اور ووٹ حاصل کرنے کے بعد کوئی مڑ کر دیکھتا نہیں۔انہوںنے کہاکہ لوگ چاہتے ہیں کہ تبدیلی لائی جائے ۔اس موقعہ پر سرپنچ سرفراز احمد، اسمٰعیل احمد، سمت کمار، ستپال سنگھ ، فضل حسین ودیگران بھی موجو دتھے ۔