کلرموڑہ ،بھاٹہ دھوڑیاں اورسنگیوٹ کوآربی اے کادرجہ دینے کامطالبہ
بختیار حسین
سرنکوٹ// خدمت خلق سوسا ئٹی نے بھاٹہ دھوڑیاں ، کلرموہڑااورسنگیوٹ کوآربی اے کادرجہ نہ دینے پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے حکومت سے نظراندازکئے گئے علاقوں کے ساتھ انصاف کرنے کی مانگ کی ہے۔یہاں جاری پریس ریلیزکے مطابق خدمت خلق سوسائٹی کے ریاستی چیئرمین ڈاکٹر شیراز میر نے غم وغصے کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے آربی اے کادرجہ دیتے ہوئے تحصیل مینڈھر کے بہت سے گاوں جن میں کلر موڑہ، بھاٹہ دھوڑیاں اور سنگیوٹ کونظرانداز کیاہے۔اہوں نے کہاکہ ان علاقوں کی آبادی تقریبا ً تیس ہزار نفوس پر مشتمل ہے اورآزادی کے ستر سال گزرنے کے باوجودبھی یہاں کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔انہوں نے کہاکہ کلرموڑہ، بھاٹہ دھوڑیاں اورسنگیوٹ میں ابھی تک لوگوںکو سڑک،پانی اور بجلی جیسی سہولیات کی کمی کاسامناہے لیکن حکومت اور ضلع انتظامیہ کی بے توجہی کی وجہ سے ان علاقوں میں بسنے والے لوگ دشواریاں جھیلنے پرمجبورہیں۔ ڈاکٹر شیراز نامی شخص نے کہا کہ کافی یقین دہانیوں کے باوجود بھی ہمارے علاقوں کو آر بی اے کادرجہ دینے کی مانگ کوپوری نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کلرموڑہ، بھاٹہ دھوڑیاں اورسنگیوٹ دیہات سے انتظامیہ کے امتیازی سلوک کاشکارہیں۔انہوں نے کہاکہ بنیادی سہولیات سے محروم دیہات کوآربی اے کے درجہ سے محروم رکھناباعث تشویش اورعوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ڈاکٹر شیراز ودیگرلوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مانگ کی کہ وہ کلرموڑہ، بھاٹہ دھوڑیاں اورسنگیوٹ کو آر بی اے زمرے میں شامل کرکے یہاں کے نوجوانوں کے مستقبل کوتحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔انہوں نے انتباہ دیاکہ اگراگر گورنر انتظامیہ نے ان گاوں کے ساتھ انصاف نہیں کیاتوہم احتجاج کاراستہ اختیارکرنے پرمجبورہوجائیں گے۔
ریجنل اگریکلچرریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام بیداری پروگرام
کسانوں کوزرعی شعبہ کی ترقی کیلئے جدیدتکنیکوں کی جانکاری دی گئی
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
راجوری//ریجنل ایگریکلچرریسرچ انسٹی ٹیوٹ راجوری کی جانب سے شیرکشمیریونیورسٹی آف ایگریکلچرسائنس اینڈٹیکنالوجی کے بینرتلے سواری کوٹ پنچایت کے ساگرہ گائوں میں کسانوں کیلئے بیداری پروگرام کاانعقاد کیاجس کی صدارت آراے آرکے انچارج ڈاکٹردیپک کمارکررہے تھے ۔اس موقعہ پرزراعتی سائنس دان ،ریسرچ اسٹیشن ڈاکٹروکاس شرماریسورس پرسن تھے۔ اس دوران کسانوں کوریسورس پرسن ودیگرمقررین نے زراعت میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی اورطریقہ کار کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ڈاکٹروکاس شرمانے کہاکہ آئی سی اے آر نئی دہلی کی طرف سے ٹرائبل سب پلان کے تحت کسانوں کی بہبودکیلئے منصوبہ تشکیل دیاگیاہے جس کے ذریعے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ممکن ہوسکتاہے۔اس موقعہ پر ڈاکٹرسنیل کمارمشرا ودیگرمعززین بھی موجودتھے۔
پولیس کی جانب سے تھنہ منڈی میں اجلاس
سبکدوش پولیس اہلکاروں نے مسائل پیش کئے
نیوز ڈیسک
راجوری/تھنہ منڈی میں جموں کشمیر پولیس کی طرف سے اجلاس منعقدکیاجس میں سابق پولیس اہلکاروں کے مسائل سنے گئے۔اس دوران اجلاس کی صدارت ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر جاوید احمد ملک نے کی جبکہ پولیس ویلفیئر بورڈ کے ضلع سیکریٹری مرزا محمد اکرم اور بلاک صدر پولیس ویلفیئر بورڈ تھنہ منڈی عبدالرشید شال بھی موجود تھے۔ اس دوران سبکدوش ملازمین نے اپنے مسائل پیش کئے اورایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کا شکریہ ادا ۔انہوں نے کہاکہ موصوف نیگذشتہ کچھ عرصہ میں پولیس۔ فائر سروسز اور ہوم گارڈ محکمہ سے سبکدوش پولیس ملازمین کی حوصلہ افزائی کر کے ان کے مسائل کو حل کیا۔ ایس ایچ او تھنہ منڈی جاوید احمد ملک نے کہا کہ جو فارم محکمہ پولیس کی طرف سے سبکدوش ملازمین کو دیا گیا ہے جس کو اس ماہ کی 17 تاریخ تک واپس جمع کروانا ہو گا تاکہ محکمہ کی طرف سے سبکدوش اہلکاروں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی روکتھام، جرائم پرقدغن ، ٹریفک قوانین کی عمل آوری۔ بس یا سومو کرایہ کی اضافی وصولی کے علاوہ لوک سبھا انتخابات کے انعقاد میں اپنا تعاون پیش کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی راجوری سبکدوش پولیس ملازمین کے مسائل کے ازالہ کیلئے سنجیدہ ہیں۔ انہوںنے یقین دھانی کرائی ہے کہ تھانہ پولیس تھنہ منڈی میں سبکدوش پولیس ملازمین کے کام ترجیحی بنیادوں پرکئے جائیں گے۔
پولیس ٹیموں کامہلوک جوانوں کی رہائش گاہوں کادورہ
امدادی سامان تقسیم ، مسائل کے ازالہ کیلئے تعاون کی یقین دہانی
سمت بھارگو
راجوری //جموں وکشمیر پولیس اوراپنے وطن کے تحفظ کیلئے جانوں کانذرانہ دینے والے پولیس جوانوں کے پریواروں کے درمیان خوشگوارتعلقات کوفروغ دینے کے مقصدسے جموں وکشمیرپولیس کی مختلف ٹیموں جن کی قیادت گزیٹیڈ افسران کررہے تھے نے ضلع راجوری کے مہلوک پولیس اہلکاروں کے گھرپہنچ کرلواحقین کے ساتھ ملاقات کی اورانہیں ہرممکن تعاون اورامدادکی یقین دہانی کرائی۔اس سلسلے میںایس ایس پی راجوری ،یوگل منہاس کاکہناہے کہ ڈی ایس پی (ڈی اے آر) راجوری ظہیرعباس کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے فرائض منصبی انجام دیتے ہوئے جان بحق ہونے والے کوٹ چڑوال کے محمدجمعہ کے گھرمہکٹاکالاکوٹ ، کوٹ چڑوال کے محمدشفیع کے گھرمہکٹاکالاکوٹ اورایس پی اوپرکاش سنگھ ساکن کوٹ چڑوال کے گھربھارکھ ریاسی جاکران کے لواحقین کے ساتھ ملاقات کی۔اسی طرح ایک دیگرٹیم نے ایس ڈی پی او منجاکوٹ نثارکھوجہ کی قیادت میں کانسٹیبل عبدالرشید ساکن ککوڑہ منجاکوٹ ، سلیکشن گریڈ کانسٹیبل لال سنگھ ساکن ککوڑہ ، سلیکشن گریڈ محمدیوسف ساکن کٹرمل ، کانسٹیبل ارشادمحمود ساکن نائیلی منجاکوٹ اورکانسٹیبل عبدالقیوم ساکن نائیکہ پنج گرائیں کے گھرجاکرافرادخانہ کے ساتھ ملاقات کی ،اسی طرح اے ایس پی نوشہرہ جی ایل شرماکی قیادت میں پولیس ٹیم نے سلیکشن گریڈ سنجیون کمار ساکن گگروٹ نوشہرہ جبکہ ایس ایچ اودھرمسال امت سنگھ کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے ہیڈکانسٹیبل سکندرکمارساکن دھرمسال کی رہائش گاہ پرجاکرکنبہ کے افرادسے ملاقات کی اورانہیں ہرممکن تعاون اورامدادکی یقین دہانی کرائی۔دورے کے دوران پولیس ٹیموں نے مہلوک جوانوں کے افرادخانہ کے ساتھ مختلف مسائل زیربحث لائے اورانہیں یقین دلایاکہ جموں وکشمیرپولیس آپ کے مسائل کے نپٹارہ کیلئے ہرممکن کوشش کرے گی۔اس دوران یہ بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ مسائل کووقت مقررہ کے اندرنمٹایاجائے گا۔اس دوران مہلوک جوانوں کے کنبوں میں روزمرہ ضروریات کاسامان بھی تقسیم کیاگیا۔
مینڈھرمیں صحافیوں کااجلاس
پریس کلب مینڈھرکا قیام عمل میں لانے کامطالبہ
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
مینڈھر//پریس کلب مینڈھر کے زیراہتمام مختلف میڈیااداروں سے وابستہ صحافیوں کی میٹنگ منعقد کی گئی ۔اس دوران میٹنگ کی صدارت سبھاش چندربالی نے کی۔اس موقعہ پر پریس کلب مینڈھرکے تمام ممبران نے ورکنگ جرنلسٹس کودرپیش مسائل پیش کئے ۔انہوں نے کہاکہ مینڈھر کے مقامی صحافیوں کو کئی قسم کی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماراسب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ مینڈھر کے اندر انتظامیہ کی طرف سے اس وقت تک صحافیوں کے بیٹھنے کی کوئی بھی کوارٹر نہیں دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کوفوری طورپرمینڈھرمیںپریس کلب کے قیام کوعمل میں لاناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ مینڈھرایک سرحدی تحصیل ہے جہاں پرصحافیوں کوعوامی مسائل اجاگرکرنے میں دشواریاں جھیلناپڑتی ہیں۔مقررین نے کہاکہ اگر مینڈھر میں پریس کلب قائم کیاجائے گاتولوگ اپنے مسائل بہ آسانی میڈیاکے سامنے رکھ سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کوسب سے پہلے صحافیوں کیلئے ایک کوارٹرکابندوبست کرناچاہیئے جہاں پرصحافی بیٹھ پرپیشہ وارانہ ذمہ داریوں کوانجام دے سکیں۔اس موقعہ پر پریس کلب کے صدر جاوید اقبال نے تمام مسائل سننے کے بعد یقین دلایا کہ پریس کلب کے قیام کامعاملہ متعلقہ انتظامیہ سے زیربحث لائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ مینڈھر کے اندر ضلع راجوری کی طرزپر پریس کلب کا قیام عمل میں لانے کی ضرورت ہے اوراس کیلئے جدوجہدکی جائے گی ۔انھوں نے میڈیا سے وابستہ تمام ساتھیوں سے ایمانداری سے کام کرنے کی تلقین کی۔ان کاکہنا تھا کہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے سرحدی علاقہ کا خاص خیال رکھا جائے اور سرحد پر بسنے والے لوگوں کی پریشانیوں کواُجاگرکیاجائے ۔ انھوں نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ سب ڈویژن مینڈھر سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کیلئے جلد از جلدپریس کلب کا قیام عمل میں لاکرصحافیوں کی پریشانیوں کاازالہ کیاجائے۔اس موقعہ پر ناظم علی منہاس،تعظیم حسین شاہ،طارق خان انقلابی،راہی کپور،رونی چندن، داعود خان،اعجاز کوہلی،ونود دتہ کے علاوہ کئی صحافیوں نے خیالات کااظہارکیا۔
ایچ آئی وی ایڈز سے متعلق بیداری وتربیتی پروگرام
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
راجوری //جموں وکشمیرایڈس کنٹرول سوسائٹی،محکمہ صحت کے اشتراک سے نہرویوواکیندرا سنگھٹن بلاک بدھل میں ایچ آئی وی سے متعلق ایک بیداری وتربیتی پروگرام کاانعقادکیاگیاجس میں معلوماتی سیشن کے دوران 60سے زائد ڈیلی گیٹوں نے حصہ لیا۔اس موقعہ پر سماجی کارکن وکرانت شرما چیف ریسورس پرسن اورڈاکٹرعمران ملک ریسورس پرسن کی حیثیت سے موجودتھے۔انہوں نے ایڈس کی وجوہات ،اثرات اوراحتیاطی تدابیرکے بارے میں شرکاکوجانکاری دی۔اس کے علاوہ ڈاکٹرعمران ملک نے ڈیلی گیٹوں پرزوردیاکہ وہ ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام کیلئے تمام تروسائل کوبروئے کارلائیں اورسماج میں اس بیماری کی علامت اوروجوہات کے بارے میں جانکاری عام کی جائے۔اس موقعہ پر عاقب نذیر ،سجاداحمد نے بھی خیالات کااظہارکیا۔
گنائی ومصباحی کی وقف کونسل میں رکنیت کاخیرمقدم
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
پونچھ//پونچھ کے لوگوں نے سابقہ ممبر قانون ساز کونسل ڈاکٹر شہناز گنائی اور مفتی فاروق مصباحی کو ریاستی وقف کونسل میں رکنیت ملنے کاخیرمقدم کرتے ہوئے اسے انتظامیہ کادانشمندانہ فیصلہ قراردیاہے۔اس سلسلے میں پونچھ کے مختلف علاقوں کے سرپنچوں پنچوں اورمعززین نے گورنرانتظامیہ کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ اس فیصلہ سے پونچھ کونمائندگی ملی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر شہنازگنائی نے بحیثیت رکن قانون سازکونسل عوام پیرپنچال کی بہبودکیلئے شاندارکام انجام دیئے ہیں اورامیدہے کہ وقف کونسل میں رکنیت ملنے سے وہ مزیدکام کریں گی۔منظور احمد،آفتاب احمد،عبدال احد،طارق احمد،بشیر احمد،عبدل مجید ودیگرلوگوںنے کہا کہ ڈاکٹر شہناز گنائی و مفتی فاروق مصباحی کوعوام کی خدمت کیلئے موقعہ ملناباعث افتخارہے۔
مرکزی حکومت کے قول وفعل میں تضاد:تانترے
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
منڈی// جماعت اسلامی پر پابندی عائدکرنے کے فیصلہ کے سلسلہ میںمرکزی سرکارکے قول وفعل میں تضادپایاجاتاہے۔ان خیالات کااظہار سابق ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وادی میں جماعت اسلامی پر مرکز کی طرف سے پابندی عائد کرنا حکومت کو ہر طرح سے بے سود ثابت ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نریندرمودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے ملک کو جس قدر نقصان پہنچایا ہے اتنا کسی ملک دشمن نے بھی ہندوستان کو اتنانقصان نہیں پہنچایاہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست میں بلدیاتی پنچایتی اور پارلیمانی انتخابات ہو سکتے ہیں تو اسمبلی انتخابات کیوں نہیں ہو سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی کا کہنا ہے کہ حریت اور پاکستان ریاستی انتخابات کے حق میں نہیں ہیں لیکن وہ خود بھی انتخابات کے حق میں کہاں ہیں ۔ان کے مطابق اگر ریاست جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات نہیں ہونگے تو علیحدگی پسندوں کیجماعت اسلامی جو کہ ایک اسلامی تنظیم ہے پر قدغن لگا ناطاقت کی پالیسی ہے لیکن مرکزی حکومت اپنے مذموممنصوبوں میں کامیاب نہیں ہوگی۔ تانترے نے کہا کہ بی جے پی سرکار نے ریاست جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے اپنے منصوبوں کو کامیاب کرنے کی بہت کوشش کی لیکن محبوبہ مفتی کی قیادت میں وہ ان غلط منصوبوں میں کامیاب نہیں ہوئے۔ تقریب کے دوران چوہدری فاروق احمد بجاڑ شکیل احمد خان کو پونچھ پی ڈی پی بلاک صدر ،منظور احمد کو نائب زونل صدر نامزدکیاگیا۔اس دوران تقریب میں ششم ڈار ،تنویر احمد کے علاوہ متعدد لوگوں نے حصہ لیا۔