مزید خبریں

رام بن سڑک حادثہ

گورنر نے اِنسانی جانوں کے زیاں پر رنج و غم کا اِظہار کیا

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے کُھنڈا را م بن میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں اِنسانی جانوں کے زیاں پر رنج و غم کا اِظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی پیغام میں گورنر نے مرنے والوں کے ابدی سکون کے لئے دعا کرتے ہوئے غمزدہ کنبوںسے ہمدردی کا اِظہار کیا ہے ۔اُنہوں نے زخمیوں کی فوری صحتیابی کے لئے بھی دعا کی ہے۔گورنر نے اِنتظامیہ کو زخمی افراد کو بہتر طبی نگہداشت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
  
 

کے کے شرما 19؍ مارچ کو جموں میں عوامی وفود سے ملیں گے

جموں//گورنر کے مشیر کیول کمارشرما 19؍مارچ 2019ء ( منگلوار) کو صبح ساڑھے 9بجے سے ساڑھے 11بجے تک گریوینس سیل کنونشن سینٹر ،کنال روڑ جموں میں عوامی وفود سے ملیں گے۔ایسے عوامی وفوداور افراد جنہوں نے مشیر موصوف سے ملنے کے لئے پہلے ہی اپنے ناموں کا اندراج کرایا ہے سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی شکایات اور معاملات کے ازالے کے لئے کنونشن سینٹر پہنچ جائیں۔
 
 
 

بٹوال ویلفیئر ایسوسی ایشن کی حلف بردادی تقریب منعقد

نیوز ڈیسک
جموں //جموں وکشمیر بٹوال ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے گاندھی نگر میں ایسوسی یشن کے یوتھ صدر کی حلف برداری کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا ۔ایسوسی ایشن الیکشن کمیشن کی قیادت میں منعقدہ تقریب میں جموں وکشمیر یوتھ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر وریندر پال لکھو ترہ سے عہدے کا حلف لیا گیا۔اس موقعہ پر بٹوال ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کہاکہ ایسوسی ایشن میں نوجوانوں کی آمد سے بٹوال طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے یکجا ہو کر کام کیا جاسکے گا ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ یوتھ ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر اپنی خدمات بہترانداز میں انجام دینے میں کامیاب ہو سکیں گے ۔اس موقعہ پر آر ایل کیتھ ،رومیش سوگوترہ ،گنی رام کیتھ ،بلدیو چند سدھو ،جتیندر پال لکھوترہ ،منگہ رام لکھوترہ ودیگران بھی موجودتھے ۔
 
 

بیک وارڈکلاسز مہاسبھا کا منڈل کمیشن سفارشات لاگو کر نے کا مطالبہ 

جموں//جموں وکشمیرسٹیٹ بیکورڈکلاسزمہاسبھا نے ریاستی اور مرکزی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پسماندہ طبقہ کی اقتصادی حالت بہتر بنانے کیلئے منڈل کمیشن سفارشات کو جلداز جلد لاگو کیا جائے ۔اس سلسلہ میں مہاسبھا کا اجلاس تنظیم کے کنوینر چوہدری بنسی لال کی صدارت میں منعقدہواجسمیں مقررین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر میںبیکورڈطبقہ کے ساتھ گزشتہ 72سالوں سے ناانصافی کی جارہی ہے ۔مقررین نے کہاکہ سپریم کورٹ آف انڈیا منڈل کمیشن سفارشات کے تحت ریاست کے اندربیکورڈطبقات آبادی کومنڈل رپورٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ریاست کے اندرسرکارنے جبراً سٹیٹ کمیشن فاربیکورڈکلاسزکے اندرترمیم کرکے ایک سازش کے تحت سٹیٹ بیکورڈ کلاسزطبقات آبادی کوبری طرح نظرانداز کیاہے ۔اس کمیشن میں پسماندہ طبقہ کے ممبرنہیں لئے ہیںجبکہ ان لوگوں کوتعینات کیاہے جولوگ اس زمرے میں آتے ہی نہیں ہیں ۔بیکورڈکمیشن چیئرمین شری جیت لال ممبرشری انکارسیٹھ ،ممبرشری بی کے گپتا، یہ تینوں ممبران اپرکاسٹ سے ہیں۔منڈل کمیشن رپورٹ یہ کہتی ہے کہ سٹیٹ کمیشن فار بیکورڈکلاسزکے اندربیکورڈکلاسزطبقات آبادی کے ممبرہونے چاہیے۔مقررین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس طبقہ کو ایک سازش کے تحت نظر انداز کیا جارہاہے ۔ مقررین نے کہاکہ بیکورڈ طبقہ سے نہ ہی کونسل اورنہ ہی ایم ایل سی کیلئے کسی فرد کو شامل نہیں کیا جا تا اور اسی طرح سے طبقہ کی جانب سے گزشتہ کئی برسوں سے 27فیصد ریزرویشن کی مانگ کی جارہی ہے جس کو نظر انداز کیا جارہاہے ۔مقررین نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس طبقات آباد ی کے پریشانیوں اورمسائل کوسن کر ان مدعوں کافوری طورحل نکالاجائے ۔ریاست کے اندر 27فیصد ریزرویشن فوری طوردی جائے ۔سٹیٹ بیکورڈکمیشن کے اندر فوری طوراس طبقات آبادی کے ممبرتعینات کئے جائیں۔ریاست کے اندراس طبقات آبادی کے ایم ایل سی بنائے جائیں تاکہ یہ لوگ بھی وہاں جاکراپنی نمائندگی کرسکیں اوریہ طبقات بھی آئین ہند سے ملنے والی مراعات سے مستفیدہوسکیں۔میٹنگ میں حصہ لینے والوں میں سردارسوچیت سنگھ،کستوری لال بسوترہ ،مدن لال بلڈوترہ ،کلدیپ راج چلوترہ، رحیم دین ملک ، کرتارگاندھی، مختیارکالیا ، سمترا دیوی، راکیش ورما، موہن لال پوار، مدن لال چلوترہ ودیگران شامل تھے۔
 
 
 

’پریاس ‘نامی این جی او نے نئی باڈی تشکیل دی 

جموں //پریاس نامی این جی او کے رضا کاروں کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس کے دوران تنظیم کی نئی باڈی تشکیل دی گئی ۔نئی تشکیل شدہ باڈی میں رنکو شرما کو نیا صدر منتخب کیا گیا جبکہ رجت شرما کو نائب صدر نامزد کیا گیا ۔ان کے علا وہ سنجیو انند ،سہیل شرما ،مکیش کمار ،سویم بالی ،روہت شرما ،پروین شرما ،سمت ڈوگرہ کو بھی نئی باڈی میں شامل کیا گیا ہے ۔نئی باڈی تشکیل دینے کے بعد اراکین نے فلاحی کاموں میں بہترین خدمات انجام دینے کا عزم ظاہر کر تے ہوئے حلف بھی لیا ۔
 
 
 

"شاہ فیصل اپنی جماعت کے نام میں منا سب ترمیم کریں ــ"

جموں کشمیر پیپلز مومنٹ 20برس سے سرگرم:شاہد سلیم

جموں//سینئر حریت لیڈر اور جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کے چیرمین میر شاہد سلیم نے سابق بیورکریٹ ڈاکٹر شاہ فیصل پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے لگ بھگ 20برس سے جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کے نام سے سرگرم سیاسی تنظیم کا نام سے ایک نئی انتخابی تنظیم کا اعلان کر کے سنگین ضابطہ شکنی اور غیر اخلاقی فعل کا ارتکا ب کیا ہے ۔ میر شاہد سلیم نے اخبارات کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کہا جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کا قیام اپریل 2000ء میں عمل میں لایا گیا تھا ۔جس کا مقصد جموں کشمیر  کے سیاسی مسئلے کا پرامن اور پائدارحل تلاش کرنے کے لئے کام کرنا تھا۔ انہوں نے کہا اپنے معرضِ وجود میں آنے کے فوراً بعد اس تنظیم نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی رکنیت حاصل کر لی اور آج بھی یہ تنظیم کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلسِ شوری ٰ کی رکن ہے۔ انہوںنے کہا ڈاکٹر شاہ فیصل کے لئے جو اعلیٰ معیار اور ضابطہ اخلاقیات پر زور دیتے رہتے ہیں کسی دوسرے شخص کی اختراح یا جماعت کا نام اختیار کرنا سرا سر ایک غیر مناسب فعل ہے۔ جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کے چیرمین نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں گزشتہ روز ڈاکٹر شاہ فیصل سے رابطہ کر کے انہیں اپنی نو تشکیل شدہ جماعت جس کا اجراء ابھی ہونا تھا کے نام میں ضروری ترمیم کرنے کی گزارش کی تھی تا کہ غیر ضروری ابہام سے بچا جا سکے اور انہوں ٹیلیفوں پر اس سلسلے میں یقین دہانی بھی کروائی تھی۔لیکن اس سب کے باوجود انہوں نے جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کے نام سے پارٹی تشکیل دے کر نہایت ہی غیر صحت مند روایت قائم کی ہے۔ میر شاہد سلیم نے کہا اگر انہوں نے اگلے چند دنوں کے دوران پارٹی نامن کلے چر میں ضروری ترمیم نہیں کی تو وہ اپنے اس دعوے کے حق میں دلائل پیش کرنے کے لئے پریس کے سامنے آئیں گے۔انہوں نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر فیصل جیسا شخص کیوں کر اس حقیقت سے نابلد ہو سکتا ہے کہ جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کے نام سے پہلے ہی ایک جماعت سرگرم عمل ہے۔
 
 
 

 مسلم پرسنل لا بورڈ جموں اور سانبہ نے نیوزی لینڈ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا

جموں// ادارہ اسلامیہ فاطمہ الزہرا کے بانی اور سرپرست اعلی و صوبائی صدر مسلم پرسنل لا بورڈ جموں مولانا مفتی نذیر احمد قادری نے نیوزی لینڈ میں مسجد میں شہید ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پورا عالم اسلام اس وقت غمزدہ کمبوں کے ساتھ ان کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔ مفتی موصوف نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک اور بزدلانا واقعہ ہے جس کی جیتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گرد نے نہتے مسلمانوں کا خون بہہ کر بہت بڑا ظلم کیا ہے ۔مفتی موصوف نے کہاکہ اب وقت آ چکا ہے کہ تمام ممالک مل کر آپس میں ایک ایسا لائحہ عمل تیار کریں جس سے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔ دہشت گردی تمام ممالک کے لئے ایک ناسور بن چکی ہے جس کا خاتمہ کرنا ازحد ضروری ہوچکا ہے ۔اس موقعہ پر شہیدوں کی مغفرت کیلئے دعا بھی کی گئی ۔اسی طرح مسلم پرسنل لا بورڈ  ضلع سانبہ کے صدر الحاج محمد فرید پھابڑا نے نیوزی لینڈ میں مسجد میں ہوئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس حملے سے پوری دنیا کے مسلمان غمزدہ ہو ئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی پوری دنیا کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکی ہے جس کو جڑ سے ختم کر نے کیلئے آپسی اتحاد او ر معقول پالیسی کی اشد ضروری ہے ۔پھامڑا نے اپنے تعزیتی پیغام میں مسجد میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے حق میں دعا مغفرت بھی کی ۔