مزید خبریں

مینڈھر سیکٹر میں فائرنگ وگولہ باری کاتبادلہ 

جاوید اقبال

مینڈھر//مینڈھر میں ایک بارپھر ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواہے تاہم اس دوران کسی طرح کاجانی نقصان نہیںہوا۔ ذرائع نے بتایاکہ مینڈھرسیکٹرمیں پاکستانی فوج نے ہندو پاکستانی فوج کی سرحدی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے زور دار فائرنگ اورگولہ باری کی اور یہ سلسلہ لگ بھگ آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دن کے 3بج کر 45منٹ پر فائرنگ اور گولہ باری جس کا بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا ۔گولہ باری کی آوازیں دور دور تک سنائی دیں جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہوا اور وہ اپنے گھروں میں ہی محصور ہوکر رہ گئے ۔تاہم اس دوران کسی طرح کاکوئی جانی نقصان نہیںہوا۔
 
 

انتخابات کیلئے  گرفتاریاں بے سود صحرائی 

سرینگر//تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی  نے مجوزہ پارلیمانی انتخابات کے بارے میں کہا کہ انتخابات کے انعقاد کے لئے سینکڑوں لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور طلباء کے کئیریر کو تباہ و برباد کیا جارہا ہے ۔انھوں نے وادی کے طول و عرض میں گرفتاریوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا شمال و جنوب میں پکڑ دھکڑ اور نوجوانوں پر پی ایس اے جیسے کالے قوانین کے اطلاق سے جوانوں کی زندگیاں اجیرن بنائی جارہی ہیں اور انہیں مسلسل ذہنی عذاب کا شکار بنایا جارہا ہے ۔
 
 

تعلقات میں طویل جمود ختم ہونے کی امید:پاکستانی ہائی کمشنر 

نئی دلی// بھارت میں مقیم پاکستانی ہائی کمشنر نے کہاہے کہ انہیں امید ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں پائے جارہے طویل جمود کا خاتمہ قریب ہے ۔انہوں نے ونگ کمانڈر ابھینندن کی رہائی ،دو ہائی کمشنروں کی واپس اپنے اپنے مقامات پر تعیناتی اور کرتار پور کاری ڈور کے معاملے پر باہمی مذاکرات خوش آئند امور ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان تعطل شدہ تعلقات پھر بحال ہونگے ۔نئی دلی میں یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر پاکستان سہیل محمود کا کہنا تھا کہ زبردستی کے اقدامات پہلے بھی کامیاب نہیں ہوئے اور آئیندہ بھی اس سے کوئی فائدہ نہیں ملے گا۔اگر دونوں ممالک کو باہمی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ تعمیر وترقی میں آگے بڑھنا ہے تو ہمیں بات چیت کا ہی راستہ اختیار کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ حالیہ سرحدی کشیدگی اور تنائو تعلقات میں خلاء کے باعث سامنے آیا جس نے خطے کو ایک خطرے سے دوچار کردیا تھا ۔
 
 

سوپور میں تمام تعلیمی ادارے آج بند رہینگے

سوپور//غلام محمد//سوپور میں آج یعنی سنیچر کو تمام سرکاری اورنجی تعلیمی ادارے بند رہینگے۔سرکاری اہلکاروں کا کہنا ہے موجودہ نامساعد حالات کے پیش نظر تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے آج یعنی 23مارچ کو بند رہینگے۔ 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

جاں بحق جنگجوئوں کو صحرائی اور حریت (ع) کا خراج عقیدت 

 سرینگر// تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی اور حریت (ع) نے حاجن ،بانڈی پورہ،کلنترہ بارہمولہ اور شوپیان میں معرکہ آرائیوں میں مارے گئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ ایک بیان میں صحرائی شوپیان میں نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ  شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچایا جارہا ہے اور گرفتاریوں کا سلسلہ دراز کیا جارہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ صحرائی نے کہا کہ بزرگ ،جوان ، اسکالر ،دانشور ،علماء ،سیاسی قائدین و اراکین کو گرفتار کرکے وادی سے باہرکی جیلوں میں پابند سلاسل رکھا جارہا ہے ۔ادھر حریت (ع) نے بیان میںشوپیاں، حاجن بانڈی پورہ،وارہ پورہ سوپور اور کلنترہ بارہمولہ میں عسکریت پسندوں اور کمسن عاطف میر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ اب کمسن اور معصوم بچے بھی اس دیرینہ تنازعہ کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں جو کہ حد درجہ تشویشناک اور قابل افسوس ہے۔بیان میں شوپیاں میں نہتے اور پر امن مظاہرین کیخلاف طاقت کے استعمال کے نتیجے میں درجنوں افراد کے شدید طور زخمی کئے جانے کی کارروائی کی بھر پور الفاظ میں مذمت کی گئی۔
 
 
 
 

امداد ِ باہمی محکمہ کے ایڈیشنل سیکریٹری فوت

گورنر کااظہار رنج 

جموں//امداد باہمی محکمہ کے ملازمین نے جے اینڈ کے کوآپریٹیوز محکمہ کے ایڈیشنل سیکرٹری سرجیت سنگھ کے اچانک انتقال پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اِظہار کیا ہے۔اِس سلسلے میں سیکرٹری کوآپریٹیوز کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی ۔اِس دوران آنجہانی کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی گئی ۔ملازمین نے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اِظہار کیا۔ادھر گورنر ستیہ پال ملک نے کواپریٹوز کے ایڈیشنل سیکرٹری سرجیت سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ گورنر نے آنجہانی کی روح کی شانتی کیلئے دعا کرتے ہوئے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی ہے ۔ 
 
 

جمعیت علماء اہلسنت والجماعت کااظہار رنج 

سرینگر// جمعیت علماء اہلسنت والجماعت نے ضلع کشتواڑ کے معروف قاری بدرالدین کے انتقال پر خراج عقیدت پیش کیاہے۔جمعیت علماء کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے کہاکہ قاری بدرالدین شیر کشمیر میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ میںکچھ دنوں سے زیر علاج تھے اور20مارچ بدھوار کو فوت ہوگئے۔
 
 

معروف تاجرشیخ مختار احمد کانتقال

فاتحہ خوانی اتوار کو ہوگی

سرینگر// سرینگر کے مشہور و معروف تاجر Shawls*  Alagاور Tiles  Noor * کے مالک (Chairman) شیخ مختار احمد کا اچانک کل دہلی میں انتقال ہوا۔ موصوف کافی خوش خلق اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے۔ علاقہ عمر کالونی لعل بازار سے موصوف کا تعلق تھا اور پورے علاقے میں موصوف مرحوم کا شمار با اثر اور نیک اشخاص افراد میں شمار کیا جاتا تھا۔ مرحوم کا چہارم اور اجتماعی فاتحہ خوانی اتوار کوانکے آبائی مقبرہ واقع کرفلی محلہ حبہ کدل میں صبح ساڑھے 10بجے  انجام دیا جائے گا۔
 
 
 
 

امرناتھ یاترا :ترقیاتی کمشنر گاندربل نے انتظامات کاجائزہ لیا

گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل حشمت علی خان نے منی سیکریٹریٹ میںمنعقدہ آفیسران کی ایک میٹنگ میں امرناتھ جی یاترا کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر کو یکم جولائی سے شروع ہونے والی یاترا کی مناسبت سے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔میٹنگ کے دوران یاتریوں کے لئے طبی سہولیات،پینے کے پانی،ٹرانسپورٹ،بجلی،مواصلات،کنٹرول روم کے قیام اور اشیأ خوردنی کے علاوہ دیگر سہولیات کی دستیابی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔جب کہ بال تل بیس کیمپ اوراس کے گردونواح میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے پر بھی زوردیا گیا۔اس دوران ترقیاتی کمشنر نے ایس ایس پی گاندربل سے سلامتی اقدامات کی مناسبت سے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ترقیاتی کمشنر نے یاترا کے احسن اورخوش اسلوبی سے انعقاد کے لئے آفیسران کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی ،اے ڈی سی،ایس ڈی ایم کنگن اوراے سی آر گاندربل کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔
 
 
 
 
 
 
 

لوک سبھا چنائو2019: جموں میںرائے دہندگان کیلئے جانکاری کیمپ کاانعقاد

ریاست کی مجموعی ترقی کیلئے حق رائے دہی کا استعمال کریں:چیف الیکٹورل افسر

جموں//الیکشن کمیشن آف انڈیا ( ای سی آئی ) اور جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ( جے سی سی آئی )کی جانب سے رائے دہندگان کے لئے ایک جانکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ا س موقعہ پر ریاست کے چیف الیکشن آفیسر شیلندر کمار مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔پروگرام میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر جموں رومیش کمار ، چیئرمین جے اینڈ کے کسان کونسل راجیش شرما ، جے سی سی آئی کے صدر راکیش گپتا، سینئر نائب صدر راجیش گپتا ، سیکرٹری جنرل مہیش گپتا اور دیگر کئی شخصیات موجود تھیں۔اس موقعہ پر چیف الیکشن آفیسر نے کہا کہ رائے دہندگان کوووٹنگ کے بارے میں جانکاری دینے اور اُنہیں متحرک کرنے کے لئے اس طرح کے پروگرام سود مند ثابت ہوتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ووٹروں کو ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جانکاری فراہم کرنے کے لئے اس طرح کے پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں اینڈ رائیڈ پر سی۔ وی آئی جی آئی ایل نامی ایک ایپ بھی متعارف کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ا س ایپ کے ذریعے تصویریں کھینچی جاسکتی ہیں اور ویڈیو بھی ریکارڈ کیا جاسکتا ہے ۔اس موقعہ پر لوگوں کے شکوک و شبہات دور کرنے اور ان کے استفسارات کے جواب دینے کے لئے ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی بھی دستیاب رکھے گئے تھے۔چیف الیکشن آفیسر نے لوگوں نے اپیل کی کہ وہ ریاست کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔
 
 
 

ضلع چنائو آفیسر بڈگام نے تیاریوںکا جائزہ لیا

ؓبڈگام//ضلع چنائو آفیسر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے ضلع آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران ضلع میںآنے والے لوک سبھا چنائو کے لئے تیاریوں کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں اے ڈی سی،ڈپٹی ڈی ای او ،اے سی ڈی،اے سی آر،ایس ڈی ایمز ،ڈی آئی او اورتحصیلداروں کے علاوہ اے آر اووز اورتمام نوڈل آفیسران نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ڈی ای او نے متعلقہ آفیسران پر پولنگ اسٹیشنوں میںکم سے کم بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زوردیا۔انہوںنے تحصیلداروں اوراے آر اووز کو اپنے متعلقہ حدود میں پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرکے اوروہاں اے ایم ایف کی دستیابی کاجائزہ لینے کی ہدایت دی۔ڈی ای او نے وومن پولنگ اسٹیشن،ماڈل پولنگ اسٹیشن کے قیام اور پولنگ عملے کے لئے بورڈنگ اورلاجنگ سہولیات کابھی جائزہ لیا۔انہوںنے چنائو عمل کے دوران ضوابطہ اخلاق کی من وعن عمل آوری کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی تاکہ چنائو کا احسن اور خوش اسلوبی سے انعقاد یقینی بن سکے۔
 
 

ڈی ای او کپوارہ کا پولنگ اسٹیشنوں میںکم سے کم سہولیات کی دستیابی پرزور

کپوارہ//ڈی ای او کپوارہ انشل گرگ کی صدارت میں منعقدہ آفیسران کی ایک میٹنگ میں ضلع میںپولنگ اسٹیشنوں میں دستیاب کم سے کم سہولیات کی دستیابی کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں اے ڈی سی ،چیف ایجوکیشن آفیسر اور ڈی ایس ای او کے علاوہ مختلف محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئر بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر چیف ایجوکیشن آفیسر کپوارہ نے سہولیات کی دستیابی سے متعلق تمام پولنگ اسٹیشنوں کے بارے میں ویری فکیشن رپورٹ پیش کی۔ڈی ای او متعلقہ ایجنسیوں کو ضلع بھر کے تما م پولنگ اسٹیشنوں میںمقررہ مدت کے اندر اندر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اس دوران ڈی سی آفس کمپلیکس میںلوک سبھا چنائو کے سلسلے میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی پہلے مرحلے کی رینڈومائزیشن کی گئی۔اس موقعہ پر ضلع چنائو آفیسر اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی ڈی ای او نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی رینڈومائزیشن کا مقصد چنائو عمل کے آزادانہ اورمنصفانہ انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔
 
 
 

 ’ذہنی تناو اور مراقبہ‘

  بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں2 روزہ ورکشاپ اختتام پذیر

راجوری//باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے شعبہ تعلیم میں ’ذہنی تناواور مراقبہ‘ کے موضوع  پر 2روزہ ورکشاپ اختتام پزیدہوا جس میں صدر شعبہ اور ڈین سٹوڈنٹس ویلفیئر  پروفیسر جی ایم ملک نے مذکورہ موضوع کے بارے میں اپنا بصیرت افروز کلیدی خطبہ پیش کیا ۔انھوں نے طلبہ وطالبات کو اپنا مستقبل روشن بنانے کی تلقین کی اور ایک مہذب اور ذمہ دار شہری بننے پر زور دیا۔  اس کے بعد ڈاکٹر نسیم گل اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اسلامک اسٹڈیز اور ڈاکٹر محمد اعظم اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ عربی نے ذہنی تناو کی وجوہات اور اس سے نجات پانے کے بارے میں اپنے مخصوص دلائل پیش کیے اور طلبہ وطالبات کو چند مفید باتوں پر عمل کرنے کی تلقین کی ۔ڈاکٹر نسیم گل نے پہلے روز کے خطبے میں فرمایا کہ دراصل نئی نسل انسانی اقدار وروایات کا پاس ولحاظ نہ رکھتے ہوئے زندگی کا سفر طے کرنا چاہتی ہے جو ناممکن ہے ،جب اخلاقی وروحانی قدروں کو نوجوان پس پشت ڈال کر زندگی گزارنے کی سعی کریں گے تو اس کا لازمی نتیجہ ذہنی انتشارہوگا۔ لہذا منشیات کے عادی اذہان ہرگز ترقی نہیں کرسکتے بلکہ تنزل اور بداخلاقی ان کی زندگی کاحصہ بن سکتی ہے اس لیے مراقبہ یعنی یاد الٰہی میں اپنے شب وروز گزارنے سے ذہنی تناو سے بچا جاسکتا ہے۔ڈاکٹر محمد اعظم نے فرمایاکہ ذہنی تنائو میں زیادہ تر وہ طلبہ وطالبات گرفتار ہوتے ہیں جو احساس کی دولت سے عاری ہوتے ہیں اور جن میں خود اعتمادی کی کمی پائی جاتی ہے ۔انھوں  نے  ذہنی تناو کی وضاحت کی اور پھر اس بات پر طلبہ کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ اوصاف حمیدہ اپنے اندر پیدا کریں تاکہ وہ کسی بھی بُری عادت میں ملوث نہ ہوں ۔انھوں نے اپنے کئی ذاتی تجربات ومشاہدات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ ذہنی تناو کسی بھی مسلے کاحل نہیں ہے لہذا زیرتعلیم طلبہ کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مراقبے کو اہمیت دیں تاکہ ان کا ذہن ادھر اُدھر نہ بھٹکے ۔اس دوروزہ ورکشاپ میں عملی طور پر طلبہ وطالبات کو مراقبے کی مشق کروائی گئی  جسے اساتذہ اور طلبہ وطالبات نے کافی مفید خیال کیا ۔اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی ایک کثیر تعداد اس ورکشاپ کا حصہ بنی ۔اس  ورکشاپ کی رابطہ کارمس رافعہ خان نے مہمانوں ،اساتذہ اور طلبہ وطالبات کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی تناو زندگی سے مایوسی کا دوسرا نام ہے اور اچھے اوصاف کو اپنانا کامیاب زندگی کی  دلیل ہے۔ 
 
 

نوروز عالم کی مناسبت سے گانگو پلوامہ میں تقریب 

علماء کرام نے حضرت علی ؑ کی سیرت پاک پر روشنی ڈالی 

سید اعجاز

پلوامہ //نورز عالم کی مناسبت سے گانگو پلوامہ میں قائم اسٹوڈنٹس ایسو سی ایشن کی طرف سے ولادت باسعادت امیرالمومنین علی ابن ابی طالب ؑ کی امام بارگاہ میں عظیم الشان اجتماع کا اہتمام ہواجس میں علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران پروگرام میں علما ء نے اس دن کی مناسبت سے تفصیلاً روشنی ڈالی ۔اس موقعہ پرحجتہ الاسلام مولانا شیخ غلام حسین متو نے امام علی ؑ کے جینے کے انداز پر تفصیلی روشنی ڈالی اور نوجوانوں سے تاکید کی کہ وہ امام علی ؑکے جینے کے انداز کو زندگی کے ہر شعبے میں اپنائیں اوردنیا اور آخرت میں کامیابیوں سے ہمکنار ہوجائیں۔ جبکہ حجتہ الاسلام مولانا شیخ غلام رسول نوری نے حضرت علی ؑکے کمالات پر وسیع خطبہ دیکراُن کے علمی کمالات، شجاعت اور روحانی کمالات سے لوگوں کو روشناس کیا۔ انہوں نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سیرت امیرالمو منین کو اپنا شعار بنا ئیں تاکہ دنیا کو پتہ چلے کہ امام علی ؑ کی شخصیت کیا تھی۔بعد میں گاوں کے ہونہار طالب علموں کو انعامات سے نوازا گیا جنہوں نے پچھلے سال دسویں اور بارہویں جماعت میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
 
 
 

 حضرت بلبل شاہ صاحبؒ اورحضرت شیخ احمد تاربلیؒکا عرس

اختتامی تقریبات پر بلبل لنکر نوا کدل اور تارہ بل میںمجالس آراستہ

سرینگر//بلند پایہ ولی کامل حضرت سید عبدالرحمان قلندر المعروف بلبل شاہ صاحبؒ کے عرس کی اختتامی تقریب پر اُن کے آستان عالیہ واقع بلبل لانکر نوا کدل میں کل نماز جمعہ پر ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد جس میں جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ہمدانی نے ماہ رجب کی فضیلت اور حضرت سید عبدالرحمان قلندر کے تاریخ ساز اسلامی خدمات ، روحانی کمالات پر واعظ فرماتے ہوئے کہا ،کہ ملک کشمیر کے لوگوں کو سب سے پہلے اسلام کی تعلیم سے منور کرنے میں حضرت بلبل شاہ صاحبؒ کا ہی ملی رول ہے ۔عرس کے دوران درود ازکار ، ختمات المعظمات اور مولود خوانی کی مجالس آراستہ ہوئیں ۔کل ہی شیخ المشایخ حضرت شیخ احمد تاربلی ؒ کے 239ویں عرس کی اختتامی تقریب بھی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں اُن کے آستانِ عالیہ واقعہ تارہ بل 14ایام کے دوران خطمات المعظمات، دور و ازاکار اور مولود خوانی کی روح پرور مجلس کا انعقاد ہوا۔
 
 

حناشفیع کی صدارت میں مختلف محکموں کے حکام کااجلاس

وسائل کے منصفانہ استعمال پر تبادلہ خیال

جموں//وائس چیئرپرسن جموں و کشمیر کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ ڈاکٹر حنا شفیع بٹ نے ریاست میں کار خانہ داری کے عمل کو بڑھاوا دینے کے لئے وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر زور دیا ہے۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار یہاں مختلف محکموں کے افسروں کی ایک میٹنگ میں کیا ۔میٹنگ میں ریاست میں دستیاب وسائل کو منصفانہ طور بروئے کار لانے سے جُڑے امور پر تبادلہ خیال کیا گیاتاکہ روزگا ر کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں۔میٹنگ میں پروجیکٹ ڈائریکٹر جے کے ایس آر ایل ایم ، اے آر  وار اور مختلف محکموں کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔وی سی نے منسلک محکموں کے افسروں پر زور دیا کہ وہ بورڈ کے ساتھ تال میل کریں تاکہ کاریگروں کی طرف سے تیار کی جانے والی اشیاء کے معیار میں بہتری لائی جاسکے اور کارخانہ داری کے جذبے کو تقویت حاصل ہوسکے۔اِس سے پہلے سیکرٹری جے اینڈ کے کے وی آئی بی راشد احمد قادری نے کہا کہ وسائل کو بہتر طریقے پر استعمال میںلانے سے کاریگروں کو فائدہ حاصل ہوگااور انہیں اپنی اشیاء کی بہتر قیمت حاصل ہوگی۔
 
 
 

 اردو صحافیوں کیلئے ورکشاپ،اردو زبان کی مقتدر شخصیات کیلئے یادگاری لیکچر

  جموں و کشمیراردو کونسل کے اجلاس میںاہم فیصلے لئے گئے

سرینگر//جموںو کشمیر اردو کونسل(رجسٹرڈ) کا ایک اہم اجلاس سرینگر میں منعقد ہوا جس کئی اہم فیصلے لینے کے علاوہ اردو زبان کے مقتدر اشخاص کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اجلاس کی صدارت کونسل کے صدر ڈاکٹر جاوید اقبال کی۔اجلاس کے ابتداء میں حال ہی میں فوت ہوئے اردو زبان کے مقتدر شخصیات جن میں پروفیسر حامدی کاشمیری اور پروفیسرظہور دین کے ادبی کارناموں کو زبردست سراہا اور اردو زبان وادب  کے حوالے سے ان کے کارناموں کی زبردست پذیرائی کی گئی اور ان کے حق میں یادگاری لیکچر جاری کرنے فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں اردو زبان  ادب و صحافت میں کارہاے نمایاں انجام دینے والے اشخاص سے ملنے اور ان کی حوصلہ افزائی  کا بھی فیصلہ کیا گیا اور اس  پروگرام کی ابتداء معروف بزرگ صحافی  شیدا صاحب کے ساتھ ملاقات سے کیا جائے گا۔ایک اور اہم فیصلے میں اردو صحافیوں کے لیے سرینگر میں ورکشاپ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں انجمن  اردوصحافت اور سنٹرل یونیورسٹی کشمیر سے بھی اشتراک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں اردو کونسل کے لئے سال بھر کے لئے مختلف پروگراموں کے حوالے سے ایک کلینڈر ترتیب دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ممبران نے کونسل کے نائب صدر پروفیسر رفیع آبادی کو سنٹرل یونیورسٹی میں ڈین کا عہدہ سمبھالنے پر مبارک باد بھی دی۔اجلاس میں کونسل کے صدر ڈاکٹر جاوید اقبال کے علاوہ نائب صدر پروفیسر حمید نسیم رفیع آبادی  جنرل سیکریٹری جاوید ماٹجی،آرگینازر عبد رشید ہانجورہ،شوکت احمد بٹ،جاوید کرمانی،شبیر ماٹجی،صوفی علی محمد،ناظم نذیر،روحی سلطانہ،عرفانہ امین،ظہور شاعر،پروفیسر مسعودی نجم دین وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
 
 
 
 

گورنرشکایتی سیل کی کارکردگی

 55195شکایات کا ازالہ کیا

جموں//جموں وکشمیر گورنر س گریوینس سیل کو20؍ جون 2018ء سے لے کر اب تک 55424 شکایات موصول ہوئیںجن میں سے 55195 شکایات ازالے کے لئے متعلقہ محکموں کو بھیج دی گئیں جبکہ 229شکایات زیرِ عمل ہیں۔اِس کے علاوہ گورنر کی ہدایات پر گورنر کے سبھی مشیر سری نگر اور جموں میںشیڈول کے مطابق عوامی درباروں اور میٹنگوں کے دوران لوگوں اور وفود کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے ہیں ۔بعد میں یہ شکایات متعلقہ محکموں کو بھیجی جاتی ہے تاکہ انہیں جلد از جلد حل کیا جاسکے۔
 
 

فضل محمود بیگ پیپلزس کانفرنس میں شامل

سرینگر// بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے نمایاں سیاسی کارکن فضل محمود بیگ پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہو گئے۔ پارٹی میں بیگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے سجاد لون نے کہا کہ وہ عوام کے فلاح و بہبود نیز زمینی سطح پر پی سی کی تبدیلی مہم کو تقویت پہنچانے کے لئے مخلص ہو کر کام کریں گے۔ اس موقعہ پر بارہمولہ پارلیمانی انتخابی حلقے سے پارٹی کے امیدوار راجا اعجاز علی اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے بیگ نے ترقی اور خوشحالی کے دور میں ریاست کو داخل کرنے کے حوالے سے پی سی کی قیادت پر مکمل بھروسہ ظاہر کیا نیز زمینی سطح پر عوام کو سیاسی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے کے تئیں کام کرنے کا عہد کیا۔
 
 
 

کانگریس کے سابق سٹیٹ سیکریٹری  عبدالاحد یتوپی ڈی پی میں شامل

سرینگر//سینئرسیاسی کارکن اورریاستی کانگریس کے سابق سٹیٹ سیکریٹری عبدالاحد یتو نے اپنے حامیوں کے ساتھ جمعہ کوپیپلزڈیموکریٹک پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اس موقعہ پر پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی بھی موجودتھیں۔ پٹن سے تعلق رکھنے والے یتوریاستی سیاست میں کافی سرگرم رہے ہیں اور گزشتہ تین دہائیوں کے دوران انہوں نے کئی انتخابات میں بھی اپنی قسمت آزمائی کی ۔اس دوران محبوبہ مفتی نے یتو کی پی ڈی پی میں شمولیت کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پٹن میں پی ڈی پی کی جڑیں مزیدگہری ہوجائیں گی۔