گاندربل میں ڈی ایل آر سی میٹنگ
۔ 15291یونٹوں کے قیام کیلئے397کروڑ روپے واگذار
گاندربل//ڈپٹی کمشنر گاندربل حشمت علی خان کی صدارت میں ڈی ایل آر سی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی گاندربل شفقت اقبال کے علاوہ ضلع انتظامیہ کے آفیسران اورنبارڈ کے کلسٹر ہیڈ اورگاندربل کے چیف پلاننگ آفیسر موجود تھے۔میٹنگ کے دوران لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر نے ضلع میں کام کررہے بنکوں کی کارکردگی اورڈسٹرکٹ کریڈٹ پلان 2018-19ء کے بار ے میں تفصیلی جانکاری دی ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کا کریڈٹ لے آئوٹ 645کروڑ روپے رہا ۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ بنکوں نے ضلع میں 15291یونٹ قائم کرنے کے لئے دسمبر2018ء کے آخر تک ڈی سی پی 2018-19ء کے تحت 397کروڑ روپے واگذار کئے ہیں جن میں سے 187کروڑ روپے 8857یونٹ قائم کرنے کے لئے استعمال ہوئے۔اس طرح ترجیحی سیکٹر میں 53فیصد حصولیابی درج کی گئی اور 209کروڑ روپے غیر ترجیحی زمرے کے تحت 6434یونٹ قائم کرنے کے لئے واگذار کئے گئے اوراس سیکٹر میں 160فیصد حصولیابی درج کی گئی۔ترجیحی سیکٹر میں زراعت اوراس سے منسلک شعبوں نے 41فیصد ،چھوٹے درجے کی صنعتوںنے65فیصد ،تعلیم کے شعبے میں 83فیصد اور مکانات کے شعبے میں 97فیصد حصولیابی درج کی گئی۔میٹنگ کے آخر میں سال2019-20ء کے لئے پی ایل پلان منظور کیا گیا۔
ڈگری کالج اننت ناگ میں قانونی جانکاری کیمپ منعقد
اننت ناگ//گورنمنٹ ڈگری کالج بائز اننت ناگ اورمحکمہ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے اہتمام سے منشیات سے متاثرین کے لئے ڈرگ ڈی ایڈیکشن اینڈ لیگل سروسز پر ایک روزہ قانونی اور جانکاری کیمپ منعقدہوا ۔اس موقعہ پر سیکریٹری ڈی ایل ایس اے محترمہ رافع حسن نے کہا کہ عام تاثر یہ ہے کہ منشیات سے متاثرین کو بہتر علاج اور تعاون سے اس بدعت سے چھڑایا جاسکتا ہے۔انہوںنے ڈی ایڈیکشن طریقہ علاج کی دستیابی اورلیگل سروسز اتھارٹی کے رول کو اجاگر کیا۔انہوںنے مزید کہا کہ ڈی ایل ایس اے اننت ناگ کی طرف سے ضلع بھر میں اس طرح کے مزید پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔پروگرام سے خطاب کے دوران پرنسپل جی ڈی سی بائز نے کہا کہ منشیات کی بدعت کو جانکاری پروگراموں اوربہتر علاج سے جڑ سے ختم کیاجاسکتا ہے۔محکمہ صحت ڈرگ ڈی ایڈیکشن سینٹر اننت ناگ کے ماہرین نے بھی پروگرام سے خطاب کیا۔
سوپورمیںاسمگلر گرفتار 50کوڈین بوتلیں ضبط
سوپور// پولیس نے سوپور میں ایک نوجوان کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے نشیلی ادویات کی50بوتلیں برآمد کرنے کا دعوی کیا۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔پولیس نے شمالی کشمیر کے سوپورعلاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران عامر اکبر میر منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے 50کے قریب میکس کاف اور کوڈین بوتلیں برآمد کرکے ضبط کیں۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔پولیس نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ منشیات فروشی کے ناجائز دھندے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔(کے این ایس)
دستکاریوں کی ترقی اور فروغ
گاندربل میں جانکاری کیمپ
گاندربل//منی سیکریٹریٹ گاندربل میںدستکاریوں کی ترقی اورفروغ کے لئے ایک جانکاری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ڈائریکٹر آف لائف لانگ لرننگ یونیورسٹی آف کشمیر نے ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس گاندربل کے اشتراک سے کیمپ کا انعقاد کیا ۔مہمان خصوصی پروفیسر این اے ندیم ڈین سکول آف ایجوکیشن سینٹر ل یونیورسٹی کشمیر نے پروگرام کا افتتاح کیا۔پروگرام کے انعقاد کا مقصد دستکاریوں اورعام لوگوں کو مارکیٹنگ اینڈ ڈیزائین ڈیولپمنٹ کے مختلف بہبودی پروگراموں اور سکیموںکے بارے میں جانکاری فراہم کرنا تھا۔پروگرام میں ڈائریکٹر ڈی ایل ایل یونیورسٹی آف کشمیر ڈاکٹر جی ایچ میر،جوائنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس،فنکشنل،منیجر ڈی آئی سی گاندربل اوردستکاری ماہرین کے علاوہ کرافٹ ڈیولپمنٹ انسٹچیوٹ سرینگر کے ماہرین بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر پروفیسر این اے ندیم نے وادی میں دستکاری کو فروغ دینے اور دستکاری کو فروغ دینے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔اس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس،فنکشنل منیجر،ڈی آئی سی گاندربل اور چیرمین پی ایچ ڈی نے بھی خطاب کیا۔
گاندربل میں پیپلز مومنٹ کی رکنیت سازی شروع
سرپنچ، پنچ اور متعدد لوگوں کی شمولیت کا دعویٰ
ارشاد احمد
گاندربل// پیپلز مومنٹ نے گنڈ،کنگن اور گاندربل میں نئے ممبروں کے لئے رکنیت سازی شروع کی ہے۔ ضلع گاندربل میں رکنیت سازی کا عمل پارٹی لیڈر شہلہ رشید کی سربراہی میں شروع ہوئی جس کے دوران گاندربل ضلع کے انچارج راجہ پرویز اور دیگر پارٹی کارکن تھے۔گاندربل کے کئی علاقوں سے متعدد افراد نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اس موقعہ پر گنڈ،کنگن اور گاندربل میں کئی وفود کے ساتھ موجود ہ صورتحال کے پس منظر میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے لوگوں کے مسائل اور مشکلات سنے۔ گنڈ میں لوگوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ امرناتھ یاترا کے دوران مقامی لوگوں کو کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے جس وجہ سے وہ بے روزگاری کا شکار ہوجاتے ہیں۔پچھلے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کے باوجود بھی ابھی تک ان کو معاوضہ ادا نہیں کیا جارہا ہے جس وجہ سے وہ گوناگوں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ۔اس موقعہ پر کئی علاقوں کے سرپنچ، پنچ سمیت دیگر مقامی لوگوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
آئی جی سی لاسی پورہ کو پلوامہ کی پہچان بنائیں
ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ کا صنعت کاروں پرزور
پلوامہ//ڈسٹرکٹ انڈسٹریز پلوامہ نے سِڈکو لاسی پورہ میں ضلع کے یونٹ ہولڈروں اور انٹرپرنیورس کی ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ کے ساتھ بات چیت کی ایک نشست کا اہتمام کیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے شرکاء پر زوردیا کہ وہ آئی جی سی لاسی پورہ کو ضلع پلوامہ کی ایک پہچان بنائیں۔انہوںنے کہا کہ ریاست اورضلع میںانڈسٹرئیل ایسٹیٹس کا ایک اہم رول ہے ۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ صنعت کاروں کو نہ صرف پائیدار روزگار فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہیںبلکہ صنعتوں کے قیام اورسرمایہ کاری کے لئے بھی ایک مناسب ماحول قائم کرنا چاہیے۔انہوںنے ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سینٹر پلوامہ،سِڈکو اوردیگر متعلقہ محکموں کو ریز آف ڈوینگ بزنس کی خاطر اپنا بھرپور رول نبھانا چاہیے۔اس دوران آئی جی سی لاسی پورہ ،کھریو اور چٹہ پورہ کے چیمبر آف انڈسٹریز کے نمائندوں نے بیمار صنعتوں کے احیائے نو پر زوردیتے ہوئے کہا کہ مرکزی اورریاستی معاونت والی سکیموں سے ان بیمار صنعتوں کی دوبارہ بحالی کے امکانات روشن ہوسکتے ہیں۔
شجرکاری مہم کے تحت گوٹلی باغ میں300پودے لگائے گئے
ارشاداحمد
گاندربل//ضلع گاندربل میں شجر کاری مہم کے تحت محکمہ جنگلات،سرکاری سکولوں اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ افرادنے مانسبل رینج میں 300 پودے لگائے۔سندھ فاریسٹ ڈویڑن،گورنمنٹ ہائی سکول،گورنمنٹ مڈل سکول پرنگ اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد نے مانسبل رینج کے کمپارٹمنٹ نمبر 37 گوٹلی باغ بلاک پرنگ میں 300 مختلف اقسام کے پودے لگائے۔اس موقع پر ڈویڑنل فاریسٹ آفیسر اویس احمد میر،ایس ایچ او گوٹلی باغ، پرنسپل ہائی سکول،سینکڑوں طلباء اور محکمہ جنگلات کے افسران سمیت دیگر عملہ تقریب پر موجود تھے۔ تقریب پر مقررین نے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا۔رواں سال عالمی شجرکاری مہم کا موضوع ’جنگلات و تعلیم‘ ہے ۔
سنگرامہ حادثے میں زخمی ہوا نوجوان جاں بحق
سوپور ڈائون ٹائون ٹریڈرس کی طرف سے اظہار تعزیت
سرینگر //سوپور کی تاجر برادی نے اپنے ایک رکن الطہور ٹورز اینڈ ٹرولز کے مالک غلام نبی نجار کے جواں سال فرزندتنیم احمد نجار کے سڑک حادثہ میں جانبحق ہونے پر زبردست رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لئے مغفرت کی دُعا کی ہے ۔ڈائون ٹائون ٹریڈیرس ایسو سی ایشن کی طرف سے مسجد النور میں ایک دُعائیہ مجلس منعقد کی گئی جس میں مرحوم کے لئے حصوصی دُعا کی گئی اور لواحقین کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہا کیا گیا۔ 21 سالہ تنیم احمد نجار کو سوموار کے دن سنگرامہ میں ایک تیز رفتاری گاڑی نے ٹکر ماری تھی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور زخمو کی تاب نہ لاتے ہوئے منگل کو صورہ میڈیکل انسٹی چوٹ میں جانبحق ہوگیا۔ مرحوم کو نماز مغرب کے بعد اپنے آبائی قبرستان واقع بنگلہ باغ بارہمولہ میں سپرد خاک کیا گیا۔
بانڈی پورہ ضلع میں پولیس پبلک میٹنگوں کا اہتمام
سرینگر //عوام اور پولیس کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر پولیس اسٹیشن حاجن ، پولیس پوسٹ سملر اور نائد کھائی میں پولیس پبلک میٹنگوں کا انعقاد عمل میں لایا گیاجس دوران پانار ، پازالپورہ اور ارن علاقوں سے تعلق رکھنے والے ذی عزت شہریوں کے ساتھ ساتھ پنچوں و سرپنچوں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے میٹنگوں کے دوران عوامی اہمیت کے مسائل اُبھارے۔پولیس آفیسران نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کی جائز مانگوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی جبکہ سیول ایڈمنسٹریشن سے جڑے مسائل متعلقہ حکام کی نوٹس میں لائے جائیںگے تاکہ اُن مسائل کا سدباب ممکن ہو سکے۔ میٹنگوں میں شریک لوگوں نے اس بات کا تہیہ کیا کہ علاقے میں سماجی بدعات کا قلع قمع کرنے اور امن و امان کو بحال رکھنے کی خاطروہ پولیس کو ہر سطح پر اپنا دستِ تعاون بہم رکھیں گے۔میٹنگیں خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئیں۔
قومی اردو کونسل میں ’اردو بریل‘ کی تیاری کے لیے ورکشاپ
نئی دہلی// اردو میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی کوشش ہے جس کے لیے قومی اردو کونسل کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اردو میں ابھی تک بریل کے حوالے سے کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ نابینا افراد کے لیے قومی اردو کونسل کا یہ قدم لائق تحسین ہے۔ ان باتوں کااظہار مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور کے صدر اور معروف دانشور پروفیسر اخترالواسع نے قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں اردو بریل کی تیاری کے سلسلے میں منعقدہ ورکشاپ میںکیا۔ اس سے قبل قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے سبھی مہمانان کا استقبال کیا اور اس ورکشاپ کی اہمیت اور اس کے مقصد پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ اردو میں بریل کی ضرورت برسوں سے تھی اور اس سلسلے میں کسی پیش رفت کا نہ ہونا بے حد افسوسناک ہے۔ قومی اردو کونسل اب اس کام کو انجام تک پہنچائے گی۔ قومی اردو کونسل کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر محترمہ شمع کوثر یزدانی نے سبھی شرکا کا تعارف کرایا ۔ساتھ ہی ورکشاپ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ پروفیسر تصدق حسین نے بریل مواد کی تیاری کے لیے سب سے پہلے ٹارگیٹ گروپ پر توجہ دینے پر اصرار کیا۔ انھوں نے اردو میں بریل کے بنیادی مواد کی تیاری کی بھی وکالت کی۔ محمد نیاز نے بتایا کہ اردو میں چودہ حروف ایسے ہیں جو انگریزی، ہندی اور عربی تینوں میں ایک ہی جیسے ہیں۔ ان کا من حروف کو ہم نے مجوزہ اردو بریل میں شامل کیا ہے۔ ایسے حروف جو ہندی آواز پر مشتمل ہیں وہ پانچ ہیں۔آگرہ سے آئے اکھل کمار شری واستو نے اپنی سماجی تنظیم انتردرشٹی کے ذریعے تیار کردہ کتاب ’ دِرِشٹی ہِینتا سے بچاؤ‘ کو اردو میں تیار کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ ہمیں سب سے پہلے بچوں کو بینائی کی اہمیت اور چھوٹی چھوٹی ورز شوں سے ان میں آنکھ کے تئیں بیداری پیدا کرنی ہوگی۔ پروفیسر اخترالواسع نے ممتاز بانو سے آسان اور عام فہم اردو میں ایک کتاب تیار کرنے کی بھی درخواست کی تاکہ اردو پڑھنے والے بچے آسانی سے پڑھ سکیں۔اس ورکشاپ کے بعد
اردو بریل کو بی سی آئی (Braille Council of India)کی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔ اس ورکشاپ میں اردو میں بریل مواد کی تیاری اور اس سلسلے میں درپیش مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔
ادبی مرکز کمراز کا وفد ناظمِ تعلیمات کشمیر سے مُلاقی
سرینگر//ادبی مرکز کمراز کا وفد ناظمِ تعلیمات کشمیر محمد یونس ملک سے ملاقی ہوا۔ وفد میں صدرِ ادبی مرکز کمراز فاروق رفیع آبادی،جنرل سیکریٹری عبدالخالق شمس، سیکریٹری شبنم تلگامی،، مرکز کے سرپرست پروفیسر مشعل سلطانپوری،خطہ چناب کے قلمکار اور ادبی مرکز کمراز کے صلاح کار منشور بانہالی اور معروف قلمکاراور سماجی کارکن ظریف احمد ظریف شامل تھے۔ وفد کی قیادت پروفیسر مشعل سلطانپوری نے کی۔ وفد نے ناظم تعلیمات کشمیر محمد یونس ملک کو کشمیری زبان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ناظمِ تعلیمات نے وفد کو اطمینان دلایا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر تمام مسائل حل کرکے باضابطہ مرکز کو بھی آگاہ کرے گا۔ اس موقعے پر محکمہ تعلیم کے او ایس ڈی غلام نبی شاکر بھی موجود تھے۔
کے کے شرماکا 26مارچ کو جموں میں عوامی دربارآج
جموں//گورنر کے مشیر کے کے شرما 26مارچ2019ء منگلوار کنونشن سینٹر کنال روڈ جموں میں ایک عوامی دربار کے دوران لوگوں کے مسائل سنیں گے۔عوامی وفود اور افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ مشیر موصوف سے ملنے کے لئے مقررہ جگہ پر صبح 10بجے سے دوپہر 12بجے تک حاضر ہوجائیں۔
پولنگ اسٹیشنوں میں بنیادی سہولیات
صوبائی کمشنر کی ترقیاتی کمشنروں کو ہدایات
سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیرا حمد خان نے وادی کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروںکو پولنگ اسٹیشنوں میں بلا خلل پانی اوربجلی کی سپلائی ،سڑک رابطوں،ٹرانسپورٹ اوردیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی کویقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ایک میٹنگ کے دوران دیں جس میں وادی میں آنے والے پارلیمانی چنائو کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر تمام ترقیاتی کمشنروںکو صوبائی کمشنر کو پولنگ اسٹیشنوں میں دستیاب رکھی جارہی بنیادی سہولیات کے بارے میں جانکاری دی تاکہ چنائو کا پرامن اور احسن انعقاد یقینی بن سکے۔صوبائی کمشنر نے چنائو کے سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کے تعائون سے مقررہ وقت تک سہولیات کی دستیابی کے لئے اقدامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی تاکہ رائے دہندگان اورچنائو عملے کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے آفیسران کو لگن اورتندہی کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔میٹنگ میں ایڈیشنل کمشنرکشمیر،مختلف متعلقہ محکموںکے چیف انجینئران ،کمشنر ایس ایم سی،ڈائریکٹر اربن لوکل بادیز اورایس ایس بی سرینگر کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔جب کہ آئی جی پی کشمیر ضلع ترقیاتی کمشنروںاورایس ایس پیز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔
ووٹ کا بٹوارہ نہ ہونے دیں:حکیم
خانصاحب//سابق وزیر مال وپی ڈی ایف چیرمین حکیم محمد یاسین نے کہا ہے کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات ملک میں فرقہ وارانہ طاقتوں کا قلع قمع کرنے کاایک سنہری موقعہ ہے تاہم اس کے لئے لازمی ہے کہ عوام اور سیکولر جماعتیں اپنے ووٹ کا بٹوارہ نہ ہونے دیں۔خانصاحب بڈگا م کے اپنے تفصیلی دورے کے دوران مختلف عوامی اجتمامات سے خطاب کرتے ہو ئے حکیم یا سین نے اپیل کی ہے کہ وہ پارلیمانی انتخابات میں ایک مشترکہ لائحہ عمل کو اپنائے تاکہ عوامی منڈیٹ کو اجتماعی طورپرفرقہ وارانہ طاقتوں کے خلاف موثر طریقے پر استعمال کیا جا سکے۔حکیم یاسین نے ریاست کی کچھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے فرنڈلی انتخابی مقابلہ کیلئے اپنے اْمید وار انتخابی میدان میں جھونکنے پر سوال کیا ہے کہ ایسا کرنے سے عوامی منڈیٹ کے بٹوارے کا احتمال نہیں ہے جسکا فائدہ صرف اور صرف استحصالی اور فرقہ وارانہ سیاسی جماعتوں کو ہی مل سکتا ہے۔اْ نہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضاہے کہ اپنے ووٹ کو کسی بھی صورت میں تقسیم نہ ہونے دیں اور اسکو فرقہ وارانہ طاقتوں کے خلاف استعمال میں لایاجائے۔حکیم یاسین نے ریاست میں جے۔کے۔ایل۔ایف اور جماعت اسلامی پر انتخابات کے ایام میں پابندی لگانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنے سے ریاست میں جمہوری اقدار کی بْری طرح سے پامالی ہوئی ہے۔اْنہوں نے مرکز اور گونر انتظامیہ سے کہاہے کہ وہ ریاست میں آزادانہ حق رائے دہی کے لئے پْرامن ماحول اور سیکورٹی بندوبست یقینی بنائیں تاکہ ہر ایک جماعت اور عام لوگوں کو بلاکسی خوف و ڈر کے ووٹ ڈالنے کا موقعہ مل سکے۔
کارونِ امن بس سروس معطل
آرپار تجارت2ہفتے سے بند
اوڑی//ظفر اقبال// اوڑی کمان پل سے چلنے والی کاروانِ امن بس سروس سوموار کو چوتھے ہفتے بھی معطل رہی۔معلوم ہوا ہے کہ پہلے دو ہفتے کمل کوٹ اوڑی سیکٹر میں ہند پاک افوج کے درمیان گولہ باری کے پیش نظر حکام نے کاروانِ امن بس سروس کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اگر چہ سرحدو ںپر خاموشی چھاگئی مگر اوڑی کنٹرول لائن پر کراسنگ پوئنٹ پر قائم کمان پل کی مرمت کے پیش نظر حکام نے کارون امن بس سروس کو مزید دو ہفتے معطل کردیا۔ادھر کمان پل کی مرمت کے پیش نظر اوڑی کمان پل سے چلنے والی سرینگر مظفر آباد آرپار تجارت بھی مسلسل 2 ہفتے سے معطل ہے۔
انتخابی عمل کو شفاف بنایا جائے:بھیم سنگھ
سرینگر// نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ ، جو جموں میں ریٹرننگ آفسر کے آفس پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے انتظار میں کھڑے تھے،نے چیف الیکشن کمشنر پر زور دیا کہ وہ فوری طورپر اس بات کو یقینی بنائیں کہ غیرمطلوبہ اور غیر پسندیدہ عناصر ریٹرننگ آفس کی ساکھ کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ رٹرننگ افسر نے کچھ تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں (کانگریس ، پنتھرس پارٹی وغیرہ)کے سینئر امیدواروں کو نظرانداز کرتے ہوئے چند آزاد امیدواروں کو آج دوپہر پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی اجازت دی جو تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے سنیئر امیدواروں کے ساتھ دھکا مکی کرتے ہوئے اندر گھس گئے۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی جس سے جموں کے ر ٹرننگ افسر قانون اور ضابطوں کے مطابق کام کریں۔پنتھر س سربراہ نے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند اور جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک سے بھی اس معاملہ میں فوری طورپر مداخلت کرنے کی درخواست کی جس سے لوک سبھا انتخابات کے لئے امیدوار قوانین اورضابطوں کے مطابق اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرسکیںنہ کہ غنڈہ گردی سے جو جموں وکشمیر بیوروکریسی اور پولیس کے چہیتے ہیں۔
عبدالمجید پٹھان کے انتقال پر فریڈم پارٹی کی تعزیت پرسی
سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے محبوس سربراہ شبیر شاہ کے دیرینہ ساتھی عبد المجید پٹھان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔موصوف کے انتقال پر لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی ، نیز شبیر شاہ کی طرف سے تعزیتی پیغام پہنچانے کی خاطر فریڈم پارٹی کا ایک وفد آرم پورہ گیا جس کی قیادت غلام رسول نواز نے کی۔ایک بیان کے مطابق فریڈم پارٹی نے عبد المجید پٹھان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے اپنی ساری عمر تحریک آزادی کیلئے وقف کر رکھی تھی اور اُنہوں نے ہر موقع پر اپنے آپ کو تحریکی صفوں میں موجود رکھا تھا۔موصوف نے شبیر شاہ کے ساتھ مل کر پیپلز لیگ کی بنیاد ڈال کر تحریکی افراد کو مجتمع کرنے کا کا م انجام دیا اور ان کی تحریکی کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ادھر محاذآزادی کے صدر محمد اقبال میر نے اپنے ایک بیان میںنور محمد نندہ ،رعبدالمجیدپٹھان او ر میر دانتر اسلام آباد کے جوان سال مزاحمتی کارکن فیاض احمد میرکے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
گیلانی کااظہار رنج و غم
سرینگر//حریت(گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے کرالہ ٹینگ سوپور کے محمد صادق ڈار کے والد بزرگوار غلام احمد ڈار کی وفات پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دُعا کی ہے ۔ انہوں نے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔
بانڈی پورہ میں جسمانی طور معذور طلاب میں کتابیں تقسیم
سرینگر//بانڈی پورہ پولیس نے یونیورسل ایجوکیشنل ٹرسٹ بانڈی پورہ میں زیر تعلیم جسمانی طور ناتواں طلاب میں مفت کتابیں تقسیم کیں۔ سیوک ایکشن پروگرام کے تحت ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک اور ڈی ایس پی ڈی اے آر نے طلاب میں کتابیں تقسیم کیں۔ اسکول کے منتظمین اور مقامی لوگوں نے پولیس کے اس اقدام کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کاوشوں سے سماج کے کمزور طبقوں کو اپنے مستقبل کوروشن بنانے کا موقع فراہم ہوگا۔
امام جامع ترہگام کے والد فوت
ترہگام //معروف عالم دین اور امام جامع ترہگام مو لانا عبد الرشید پیر اور مفتی بشیر احمد پیر زادہ کے والد پیر عبد الغنی مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔عبد الغنی پیر نے ترہگام کے بنہ پورہ ودھیا نگر میں 40سال سے زائد عرصہ تک امامت کے فرائض انجام دیئے ۔مختلف مذہبی ، سیاسی و سماجی تنظیمو ں نے تعزیت کا اظہار کیا اور بیو پار منڈل ترہگام نے ایک تعزیتی مٹینگ کے دوران مرحوم کوخراج عقیدت ادا کیا اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگار اشرف چراغ نے مولانا عبد الرشید مفتی بشیر احمد کے علاوہ پیر اداہ زبیر احمدکے ساتھ تعزیت کی۔
بڈگام میں 2019ء کے دوران
نئے 17365 ووٹر درج۔ڈی ای او
بڈگام//ضلع چنائو آفیسر بڈگام ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر نے کہا ہے کہ بڈگام ضلع میں 2019ء کے دوران چنائو فہرستوں میں سبھی اضلاع سے زیادہ یعنی 17365 نئے رائے دہندگان کا اندراج عمل میں لایا گیا ہے۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار شیخ العالم ؒ ہال بڈگام میں سویپ کے تحت رائے دہندگان کے لئے منعقدہ ایک روزہ بیداری پروگرام کے دوران کیا۔بڈگا م کے چیف ایجوکیشن آفیسر نے اس تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا تھا۔ضلع چنائو افسر نے نئے ووٹران کے اندراج کو یقینی بنانے میں متعلقہ عملے کی کافی ستائش کی ۔ اُنہوں نے لوگوں میں چنائو عمل اور حق رائے دہی کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کہاکہ ضلع میں صد فیصد ووٹروں کو درج کیا جانا چاہیئے۔ تاکہ وہ بڑھ چڑھ کر جمہوری عمل میں حصہ لے سکے۔انہوں نے کہاکہ آزادانہ اور منصفانہ چنائو کے انعقاد میں ای ایم وی اور وی وی پی اے ٹی کا اہم رول ہے۔انہوں نے کہاکہ عام لوگوں کو ان کے استعمال کے بارے میں جانکاری دی جانی چاہیئے۔سی ای او بڈگام فاطمہ ٹاک، ڈی ای پی او بڈگام فاروق احمد رینہ اور کئی دیگر ملازمین بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
پکھر پورہ میں ائر ٹیل کی ناقص سروس سے صارفین پریشان
بڈگام//پکھر پورہ میں ایئر ٹیل کی ناقص سروس سے صارفین مشکلات سے دوچار ہیں ۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ پچھلے 6ماہ سے موبائل میں کمزور سگنل ہونے کی وجہ سے فون رابطہ کرنے میں شدید مشکلات کا سامناکرناپڑرہاہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ فون رابطے میں بار بارخلل واقع ہونے کے نتیجے میں وہ ذہنی کوفت کے شکار ہوگئے ہیں۔ لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قصبہ میں مواصلاتی ترسیل میں معقولیت لانے کیلئے اقدام کریں۔