مفرورملزم 18برس بعد پولیس گرفت میں
نیوز ڈیسک
مینڈھر //مینڈھر پولیس نے 18برس بعد ایک مفرور شخص کو گرفتار کر کے مقدمے کی تحقیقات دوبارہ سے شروع کر دی ہے ۔پولیس کے مطابق 2000 میں مینڈھر پولیس اسٹیشن میں درج ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 158/2000میں مطلوب ایک شخص کو مینڈھر پولیس نے گرفتارکر لیا ہے ۔اس شخص کی شناخت محمد ارشاد ولد محمد طفیل کے طور پر ہوئی ہے ۔مذکورہ ملزم کی گرفتاری کیلئے 2001 میں ورنٹ جاری کئے گئے تھے ۔پولیس نے اب معاملہ کی دوبارہ سے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
انتخابات کیلئے نوشہرہ میں 72پولنگ اسٹیشن
سرحدی علا قوں کے پولنگ اسٹیشن دوسری جگہوں پر منتقل
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ میں پارلیمانی انتخابات 2019کیلئے مجموعی طورپر 72پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جبکہ سرحدی علا قوں میں بنائے گئے پولنگ اسٹیشنوں کو حفاظتی بنیادوں پر دوسری جگہوں پر منتقل کردیا گیا ہے ۔11اپریل کو جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ کیلئے ہونے والے انتخابات کے لئے سرحدی علا قوں جن میں مکڑی ودیگر علاقوں کے لوگوں کیلئے بنائے گئے پولنگ اسٹیشنوں کو بھورنی و جھنگڑ علا قوں میں منتقل کئے گئے ہیں تاکہ ان سرحدی علا قوں کی عوام کو ووٹ ڈالنے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انتظامیہ کے مطابق کامیاب پولنگ اور ووٹروں کے تحفظ کیلئے ان پولنگ اسٹیشنوں کو تبدیل کیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نوشہرہ کے سرحدی علا قوں میں پاکستانی افواج کی جانب سے کی جارہی فائرنگ کی وجہ سے ایک بڑے علاقہ کی عوام متاثر ہو رہی ہے ۔
ریحانہ کی یوپی ایس سی امتحان میں کامیابی
پونچھ کی پہلی خاتون امید وار ،آبائی گائوں سلواہ میں خوشی کی لہر
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//سرحدی ضلع پونچھ کی پہلی آئی اے ایس آفیسر ریحانہ بشیر کی کامیابی کے بعد ان کے آبائی گائوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔گزشتہ روز یونین پبلک سروس کمیشن کی جانب سے 2018 کے سالانہ امتحان کے نتائج نکالنے کے فوراًبعد ریحانہ بشیر کے آبائی گائوں کے مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد ان کے گھر پر جمع ہو ئی اور ان کی دادی و یگران کو ریحانہ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔سلواہ گائوں کے سرپنچ چوہدری محمد شوکت نے بتایا کہ امتحانی نتائج کے بعد مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے خطہ پیر پنچال کا نام روشن کرنے والی ریحانہ بشیر کے گھر والوں کو مبارکباد پیش کی ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریحانہ بشیر نے گزشتہ روز سامنے آئے یو پی ایس سی امتحانات 2018کے نتائج میں 187پوزیشن حاصل کی اوروہ ضلع پونچھ سے پہلی خاتون آئی اے ایس آفیسربن سکتی ہیں ۔اپنے بھائی سے متاثر ہو کر سیول سروسز میں قدم رکھنے والی ریحانہ کے والد محکمہ جنگلات میں تھے جن کی 2006میں وفات ہو گئی تھی جبکہ والدہ محکمہ زراعت میں سیکشن آفیسر ہیں ۔ریحانہ نے اپنی ابتدائی تعلیم آرمی سکول رتن چک سے حاصل کی جبکہ صورہ انسٹی چیوٹ سے 2016میں ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی ۔انہوں نے 2018میں اپنے شعبہ میں پبلک سروس کمیشن کا امتحان بھی پاس کیا تھا لیکن انہوں نے اپنی ساری توجہ سیول سروسز پر مرکوز رکھی ۔ریحانہ نے 2019میں کے اے ایس کا امتحان بھی دیاہے جس کے نتائج ابھی تک سامنے نہیں آئے ہیں جبکہ ان کے بھائی نے 2017میں سیول سروس امتحان پاس کیا تھا اور ان محکمہ مال میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔مینڈھر کی عوام نے ریحانہ بشیر اور ان کے والدین ودیگر لواحقین کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔
مینڈھر میں ٹریفک جام سے عوام پریشان
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر قصبہ میں جام کی وجہ سے سافروں و مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔مسافروں نے متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جام کیساتھ نمٹنے میں انتظامیہ پوری طرح سے ناکام ہوچکی ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعدد افراد کی جانب سے نجی گاڑیوں کو سڑکوں کے کناروں اور گلیوں میں غیر قانونی طریقہ سے پارک کردیاجاتا ہے جو کہ بعد میں جام کی شکل اختیار کر لیتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جام کی وجہ سے مریضوں اور طلباء کیساتھ ساتھ ملازمین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مقامی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے اپیل کرتے ہو ئے کہاکہ سڑکوں کے کناروں اور گلیوں میں غیر قانونی طور پر پارک کی گئی نجی گاڑیوں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ مینڈھر میں گاڑیوں کے رش کو کم کرنے کیلئے بائی پاس سڑک کی تعمیر عمل میں لائی جائے تاکہ مسافروں و مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ گاڑیوں کی پارکنگ کے سلسلہ میں ایک پالیسی مرتب کی جائے ۔
پونچھ میں معمولی بارش سے نکاسی آب نظام مفلوج
نالیوں کا پانی سڑکوںاور گلیوں میں ہوا جمع ،عوام کا چلنا دوبھر
حسین محتشم
حسین محتشم
پونچھ //کچھ روز تک موسم خشک رہنے کے بعد پونچھ میں سنیچر کو ہوئی معمولی بارش کی وجہ سے نکاسی آب نظام پوری طرح سے مفلوج ہو کر رہ گیا جس کی وجہ سے میونسپل کونسل کی پول کھل گئی ۔بارش کی وجہ سے نالیوں کا پانی سڑکوں اور گلیوں تک پہنچ گیا جس کی وجہ سے راہگیروں کیساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا ۔ناخواں والسی سڑک اور عید گاہ چوک کے قریب نکاسی نالی سے نکلنے والے گندے پانی اور گندگی عوام کے لئے پریشانیوں کا باعث بن گئی۔عید گاہ چوک کے قریب برگیڈیر پریتم سنگھ کے مجسمے کے قریب نالی کی گندگی اور پانی سڑک پر آگئے جس کی وجہ راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ مقامی لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند منٹوں کی بارش نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کی کارکردگی کی پول کھول دی اور اگر مزید بارشیں ہوئی تو پونچھ قصبہ کا پورا نظام متاثر ہو جائے گا ۔مولانا حکیم الدین نے کہا کہ اگرانتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کی کار کردگی میں بہتری نہیں لائی گئی تو آئندہ برساتوں میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ کے نکاسی آب نظام میں بہتری لائی جائے تاکہ مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ راہگیروں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
مادر مہربان پُل خستہ حالی کا شکار
فوری مرمت نہ ہونے کی صورت میں حادثے کا خدشہ
حسین محتشم
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی علاقہ دیگوار، نور کوٹ، اجوٹ،گلپور، کھڑی ، کرماڑہ، اور چاکاں داباغ کو پونچھ قصبہ کے ساتھ جوڑنے والا واحد مادرِ مہربان رابطہ پل خستہ حالی شکار ہے۔ بیتاڑ نالے میں تغیانی کے دوران یہ علاقہ جات پونچھ قصبہ سے کٹ کر رہ جاتے تھے تاہم عوامی مطالبہ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ دریا پر پل تعمیر کیا گیا تھا جوکہ ریاست کے چند لمبے پلوں میں سے ایک ہے۔یہ سنگل لائن پل ہے لیکن ڈرائیوروں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس پل کو ڈبل بنادیا ۔ٹریفک انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے پل پر مسافروں کے پیدل چلنے کیلئے تعمیر کردہ فٹ پاتھ پر بھی گاڑیاں چلائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔ عوام نے راستی انتظامیہ ،ضلع ترقیاتی کمشنرپو نچھ سے پل کی مرمت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر اس کی طرف توجہ نہ دی گئی توکو ئی بڑا حادثہ ہو سکتا ہے ۔نیشنل کا نفرنس کے یوتھ بلاک صدر نیشو شرما نے کہاکہ اس سے قبل انتظامیہ سے کئی بار مانگ کی گئی ہے لیکنابھی تک اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ پل خستہ حالی کا شکار ہو تا جارہاہے اور مرمت نہ ہو کی وجہ سے کئی جگہوں پر کھڈے پڑے ہوئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پل کی جانب توجہ دی جائے تاکہ مزید نقصان سے بچا جاسکے ۔
2014 کے سیلا ب میں تباہ ہو ئی 2کلو میٹر سڑک ہنوز مرمت کی منتظر
بختیار حسین
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے سنئی علا قہ سے پیر کریم شاہ غازی کی درگاہ تک جا نے والی سڑک 2014کے سیلا ب میں تباہ ہوئی تھی لیکن ابھی تک اس 2کلو میٹر تک کی سڑک کی مرمت نہیں کی جاسکی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔2014کے سیلاب میں مذکورہ سڑک پر تعمیر کیا گیا پل بہہ گیا تھا لیکن مقامی لوگوں کی جانب سے کئی مرتبہ ضلع و ریاستی انتظامیہ سے رجوع کرنے کے باوجود بھی اس سڑک پر پل دوبارہ سے تعمیر نہیں کیا گیا ۔فیض احمد، شاہ فیصل، نثار احمد ودیگر ان نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہو ئے کہا کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ابھی تک کو ئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دریا عبور کرنے کے دوران اپنی جان جوکھم میں ڈالنا پڑتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پیر کریم شاہ غازی کی درگاہ دریا کے درمیان میں واقعہ ہے لیکن سیلاب کی وجہ سے اس درگاہ کو کوئی نقصان نہیںپہنچا تاہم پل دریا میں بہہ گیا تھا لیکن بھی تک اس کی مرمت نہیں کی گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سنئی سے پیر کریم شاہ غازی کی درگاہ تک جا نے والی سڑک کی مرمت کیساتھ ساتھ اس پر پل کی تعمیر یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکل کم ہو سکے ۔
بھاجپا کو 5برس بعد پونچھ کی یاد آئی :اعجاز احمد جان
نیوز ڈیسک
پونچھ //نیشنل کانفرنس سنیئر لیڈر اور یوتھ صوبائی صدر اعجاز احمد جان نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہو ئے کہاکہ پارٹی کو 5برسوں کے بعد ضلع پونچھ کی عوام کی یاد آئی ۔منڈل بلاک کے دورے کے دوران عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے این سی لیڈر نے کہاکہ بھاجپا کے سابقہ ممبر پارلیمنٹ کی جانب سے خطہ پیر پنچال کو یکسر نظر انداز کیا گیا جبکہ اب وہ اپنی کارکردگی کے بغیر پونچھ آئے ہیں ۔انہوں نے پارٹی لیڈران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سابقہ یو پی اے حکومت کے دور میں شروع ہوئی پروجیکٹوں پر بورڈ نصب کر کے عوام کیساتھ دھوکہ کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ خطہ پیر پنچال میں گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ،بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری ودیگر پروجیکٹ این سی کی ریاستی اور کانگریس کی مرکزی حکومت کے دور میں شروع ہو ئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جموں پونچھ ریلوے کیساتھ ساتھ دیگر کئی پروجیکٹ بھاجپا کے پانچ برسوں کی حکومت کے دوران شروع تک نہیں کئے جاسکے ۔انہوں نے خطہ پیر پنچال کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے کانگریس امید وار کے حق میں ووٹوں کا استعمال کر یں ۔اس موقعہ پر ان کے ہمراہ عبدالحد بٹ ،بشیر احمد ،محمد رفیق ،غلام محمد ،رشید شیخ ودیگران بھی تھے ۔
بابا زکری شاہ ؒزیارت منگوٹہ کو اوقاف اسلامیہ کے حوالے کیا جائے :عوام
طارق شال
تھنہ منڈی //منگوٹہ کی عوام نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ بابا زکری شاہؒکی زیارت کو اوقاف آسلامیہ کے حوالے کیا جائے تاکہ علاقہ کی ترقی ممکن ہو سکے۔ تھنہ منڈی سے تقر یبا 3 کلو میٹر کی دوری پر ہسپلوٹ۔ منگوٹہ سڑک کے کنارے پرواقع زیارت پر روزانہ درہال اور تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں سے عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد حاضری دیتی ہے تاہم منگوٹہ علاقہ میں سڑک کی سہولیات نہ ہونے کے باوجود بھی عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد زیارت پر حاضری دیتی ہے۔گزشتہ کئی عرصہ سے مقامی لوگوں کیساتھ عقیدت مندوں کی جانب سے مانگ کی جارہی ہے کہ مذکورہ زیارت کو اوقاف اسلامیہ کے حوالے کیا جائے تاکہ اس کے کام کالج کیساتھ ساتھ انتظامات میں بھی بہتری لائی جاسکے لیکن انتظامیہ کی جانب سے ابھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا ہے ۔2015میں کمشنر سیکریٹری برائے حج اور اوقاف نے ایس آر او 403کے تحت زیارتوں کو وقف بورڈ کی جائیداد قرار دے دیا تھا لیکن مذکورہ زریات شریف کو اوقاف اسلامیہ کے سپرد کرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھا یا گیا ہے ۔سابقہ مخلوط حکومت کے دور میں حج اور اوقاف کی جانب سے جاری ایک حکم نامے کے تحت بابا زکری شاہ ؒزیارت کی دیکھ ریکھ کرنے کیلئے سب ڈویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی کو تعینات کیا گیا تھا جس کے بعد مذکورہ زیارت محکمہ مال کی سپردگی میں موجود ہے اور اس کے بعد زیارت پر آنے والی نیاز کو زیارت کے نام پر چل رہے بینک کھاتے میں جمع کرویا جاتا ہے جبکہ ایک برس میں 10لاکھ سے زائد رقم بینک کھاتے میں جمع ہوئی ہے جس کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ سال رواں کے مارچ ماہ میں مشتاق احمد چوہدری کی سربراہی میں مقامی لوگوں کا ایک وفد ریاستی گورنر کے مشیر برائے حج اینڈ اوقاف خورشید احمد گنائی سے ملاقی ہوا جس۔نے مطالبہ کیا کہ زیارت شریف کو اوقاف اسلامیہ کے سپرد کیا جائے تاکہ زیارتبابا زکری شاہؒمنگوٹہ کے نظا م وکام کاج میں بہتری لائی جائے ۔وفد کو گورنر کے مشیر نے یقین دہانی کروائی تھی کہ ایک ہفتے کے اندر ہی مذکورہ زیارت کو اوقاف اسلامیہ کے حوالے کی اجائے گا ۔اس سلسلہ میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی نت بتایا کہ زیارت سے متعلق ہائی کورٹ میں مقدمہ چل رہا ہے جبکہ تک عدالتی فیصلہ نہیں آتا تب تک کوئی قدم نہیں اٹھایا جاسکتا ۔انہوں نے کہاکہ زیارت پر پولیس کی نگرانی میں محکمہ مال کا ملازم اپنے فرائض انجام دے رہا ہے ۔
سیکو لر طاقتوں کو ی کجا ہونا چاہیے :تعظیم ڈار
راجوری //پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے سنیئر لیڈر تعظیم ڈار نے کہاکہ فرقہ پرستوں سے نجات کیلئے سیکولر طاقتوں کو یکجا ہو جانا چاہیے ۔اسمبلی حلقہ راجوری کے پنجگرائیں علاقہ کے دورے کے دوران انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو پارلیمانی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرنے چاہیے تاکہ فرقہ پرستی اور سماج کو تقسیم کرنے والی طاقتوںکو اقتدار سے دور رکھاجائے ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی نے ہمیشہ عوام کو متحد رکھنے اور دیہی علا قوں کی فلاح و بہبود پر توجہ دی ہے ۔مذکورہ علاقہ میں منعقدہ اجلاس کے دوران مقامی لوگوں نے متعدد مسائل کے سلسلہ میں اپنی شکایت بھی درج کروائی ۔پی ڈی پی لیڈر نے کہاکہ عوامی مسائل کے سلسلہ میں ضلع انتظامیہ کیساتھ بات چیت کی جائے گی ۔