دہارگلون میںرہائشی مکان خاکستر ،لاکھوں کا نقصان
جاوید اقبال
مینڈھر//سرحدی تحصیل بالاکوٹ کے دہارگلون علا قہ میں اچانک آگ لگنے سے ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیا ۔دہار گلو ن علا قہ میں وسیم احمد خان کے رہائشی مکان کو آگ لگی جس کی وجہ سے اند رکھا گیا لاکھوں کا سامان جل کر راکھ ہو گیا ۔آگ کی خبر پھیلتے ہی علاقہ کے لوگوں کی بڑی تعداد میں جمع ہوگئی اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں کیں لیکن ناکام رہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کر تے ہوئے کہاکہ مذکورہ علا قہ میں پانی کی قلت کی وجہ سے وہ آگ پر قابو نہیں پاسکے اور جبکہ تک فائر بریگیڈ کی گاڑی مینڈھر سے 20 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے موقعہ پر پہنچتی تب تک مکان جل کر راکھ ہو گیا تھا ۔مقامی لوگوں نے ضلع اور ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بلاک بالاکوٹ میں فا ئر بریگیڈ اسٹیشن قائم کیا جائے تاکہ کسی بھی مشکل وقت کیساتھ نمٹا جاسکے ۔مقامی سرپنچ نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہو ئے کہاکہ مذکورہ نقصان کا معاوضہ دیا جائے ۔
سرنکوٹ میں کیجولٹی بلاک کی تعمیر2021 میں مکمل کرنے کا ہدف
بختیار حسین
سرنکوٹ// سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ کے قریب کیجولٹی بلاک کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے جس کو 2021تک مکمل کرنے کاہدف رکھا گیا ہے ۔اس پروجیکٹ کو منظوری ملنے کے بعد فروری 2019میں سنگ بنیاد رکھا گیا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرنکوٹ میں مذکورہ سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سا مناکرنا پڑرہاہے جبکہ ایک لمبے عرصہ سے مقامی لوگوں کی جانب سے مانگ کی جارہی تھی جس کے چلتے ریاستی انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ تعمیر ات شروع کر دی گئی ہیں ۔ اگرچہ کیجولٹی بلاک کی بات کی جائے تو سرنکوٹ میں جوپہلے کیجولٹی روم تھا وہ صرف ایک کمرے پر مشتمل تھا جس میں طبی معاملات کو لے کوئی سہولیات دستیاب نہیں تھی لیکن اب سرنکوٹ کیجولٹی بلاک کے نام بڑا پروجیکٹ شروع ہو نے کی وجہ سے مقامی لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ ٹھکیدار عبدالعزیز میر کے مطابق یہاں پر محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے کام کروایا جا رہا ہے جس میں الگ الگ قسم کے وارڈ ہونگے ۔اس عمارت کی تعمیر پر کل تخمینہ 4.3کروڑ کا ہے اور یہ 2021 میںمکمل ہونے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ بی ایم اوسرنکوٹ نے بتایاکہ س بلاک کی تعمیر سے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچے گا جبکہ اس بلاک کے مکمل ہونے کے بعد تمام بنیادی سہولیات میسر کی جائیں گی۔
کانگریس کے انتخابی منشور میں سبھی طبقے شامل
اقتدارملنے کی صورت میں بے روزگاری ،خواتین اور کسانوں کی فلاح و بہبود ممکن بنائی جائے گی :شاہنواز
حسین محتشم
پونچھ //پردیش کا نگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور ریاست میں انتخابی مہم کے چیئر مین شاہنواز چوہدری نے کہا ہے کہ اگر کانگریس پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو اس صورت میں بے روز گار نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنے ،خواتین کی فلاح و بہبود اور کسانوں کو درپیش مسائل کو حل کیا جائے گا ۔پونچھ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہاکہ اقتدار کی صورت این وائی اے وائی ا سکیم کے تحت غریب عوام کی آمدنی میں اضافہ کرنے کیلئے ہر ایک مستحق کے بینک کھاتے میں 72ہزار روپے سالانہ ڈالے جاینگے ۔انہوں نے کہاکہ اس بار طلباء کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے سلسلے میں بھی بڑی سطح پر اقدام اٹھائے جائیں گے۔شاہنواز چوہدری نے پونچھ کے نوجوانوں سے پارٹی کا حصہ بننے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے جو ملک کی سالمیت اورترقی کے لئے کام کرتی ہے۔موصوف نے کہا کہ کانگریس نے کبھی فرقہ پرستی نہیں کی بلکہ ملک کے مختلف طبقوں میں اتحاد پیدا کر نے کیلئے متحرک رہی ۔انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کو ختم کئے جانے کے لئے بڑی سطح پر اقدام اٹھا کر 2020 مارچ تک 34لاکھ لوگوں کو روزگار فراہم کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ خواتین کی ریزرویشن کو بڑھا کر33فیصد کیا جائے گا۔انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کو ئی بھی کام نہیں کیا جبکہ عوام کو سیاسی مفاد کیلئے استعمال کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی نے 2014کے انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ خطہ اور ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ سے کانگریس امید وار رمن بھلہ کے حق میں ووٹ ڈال کر کامیاب کریں ۔اس موقعہ پر کانگریس کے ضلع صدر پونچھ چوہدری عبدالغنی ،ایڈوکیٹ راجندر سنگھ ،مہندر سنگھ ،کوشل شرما ودیگران بھی موجود تھے ۔
ڈگری کالج تھنہ منڈی میں مباحثے کا اہتمام
تھنہ منڈی //گور نمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں ’اقدامات امن ‘کے عنوان سے ایک مباحثے کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء کیساتھ ساتھ سٹاف ممبران نے بھی شرکت کی ۔سنگر یش نامی تنظیم کی جانب سے منعقدہ پروگرام کے دوران منتظمین کی جانب سے’ راجور ی ڈے ‘ کی مناسبت سے طلباء میں پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے ۔ان پمفلٹ پر راجوری ضلع کے بارے میں جانکاری تحریر کی گئی تھی ۔اپنے خطاب میں سنگریش مومنٹ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سریش سنگریشی نے راجوری ڈے پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے طلباء سے اپیل کی کہ وہ آپسی میں اتحاد اور آپسی ہم آہنگی کو قائم رکھیں ۔اپنے خطاب میں امن کے پیغام دینے کیلئے نامزد چیف کو آرڈینٹر وکرنت شرما نے کہا کہ منتظمین کی جانب سے رواں برس معروف قلمکاروں ولیڈران کی قربانیوں اور ان کی حالات زندگی کے بارے میں جانکاری فراہم کی جارہی ہے ۔کالج پرنسپل ڈاکٹر شکیل رینہ نے سنگریش اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہو ئے کہا کہ اسی طرح کی سرگرمیوں میںطلباء میں آپسی ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارے سے متعلق بیداری پیدا ہو تی ہے ۔انہوں نے کہا کالج انتظامیہ اس طرح کے پروگراموں کی ہمیشہ حمایت کرتی رہے گی ۔
سیکولر طاقتوں کی مضبوطی کیلئے
ووٹ ڈالیں :ڈاکٹر بشیر ماگرے
نیوز ڈیسک
تھنہ منڈی //نیشنل کا نفرنس ترجمان اور سابقہ پرنسپل ڈاکٹر محمد بشیر ماگرے نے رائے دہندگان سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ جمہوریت کی مضبوطی اور فرقہ پرستوں کو شکست دینے کیلئے کانگریس امید وار کے حق میں ووٹ ڈالیں ۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ 2019کے پارلیمانی انتخابات فرقہ پرستوں سے نجات اور سیکولر طاقتوں کی مضبوطی کیلئے ایک جنگ ہے تاہم عوام کو چاہیے کہ وہ بھاجپا کی ناکامیوں اور عوام کیساتھ کئے گئے جھوٹے وعدوے و دیکھتے ہوئے کانگریس امید وار کی کامیابی کیلئے محنت کریں ۔انہوں نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں اقلیتوں کو نشانہ بنایا جارہاہے جبکہ پارٹی سیاسی مفاد کیلئے عوام کو تقسیم کر رہی ہے ۔انہوں نے خطہ پیر پنچال کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ 11اپریل کو بھاری تعداد میں اپنے حق رائے دہندگی کا استعمال کرتے ہو ئے جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ سے کانگریس امید وار رمن بھلہ کو کامیاب کریں ۔
عصمت ریزی میں مطلوب ملزم گرفتار
طارق شال
تھنہ منڈی //تحصیل تھنہ منڈی میں پولیس نے عصمت ریزی میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل تھنہ منڈی کے ایک شخص نے پولیس اسٹیشن میں ایک تحریری شکایت درج کروائی جس میں کہا گیا تھا کہ ایک منی بس زیر نمبر JK11-4223کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر نے مبینہ طورپر اس کی 15سالہ بیٹی کو اغوا کر کے اس کی عصمت ریزی کی ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 33/2019 پولیس اسٹیشن تھنہ منڈی درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کیں جس کے دوران پولیس ٹیم نے مذکورہ معاملہ میں ملوث اصل مجرم کو گرفتار کر لیا ہے۔
۔ 2پنچایتوں کو بالاکوٹ کیسا تھ منسلک کرنے کا فیصلہ
کانڈی گلہو تہ اور کانگڑہ گلہو تہ کی عوام نے سابقہ ممبر اسمبلی کا شکریہ ادا کیا
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر بلاک سے دو بڑی پنچائتوں کو بالاکوٹ بلاک کے ساتھ لگانے پر کانڈی گلہوتہ اور کانگڑہ گلہوتہ کی عوام نے سابقہ ممبراسمبلی اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔مقامی لوگوں نے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان دونوں پنچایتوں کی عوام کو اس سے قبل مینڈھر بلاک کیساتھ رکھا گیا تھا جس کی وجہ سے ان کو کئی طرح کی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن سابقہ ممبرا سمبلی کی محنت کی وجہ سے انتظامیہ نے عوام کو درپیش مشکل حل کی ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ بلاک بالاکوٹ کا دفتر گلہو تہ علا قہ میں ہی قائم کیا گیا ہے لیکن انتظامیہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے مذکور پنچایتوں کی عوام کیساتھ نا انصافی کی گئی تھی اور دونوں پنچایتوں کو مینڈھر کیساتھ منسلک رکھا گیا تھا جس کی وجہ سے ان علا قوں میں تعمیر اتی و ترقیاتی سرگرمیاں ممکن نہیں بنائی جاسکی تاہم اب ان دونوں پنچایتوں کی عوام بلاک دفتر مینڈھر کے بجائے بالاکوٹ کا رخ کرینگے جوکہ ان سے کچھ ہی کلو میٹر کی دوری پر واقعہ ہے۔
کئی سیاسی کارکنوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی
مینڈھر//اسمبلی حلقہ مینڈھر میں کانگریس اکائی کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام کے دوران کئی سیاسی کارکنوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ممبر پروین سرور خان کی قیادت میں منعقدہ پروگرام کے دوران اسمبلی حلقہ کے کالا بن کے عبدالمجید چوہان نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ عبدالمجید چوہان نے اس سے قبل پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں بطور امیدوار اپنی قسمت بھی آزمائی ہے ۔پروین سرور خان نے سیاسی کارکنوں کا پارٹی میں استقبال کر تے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی آمد سے کانگریس پارٹی اسمبلی حلقہ مینڈھر میں مزید مضبوط ہوجائے گی ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کانگریس کی مضبوطی اور پارلیمانی انتخابات میں پارٹی امید وار کی کامیابی کیلئے زمینی سطح پر کام کریں ۔اس موقعہ پر کانگرس پارٹی کے ضلع سکریٹری حاجی امتیاز خان،سابقہ سرپنچ نور احمد چوہدری،ضلع نائب صدر راجا وسیم احمد خان کے علاوہ کئی عہداران موجود تھے۔
محکمہ دیہی ترقی مزدورطبقہ کوسہولیات فراہم کرنے میں ناکام :ڈاکٹر یونس
نیوز ڈیسک
مینڈھر//سماجی کارکن ڈاکٹر یونس نے محکمہ دیہی ترقی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اسمبلی حلقہ میں مزدور طبقہ کو سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ طبقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے محکمہ دیہی ترقی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ محکمہ کی جانب سے مزدوروں کیساتھ دھاندلیاں کی جارہی ہیں اور گزشتہ کئی عرصہ سے مذکورہ طبقہ کو اجرتیں وگزار نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ان کو دشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑپڑرہاہے۔