بھیم سنگھ کی صدر سے جموں ۔پونچھ لوک سبھا پولنگ منسوخ کرنے کی مانگ
جموں//جموں ۔پونچھ لوک سبھا حلقہ(جہاں 11اپریل، 2019 کو پولنگ ہوئی) سے پنتھرس پارٹی کے امیدوارپروفیسر بھیم سنگھ نے ہندستان کے صدر سے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جموں ۔پونچھ لوک سبھا حلقہ کے الیکشن کو فوری طورپر منسوخ کرنے کی مانگ کی ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کو اس حلقہ میں پھر سے نئے سرے سے الیکشن کرانے کی ہدایت دیں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات کی پولنگ کے دوران کئی جگہوں پر دھاندلی ہوئی اور کئی جگہ پر الیکٹرونک مشینیں کام نہیں کررہی تھیں۔ اس طرح کی کئی مثالیں ہیں جہاں امیدواروں نے پریسائڈنگ افسر کو بتایا کہ رائے دہندگان نے اس طرح کی شکایت کررہے ہیں کہ انہیں جو پرچی ملی ہے اس میں ان کا ووٹ کسی دوسرے امیدوار کو گیا ہے اور یہ بھی ریکارڈ میں ہے کہ مختلف ایجنسیوں کی سیکورٹی فورس نے رائے دہندگان کو ہراساں کیااور انہیں پونچھ اور راجوری سیکٹر میں دھمکایا بھی۔ راجوری اور پونچھ پولنگ اسٹیشن پاکستان
سے ملحق سرحد پے ہیں۔انہوں نے بی جے پی کو ریاستی حکومت کی طرف سے تمام طرح کی سہولیات اور پولیس فراہم کرانے کا الزام لگایا تاکہ انتخابات میں بی جے پی کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کئی پولنگ اسٹیشنوں کے پریسائڈنگ افسران پر پنتھرس پارٹی کے پولنگ ایجنٹوں کو بی جے پی کے اشارے پر اندر جانے کی اجازت نہ دینے کا الزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ راجوری ۔پونچھ اضلاع کے پولنگ ایجنٹوں نے پریسائڈنگ افسر کے سامنے اس معاملہ کو اٹھانے کی کوشش کی لیکن انہوں نے ان کی اپیل خارج کردی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے صدر سے اس معاملہ میں فوری طورپر مداخلت کرنے کی اپیل کی کیونکہ واحد اتھارٹی ہیں جوریاست میں گورنر راج کے دوران چیف الیکشن کمیشن کی کارگزار ی کی جانچ کراسکتے ہیں۔
گورنر نے جلیاں والا باغ کے شہدأ کو خراجِ عقیدت پیش کیا
جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے ’’جلیاں والا باغ قتل عام ‘‘ کی پہلی صد سالہ تقریب پر اِس واقعہ میں شہیدہوئے اُن افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے امرتسر میں جلیاں والا باغ میں 13؍ اپریل 1919ء میں اپنے مادرِ وطن کے لئے جامِ شہادت نوش کیا۔شہدأ کو،جن میں بہت سارے ریاست جموں وکشمیر سے بھی تعلق رکھتے تھے کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اِن شہدأ کی قربانیوں کو نئی نسلیں ہمیشہ یاد رکھیں گی اور ملک کی سا لمیت اور وحدت کو قائم رکھنے میں لوگوں کے لئے ایک مشعل راہ بنے رہیں گے ۔
گورنر ،کیول کمار شرما اور خورشید گنائی نے لوگوں کو رام نومی کی مبارک باد دی
جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے ریاست کے لوگوں کو رام نومی کے موقعہ پر مبارک باد دیتے ہوئے اس متبرک موقعہ کی بدولت ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کی اُمید ظاہر کی ہے۔ مبارک بادی کے اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ اِن تہواروں کو منانے کا مقصد ریاست میں آپسی بھائی چارے کے بندھنوں کو مضبوط کرنے اور ریاست میں خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنانا ہے۔گورنر نے اِس موقعہ پر ریاست کے لوگوں کے لئے امن اور سلامتی کی دعا کی ہے۔دریں اثناء مشیر کیول کمار شرما نے رام نومی کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارک باد دی ہے۔ایک پیغام میں مشیر موصوف نے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ریاست کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کی ایک نوید لے کر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے تہواروں سے ریاست میں امن، بھائی چارے اور روا داری کے رشتوں کو مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔اس موقعہ پرمشیر خورشید احمد گنائی نے رام نومی کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارک باد دی ہے۔ایک پیغام میں مشیر موصوف نے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ریاست کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کی ایک نوید لے کر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے تہواروں سے ریاست میں امن، بھائی چارے اور روا داری کے رشتوں کو مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔
سماجی کارکن نے محبوبہ مفتی کے خلاف شکایت دائر کی
جموں // ایک سماجی کارکن سکیش سی کھجوریہ نے سابقہ وزیر اعلیٰ محبو بہ مفتی کے خلاف غد داری کامبینہ ٹویٹ کرنے پر عدالت میں ایک شکایت دائر کی ہے۔ایک پریس بیان میں سماجی کار کن نے کہا ہے سابقہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے غداری کے ٹویٹ سے تشدُد اور نقص امن پیدا ہو سکتا ہے۔انہوں نے ضلع مجسٹریٹ کے پاس ایک شکایت دائر کی ہے۔