مزید خبریں

عیسائی برادری جموں نے سری لنکا واقعہ کی شدید مذمت کی

جموں //کرسچین فیلو شپ ٹرسٹ نے منجانب کرسچین برادری جموں اتوار کے روز سری لنکا  کے متعدد گرجا گھروں میں ہوئے سلسلہ وار دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں ٹرسٹ نے کہا کہ عیسائی برادری کے لوگ ایسٹر کے سلسلہ میں دنیا بھر کے گرجا گھروں میں اکٹھا ہو کر عبادت کرتے تھے اور اسی موقعہ پر سری لنکا کے متعدد گرجا گھروں میں خود کش حملے گئے ،جس میں 207لقمہ اجل بن گئے جبکہ 400 سے زائد بری طرح سے مجروح ہوئے ہیں۔بیان کے مطابق ریاست جموں و کشمیر میں ہلاک شدگان اور زخمیوں کے لئے خصوصی دعائیہ مجالس منعقد کی گئی۔ٹرسٹ نے سری لنکا سرکار سے تما گرجا گھروںمیں خصوصی سیکورٹی مہیا کرنے کی درخواست کی ہے،تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہو پائیں۔خصوصی دعائی مجلس میں کوریا کوس، شوکت پیٹر، اودھے سنگھ ، لاز کندیال، آصف گل، مچھیل وزیر، ناسیر مسیح، تھومس کھوکھر، کامروس ڈیوڈ، ایس ایم گل، راجیش گل، جان سن گل، فیسٹوس سوٹرہ و دیگران نے بھی شرکت کی۔
 

جموں سے دو مفرور ملزمان گرفتار 

جموں //پولیس نے اتوار کے روز یہاں مفرور چلے آرہے دو ملزمان کو کافی تگ دو کے بعد گرفتار کیا۔پولیس بیان کے مطابق محمد بینیا عرف ’’نپو‘‘ اور مہندر سنگھ عرف ’’مانی‘‘بالترتیب گذشتہ 16 اور چار سال سے مفرور چلے آرہے تھے، جنھیں پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے جموںکے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بینیا کے خلاف جھجر کوٹلی پولیس اسٹیشن میں ایک معاملہ درج ہے جبکہ مہندر سنگھ پرمیراں صاحب پولیس اسٹیشن میں ایک معاملہ درج ہے۔
 

یوم ارض پر گورنر کا پیغام 

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے 22؍ اپریل کو دنیا بھر میں منائے جانے جانے والے ’’ یوم ارض ‘‘ پر اپنی مبارک باد دی ہے ۔اِس برس یوم ارض کی تھیم ’’ Protect Our  Species ‘‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے گورنر نے لوگوں کو موسمیاتی تبدیلی ،پیڑوں کے کٹائو ،آلودگی اور غیر قانونی شکار کی وجہ سے ناپید ہونے کی کگار پر کھڑی مختلف نسلوں کے تحفظ کے لئے اپنا رول اداکرنے پر زور دیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اگر ہم اِنسانی نسل اور دیگر جانداروں کا تحفظ چاہتے ہیں ،ہمیں اِس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ جس سیارے پر ہم رہتے ہیں ، اُس کا تحفظ کیا جاسکے۔گورنر نے اِنسانی نسل اور دیگر جانداروں کے تحفظ کے لئے قدرتی وسائل کا منصفانہ اِستعمال کرنے پر زور دیا ہے۔
 
 

منتخب سب ا نسپکٹروں کی تعیناتی کے احکامات جاری کرنے کی اپیل 

جموں //محکمہ پولیس کیلئے منتخب482 سب ا نسپکٹروں نے ریاست کے گورنرستیہ پال ملک ،صلاح کار کے وجے کمار ،پرنسپل سیکرٹری ہوم شالین کابرا اور ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سے انکے حق میں تعیناتی کے احکامات جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔ایک بیان میں منتخب سب ۔انسپکٹروں نے کہا ہے کہ سال رواں کے ماہ جنوری میں ہائی کورٹ نے ایک پٹشن پر شنوائی کرتے ہوئے محکمہ پولیس کیلئے منتخب482 سب
 ا نسپکٹروںکی تعیناتی میں تا حکم ثانی روک لگائی تھی لیکن9اپریل2019  کی شنوائی کے دوران اس فہرست پر مزید کارروائی کرنے پر روک لگاتے ہوئے نوٹس جاری کیا،جسکا جواب طلب کیا تھا ۔ سینئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے اپنی عرضداشت میں عدالت سے کہا کہ اس سلسلسہ میں 2 ۔اپریل 2019 کوپہلے ہی جواب دائر کیا گیا ہے ،جس پر عدالت نے اس سلسلہ میں آگے کی کارروائی کو ہری جھنڈی دی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت کے واضع ہدایات کے باوجود  سرکار نے منتخب سب انسپکٹروں کے حق میں تعیناتی کے احکامات جاری نہیں کئے گئے ہیں۔بیان میں ریاست کے گورنرستیہ پال ملک ،صلاح کار کے وجے کمار ،پرنسپل سیکرٹری ہوم شالین کابرا اور ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سے انکے حق میں تعیناتی کے احکامات جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
 
 
 

کے سکندن 23 اپریل کو جموں میں عوامی مطالبات سنیں گے

جموں//گورنر کے صلاح کار کے سکندن 23؍ اپریل کو کنونشن سینٹر کنال روڈ جموں میں صبح 10بجے سے دوپہر 12بجے تک عوامی مطالبات سنیں گے۔عوامی دربارمیں شرکت کے خواہشمند افراد اور وفود مذکورہ تاریخ پر مشیر موصوف کے سامنے اپنے مطالبات رکھ سکتے ہیں۔
 
 

وائس آف ڈوگرہ کی جانب سے دہلی میں شام موسیقی کا اہتمام

جموں //وائس آف ڈوگرہ کی جانب سے اتوار کے روز دہلی میں شام موسیقی کا اہتمام کیا گیا ۔وائس آف ڈوگرہ نامی تنظیم کی جانب سے جاری
 ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پروگرام میں مقبول ڈوگرہ گلو کاروں نے شرکت کی، جس میں دہلی میں مقیم متعدد ڈوگروں نے شرکت کی۔جتندر سنگھ ڈوگرہ نے اپنی سریلی آواز اورمہشور ڈوگری اور ہندی غزلوں سے سامعین کو محظوظ کیا ۔رادھیکا چوپڑہ نے ڈوگری، پہاڑی اور ہندی گیتوں سے حاضرین کا دل موہ لیا۔مقبول کتھک ڈانسر منجو وزیر نے ٹھمری پر ڈانس کیا۔پروگرام میں دہلی این سی آر میں مقیم 150سے زائد
ڈوگروں نے شرکت کی۔انجمن کے ڈائریکٹر للت شرما نے بتایا کہ پروگرام کا مقصد ڈوگریت کو فروغ دینا تھا۔ اس موقعہ پر وائس آف ڈوگرہ کے مکیش شرما نے کہا کہ ہم ایسے پروگرام باقاعدگی سے انجام دیتے ہیں ،جسکی ستائش ہر طرف سے ہو رہی ہے۔