اے ڈی سی ڈوڈہ کا ماہ رمضان کے انتظامات پرتبادلہ خیال
اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کواعتدال میں رکھنے کیلئے کمیٹی تشکیل
معلقہ محکموں کوبجلی وپانی سپلائی ودیگرسہولیات یقینی بنانے کی ہدایت
ڈوڈہ//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکشوری لال شرماکی صدارت میں لائن ڈیپارٹمنٹوں اورنان آفیشل کمیٹیوں کے ممبران کاایک اجلاس منعقدہواجس میں متبرک ماہ رمضان کے انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقعہ پر اے ڈی سی نے پی ایچ ای محکمہ کوہدایت دی کہ وہ مساجدمیں ماہ رمضان کے دوران پانی کی سپلائی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے محکمہ بجلی کوہدایت دی کہ سحری اورافطارکے اوقات میں خاص طورپربجلی سپلائی بلاخلل فراہم کی جائے۔اے ڈی سی نے سی ای او،میونسپل کارپوریشن سے کہاکہ وہ مساجداورزبح خانوں کے اردگرد صفائی کرائیں اورسی اے پی ڈی محکمہ سے کہاگیاکہ وہ ماہ رمضان کے دوران ڈپوئوں پرراشن دستیاب رکھاجائے۔اے ڈی ،ایف سی ایس اینڈسی اے ،سی ای او میونسپل کمیٹی، چیف انیمل ہسبنڈری آفیسر،فوڈسیفٹی آفیسراورتحصیلدارپرمبنی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جوماہ رمضان کے دوران قیمتوں کواعتدال میں رکھنے اوران کے میعارکامعائینہ کرے گی ۔میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنرریونیو کیسراحمد بھوانی، اے ایس پی ڈوڈہ، تحصیلدار اوردیگرالائیڈسروسزکے اہلکاران اورنان آفیشل سیرت کمیٹیوں،بچرایسوسی ایشن کے ممبران ،صدربیوپارایسوسی ایشن، صدرویجی ٹیبل سیلر ایسوسی ایشن بھی موجودتھے۔
کشتواڑ میں حالیہ اموات پر سروڑی کا اظہا رتعزیت
کشتواڑ//سینئر کانگریس لیڈر و نائب صدر جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر غلام محمد سروڑی نے چنیاس بھلیسہ کے رہائشی الحاج محمد سکندر، ثناء اللہ ملک ساکنہ زیدہار چھاترو ، الحاج محمدو بھٹ ساکنہ اتھوان بھونجوا اور مسعود احمد شیخ کی والدہ کے انتقال پر ملال پرتعزیت کا اظہار کیا ۔اپنے تعزیتی پیغام میں سروڑی نے کہا کہ ان کے انتقال سے علاقہ میں ایک بڑا نقصان ہوا ہے ۔سروڑی نے کہا کہ مرحومین علاقہ میں اپنی ایک خاص پہچان رکھتے تھے ۔اس ضمن میں سروڑی نے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے بارگاہ پاک پروردگار میں ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
سڑک کی سہولت سے محروم دیہی عوام مشکلات سے دوچار
پنچایت بگانی میں کھینڈتاپٹھی 1200 میٹرسڑک تشنہ تکمیل
محکمہ تعمیرات عامہ اورمتعلقہ ٹھیکیدارپرغفلت شعاری کاالزام
نیوزڈیسک
جموں//اگرچہ حکومت کی طرف سے سڑکوں کاجال بچھاکردیہی علاقہ جات کی تعمیروترقی یقینی بنانے کے بلندبانگ دعوے کیے جارہے ہیں لیکن زمینی سطح پر ان دعو?ں میں صداقت کم اورجھوٹ زیادہ ہے۔ جہاں ایک طرف ضلع جموں کے بیشتردیہی علاقوں میں سڑکیں بنی ہوئی ہیں خواہ وہ کچی اورنہایت خستہ حال ہی کیوں نہ ہوں لیکن ابھی بھی بے شمارعلاقہ جات ایسے ہیں جہاں کے لوگ اکیسویں صدی میں بھی سڑک کی سہولت سے محروم ہوکرکسمپرسی کی زندگی گزارنے پرمجبورہیں۔اگرکہیں پر محکمہ تعمیرات عامہ نے سڑک کی تعمیرشروع بھی کی تو اسے ادھوراچھوڑدیااوریہ نامکمل سڑک لوگوں کیلئے سہولت کے بجائے زحمت بن کررہ گئی اورلوگوں کی اْمیدیں پوری نہ ہوسکیں۔اس کی نمایاں مثال تحصیل بھلوال کی پنچایت بگانی کے موڑہ کھینڈتاپٹھی کی سڑک ہے جس کی تعمیر محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیوڈی ) کی طرف سے سال 2018 میں شروع کی گئی اوراس سڑک کی لمبائی محض 1200 میٹر ہے جوکہ ایک سال سے زائدکاعرصہ گذرنے کے باوجود صرف پانچ سومیٹرتک ہی تعمیرہوسکی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ تعمیرات عامہ سے منتیں سماجتیں کرکے اس سڑک کاکام سال 2018 میں منظورکروایاتھااورٹینڈرڈالے گئے اورمحکمہ نے اس سڑک کی تعمیرکاکام اگورکے ایک ٹھیکیدارکے سپردکیا،لیکن ٹھیکیدارمذکورہ نے صرف 200 میٹرسڑک کے ابتدائی حصے اور300 میٹرسڑک آخری حصے سے تعمیرکردی جبکہ درمیان کا700 میٹرحصہ تعمیرہی نہیں کیاجس کی وجہ سے کھینڈاورپٹھی ودیگرگرونواح کے موڑہ جات کے لوگوں کوسڑک کی سہولت نہ ہونے سے پریشانی ہورہی ہے۔لوگوں نے کہاہے کہ ہم متعددبارمحکمہ پی ڈبلیوڈی سے گزارشات کرچکے ہیں لیکن بارہااپیلوں کے باوجودمحکمہ پی ڈبلیوڈی ٹس سے مس نہیں ہورہاہے اورمحکمہ کے افسروں کے کانوں پرجوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کے افسران بھی ٹھیکیدار کوسڑک کی تعمیر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت کھیتوں سے فصل کٹ چکی ہے اس لیے باآسانی سڑک تعمیرہوسکتی ہے لہذاضرورت اس بات کی ہے کہ محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ افسران ،متعلقہ ٹھیکیدارکوسڑک جلدازجلدمکمل کرانے کی ہدایات دیں۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ سے پرزوراپیل کی ہے کہ کھینڈتاپٹھی سڑک کی تعمیرکوجلدازجلدمکمل کرنے کیلئے خاطرخواہ اقدامات اٹھائے جائیں۔
ریاسی پولیس نے دو ملزمین کو گرفتار کرلیا
زاہد ملک
ریاسی// پولیس اسٹیشن ریاسی کو ضلع ہسپتال ریاسی سے موصولہ ایک اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے دو ملزمین کوحراست میں لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق دوافرادنے بلبیر سینگ والد ٹھاکر داس ساکن اگھار بلیاں ریاسی جو کہ نائی کا کام کرتا تھا جس پر ایک تیز ہتھیار سے حملہ لیا،جس کاعلاج ضلع ہسپتال ریاسی میں چل رہا ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے ایف آئی آر 84./2019 US ۔307/34/323RpC,4/25aAct معاملہ درج کیا اور پولیس نے فوری طور زیر قیادت ایس ایچ او ریاسی اشونی شرما کاروائی عمل میں لائی ۔پولیس نے زخمی کے بیان کے مطابق اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے دو ملزمین کی شناخت کی جن کی پہچان دیپک کمار(کالی) والد اشوانی کمار ساکن پنتھل کٹرہ ،حال ماڑی جو کہ ایک آٹو ڈرائیور ہے اور ورن کمار (کاکا) ولد راکیش کمار ساکن گول ٹکری تحصیل ادھمپور کے طور پر ہوئی ہے۔ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ریاسی وسیم ہمدانی کے مطابق کافی محنت کے بعد پولیس نے دونوں ملزمین کو 24 گھنٹوں کے اندر وی جے پور ریاسی کے جنگل سے گرفتار کیا اور جس ہتھیار ( ٹوکا) سے انہوں نے ایک شخص پرحملہ کیا تھا اس کو بھی ضبط کیاگیاہے۔ان ملزمین کو پکڑنے میں پولیس نے ڈی ایس پی ہیڈ کوٹر ریاسی وسیم ہمدانی،اور ایڈیشنل ایس پی ریاسی شیو کمار چوہان اور ایس ایس پی ریاسی نیشا نتھیال کی نگرانی میں کارروائی عمل میں لائی۔
ماہ صیام کے دوران ضروری سہولیات کی فراہمی کامطالبہ
رام بن //نیشنل کانفرنس کے سینئرلیڈراورسابق ایم ایل اے رام بن ڈاکٹرچمن لال بھگت نے ماہ صیام میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے اور تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی مانگ کی ہے ۔ یہاں جاری ایک پریس بیان میںسابق ایم ایل اے رام بن ڈاکٹرچمن لال بھگت نے ڈپٹی کمشنر رام بن سے اپیل کی کہ وہ ماہ صیام سے قبل ضلع کے تمام علاقہ جات میںتمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور پانی و بجلی کی سپلائی میں معقولیت لانے کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کا بہترسے بہتر انتظام کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ گراں فروشی سے گریز کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھاجائے ۔ انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ بھی اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر فروخت کریں کیونکہ یہی ایک مہینے آخرت کمانے کاہے جبکہ بقیہ گیارہ مہینے کمانے کیلئے ہیں ۔این سی بلاک صدور نے کہاکہ ہر سال ماہ رمضان میں ایسی شکایات سامنے آتی رہتی ہیں کہ اشیائے ضروریہ کو اضافی قیمتوں پر فروخت کیاجاتاہے جبکہ انتظامیہ کی طرف سے بھی سہولیات فراہم نہیں ہوتی ۔ انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر رام بن کی طرف سے رمضان کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں لیکن ضرورت اس کی بات ہے کہ ہر وہ سہولت فراہم کی جائے جو روزہ داروں کی ضرورت ہے ۔
دویندرراناکامیاں الطاف کے ساتھ اظہارتعزیت
جموں//صوبائی صدرنیشنل کانفرنس اورسابق ایم ایل اے نگروٹہ دویندرسنگھ رانانے سابق ایم ایل اے کنگن میاں الطاف کی جواں سال بیٹی کی وفات پرگہرے دکھ کااظہارکیاہے۔یہاں جاری ایک تعزیتی بیان میں دویندرسنگھ رانانے میاں الطاف احمد ودیگرلواحقین کے ساتھ یکجہتی ظاہرکی اوراللہ تعالیٰ سے مرحومہ کوجنت الفردوس میں اعلیٰ جگہ عنایت فرمانے اورلواحقین کوصدمہ برداشت کرنے کیلئے صبرجمیل اورہمت عطافرمانے کی دعافرمائی۔
جموں و کشمیر انجمن اُردو ادب کی ماہانہ ادبی نشست کا انعقاد
نئی دہلی // دہلی یونیورسٹی کے شمالی کیمپس میں موجود تاریخی گوائر ہال ہاسٹل میں گزشتہ روز جموں و کشمیر انجمن اردو ادب کی ماہانہ ادبی نشست کا انعقاد کیا گیاجس کی صدارت ریاست کے نامورادیب غلام نبی کمار نے کی جبکہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے اسکالر محمد جلیل اقبال خاکی مہمان خصوصی تھے۔اس ادبی نشست کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اور دہلی یونیورسٹی کے اسکالر ریاض احمد بجران نے تلاوت کلام الٰہی پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔تلاوت قرآن کریم کے بعد سید صائم الرحمٰن نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ و پیش کی۔دہلی یونیورسٹی میں ایم اے کے طالب علم تنویر چوہدری نے آئے ہوئے مہمانوں کا استقبال کیا۔مذکورہ ادبی نشست میں تین افسانے اور دو مقالات پڑھے گئے جبکہ چند نوجوان شاعروں نے اپنا اپنا کلام پیش کیا۔اس موقع پر دہلی یونیورسٹی کے غلام نبی طاہر(صدر انجمن )عامر نظیر ڈار اور ارشد کسانہ نے افسانے پڑھے جبکہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے مسعود احمد اظہر اور دہلی یونیورسٹی کے مختار حسین نے ادبی مقالات پیش کیے۔اس دوران مختار احمد قالب, اعجاز احمد لون , الیاس احمد لداخی اور سید صائم الرحمن نے غزلیات پڑھیں۔اس موقع پر موجود قلمکاروں سے خطاب کرتے ہوئے محمد جلیل اقبال خاکی نے اراکین انجمن کی یہ پروگرام منعقد کرنے کے لئے سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں میں چھپی ہوئی تخلیقی و تنقیدی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔انہوں نے نو مشق قلمکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تحریروں کو پیش کرنے سے قبل اساتذہ کو ضرور دکھائیں تاکہ خامیوں کو کم سے کم کیا جا سکے۔اپنے صدارتی خطاب کے دوران غلام نبی کمار جو نے کہا اس طرح کی انجمن کی شدت سے ضرورت محسوس ہو رہی تھی تاکہ نئے لکھنے والے منظم طریقے سے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔غلام نبی کمار نے اس ادبی نشست میں پیش کی گئی تخلیقات پر مدلل بحث کی۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں وسیع پیمانے پر اس طرح کے پروگرام منعقد کیے جانے چاہیے۔اس ادبی نشست میں نظامت کے فرایض نیوزکاسٹر اور دہلی یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر اشتیاق احمد مصباح نے انجام دیئے۔انہوں نے آئے ہوئے مہمانوں کے سامنے انجمن کے اغراض و مقاصد بھی پیش کیے۔اس دوران شکریہ کی تحریک دہلی یونیورسٹی کے سینئر اسکالر بشیر شاہین پسوال نے پیش کی۔اس پروگرام کے انعقاد میں انجمن کے ذمہ داران کے علاوہ دیگر ممبران غلام حسین ,رمیس بھانڈرو،ریشم سنگھ،محمد عمران ،نظیر احمد گنائی،محمد ماجد،شاہد احمد وغیرہ نے اہم کردار ادا کیا۔