منشیات سے پاک سماج آر پی سکول کے بچوں کی دوڑ
سرینگر// آر پی سکول علمدار کالونی کی طرف سے کل منشیات کے خلاف ایک دوڑ کا اہتمام کیا گیا ۔دوڑ میں شامل طلاب نے صبح 6بجے شالیمار سے دوڑ لگائی اور پرائیوٹ سکول ایسوسی ایشن کے چیرمین جی این وار نے طلاب کو ہری جھنڈی دکھائی۔دوڑ میں اول سے پانچویں جماعت کے طلاب نے ہاتھوں میں پلے کارڈس لئے جگہ جگہ لوگوں کو منشیات سے دور رہنے کی اپیل کی۔سکول کے چیرمین مولانا عاشق حسین نے کہا کہ وادی میں پھیل رہی اس بدعت کو ختم کرنے کیلئے سول سوسائٹی کو متحرک ہونے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں کا نوجوان منشیات سے دور رہ سکے۔دوڑ میں 10طلاب کو پوزیشنیں حاصل کرنے میں اس میں حقہ لینے والے طلاب کو انعامات اور اسنادسے نوازا گیا۔سکول پرنسپل جی کیو جیلانی نے طلاب اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
’جموںکشمیر میں اُردوزبان و ادب کی موجودہ صورت حال ‘
کشمیر یونیور سٹی میں 2 روزہ سمینار ،ڈاکٹر فیض کی کتاب کی رسم رو نمائی
سرینگر//اشرف چراغ// جموںکشمیر میں اُردوزبان و ادب کی موجودہ صورت حال کے موضوع پر شعبہ اُردو کشمیر یونیورسٹی کی طرف سے دو روزہ سمینارمنعقد کیا گیا ، جس میں اُردو اساتذہ اسکالرس اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس سمینار میں ڈاکٹر فیض قاضی آبادی کی کتاب’’مدارس اور اُردو ‘‘کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ موصوف نے اس قبل بھی کئی کتابیں شائع کی ہیں۔ اس کتاب پر ڈاکٹررحمت اللہ میرنے پرُ مغز تبصرہ پڑھا جسے شرکائے سمینار نے سراہاجبکہ پروفیسر شفیقہ پروین ،پروفیسر عبد الرحمان ہاشمی ،پروفیسر نثار احمد اور پروفیسر عارفہ بشری بھی اس موقع پر موجود تھیں ۔
سنٹرل یونیورسٹی کے طلاب داچھی گام کی سیر پر
محکمہ وائلڈ لائف کی تیار کردہ ماحولیاتی دستاویزی فلم کی نمائش
گاندربل //ارشاد احمد//سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے شعبہ سکول آف ایجوکیشن نے ایک روزہ ماحولیاتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء کو ہارون داچھی گام نیشنل پارک اور مغل باغات کی سیر کروائی گئی۔ سیر میں کئی شعبوں میں زیر تعلیم طالب علموں اورفیکلٹی کے ارکان جن میں ڈاکٹرگوہر احمد بٹ،ریاض احمد وانی اور ڈاکٹر سنیل گووندے شامل تھے۔ شعبہ تعلیم آف سکول سربراہ ڈاکٹر سیدظہور احمد گیلانی نے کہا کہ ایسے پروگراموں کو منظم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایسے پروگرام وقت وقت پر ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سرگرمیوں کی اہمیت انتہائی آلودہ ماحولیاتی نظاموں کے موجودہ حالات میں بڑھ جاتی ہے تاکہ ان باتوں کی جانکاری حاصل ہوسکے جن کی وجہ سے ماحولیاتی تبدیلیوں ہوجاتی ہیں۔داچھی گام جنگل میں موجود کئی اقسام کے پودوں کے بارے میں طلباء کو مفصّل تفصیلات ،ٹراوٹ فارم میں مچھلیوں کے بارے میں جانکاری دی گئی تاکہ زیر تعلیم طالب علموں کو علمی مہارت حاصل کرنے میں آسانی ہوسکے۔محکمہ وائلڈ لائف ریسرچ سینٹر کی طرف سے تیار کردہ ماحولیاتی دستاویزی فلم دکھائی گئی جو محمد ایوب خان کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے ۔
راجباغ بنڈ پرسڑک کی حالت ناگفتہ بہہ
گردوغبارسے آبادی اور دکاندار پریشان
سٹی رپورٹر
سرینگر //ماڈرن ہسپتال سے شیخ محلہ راجباغ بنڈ سڑک مسافروں اور راہگیروں کیلئے سوان روح ثابت ہو رہی ہے کیونکہ سڑک پر نہ صرف جگہ جگہ گہرے کھڈے پیدا ہوئے ہیں بلکہ سڑک پر گردغبار کے بادل بھی چھائے رہتے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سال2014کے تبا ہ کن سیلاب کے بعد اگرچہ جہلم بنڈ کی مرمت کچھ ایک جگہوں پر کی گئی لیکن بنڈ کی سڑک جہاں سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں چھوٹی بڑی گاڑیوں کا گزر ہوتا ہے کی مرمت کی جانب کوئی دھیان نہیں دیا گیا ہے اورسڑک پر صرف کھڈہیں بلکہ اس پر گردغبار کے بادل بھی چھائے رہتے ہیں ۔مقامی لوگوںنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس سڑک پر رامباغ ، جواہر نگر ، مہجور نگر ، برزلہ ، حیدر پورہ اور دیگر علاقوں سے گاڑیاں آتی ہیں جو اس بنڈ سے لالچوک پہنچتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ماڈرن ہسپتال سے لیکر مسلم پبلک سکول تک جگہ جگہ کھڈے پیدا ہوئے ہیں جبکہ مسلم پبلک سکول سے شیخ محلہ تک بھی سڑک پر کئی ایک مقامات گہرے کھڈوں سے بھرے ہوئے ہیں ۔فاروق احمد نامی ایک شہری نے بتایا کہ گردوغبار سے کئی ایک دکانوں میں رکھا ہوا سامان بھی تباہ ہو رہا ہے ۔مقامی راہگیروں اور ٹرانسپوٹروں نے متعلقہ محکمہ سے اپیل کی ہے کہ سڑک کی جانب خصوصی توجہ دے کر لوگوں کی مشکلات کا ازلہ کیا جائے ۔