بانڈی پورہ بار کا کیس کی پیروی نہ کرنے کا اعلان
بانڈی پورہ/عازم جان /بارایسوشی ایشن بانڈی پورہ نے ترگام سمبل اور چھٹے بانڈے آرہ گام واقعات کی ضمانتی درخواست کے خلاف متحد ہوکر قانونی لڑائی لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ضمانتی درخواست عدالت میں پیش کیا گیا تو وہ مشترکہ طور احتجاج کریں گے۔ بارایسوشی ایشن بانڈی پورہ نے تمام وکلاء سے اپیل کی ہے کہ ان دوشرمناک مقدموں کی پیروی کرنے سے گریز کریں۔
ارشد پولیس تشدد کا شکار ہوا : سجاد لون/عمران انصاری
سرینگر//پیپلز کانفرنس چیئرمین سجاد غنی لون نے احتجاج کے دوران پولیس کارروائی میں زخمی ہونے والے نوجوان ارشد احمد کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں سجاد غنی لون نے پسماندگان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارشد غیر مبہم طور پولیس کی بربریت کا شکار ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ طاقت کا بے تحاشا استعمال برداشت نہیں کیاجانا چاہئے اور ارشد کی ہلاکت کے ذمہ دار افسران کو جوابدہ بنایا جانا چاہئے۔انہوں نے مزید کہاکہ ایسے پرانے واقعات میں جوابدہی کے فقدان نے ہجوم سے نمٹنے کیلئے طاقت کا بے تحاشا استعمال جاری رکھنے کا حوصلہ عطا کیا ہے اور اب صرف سنگین کارروائی ہی دوسروں کیلئے عبرت کا ذریعہ بن سکتی ہے۔سجاد لون نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس ہلاکت کے سلسلے میں جواب طلب کریں اور قصورواروں کو سخت سزا دلائیں۔اس دوران تنظیم کے جنرل سیکریٹری عمران رضا انصاری جمعرات کو ژینہ بل پٹن گئے جہاں انہوںنے مہلوک نوجوان ارشد احمد ڈار کے افراد خانہ سے تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوںنے ارشد کی ہلاکت کو پولیس فورس کی جانب سے زیادتی کی انتہا سے تعبیر کیا۔ارشد کی ہلاکت پر دلی صدمہ ظاہر کرتے ہوئے انصاری نے کہا کہ اس ہلاکت میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سختی سے نمٹا جانا چاہئے۔
اردویونیورسٹی حیدآباد میں مختلف کورسزکیلئے آن لائن داخلے جاری
حیدرآباد//مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی حیدرآبادکے مختلف ریگولر کورسس میں آن لائن داخلے جاری ہیں۔ لسانیات، سماجی علوم، ترسیل عامہ و صحافت، سائنس اور کامرس جیسے اسکولس میں پوسٹ گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ کورسس میں داخلے کے لیے آن لائن درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 جون ہے۔ مدارس سے فارغ ہونے والے طلبہ کیلئے بی کام، بی ایس سی اور پالی ٹیکنیک میں داخلے کے لیے خصوصی برج کورسس دستیاب ہیں۔ یونیورسٹی نے نئے تعلیمی سال میں دو نئے ووکیشنل کورسس بیچلر آف امیجنگ ٹکنالوجی(ایم آئی ٹی)، بیچلر آف میڈیکل لیباریٹری ٹکنالوجی (ایم ایل ٹی) انڈر گریجویٹ سطح پر متعارف کیے ہیں۔ میرٹ کی اساس پر داخلہ دئیے جانے والے کورسس میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام ( اردو، انگریزی، ہندی، عربی،مطالعات ترجمہ ،فارسی ؛ مطالعات نسواں، نظم و نسق عامہ، سیاسیات،سوشل ورک، اسلامک اسٹڈیز، تاریخ، معاشیات، سماجیات؛ صحافت و ترسیل عامہ؛ ایم کام اور ایم ایس سی (ریاضی) ؛ انڈر گریجویٹ پروگرامس میںبی اے، بی اے(آنرس) ۔ جے ایم سی، بی کام، بی ایس سی (ریاضی،طبیعات،کیمیا۔ایم پی سی)، بی ایس سی (ریاضی،طبیعات،کمپیوٹر سائنس،ایم پی سی ایس) اور بی ایس سی (حیاتی علوم – زیڈ بی سی)؛ مدارس کے فارغ طلبہ کے لیے داخلہ برائے انڈر گریجویٹ (بی کام/ بی ایس سی) اور پالی ٹیکنک پروگرامس کے لیے برج (رابطہ) کورسز شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں لیٹرل انٹری کے تحت بی ٹیک اور پالی ٹیکنیک میں اہل طلبہ کو راست داخلے دئے جائیں گے۔ پی جی ڈپلوما ان ریٹیل مینجمنٹ اور جزوقتی ڈپلوما پروگرام میں( اردو ، ہندی، عربی، فارسی اور اسلامک اسٹڈیز،تحسین غزل و اردو میں سرٹیفکیٹ کورس) بھی دستیاب ہیں۔ درخواستیں یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.ac.in پر دستیاب ہے اور صرف آن لائن ہی قبول کی جائیں گی۔ تفصیلات یا کسی وضاحت کے لیے نظامت داخلہ کو [email protected] پر ای میل کریں۔
بجلی شعبے کے منصوبوں پر جاری کام میں
سرعت لائی جائے:کے کے شرما
سری نگر//گورنر کے مشیر کے کے شرما نے ریاست میں بجلی سیکٹر میں جاری پروجیکٹوں کے کام میں سرعت لانے پر زور دیا ہے تاکہ ان کو وقت مقررہ کے اندر مکمل کیا جاسکے ۔اِس سلسلے میں طلب کی گئی ایک میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری خزانہ اے کے مہتہ ، کمشنر سیکرٹری بجلی ہردیش کمار ، ڈیولپمنٹ کمشنر بجلی ، چیف انجینئر صاحبان اور دیگر افسران موجودتھے۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مشیر موصوف نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان پروجیکٹوں سے متعلق ہفتہ وار بنیادوں پر رِپورٹ تیار کریں تاکہ ان کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں متواتر بنیادوں پر میٹنگیں منعقد کرائی جانی چاہئیں تاکہ ان پروجیکٹوں کی راہ میں حائل رُکاوٹوں کو دور کر کے ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جاسکے۔مشیر نے کہا کہ بجلی سیکٹر ریاست کا ایک اہم شعبہ ہے اور اس شعبے کو مزید تقویت بخشنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے التوا میں پڑے پروجیکٹوں کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہاکہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل سے ریاست میں توانائی کے شعبے میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے اور لوگوں کو معیاری خدمات فراہم کی جاسکتی ہے۔
تمباکو مصنوعات کے استعمال کی بدعت کی روکتھام
’کوپٹا‘ایکٹ کی مکمل عمل آوری پر ڈپٹی کمشنر بڈگام کازور
ؓؓؓبڈگام//نیو کانفرنس ہال بڈگام میں تمباکو مصنوعات کے استعمال کی بدعت پر روکتھام کے لئے این ٹی سی پی کے تحت ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں مختلف محکمو ں کے ضلع سربراہان اور سیول سوسائٹی کے ممبران کے علاوہ دیگر متعلقین نے شرکت کی ۔ورکشاپ کا اہتمام محکمہ صحت کی طرف سے کیا گیا جس میں ضلع میں تمباکو مصنوعات کے استعمال پر روکتھام کو یقینی بنانے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر، جس نے پروگرام کی صدارت کی ، نے کوپٹا ایکٹ کے تحت اقدامات کی عملی آواری پر زور دیا تاکہ تمباکو مصنوعات کے استعمال کا قلع قمع کیا جا سکے ۔انہوں نے تمباکو کے مضر اثرات کے بارے میں عوام کو جانکاری فراہم کرنے کے لئے ذرائع ابلاغ سے تشہیری مہم شروع کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے اس مقصد کے لئے کالجوں اور سکولوں کے طلباء کو بھی شامل کرنے پر زوردیا۔ترقیاتی کمشنر نے سی ای او بڈگام اور سی ایم او پر مشترکہ طور پر سکولوں پر پروگراموں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی تاکہ تمباکو مصنوعات کے قلع قمع کیلئے کئے جا رہے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آسکیں۔
سعودی عرب کی النور کھجوریں اب وادی میں بھی دستیاب
سرینگر// شہداورسرسوں کے تیل کے ممتازبرآمدکار شکتی گروپ آف انڈسٹریزنے ’النور‘نام سے کھجور،شہداور سرسوں کاتیل لانچ کیا ہے۔کھجور خاص طور سے ماہ رمضان کیلئے سعودی عرب سے درآمد کئے گئے ہیں ۔اس کے علاوہ کمپنی نے وادی میں شہداور سرسوں کاتیل بھی متعارف کرایاہے۔
کنٹریکچول اساتذہ کیساتھ انصاف کیاجائے:پیپلزمومنٹ
سرینگر// جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کی رہنماچسفیدہ شاہ اور اوزیررونگانے گزشتہ برس کنٹریکچول بنیادپرکام پر لگائے گئے اساتذہ کویقین دلایا ہے کہ ان کی نوکریاں برقرار رکھنے کے مطالبے کو متعلقہ حکام کیساتھ ہمدردانہ غورکیلئے اُٹھایاجائے گا۔ متاثرہ کنٹریکچول اساتذہ کے ایک گروپ جوپرتاپ پارک سرینگرمیں احتجاج کررہے تھے،کے ساتھ بات کرتے ہوئے چسفیدہ شاہ نے کہا کہ ان کی جماعت نے ریاستی عوام کے جائزحقوق کیلئے جدوجہد کرنے کا مشن ہاتھ میں لیا ہے۔چسفیدہ شاہ نیاحتجاجی کنٹریکچول اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں اس لئے آئے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مستحق اورضرورت مندوں کے ساتھ انصاف ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ کنٹریکچول اساتذہ جواعلیٰ تعلیم یافتہ اور قابل ہیں ،کوساتھ انصاف کا معاملہ ہو۔اس موقعہ پر اوزیررونگا نے کہا کہ کنٹریکچول اساتذہ کی مانگوں کو پورا کرانے کیلئے کوئی دقیقہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سوپور کے سابق ڈیولپمنٹ آفیسر جاوید احمد وانی کو صدمہ ، والدہ انتقال کرگئیں
سرینگر//سوپور کے سابق ڈیولپمنٹ آفیسر جاوید احمد وانی کی والدہ کے انتقال پر کئی سیاسی، سماجی و مذہبی تنظیموںنے سوگوار خاندان سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی ہے۔ پرویز احمد وانی، اعجاز احمد وانی، بشیر احمد وانی کی والدہ اہلیہ غلام نبی وانی 15مئی 2019بدھوار کو آبائی گھر واقع محلہ عشپیر سوپور میں انتقال کرگئیں۔ موصوفہ سماجی کارکن، براڈ کاسٹر سلیم فاروق، عبدالحمید وانی، ڈاکٹر نثار احمد وانی (بی ڈی او تریگام) پٹن کی چاچی جبکہ عبدالمجید بُلہ، حاجی غلام حسن رنجم کی قریبی رشتہ دار تھیں۔ کئی سیاسی ، دینی اور مذہبی انجمنوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
برن پتھری ترال میں شدید ژالہ بھاری
فصلوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان
ترال//ترال کے برن پتھری علاقے میں کئی منٹوں کی شدید ژالہ بھاری نے علاقے میں فصلوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس کے نتیجے میں کسانوں اور باغ مالکان دم بخود ہوئے ہیں ۔ اس دوران متاثرہ کسانوں نے علاقے میں نقصان کا تخمینا لگانے کے لئے ٹیم کو علاقے میں روانہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال کے گوجر بستی برن پتھری علاقے میںبدھ کے روز رات دیگر گئی کئی منٹوں تک شدید ژالہ بھاری ہوئی ہے جس کے نتیجے میں یہاں فصلوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان ہوا ہے مقامی لوگوں نے بتایا ژالہ بھاری اس قدر شدید تھی کہ درختوں کے پتے نیچے زمین پر گر آئے جبکہ علاقے صبح تک زمین پر موجوتھا ۔ مقامی لوگوں نے علاقے میں نقصان کا تخمنہ لگانے کے لئے ٹیم روانہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
لولی یونیورسٹی میں ریاست کے ٹاپرس کو100فیصد اسکالرشپ
جالندھر//ہرسال ملک بھر اوردیگر ممالک سے ہزاروں طلباء لولی پروفیشنل یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرتے ہیں۔گزشتہ دوبرس کے دوران 90فیصد یا اس سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے 3700سے زائد طلباء نے لولی یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔اعلیٰ قابلیت والے طلباء کیلئے لولی پروفیشنل یونیورسٹی کی اسکالرشپس کی وسیع پالیسیاں ہیںجس کی بدولت اعلی طلباء کو 4.5لاکھ روپے تک کی اسکالرشپ مل سکتی ہے ۔اس برس لولی پروفیشنل یونیورسٹی نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ملک کے تمام ریاستی ومرکزی بورڈوں جن میں جموں کشمیراسٹیٹ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن وسینٹرل بورڈ آف اسکول ایجوکیشن بھی شامل ہیں، کے20ٹاپرس کو ٹیوشن ورہائشی فیس میں 100فیصد چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔اسکالرشپ سے تمام انڈر گریجویٹ کورسز میں استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ اسکالرشپ نہ صرف تعلیمی میدان میں اعلیٰ کارکردگی والے طلباء کو فراہم کی جاتی ہے بلکہ کھیل کود ،سماجی کام،غیرنصابی سرگرمیوں وغیرہ کیلئے بھی اسکالرشپ دستیاب ہیں ۔لولی پروفیشنل یونیورسٹی کے چانسلر اشوک متل نے کہا کہ لولی یونیورسٹی تمام قابل ومستحق طلباء کو اعلی ٰ تعلیم دلانے کیلئے کوشان ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم انہیں سوفیصد اسکالرشپ دے کر ان کی مدد کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک اعزازہے کہ اس سال وزیراعظم نے ہماری یونیورسٹی کا دورہ کیااورہماری یونیورسٹی ملک کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں شمار ہوتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے طالب علم گوگل،ایپل،مائیکروسافٹ اور دیگر کمپنیوں میں سالانہ ایک کروڑ روپے سے زیادہ کی تنخواہ پاتے ہیں ۔
سرکاری محکمہ جات کے اشتہار ات کی اشاعت
محکمہ اطلاعات کی وساطت سے جاری کرنے کی ہدایت
سری نگر//حکومت نے تمام سرکاری محکموں ، پبلک سیکٹر اور خود مختار اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام سرکاری اِشتہارات فقط محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کی وساطت سے جاری کریں۔ جی اے ڈی سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا ہے ’’ حکومت کی نوٹس میں آیا ہے کہ اِشتہارات کی اجرائی کے لئے سرکیولر نمبر 33-GAD of 2018بتاریخ 7-8-2018 پر عمل درآمد یقینی نہیں بنائی جاتی ہے ۔لہٰذا یہ بات ایک بار پھر دہرائی جاتی ہے کہ کوئی بھی سرکاری محکمہ ، پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگس یا خود مختار ادارہ تمام سرکاری اشتہارات کسی بھی صورت میں براہِ راست پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا کو جاری نہیں کرے گا۔‘‘ مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ اطلاعات اِس معاملے پر قریبی نگاہ رکھے گا اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو ہر پندرہ دِن کے بعد رِپورٹ پیش کرے گا۔