یوم القدس اہل فلسطین کیساتھ
اظہار یکجہتی کیلئے بلا لحاظ مذہب منائیں:شیعہ فیڈریشن
جموں //شیعہ فیڈریشن نے یوم القدس کے موقعہ پر بڑے پیمانے پر اسرائیلی مظالم کے خلا ف اور فلسطین کے مظلوموں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے صوبہ کی تمام مقامی انجمنوں پر زور دیاہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں احتجاج کریں ۔ پریس کے نام ایک بیان میں فیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ یوم القدس اہل فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے اور اس دن کو منانے کیلئے سب کو بلا لحاظ مذہب و ملت سامنے آناچاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل انسانیت پر ظلم ڈھارہاہے اور اس کی کارروائیاں فلسطینی مسلمانوں کیلئے ناسور بن چکی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ روزانہ کی بنیادوں پر بمباری اور دیگر طرح کی کارروائیاں کرکے بچوں ، عورتوں ،بزرگوں اور نوجوانوں کا قتل کیاجاتاہے اور اس پر طرہ امتیاز یہ کہ بیشتر مسلمان حکومتیں خاموش بیٹھی ہوئی ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ اسرائیلی مظالم امریکی سرپرستی میں ہورہے ہیں اور فلسطین کے معاملے میں انسانی حقوق کے علمبردار اور بڑی بڑی طاقتیں بھی زبا ن بند کرلیتی ہیں ۔ عاشق خان نے کہاکہ اسی ظلم و جبر کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کیلئے آج سے کئی سال قبل انقلاب اسلامی ایران کے بانی آیت اللہ خمینی ؒ نے رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا اور تب سے آج تک پوری دنیا کے مسلمان مذہب و فرقہ سے بالاتر ہوکر یہ دن منارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قبلہ اول کی آزادی تک یہ دن منایاجاتارہے گا اور اسرائیل اگر خائف ہے تو وہ اسی دن سے ہے ۔عاشق خان نے کہاکہ یوم القدس کو ایک مذہبی فریضہ سمجھ کر منانے کی ضرورت ہے۔
جموں سنسکرتی سکول میں بحث و مباحثہ مقابلہ کا اہتمام
جموں // جموں سنسکرتی سکول میں منگل کے روز بحث و مباحثہ مقابلہ کا اہتمام کیا گیا۔آج کل کے دنیا میں تعلیم کی ایک خاص اہمیت ہے لیکن اسکے ساتھ ہی ایک شخض کی شخصیت کے نکھار کیلئے انگریزی بولنا بھی اہم ہے۔اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اور طلاب میں اسے فروغ دینے کیلئے جموں سنسکرتی سکول نے تیسری جماعت کے طلاب کیلئے ایک بحث و مباحثہ مقابلہ کا اہتمام کیا گیا۔بحث ومباحثہ کا موضوع ’’ "Exams only measures the memory of the students and not their learning." تھا ۔ طلاب نے پروگرام میں جوش و خروش اور اعتماد سے شرکت کی ،جس سے مہمانوں کو کافی مسرت ہوئی۔ اس موقعہ پرجموں سنسکرتی سکول جموں کی ٹرسٹی مس سوناکشی آنند ، اور پرائمری ونگ کی کارڈی نیٹر مس ورونا مگوترہ مہمان ذی وقار تھے۔پوجا وزیر نے مقابلہ میں بطور جج اپنے فرائض انجام دئے۔واسوی اور دیویانش نے پہلا انعام حاصل کیا ،جبکہ کماکشی اور انیکیت نے دوسرا انعام حاصل کیا اور تیسرا انعام دیہر اور مانتھن نے حاصل کیا۔سورو گپتا اور سنہریت کور کو حوصلہ افزائی انعامات سے سرفراز کیا گیا۔
وزیراعظم کی حلف برداری تقریب
پاکستان کو مدعو کرنے کیلئے صدر سے مداخلت کی درخواست
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر ایکزیکیو رکن پروفیسر بھیم سنگھ نے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند سے درخواست کی ہے کہ وہ وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں پاکستان کو مدعو کئے جانے کے لئے مداخلت کریں۔پنتھرس سربراہ نے صدر جمہوریہ کو لکھے خط میں ان پر زور دیا کہ وہ 30مئی 2019کو راشٹرپتی بھون میں ہونے والی وزیراعظم نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں دیگر پڑوسی ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی مدعو کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ نامزد وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ شام کو اعلان کیا کہ’پڑوسی پہلے‘ لیکن اسی دن وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب کے مدعوئین پڑوسی ممالک کی فہرست سے پاکستان کا نام کاٹ دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ عزت ماب صدر میں ان کروڑوں ہندستانیوںمیں سے ایک ہوں جو اس معاملہ میں آپ کی مداخلت کا خواہاں ہوں اور چاہتا ہوں کہ پاکستان کو بھی دیگر پڑوسی ممالک کی طرح عزت دارانہ طریقہ سے وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا جائے۔قومی اور بین الاقوامی میڈیا کو پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو حلف برداری کی تقریب میں مدعو نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم/حکمراں پارٹی کو پاکستان کے وزیراعظم سے کوئی پریشانی ہے تو وہاں کے صدر کو مدعو کیا جائے۔ پاکستان کو مدعوئین کی فہرست میں نہ رکھنا نہ صرف قومی مفاد میں ہے اور نہ ہی پاکستان کے لوگوں کو ہندستان کے امن اور بھائی چارہ کے پیغام کے حق میں۔
جموں وکشمیر پنشنرز ویلفئیر فیڈریشن کا تعزیتی اجلاس
ضلع صدر ڈوڈہ ڈاکٹر سجاد حسین کرائی پاک کے انتقال پر دکھ کا اظہار
نیوز ڈیسک
جموں //جموں وکشمیر پنشنرز ویلفئیر فیڈریشن ،سینئر سٹی زنز سول سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ تعزیتی اجلاسوں میں فیڈریشن کے ضلع ڈوڈہ کے صدر ڈاکٹر سجاد حسین کرائی پاک کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا ۔ تعزیتی اجلاس ریاستی صدر سمت پرکاش سرینگر،و صوبائی صدر جموں شکتی گپتا کی قیادت میں منعقد ہوئے۔اجلاس میں ڈاکٹر سجاد کرائی پاک کے اچانک انتقال کرنے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔یہاں جاری ایک تعزیتی بیان میں ضلع صدر ر ڈاکٹر سجاد حسین کرائی پاک کے انتقال کو فیڈریشن کے لئے لا تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے سمپت پرکاش اور شکتی گپتا نے اپنے اپنے اظہار خیالات میں کہا کہ اس خلاء کو پُر کرنا کافی مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ انکے انتقال سے فیڈریشن ایک دیانتدار اور جفاکش و محنتی کارکن سے محروم ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ساری زندگی لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا اور کہا کہ وہ آخری سانس لینے تک فلاحی کاموں میں سرگرم رہے۔تعزیتی اجلاس میں لواحقین کے ساتھدلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئیموحوم کے ایصال و ثواب کے لئے دعا کی گئی۔مرحوم کہی خدمات کو بھر پور خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے خدا وند تعالیٰ سے دعک کی کہ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ نصیب فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔دریں اثنا ،IRCS جموں نے بھی ڈاکٹر سجاد کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔اس سلسلہ میں انڈین ریڈ کراس سوسائٹی ،جموں کی جانب سے ایک تعزیتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا ،جس میں IRCS ڈوڈہ کے ایگزیکٹو سیکرٹری ر ڈاکٹر سجاد حسین کرائی پاک کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا اور انکی بے لوث خدمات کو سراہا گیا ۔تعزیتی اجکاس میں مرحوم کے ایصال و ثواب کیلئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔اجلاس میں مرحوم کے ابدی سکون کی دعا کی گئی اور دکھ زد گان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرنے کی خدا و ند تعالیٰ سے دعا کی گئی۔
پروفیسرمشتاق احمد CUHP ایگزیکٹیوکونسل کے رکن نامزد
جموں//پروفیسر مشتاق احمد ،صدرشعبہ ماحولیات سائنس اورڈین سکول آف ارتھ اینڈ اینوائرنمنٹل سائنسز سنٹرل یونیورسٹی آف ہماچل پردیش ،دھرمشالہ پروفیسرمشتاق احمد کوآئندہ تین برسوں کیلئے یونیورسٹی ہذاکی ایگزیکٹیوکونسل کارکن نامزدکیاگیاہے ۔ایگزیکٹیوکونسل یونیورسٹی کی اعلیٰ فیصلہ جات لینے کی اجازت باڈی ہے ۔مشتاق احمد یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے بھی ممبرہیں ۔پروفیسرمشتاق احمد یونیورسٹی کے سب سے کم عمرڈین ہیں اورسنٹرل یونیورسٹی میں پروفیسرکے عہدے پرتعینات ہونے والے جموں وکشمیرکے پہلے گوجرہیں اوراس کاتعلق سکمبلی ،تحصیل درہال ضلع راجوری سے ہے۔پروفیسرمشتاق بنارس ہندویونیورسٹی ،وارانسی کے سابق طالب علم ہیں۔