لہیہ میں کئی وفود گورنر سے ملاقی
لہیہ// گورنر ستیہ پال ملک جو لداخ کے تین روزہ دورے پر ہیں ، نے لہیہ میں کئی وفود سے ملاقات کی ۔ ایل اے ایچ ڈی سی لہیہ کے کونسلروں کا ایک وفد جس کی قیادت ڈپٹی چئیر مین ایل اے ایچ ڈی سی گیال پی وانگیال اور چیرنگ دورجے کر رہے تھے ، نے گورنر کو ایک یاداشت پیش کی ۔ وفد نے پی ڈبلیو ڈی سرکل لہیہ سے وابستہ ڈیلی ویجروں اور کیجول لیبرروں کے بقایا جات واگذار کرنے اور اُن کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کی درخواست کی ۔ انہوں نے لداخ یونیورسٹی اور ڈگری کالج کھلسی کا فوری طور کام کاج عمل میں لانے ، سیلاب سے بنیادی ڈھانچے کو ہوئے نقصان کی مستقل بحالی و دیگر مطالبات پیش کئے ۔ لداخی سٹوڈنٹس یونین جو دہلی ، جموں اور چندی گڑھ میں مقیم ہیں کے صدور کی نمائیندگی طلبا کے ایک وفد نے کی اور وقت پر امتحان منعقد کرنے اور نتایج کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ۔ آل لداخ ٹور اوپریٹر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے بین الاقوامی ٹریڈ میلوں میں شریک ہونے کا مطالبہ کیا ۔ لداخ بدھسٹ ایسوسی ایشن ، لداخ گومپا ایسوسی ایشن ، انجمن امامیہ اور انجمن معین الاسلام سے تعلق رکھنے والے کئی وفود نے گورنر کو اپنی یاداشت پیش کی تا کہ اُن کے مسائل اور مطالبات پورے کئے جا سکیں ۔ چانگ تھانگ خطے سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے چانگ تھانگ کیلئے الگ ضلع بنانے کی مانگ کی ۔ سٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائیز ایسوسی ایشن لداخ کے ایک وفد نے بھی اپنے مطالبات کی فہرست گورنر کو پیش کی ۔ گورنر نے تمام وفود کو یقین دلایا کہ حکومت اُن کے جائیز مطالبات پر غور کرے گی ۔
’اگر 370عارضی ہے تو الحاق بھی عارضی ‘
امت شاہ کے بیان پرانجینئر رشیدکارد عمل
سرینگر// اے آئی پی سربراہ انجینئر رشید نے وزیر داخلہ امت شاہ کی طرف سے پارلیمنٹ میں دفعہ 370کے متعلق دئے گئے بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے انہیں یاد دلایا ہے کہ اگر دفعہ 370عارضی ہے تو پھر ہند یونین اور جموں کشمیر کا الحاق بھی عارضی ہے ۔ سونہ وار سرینگر میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا ـ’’ بلا شبہ دفعہ 370آئین ہند کی عارضی دفعہ ہے لیکن بے جے پی کے لیڈروں اور مرکزی سرکار کویہ بھی بتا دینا چاہئے کہ آخر دفعہ370کن حالات میں ہندوستانی آئین میں شامل کی گئی تھی اور تب ایسا کرنے کی کیا ضرورت تھی ۔انہوں نے کہاکہ امت شاہ کو یہ بات سمجھنی ہوگی کہ نہ صرف دفعہ 370عارضی ہے بلکہ ہندوستان اور جموں کشمیر کا رشتہ بھی عارضی ہے۔ جہاں نئی دلی نے اہل کشمیر کے ساتھ رائے شماری کا وعدہ کیا تھا وہاں بد قسمتی سے نئی دلی نے رائے شماری کا وعدہ تو پورا نہیں کیا لیکن ریاست کو ہندوستانی وفاق کے اندر حاصل خصوصی اختیارات ایک ایک کرکے چھین لئے ۔ یہ بات ظاہر ہے کہ تمام بے ایمانیاں کشمیریوں نے نہیں بلکہ نئی دلی نے کی ہیں ۔اگر واقعی امت شاہ 370کو ختم کرنا چاہتے ہیں تو اس کا واحد طریقہ یہی ہے کہ پہلے ریاست میں اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق آر پار رائے شماری کرائی جائے اور اگر فیصلہ ہندوستان کے حق میں آتا ہے تو کشمیریوں کو 370اور نہ ہی کسی اور خود مختاری کی ضرورت رہے گی‘‘۔ انجینئر رشید نے پی جے پی سرکار پر الزام لگایا کہ وہ طاقت کے بل پر سب کچھ بدلنا چاہتی ہے لیکن انہیں یہ سمجھنا ہوگا کہ وہ اقوام متحدہ سے لیکر تاشقند تک اور شملہ سے لیکر لاہور تک میں کئے گئے باہمی اور بین الاقوامی محادوں پر عمل در آمد کے پابند ہیں۔ اس موقعہ پر پارٹی کے ضلع صدر سرینگر محمد مقبول بیگ ، پارٹی کے لیڈر شوکت احمد زرگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
بھاجپا ہی جموں وکشمیر میں صدر راج کی حامی
نہروکیخلاف ہتک آمیز ریمارکس ناقابل قبول:بھیم سنگھ
سرینگر//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی اورسپریم کورٹ کے سینئر وکیل پروفیسر بھیم سنگھ نے وزیر داخلہ امت شاہ کے ذریعہ پارلیمنٹ کے اندر ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے، جن کا55برس پہلے انتقال ہوچکا ہے، خلاف مذمتی زبان پر سخت اعتراض کیا ۔ انہوں نے اسے ہندستانی ثقافت اور تہذیب کے منافی قرا ر دیا۔پروفیسر بھیم سنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ کے ذریعہ ایوا ن کو غلط اطلاع دینے پر بھی تنقیدکا نشانہ بنایا جس میں انہو ںنے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کا صرف ایک تہائی حصہ ہی ہندستان کے ساتھ نہیں ہے ۔ انہوں نے وزیر داخلہ کو مہاراجہ ہری سنگھ کے ذریعہ 1848میں قائم کئے گئے جموں وکشمیر کے نقشہ، جیوگرافی اور سیاسی تاریخ کا مطالعہ کرنے کا مشورہ دیا ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی تقریباًً 1800 جگہ پر چین کا 1982سے غیر قانونی قبضہ ہے۔یہ توجہ دینے کی بات ہے کہ جموں وکشمیر کی تقریباًً 84000مربع میل جگہ پاکستان اور چین کے غیرقانونی قبضہ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کا صرف نصف حصہ ہندستان کے کنٹرول میں ہے اور 32000مربع میل جگہ پاکستان کے غیرقانونی قبضہ میں ہے جسے اس نے 1929میں غیرقانونی طریقہ سے پاکستان کے ساتھ جوڑا تھا۔انہو ں نے وزیر داخلہ سے کہا کہ وہ معلوم کریں کہ ہندستان میں بی جے پی کے دور اقتدار میں جموں وکشمیر میں کتنی بارگورنر/صدر راج نافذ کیا گیا اور ملک کے لوگوں کو بتائیں کہ جموں وکشمیر میں 93مرتبہ نافذ کئے گئے صدر راج میں سے بی جے پی نے کتنی مرتبہ اس کا استعمال کیاجبکہ وہ کہہ رہے ہیں کہ کانگریس نے مرکز میں رہتے ہوئے اس کا استعمال کیا۔انہوں نے ہندستانی پارلیمنٹ کے اراکین سے کہاکہ وہ وزیر داخلہ سے معلوم کریں کہ جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے اراکین /دفتر ی عملہ کے کتنے لوگوں کی سیکورٹی ہٹائی گئی اور آر ایس ایس /بی جے پی کے کارکنوں کو جموں وکشمیر میں مکمل سیکورٹی فراہم کی گئی۔انہوں نے کہاکہ وہ ملک کے عوام کو بتائیں کہ پنتھرس پارٹی کارکنوں کی سیکورٹی کیوں ہٹائی گئی ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ نے خود اعتراف کیا ہے کہ جموں وکشمیر حکومت ان لوگوں کو سیکورٹی مہیا کراتی ہے جو ہندستان کے خلاف بولتے ہیں ۔ انہوں نے سچ بولنے پر وزیر داخلہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ جو لوگ ہندستان کے لئے بولتے ہیں انہیں اصل دھمکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اسی وجہ سے پنتھرس کارکنوں کی سیکورٹی چھین لی گئی کیونکہ وہ لوگ جموں وکشمیر کے ہر حصہ میں قومی پرچم کے ساتھ جاتے ہیںاور ان لوگوں کو بے نقاب کرتے ہیں جوسیکورٹی اور دیگر ذرائع کے لئے ہندستانی حکومت کے ساتھ دھوکہ کرتے ہیں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے فوری طورپر قومی یکجہتی کونسل کی میٹنگ بلائے جانے کا مطالبہ کیا جس سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو درپیش اصل مسائل کو دنیا کے سامنے لایا جاسکے۔
چاڈر کولگام دھماکہ| تحقیقاتی افسر بیانات قلمبند کریں گے
سرینگر// ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کولگام( انکوائری افسر) کیموہ تحصیل کے چاڈر گاؤں میں27 جون کو پیش آئے ایک پُر اسرار دھماکہ کے واقعہ کے حوالے سے بیانات قلمبند کریں گے۔ واقعہ کے حوالے سے اپنا بیان درج کرانے والے خواہش مند افراد تحقیقاتی افسر کے دفتر واقع منی سیکرٹریٹ کولگام میں28 جون سے3 جولائی2019 تک دفتری اوقات میں حاضر ہوسکتے ہیں۔
گورنر راج کے دوران 71902شکایات کا نپٹارہ
سرینگر// ریاست میں 20جون سے گورنر رول کے نفاذ سے لے کر8 2 جون2019 تک گریوینس سیل( بشمول گورنر سیکرٹریٹ) کو72281شکایات موصول ہوئیں جن میں سے71902 شکایات کو نمٹارے کے لئے متعلقہ محکموں کو بھیجا گیا جبکہ 379شکایات کو نمٹانے کا عمل جاری ہے۔اسی طرح گورنر کی ہدایت پر اُن کے چاروں مشیر سرینگر سرینگر اور جموں میں متواتر بنیادوں پر عوامی درباروں کا انعقاد کرتے رہے ہیں جس دوران وہ لوگوں کی شکایات سُنتے ہیں اور اُن کو نپٹارے کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھاتے ہیں۔
۔2 آئی اے ایس افسران تبدیل
جموں //ریاستی حکومت نے دو آئی اے ایس افسران کے تبادلے عمل میں لائے ہیں ۔اس سلسلے میں جاری ہوئے حکمنامہ کے مطابق چیف ایگزیکٹو افسر جموں وکشمیر اکنامک ری کنسٹرکشن ایجنسی ڈاکٹر رگھولنگر کو تبدیل کرکے ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ تعینات کیاگیاہے جن کے پاس ایڈیشنل ایگزیکٹو افسر میٹروپولٹین ریگولیٹری اتھارٹی سرینگر کا اضافی چارج بھی تھا۔ان کی جگہ تعینات ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ وکاس کنڈل کو ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو افسر میٹروپولٹین ریگولیٹری اتھارٹی سرینگر بنایاگیاہے جن کے پاس چیف ایگزیکٹو افسر جموں وکشمیر اکنامک ری کنسٹرکشن ایجنسی کا اضافی چارج بھی رہے گا۔
کشن گنگا پروجیکٹ کا آر آر و سی ایس آر
ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ نے عمل آوری کا جائزہ لیا
بانڈی پورہ// ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شہباز احمد مرزا نے آفیسروں کی ایک میٹنگ کے دوران آر اینڈ آر اورسی ایس آر کے تحت این ایچ پی سی کی طرف سے فراہم کئے جارہے رقومات سے مختلف پروجیکٹوںکی عمل آوری کاجائزہ لیا۔جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد کے علاوہ محکمہ تعمیرات عامہ ،پی ایچ ای ،پھولبانی ،سیاحت ودیگر محکموںکے آفیسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے کئی سکیموں کی عمل آوری کابھی جائزہ لیا۔جن میں علاقے میں میٹرنٹی ہسپتال کی تعمیر ،کئی سڑکوں کو ترقی دینے ،گریز اوربانڈی پورہ میں کئی سکولوں کے بنیادی ڈھانچوں کی تعمیر،پارکوں ،قصبوں اور دیہاتوں کو ترقی دینے کے علاوہ دیگر ترقیاتی پروجیکٹ بھی شامل تھے۔انہوںنے آفیسروں پر زوردیا کہ وہ ان تمام کاموں میں سرعت لائیں تاکہ ان پروجیکٹوںکی تکمیل سے لوگوںکی بہبودی یقینی بن سکے۔میٹنگ میں ضلع بانڈی پورہ کے ونہ پورہ گریز میں 330میگاواٹ کشن گنگا ایچ ای پی کی تعمیر کی وجہ سے متاثر ہ کنبوں کے لئے کالونی کی تعمیر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عورت’بکنی‘پہنے یا ’برقینی‘یہ اس کی ذاتی مرضی پر منحصر: محبوبہ مفتی
سری نگر// پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ یہ ایک عورت کی اپنی مرضی ہے کہ وہ بکنی میں آرام محسوس کرتی ہے یا برقینی میں پرسکون ہے۔ انہوں نے یہ بات ایک بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کی ایک رپورٹ کے ردعمل میں کہی ہے۔ مذکورہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ فرانس میں مسلم خواتین کے ایک گروپ نے برقینی پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کی ہے۔محبوبہ مفتی نے 'رائٹرز' کی خبر کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا: 'یہ ایک عورت کی اپنی مرضی ہونی چاہیے کہ وہ بکنی میں آرام محسوس کرتی ہے یا برقینی میں پرسکون ہے'۔قابل ذکر ہے کہ فرانس کے جنوب مشرقی شہر گرونوبل میں گزشتہ روز خواتین کے ایک گروپ نے پابندی کے باوجود برقینی پہن کر سوئمنگ پول میں نہا کر منفرد احتجاج کرتے ہوئے مسلمان خواتین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ فرانس کے کئی علاقوں میں حکومت نے برقینی پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔'برقینی' ایک ایسا سوئمنگ سوٹ ہوتا ہے، جسے عام طور پر باپردہ مسلمان عورتیں سوئمنگ کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ یہ سوئمنگ سوٹ کسی بھی خاتون کے پورے جسم اور سر کو ڈھانپ دیتا ہے۔یو این آئی
قومی لائیو سٹاک مشن کاجائزہ
۔ 26.42کروڑ روپے کے پروجیکٹ منصوبے منظور
سرینگر// چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم کی صدارت میں یہاں سٹیٹ لیو ل ایگزیکٹیو کمیٹی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں قومی لائیو سٹال مشن ایکشن پلان برائے 2019-20 ء کی عمل آوری سے متعلق پہلوئوں کا جائز ہ لیا گیا۔فائنانشل کمشنر خزانہ ، پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن ، سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج ، ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز ، سکاسٹ جموں / کشمیر ، چیئرمین جے اینڈ کے ملک پرڈیوسرس کواپریٹیو لمٹیڈ ، سیکرٹری جے اینڈ کے ایڈوائزری بورڈ برائے ترقیٔ کسان ، صدر پولٹری ایسو سی ایشن کشمیر اور کئی دیگر افسران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن ڈاکٹر اصغر سامون نے اس سیکٹر کی موجودہ صورتحال کا ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ پشو پالن کے شعبے نے پچھلے کچھ عرصے کے دوران معیار اور مقدار کے اعتبار سے کافی بہتری کا مظاہرہ کیا ہے تاہم تفاوتوں کو دور کرنے کے لئے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ نے بھیڑوں کے اچھے اقسام باہر سے برآمد کئے ہیں تاکہ گوشت کی پیداوار کے ساتھ ساتھ اون کی پیداوار میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ پشو و بھیڑ پالن شعبے میں کافی وسائل موجود ہیں اور اس کی بدولت ریاست کے اِقتصادی منظر نامے کو بلندیوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے اس سیکٹر میں پیداوار اور پیداواریت کو بڑھاواد دینے کے لئے مزید جامع کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ مختلف ضلعوں میں گوشت ، دودھ ، انڈے ، مچھلی ، مرغ اور دیگر چیزوں کے بارے میں تفصیلات جمع کر کے پیش کریں۔چیف سیکرٹری نے جنگلات محکمہ پر زور دیا کہ وہ مختلف جنگلاتی علاقوںمیں مویشیوںکے لئے چارہ تیار کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں ۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ان تفصیلات کی بدولت ریاست میں مویشیوں کے شعبے سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے اور اس شعبے کو مزید بہتر بنانے میں مددملے گی اور ہماری ریاست کو درآمدات کو زیادہ انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔پولٹری سیکٹر کے تعلق سے بتایا گیا کہ پشو و بھیڑ پالن محکمہ ریاست میں انڈسٹریل ایسٹیٹ کی طرز پر چار سے پانچ پولٹر ی ایسٹیٹ قائم کرنے سے متعلق منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ کمیٹی نے تفصیلی مشاورت کے بعد پشو و بھیڑ پالن محکمہ کے لئے 2019-20 سال کے لئے 26.42کروڑ روپے کے پروجیکٹ منصوبے منظور کئے ۔ان منصوبوںمیں لائیو سٹاک ڈیولپمنٹ ، نسلوں میں بہتری ، پیداوار بڑھانے ، چارہ اور فیڈ تیار کرنے ، سکل ڈیولپمنٹ اور ٹیکنالوجی کی تفویض جیسے شعبے شامل ہیں۔
اوڑی میں ماتم برپا | کم عمر لڑکا پانی کے ٹینک میں گر کر لقمۂ اجل
اوڑی//ظفر اقبال// سرحدی قصبہ اوڑی میں جمعہ کو ایک کم عمر لڑکا پانی کی ٹینک میں گر کر لقمہ اجل بن گیا۔اطلات کے مطابق اوڑی کے بسگراں نامی گاوں میں 3 سالہ رفطار حسین ولد رخسار حسین اْس وقت لقمہ اجل بن گیا جب وہ اپنے ہی گھر کے سامنے ایک پانی کی ٹینک میں گر گیا۔اگر چہ رفطار کو سب ضلع اسپتال اوڑی منتقل کیا گیا تھا مگر ڈاکٹروں نے اْسے وہاں پر مردہ قرار پایا۔
کمسن لڑکا نالہ پہرو میں غر قآب
کپوارہ//اشرف چراغ // شمالی کشمیر کے نگری علاقہ میں اس وقت کہرام مچ گیا جب وہا ں ایک 6سالہ کمسن نالہ پہرو میں غر قآ ب ہو گیا ۔واقعہ کے بعد لوگو ں کی بھاری تعداد نالہ پہرو پر جمع ہو گئے اور غر قآب ہوئے کمسن کو بر آمد کے لئے بچائو کاروائی شروع کی ۔معلوم ہوا ہے کہ کپوارہ سے5کلو میٹر دور نگری ملہ پورہ میں محمد ابراہیم میر ولد ہلال احمد میر نالہ پہرو کے کنارے چل رہا تھا کہ اس دوران ان کا پیر پھسل گیا اور وہ نالہ میں ڈوب گیا ۔مقامی لوگو ں نے فوری طور بچائو کاروائی شروع کی اور انہیں نالہ سے بر آمد کیا ۔6 سالہ ابراہیم کو مقامی پرائمری ہلتھ سنٹر میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا تاہم ڈاکٹرو ں نے انہیں مر دہ قرار دیا ۔
بانہال میں ریلوے ٹنل کے اندر بھاری بلاسٹنگ
رہائشی مکانوں کو نقصان، متاثرین کے مظاہرے ، کام روک دیا گیا
محمد تسکین
بانہال // جمعرات کی شام بانہال کے نزدیک بنکوٹ علاقے میں زیر تعمیر ریلوے ٹنل کی کھدائی کے دوران کی گئی بھاری بلاسٹنگ کی وجہ سے بنکوٹ پنچایت کے کئی رہائشی مکانوں کو مزید اور شدید نقصان پہنچا ہے اور لوگوں نے ریلوے کو تعمیر کرنے والی کمپنی ارکان انٹرنیشل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور ٹنل میں جاری کام کوجمعرات کی شام بلاسٹنگ کے فورا بعد سے ہی لوگوں نے روک دیا ہے۔ کشمیر ریل پروجیکٹ پر 148 کلومیٹر لمبے کٹرہ اور بانہال کے درمیان جاری کام کی وجہ سے ضلع رامبن کے نہ صرف بنکوٹ بانہال بلکہ چاپناڑی ، امکوٹ ، کھڑی ، ہنگنی ، سمبڑ ، سنگلدان اور اندھ وغیرہ کے علاقوں میں بھی سینکڑوں کی تعداد میں متاثرین ابھی بھی معاوضہ سے محروم ہونے کا دعوی کر رہے ہیں اور انکی فائیلیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رامبن کے دفتر میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر دھول چاٹ رہی ہیں ۔ جمعہ کو تحصیلدار بانہال نے ڈپٹی کمشنر رامبن کے حکم پر نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا ہے۔ بانہال سے تین کلومیٹر دور بنکوٹ درمنن کے لوگوں کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر ریلوے ٹنل نمبر 77 کے اندر جمعرات کی شام معمول کے بجائے بھاری بلاسٹنگ کے نتیجے میں بنکوٹ کے درمنن کی بسیتاں لرز اٹھیں اور لوگ خوف کے مارے اپنے گھروں سے باہر نکل بھاگے۔ نثار احمد وانی نامی ایک متاثرہ نے بتایا کہ ریولے ٹنل کے اندر کی گئی بلاسٹنگ کی وجہ سے کئی رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کئی دیواریں گر گئی ہیں جبکہ ایک درجن سے زائید رہائشی مکانوں میں تازہ دراڑیں بھی پڑ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا سجاد احمد وانی کے مکان کی ایک بنیادی دیوار نکل گئی ہے اور پہلے ہی تباہ ہوئے دومنزلہ رہائشی مکان کو گرنے کا خطرہ اب بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود ان کے مکان میں تنل کو تعمیر کرنے والی کمپنی بیگ کنسٹریکشن کمپنی کے ملازمین کرایہ پر ہیں اور بلاسٹنگ کی شدت سے وہ بھی مکان سے باہر نکل بھاگے۔ مقامی پنچ غلم محمد میر نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ زیر زمین ریلوے ٹنل نمبر 77 کی پندرہ میٹر کی مین لائین میں تقریبا تمام مکان متاثرین کو معاوضہ دیا گیا ہے لیکن 125 میٹر کے دائرے کے اندر اندر بھاری نقصانات سے دوچار رہائشی مکانوں کو پچھلے پندرہ سالوں سے مسلسل نقصانات کا سامنا ہے لیکن کل کی بلاسٹنگ کے بعد درمنن کے کئی مکانوں میں رہائشی اختیار کرنا اب خطرناک ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درجنوں رہائشی مکانوں کے معاوضے کو لیکر تعمیراتی کمپنی اور ارکان انٹرنیشنل متاثرین سے ٹال مٹول کررہی ہے اورتعمیراتی کمپنی طے کئے گئے ماہدوںکی خلاف ورزی کرتے ہوئے بستیوں کے نیچے سے گذرنے والے ٹنل کے اندر بڑے بڑے دھماکے کرکے درمنن اور بنکوٹ کی بستی کوتباہ کرنے پر تْلی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ رات ہوئی بلاسٹنگ کے بعد سجاد احمد وانی ، مرحوم غلام محی الدین وانی ، غلام محمد میر ، وقار احمد وانی ،محمد یوسف وانی ، نظیر احمد کمہار ، عبدالرشید وانی ، محمد ایوب سعاد ، ایجاز احمد کھانڈے ، شبیر احمد کمہار ، فیاض احمد میر ، عبدالرشید میر ، عبدالجبار میر ، مشتاق احمد لون، طارق احمد وانی ، نگینہ بیگم ، رخسانہ بیگم اور ساجدہ بیگم وغیرہ کے رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ مزید لاسٹنگ کی صورت میں مزید نقصانات کا سو فیصد امکان ہے۔ لوگوں کا الزام ہے کہ نیشنل پروجیکٹ کے نام پر ریلوے کو تعمیر کرنے والی کمپنیاں اور انتظامیہ کے عہدیداربانہال ، کھڑی ، گول سنگلدان اورضلع ریاسی کے علاقوں میں غریب متاثرین کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوئے ہیں اور اراضی ، درختوں اور رہائشی مکانوں کے متاثرین کو اپنے جائز مطالبات سے دستبردار ہونے کیلئے مبینہ طور پر پولیس دباو بھی ڈالا جاتا ہے اور لوگوں کی آواز کو دبانے کیلئے نتِ نئے حربے استعمال کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کئی بار کے معاہدے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے ایک ماہ قبل ڈپٹی کمشنر رامبن کی طرف سے تشکیل دی۔ کمیٹی نے بھی اپنا کام کاج شروع نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ مجبور ہوکر ریلوے ٹنل کے اندر جاری کام کو بند کرنے پر مجبور ہیں اور کام کو تب تک شروع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک نہ بلاسٹنگ کی وجہ سے نقصانات سے دوچار رہائشی مکانوں کے معاوضہ کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جاتا ہے اور اس کیلئے تحریری یقین دہانی ضروری شرط ہوگی ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر رامبن شوکت اعجاز بٹ کے حکم پر جمعہ کی شام تحصیلدار بانہال شیخ جاوید احمد نے درمنن کے علاقے کا دورہ کرکے جمعرات کی شام ہوئی بلاسٹنگ سے نقصانات کا جائزہ لیا ہے اور وہ اس سلسلے میں ایک رپورٹ ایس ڈی ایم بانہال کو پیش کرینگے۔ اس دوران ایس ڈی ایم بانہال ضمیر احمد نے سنیچر کو متاثرین کے ساتھ ایک میٹنگ بلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کام کو شروع کرنے اور متاثرین کے معاملے کا حل نکالا جا سکے۔
شراب کا کاروبار بند کردیاجائے:بارایسوسی ایشن
سرینگر// بار کی ایگزیکیٹوکمیٹی نے جموں کشمیرمیں غیرقانونی طور چلائی جارہی دکانوں پر شراب کی فروخت میں اضافے پر شدیدتشویش کااظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ گجرات،کیرالہ،بہار ،ناگالینڈ وغیرہ ریاستوں کی طرح جموں کشمیرمیں بھی شراب کی پیداوار،درآمداورفروخت پر مکمل پابندی عاید کیجانی چاہیے کیونکہ شراب تمام برائیوں کی جڑہے ۔بار نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب حکومت اور سماج کے ذی ہوش طبقہ نے ریاست میں منشیات کے استعمال میں اضافے پر فکرمندی کااظہار کرتے ہوئے اس وباء کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے متعدد محاذوں پر سوچ سمجھ کر مرتب کی گئی حکمت عملی اپنانے پرزوردیاہے، ریاست میں شراب کی نئی دکانیں کھولنے کیلئے نئی پالیسی ترتیب دینااورشراب کی فروخت میں اضافے کی ستائش کرنا اُس کے منافی ہے اور اس کے تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے ۔ بار نے جیلوں میں نظربندوں کے ساتھ رواسلوک پر بھی تشویش کااظہار کیا۔
بجلی متاثر رہے گی
سرینگر// پاور کنٹرولر کشمیر کی ایک اطلاع کے مطابق 33 KVبڈگام ۔چاڈورہ لائین 30جون2019ء کو صبح 11بجے سے شام کے5بجے تک لائین کی ضروری مرمت کے سلسلے میں بند رہے گی۔اس لائین سے جن علاقوں کو بجلی فراہم ہورہی ہے کے علاوہ ایچگام چاڈورہ رسیونگ سٹیشن میں مقررہ تاریخ اور وقت پر بھی بجلی متاثر رہے گی۔
ضلع بارہمولہ کے عازمین حج کے لئے اطلاع
بارہمولہ// ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ضلع سے وابستہ اس سال منتخب شدہ عازمین حج کو مطلع کرتے ہیں کہ وہ حج بیت اللہ پر روانگی سے دو روز قبل ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں پاسپورٹ اورمبلغ750روپے کے رسیدات جمع کرکے سفری دستاویزات حاصل کریں۔
گاندربل میں ملزم پولیس کو چکمہ دے کرفرار
ارشاد احمد
گاندربل//ضلع عدالت گاندربل کے احاطے میں اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب اغوا کاری میں ملوث ملزم پولیس اہلکاروں کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔محمد سلیم ڈار ولد محمد مقبول ڈار ساکنہ صورہ حال برزہ ہامہ حضرت بل سرینگر جس کو پولیس نے اغوا کاری میں ملوث ہونے کی پاداش میں گرفتار کرکے کیس زیر نمبر 136/2019 درج کرکے جوڈیشل ریمانڈ کے لئے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ گاندربل کے سامنے پیش کرنے کے لئے عدالت لایا تھا، پولیس اہلکاروں کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ایس ایس پی گاندربل نے ملزم کے فرار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات کاحکم دیا گیا ہے۔
بابا حیدر ریشی ؒ کا 454واں سالانہ عرس
انتظامات کو حتمی شکل
اننت ناگ// ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ خالد جہانگیر نے 2جولائی2019ء سے شروع ہونے والے بابا حیدر ریشیؒ کے 454واں سالانہ عرس کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کو ایک میٹنگ کے دوران حتمی شکل دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے میونسپل کمیٹی اننت ناگ کو زیارت کے گردنواح میں صحت وصفائی یقینی بنانے ،سٹیٹ لائیٹس کو نصب کرنے اورعلاقے میں کوڑا ڈان نصب کرنے کی ہدایت دی۔محکمہ بجلی اورمحکمہ صحت عامہ کو علاقے میں بلا خلل بجلی وپانی کی فراہمی کے علاوہ ڈی جی سیٹ نصب کرنے کی بھی ہدایت دی۔ڈی ٹی او اننت ناگ اوراے آر ٹی او اننت کو طبی کیمپ کے علاوہ ایمبولینس
کی دستیابی کی بھی ہدایت دی گئی۔اس موقعہ پر محکمہ پویس ،صحت عامہ ،بجلی ،خوراک ودیگر محکموں کے آفیسران موجود تھے۔
پردھان منتری کوشل وِکاس یوجنا
داخلوں میں6 جولائی تک توسیع
سرینگر// جموں وکشمیر سکل ڈیولپمنٹ مشن نے پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا کے دوسرے بیچ کے اُمیدواروں کے داخلے کی 6 جولائی تک توسیع کی ہے۔یہ تاریخ پہلے27 جون مقرر کی گئی تھی۔یہ پروگرام پوری طرح سے سرکار کی طرف سے سپانسر شدہ ہے جس میں طُلباء کو مختلف ہُنروں کی تربیت اور دیگر معاونت فراہم کی جاتی ہے۔پروگرام کے تحت اگلے تین سے چار ماہ میں مختلف شعبوں میں10855 اُمیدواروں کو ہُنر مندی کی تربیت دی جائے گی۔اس پروگرام کا مقصد14 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کو نیشنل سکلز کوالیفکیشن فریم ورک کے تحت مختلف ہُنروں کی تربیت دینا ہے تا کہ وہ خود اپنا روز گار کماسکیں۔پروگرام کے تحت مختلف کورسوں میں 150 سے600 گھنٹوں تک اُمیدواروں کو تربیت فراہم کی جاتی ہے اور تربیت حاصل کرنے پر مختلف اداروں کی طرف سے نوکری فراہم کی جاتی ہے۔اُمیدوار رجسٹریشن کے لئے سکل ڈیولپمنٹ مشن کے تربیتی مراکز سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں جبکہ جموں اور سرینگر میں اس کے دفاتر پر بھی داخلہ فارم دستیاب ہیں۔
خامنہ ای کے خلاف مہم جوئی
امریکی صدر کے ذہنی دیوالیہ پن کاعکاس:آغاحسن
ؓؓبڈگام//انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغاسیدحسن نے ایران کے روحانی پیشواامام خامنہ ای کیخلاف امریکہ کی بزدلانہ مہم جوئی کو امریکی صدر کے ذہنی دیوالیہ پن اور اسلام دشمن جنون کا واضح مظاہرہ قراردیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی دھمکیوں سے ایران انقلاب اسلامی کی راہ سے دستبردار نہیں ہوگا۔امام باڑہ بڈگام میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغاسیدحسن نے کہا کہ ایران پر چالیس سالہ اقتصادی پابندیوں کا حشر امریکہ اور اس کے آلہ کاروں کیلئے باعث عبرت ہے ۔انہوں نے کہا کہ خامنہ ای کے متعلقین واثاثوں پر پابندی کاحکم جاری کرکے امریکہ ایران کیساتھ مخاصمت کے شرمناک انجام سے دنیاکی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کررہا ہے ۔آغا حسن نے کہا کہ امام خامنہ ای صرف ایران کے ہی قائد نہیں ہیں بلکہ دنیائے تشعیت کے سرپرست وولی فقہیہ ہیں۔ادھر امریکی صدر کی ایران کے مذہبی پیشواخامنہ ای کیخلاف مہم جوئی پر وادی کے مختلف مقامات پر انجمن شرعی شعیان کے اہتمام سے مظاہرے منعقد کئے گئے ۔