رام بن میں قومی لوک عدالت کا انعقاد
رام بن //ضلع رام بن میں پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کشور کمار جو ضلع لیگل سروس اتھارٹی کے چیئر مین بھی ہیں، کی صدارت میں قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا۔ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس رام بن میں دو بنچ قائم کئے گئے جن میں سے پہلے بنچ کی سربراہی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رام بن کشور کمار نے سیکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی امیت شرما کی مدد سے کی جبکہ دوسرے بنچ کی سر براہی منصف جے ایم آئی سی رام بن جنید امتیاز کی مدد سے سی جے ایم رام بن پردیپ کمار ساہو نے کی ۔بٹوت ،گول،بانہال اور اکھڑال کے لئے ایک ایک بنچ قائم کیا گیا۔اس دوران 1400معاملات لئے گئے جن میں سے 1027کا نپٹارہ کیا گیا۔علاوہ ازیں1492000روپے معاوضہ اور جر مانہ کے طور سے واگزار کیا گیا۔قومی لوک عدالت میں مقدمات میں ملوث افراد کے علاوہ بار ممبران اور صدر بھی نے حصہ لیا ۔
جموں و کشمیر بینک نے کشتواڑ ضلع میں چھ اے ٹی ایم اور ایک نئی برانچ عمارت کا افتتاح کیا
کشتواڑ// جموں و کشمیر بینک نے کل اپنے اے ٹی ایم دائرے میں چھ اور نئے اے ٹی ایمز کا اضافہ کیا جب کشتواڑ ضلع میں مختلف مقامات پر جے کے بینک کے 6نئے اے ٹی ایم نصب کئے گئے۔ ضلع کے دور دراز علاقوں میں چھ میں سے چار اے ٹی ایم بینک شاخوں سے دور ہیں جن میں ملک مارکیٹ، تلسی نگر،، پلمار اور سرتھال مقامات شامل ہیں جبکہ دو اے ٹی ایم تحصیل مریمسس کشتواڑ برانچ اور ڈلہستی برانچ میں قائم کئے گئے ۔ اس کے علاوہ ٹی پی برانچ کشتواڑ کی نئی عمارت کا افتتاح بھی کیا گیا۔جے کے بینک کی پریزیڈنٹ اور چیف فائنانشل آفیسر رجنی صراف نے ان اے ٹی ایمز اور نئی بینک عمارت کا افتتاح کیا جنکے ہمراہ زونل ہیڈ جموں نارتھ ڈوڈہ سجاد حسین ملک، کلسٹر ہیڈ ششی شرما اور دیگر کاروباری لوگ تھے۔ ATMافتتاح کر نے کے موقع پر بینک کی پریزیڈنٹ رجنی صراف نے کہا کہ بینک اپنے اس مشن پر کاربند ہے کہ ریاست کے دور دارز علاقوں تک آسان بینکنگ سہولیات پہنچائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے سب سے بڑے مالی ادارہ جے کے بینک کے پاس بہترین انسانی وسائل اور قابلیت ہے اور یہ بینک ریاست کے کونے کونے میں اپنی خدمات کوپہنچانے میں پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ روایتی بینک کاری سے ہٹ کر یہ بینک سماجی خدمات بہم رکھنے میں پیش پیش رہتا ہے تاکہ ریاستی لوگوں کو مالی طور خود کفیل بنایا جائے اور انکے بھروسے کو جیتا جائے۔رجنی صراف نے کہا کہ بینک کا ہر گاہک ہماری ترجیحات میں رہتا ہے اور کشتواڑ ضلع کے دور دراز علاقوں میں ATMسہولیت کو بہم رکھنا ہمارے گاہکوں کی اہم ضرورت تھی تاکہ انہیں ہر وقت کیش دستیاب رہے۔ رجنی صراف نے اپنے افسراں کو موقع پر یہ ہدایت بھی دیں کہ وہ اپنے گاہکوں کو ڈجیٹل پروڈکٹس کی جانکاری دے تاکہ وہ موجودہ دور کی ٹیکنالوجی سے بھر پور فائدہ اٹھاسکیں جن میں موبائل بینکنگ، ایم پے اپلیکیشن، ڈیبٹ کارڈ، کریڈٹ کارڈ اور انٹر نیٹ بینکنگ شامل ہیں۔نئی آٹو میٹڈ ٹیلر مشینوں کے علاوہ ٹی پی کشتواڑ برانچ کی نئی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے رجنی صراف نے کہاہمیں اپنے گاہکوں کی امیدوں پر پورا اترنا ہوگا اور انہیں نئی ٹیکنالوجی سے باخبر رکھنا ہوگا۔انہوں نے موقع پر اپنی ٹیم کو یہ ہدایات دیں کہ وہ انکی ضرورتوں کے مطابق اپنے پروڈکٹس ترتیب دیں۔اس موقع پر پریزیڈنٹ مقامی لوگوں سے ملاقی ہوئیں اور انکے استفسارات سنیں اوراپنے سٹاف کو گاہکوں کے ساتھ دوستانہ ماحول قائم کرنے پر زور دیا۔ زونل ہیڈ سجاد حسین ملک نے موقع پر موجود افسراں اور مقامی شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جے کے بینک ریاستی عوام کا بینک ہے اور ہم انکے جذبات کے قدر داں ہیں۔یہ بینک اپنے گاہکوں کے ساتھ بہتر تال میل رکھنا چاہتا ہے اور مقامی کاروباریوں کے مفاد میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔کشتواڑ ضلع میں چھ نئے اے ٹی ایم چالو کرنے کے ساتھ ہی ضلع میں جے کے بینک اے ٹی ایمز کی تعداد اٹھارہ ہوگئی ہے اور مجموعی طور پر ملک بھر میں بینک ATMsکی تعداد 1316تک پہنچ گئی ہے۔