سی ایس آر ٹی آئی پانپور میں ’ہندی ورکشاپ‘ کا انعقاد
ملازمین کو ہندی زبان میں خط وکتابت سے روشناس کیا گیا
یو این آئی
سرینگر//سینٹرل سریکلچرل ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی چیوٹ (سی ایس آر ٹی آئی) گالندر پانپور میں ا یک روزہ ہندی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملازمین کو ہندی زبان میں خط وکتابت سے روشناس کرنے کے علاوہ اس زبان کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ سی ایس آر ٹی آئی سلک بورڈ حکومت ہند کا ایک ادارہ ہے جو مرکزی وزارت برائے ٹیکسٹائلز کے تحت کام کرتا ہے۔ جمعرات کو منعقد ہ اس ورکشاپ کے پہلے سیشن میں 'ہندی زبان میں دفتری خط و کتابت' موضوع کے تحت بات کرتے ہوئے مہمان خصوصی اور کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ ہندی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر بھارت اندو کمار پاٹھک نے کہا کہ دفتروں میں ہندی زبان میں خط وکتابت سے روشناس ہونا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ملازمین ہندی زبان سے واقف ہوں گے تب ہی وہ دفتری امور کو خود بھی سمجھ سکتے ہیں اور دوسرے متعلقین کو بھی اس کے بارے میں مکمل جانکاری فراہم کرسکتے ہیں۔موصوف اسسٹنٹ پروفیسر نے ملازمین کو ہندی زبان میں خط وکتابت کے اسرار و رموز سکھائے۔انسٹی چیوٹ کے ناظم ڈاکٹر ایس آر چودھری نے اپنے تقریر میں ہندی زبان کی اہمیت و افادیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہ ہندی بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی زبان ہے جس کو سیکھنا ملک کے ہر شہری کے لئے ضروری ہے۔موصوف ناظم نے کہا کہ ہم نے یہ اس ورکشاپ کا انعقاد اس مقصد کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا کہ ملازمین ہندی زبان میں ہو رہی خط و کتابت سے روشناس ہوسکیں۔ورکشاپ کے دوسرے سیشن میں ’دفتروں میں فروغ ہندی‘ موضوع کے تحت تحیسم انصاری نے ہندی زبان کے فروغ اور اس کو سیکھنے کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ہندی سیکشن کے انچارج ڈاکٹر شاہ دیو چوہان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ہندی زبان کی تکینکی اصطلاحات کے بارے میں مفصل بات کی۔
پلوامہ میں بی ڈی سی چیرپرسنز کی ضلع کمشنر کے ساتھ میٹنگ
پلوامہ//ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر راگھو لنگر کی صدارت میں جمعہ کو متعلقہ آفیسران اوربی ڈی سی چیرپرسنز کی ایک میٹنگ ڈی سی آفس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر بی ڈی سی چیرپرسنز نے ترقیاتی کمشنر کے ساتھ مختلف کاموں اورپروجیکٹوں کے علاوہ عوامی اہمیت والے معاملات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ کے دوران تعمیراتی میٹریل کی عدم دستیابی اورلائین محکموں کے تعائون کے بارے میں بھی اقدامات کو زیر بحث لایا گیا۔ترقیاتی کمشنر نے چیرپرسنز پر زوردیا کہ وہ پنچوں اور سرپنچوں کے ساتھ میٹنگوں کاانعقاد کریں اور انہیں تمام ترقیاتی کاموں ،سکیموں اوران کے رہنما خطوط کے بارے میں انہیں آگاہ کریں۔انہوںنے گرام سبھائوں کا انعقاد کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔
بڈگام میں 70ویں ڈی ایل آر سی میٹنگ
بنکوں کی طرف سے قرضوں کی تقسیم کا جائزہ، دسمبر2010تک 929.13کروڑ روپے تقسیم
بڈگام//ترقیاتی کمشنر بڈگام طارق حسین گنائی ،جو کہ ڈی ایل آر ایس بڈگام کے چیرمین بھی ہیں،کی صدارت میں بینکرس کی 70ویں ڈی ایل آر سی/ڈی سی سی میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں زونل ہیڈ جے اینڈ کے بنک،سی پی او،جی ایم ڈی آئی سی،لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر،ڈائریکٹر آر ایس ای ٹی آئی،ڈی ڈی ایم نبارڈ اور ڈی آئی او کے علاوہ لائین محکموں اور بنکوں کے آفیسرا ن بھی موجود تھے۔شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے لیڈڈسٹرکٹ منیجر بڈگام نے ضلع میں بنکوں اور لائین محکموں کی مجموعی کارکردگی اورحصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی۔اس موقعہ پر انہوںنے کہا کہ دسمبر2019ء کی آخری سہ ماہی تک بنکوںکی طرف سے 929.13کروڑ روپے تقسیم کئے گئے جس میں سے 546.49کروڑ روپے ترجیحی شعبوں کے تحت اور384.64کروڑ روپے بالترتیب غیر ترجیحی شعبوں کے لئے بروئے کار لائے گئے۔میٹنگ کے دوران دیگر حصولیابیوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔
شوپیان میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن پلان کی ضابطہ بندی پرتبادلہ خیال
عوام کے لئے محفوظ پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے:ضلع کمشنر
شوپیان//ترقیاتی کمشنر شوپیان چودھری محمد یاسین کی صدارت میں جمعہ کو منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران ڈسٹرکٹ واٹر اینڈ سینی ٹیشن پلان کی ضابطہ بندی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ موجودہ دوراورمستقبل میں عوام کو محفوظ پانی فراہم کرنے کے لئے پانی کے قدرتی وسائل کا تحفظ لازمی ہے۔انہوںنے کہا کہ باغبانی،زراعت اورصنعت جیسے اہم شعبوں کے لئے بھی پانی کے قدرتی وسائل کو تحفظ فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ پانی کے تحفظ کے لئے جہاں لازمی ڈھانچے کی ضرورت ہے وہاں عوام کو بھی اس اہم شعبے کی اہمیت سے روشناس کرنا لازمی ہے۔ترقیاتی کمشنر نے آنے والے مون سون میں بارش کے پانی کو بچانے کی ضرورت کو اجاگر کیا تاکہ ضرورت پڑنے پر اس کا استعمال کیاجاسکے۔
ایوان صحافت کپوارہ کی تعمیر
ضلع ترقیاتی کمشنر کا صحافیو ں سے تبادلہ خیال
کپوارہ//اشرف چراغ //کپوارہ میں میڈیا نمائندو ں کو درپیش مسائل اور ان کے قیام کے لئے ’ایوان صحافت‘ کی تعمیر کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ انشل گرگ نے صحافیو ں سے اپنے دفتر میں تبادلہ خیال کیا ۔مختلف الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندو ں نے اس پروگرام میں شرکت کرکے ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ انشل گرگ کو اپنے مسائل سے مکمل جانکاری فراہم کی۔اس موقع پر ضلع میں ’ایوان صحافت ‘(پریس کلب ) کی تعمیر کے حوالہ سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے میڈیا نمائندو ں کویقین دلایا کہ وہ ضلع میں ایک پریس کلب کا قیام عمل میں لائیں گے تاکہ میڈیا نمائندے اس میں قیام کر کے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریا ں نبھا سکیں ۔انہو ں نے میڈیا نمائندو ں سے کہا کہ وہ کپوارہ قصبہ میں کسی ایک جگہ کی نشاندہی کر کے انہیں مطلع کریں تاکہ’ ایوان صحافت ‘کپوارہ پر کام شروع کیا جاسکے ۔انہو ں نے میڈیا نمائندو ں سے کہا’’ صحافت ایک ذمہ دارانہ پیشہ ہے، ایک اچھا صحافی معاشرے میں قومی یکجہتی کے پر وقار جذبہ کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوتا ہے‘‘ ۔
’جل جیون مشن‘ ایکشن پلان کی عمل آوری
بانڈی پورہ میں309.29لاکھ روپے کو منظوری
بانڈ ی پورہ//ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ نے فلیگ شِپ ’جل جیون مشن ‘کے ایکشن پلان کے لئے 309.29لاکھ روپے کی منظوری دی جس کے تحت ضلع کے ہر دیہی کنبے کے ہر فرد کے لئے روزانہ 55لیٹر پانی کی دستیابی کو یقینی بنایاجائے گا۔ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شہباز احمد مرزا کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران اس رقم کی منظوری دی گئی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ’ جل جیون مشن‘ کے تحت ضلع انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے ایک سروے کے مطابق ضلع میں پانی کے کنکشنوں سے محروم گھرانوں کی تعداد 13778ہے جب کہ 20089گھرانے ایل پی سی ڈی کے قواعد کے تحت پانی حاصل نہیں کرتے اور ہر گھر کو محفوظ پانی فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔میٹنگ کے دوران ترقیاتی کمشنر نے ضلع میںتمام واٹر سپلائی سکیموں کا جائزہ لیا۔
بڈگام میں 2 منشیات فروش گرفتار
۔پی ایس اے کے تحت جیل منتقل
سرینگر //وسطی ضلع بڈگام میں پولیس نے دو منشیات فروشوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرکے اُنہیں جیل منتقل کیا ۔ پولیس کے مطابق امتیاز احمد پنڈت ولد عبدالاحد اور محمد امین ڈار عرف کانترو ولد عبدالغنی ڈار ساکنان چیک کاوسہ، بڈگام پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیا گیا ہے۔
کرونا وائرس کے پھیلائو کا خطرہ
اننت ناگ کے لوگ احتیاط برتیں: ترقیاتی کمشنر
اننت ناگ//ترقیاتی کمشنر اننت ناگ بشیر احمد ڈار نے ضلع میں کرونا وائرس پھیلنے کے امکانات کے پیش نظر لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی تشویش میں مبتلا نہ ہوں البتہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ اس بیماری سے محفوظ رہا جاسکے۔انہوںنے لوگوں سے کہا کہ وہ محکمہ صحت کی ہدایت پر عمل کریں ۔ ترقیاتی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع میں غیر ضروری اجتماعات اورسفر سے بھی پرہیز کیا جانا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ ضلع،بلاک اورزونل سطحوں پر خصوصی ٹیموں کوتشکیل دیا گیا ہے اس کے علاوہ علیحدہ ضلع ہسپتال میں علیحدہ وارڈوں کی سہولیات بھی دستیاب رکھی گئی ہے۔
کورونا وائرس جیسی علامات
طبی حکام کو رضاکارانہ جانکاری دی جائے:ڈپٹی کمشنر بارہمولہ
بارہمولہ//ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر جی این ایتو نے ایک ایڈوائزری کے ذریعے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بخار ،کھانسی،چھینک آنے،سانس لینے میںتکلیف اورگلے کے انفیکشن جیسی علاما ت کے بارے میں رضاکارانہ طور طبی حکام کو جانکاری دیں تاکہ احتیاطی تدابیر سے لوگوں کی زندگی کی حفاظت کی جاسکے۔جن لوگوںنے پچھلے دو ماہ کے دوران متاثرہ ملکوں کا دورہ کیا ہے اُن سے بھی انتظامیہ کو سفری تفصیلات کے حوالے سے جانکاری دینے کے لئے کہا گیا ہے۔ادھراسی طرح کی ایک اور ایڈوائزیری میں ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں 31مارچ 2020ء تک تمام ٹیوشن اورکوچنگ اداروں میںکام کاج کو معطل رکھنے اور سماجی اجتماعات منعقد نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔دریں اثناء ضلع انتظامیہ نے دن رات کام کرنے والے ہیلپ لائین کا قیام عمل میں لایا ہے تاکہ لوگوں کو کووڈ۔19کے بارے میں جانکاری دی جاسکے۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ضرور ت پڑنے پران فون نمبرات پر رابطہ قائم کریں۔7006231150,9419038139
منکوٹ سیکٹر میں ہندپاک کے درمیان گولہ باری
جموں //پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ میں حدمتارکہ پر بھارت کی چوکیوں کونشانہ بنایا ۔دفاعی ترجمان کے مطابق جمعہ دن کے3بجے پاکستان کی فوج نے بغیرکسی اشتعال کے منکوٹ سیکٹر میں چھوٹے ہتھیاروں اورمارٹر گولوں سے بھارت کی چوکیوں پر فائرنگ کی۔دفاعی ترجمان کے مطابق فوج نے پاکستان کی گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا
مویشی سمگلنگ کوشش ناکام، 33مویشی بازیاب
رام بن //رام بن میں پولیس نے مویشی سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کوناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے 33مویشی بازیاب کرلئے ہیں جنہیں پولیس کے بقول غیر قانونی طریقہ سے سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی ۔ایس ایس پی رام بن حسیب الرحمن نے اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ کو بتایاکہ گزشتہ رات پولیس تھانہ چندر کوٹ کی ٹیم نے ناکہ لگایاہواتھا جس دوران ٹرک زیر نمبراتNL01AE/2877 اورJk18B/7070کو رو ک کر تلاشی لی گئی جن میں سے ایک کے اندر سے 21جبکہ دوسرے کے اندر سے 12مویشی بازیاب ہوئے جس پر دونوں کے ڈرائیور وں ریکی بارو ولد ملک بارو ساکن خان پورہ ضلع گوہاٹی آسام اور مظفر امین ولد محمد امین ساکن لسو تحصیل دمہال ضلع کولگام کو گرفتار کرلیاگیا ۔انہوںنے بتایاکہ ان ٹرکوں کو جموں سے کشمیر لیجایاجارہاتھااوران میں موجود 33مویشیوں کی منتقلی کی کوئی اجازت نہیں لی گئی ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ چندر کوٹ میں ایف آئی آر زیر نمبر 13/2020کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔یہ کارروائی انسپکٹر نذیر احمد کی قیادت میں انجام دی گئی ۔
جے کے ایس ایس بی کی 165ویں بورڈ میٹنگ
منتخب نائب تحصیلداروں کی فہرست مشتہر کرنے کو منظور ی
جموں/ /جے اینڈ کے سروس سلیکشن بورڈ ( جے کے ایس ایس بی)کی 165ویں میٹنگ یہاں بورڈ کے چیئرمین خالد جہانگیر کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں بورڈ کے ممبران ایم شفیق چک ، پریتم لال اتری ،ہروندر کور ، پروفیسر تسلیم پیر ،کنٹرولر امتحانات جے کے ایس ایس بی مشیر احمد مرزا،سپیشل سیکرٹری جنگ بہادر،بورڈ کے سیکرٹری رنجیت سنگھ او ردیگر افسران موجود تھے۔میٹنگ کے دوران نائب تحصیلداروں کی سلیکشن اور ہائی کورٹ میں زیر اِلتوأ کئی معاملات کے علاوہ دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ہائی کورٹ نے 10 مارچ کے اپنے ایک فیصلے میں دائر کی گئی تمام عرضیوں کو خارج کردیا ہے اور اس طرح سلیکشن لسٹ تیار کرنے کے لئے بورڈ کے لائحہ عمل کو منظور ی دی ہے۔اس بات کے پس منظر میں یہ معاملہ بورڈ کے سامنے رکھا گیا۔بورڈ نے ہائی کورٹ کی جانب سے دئیے گئے فیصلے اور دیگر معاملات کو مد نظر رکھتے ہوئے تحریری امتحان میں اُمید واروں کی جانب سے حاصل کئے گئے میرٹ کی بنیاد پر منتخب اُمید واروں کا سلیکشن لسٹ مشتہر کرنے کو منظور ی دی۔ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق دو اَسامیوں کو خالی رکھنے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔یہاں یہ بات قابل ذِکر ہے کہ سروس سلیکشن بورڈ نے نوٹیفکیشن نمبر 01 of 2015 بتاریخ 7-04-2015 نائب تحصیلداروں کی 155اَسامیوں کا اِشتہار دیا۔ اِن اَسامیوں کے لئے 101077 اُمید واروں نے درخواستیں دیں جن میں سے 62789 اُمید وار تحریری امتحان میں شامل ہوئے۔ بعد میں 873اُمید واروں کو اِنٹرویو کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا ۔ اس دوران کئی اُمید واروں نے سلیکشن کے عمل کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ اِس کے علاوہ بورڈ نے آئیٹم نمبر 22 ، جی ایم سی راجوری کے تحت اینمل اوپریشن کے لئے ٹیکنشن کی اَسامی کے لئے داخل کی گئی گزارشات کے علاوہ دیگر کئی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔
پہلگام میں شجرکاری مہم کا اہتمام
اننت ناگ//پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارتی نے جمعہ کو لدر فاریسٹ ڈویژن رینیج پہلگام کے اشتراک سے شجرکاری مہم اورجانکاری پروگرام کا اہتمام کیا۔اس سلسلے میں پہلگام کلب میںایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سکولوں سے تعلق رکھنے والے طلباء نے ماحولیات کی شفافیت کے لئے شجرکاری مہم کی اہمیت کواجاگر کیا۔ایس ڈی ایم پہلگام نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے استقبالیہ خطبہ دیا۔اس موقعہ پر مہمانِ خصوصی اے ڈی ڈی سی اننت ناگ نے اپنے خطاب میں کرہ ارض کو بچانے کے لئے ماحولیات اورکثافت سے پاک ماحول یقینی بنانے کی ضرورت اجاگر کی تاکہ زمین پر آئندہ نسلوں کے لئے قدرتی وسائل کو بچایاجاسکے۔انہوںنے شجرکاری مہمات میں سرعت لانے پر بھی زوردیا۔
محکمہ دیہی ترقی کے ڈائریکٹر کا دورۂ ضلع کپوارہ
پروجیکٹوں کا معائنہ، بد عنوان ملازمین کیخلاف کارروائی کا اعلان
اشرف چراغ
کپوارہ//محکمہ دیہی ترقی کے ڈائریکٹر نے کپوارہ کا دورہ کر کے مختلف تعمیراتی پروجیکٹوں کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔انہو ں نے کہا کہ محکمہ میں بد عنوانیو ں میں ملو ث ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔ڈائریکٹر محکمہ دیہی ترقی قاضی سرور نے کپوارہ ضلع کے دورہ کیا اور ضلع میں کئی تعمیراتی پروجیکٹوں کے کام کاج کا جائزہ کیا ۔اس دوران انہو ں نے محکمہ کے آفیسران پر زور دیا کہ ضلع میں زیر تعمیر پرو جیکٹوں کو وقت مقررہ پر مکمل کیا جائے ۔انہو ں نے کہا کہ آفیسران محکمانہ ترقیاتی کامو ں کی رفتار کی نظر گزر رکھتے ترقیاتی عمل میں تیزی لائیں ۔انہو ں نے مزید کہا کہ کسی بھی آفیسر یا ملازم کی ستی ،غفلت اور لاپرواہی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر کوئی آفیسر یا ملازم اپنے فرائض اور ذمہ داری میں غفلت کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی ہوگی جبکہ بد عنوانیو ں میں ملوث ملازمین کو بخشا نہیں جائے گا ۔
بانڈی پورہ کے ڈاکٹر پرویز شاہ سے تعزیت کا اظہار
عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ کے سرکردہ معالج ،ڈاکٹر پرویزشاہ کی چھوٹی بہن ساکن تیلہ گام پٹن مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ ضلع ٹریڈریس فیڈریشن بانڈی پورہ، صحافی برادری بانڈی پورہ اوردیگر انجمنوں نے موصوفہ کی رحلت پرصدمے کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر پرویز شاہ اور جملہ لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔