موبائیل جنریٹر سیٹوں کے قافلے کو ہری جھنڈی
آفاتِ سماوی اور ہنگامی صورتحال میں استعمال ہونگے
سرینگر //لفٹینٹ گورنر گریش چندر مرمو نے تنصیب کیلئے تیار موبائیل جنسیٹ کے قافلے کو ہری جھنڈی دکھائی جو کشمیر میں نامساعد موسمی صورتحال اور آفاتِ سماوی کے دوران استعمال میں لائے جا سکیں ۔ یہ 10 جنسیٹ ہر ضلع میں آفاتِ سماوی یا ہنگامی صورتحال کیلئے تیاری کے تحت نصب کئے جائیں گے اور نامساعد موسمی حالات کے دوران بجلی کی سپلائی متاثر ہونے کے دوران یہ جنسیٹ کافی سود مند ثابت ہوں گے ۔ لفٹینٹ گورنر نے جل شکتی محکمہ کو آفاتِ سماوی سے نمٹنے کے نظام کو مستحکم بنانے کیلئے مزید دس موبائیل جنسیٹوں کی فوری حصولیابی کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں بلا خلل بجلی اور پانی کی سپلائی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور ایسا نظام تشکیل دیا جائے گا جو آفاتِ سماوی اور نامساعد موسمی صورتحال کے دوران بھی یہ خدمات جاری رکھی جا سکیں ۔ فوری اقدام کے تحت جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری حکومت نے ہنگامی صورتحال کے دوران بجلی کی ترسیل منقطع ہونے کے دوران بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ایس ڈی آر ایف کے تحت2019-20 کے دوران موبائیل جنسیٹوں کے حصول کیلئے 2.00 کروڑ روپے صرف کئے ۔یہ جنریٹر سیٹ لفٹ واٹر سپلائی سکیموں کیلئے بھی کار آمد ثابت ہوں گے ۔ سیکرٹری محکمہ جل شکتی نے لفٹینٹ گورنر کو جانکاری دی کہ ان موبائیل جنسیٹوں کی صلاحیت 50 کے وی اے سے 62.5 کے وی اے ہے ۔ اس کے علاوہ محکمہ نے مختلف صلاحیتوں کے 20ٹرانسفارمروں پر مشتمل ٹرانسفارمر بنک بھی قائم کیا ہے جو ضرورت کے وقت کام میں لائے جائیں گے۔
کورونا وائرس میں ہیت کی تبدیلی مہلک ثابت ہوگی: ڈاک
سرینگر//ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ وادی میں کووڈ19مریضوں میں جس قدر اضافہ ہورہا ہے اس سے لگتا ہے کہ وائرس نے بھیانک رُخ اختیار کیا ہے اور وائرس دوسری صورت میں تبدیل ہوچکا ہے جو کہ ہمارے لئے باعث پریشان ہے کیوںکہ امریکہ اور یورپ کے دیگر ممالک میں اموات اور کیسوں میں اضافے کی وجہ بھی یہی تھی کہ وائرس تبدیل ہوگیا تھا جس کی وجہ سے اس کا علاج دریافت نہیں ہورہا ہے۔ایک بیان میں ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ وادی میں کووڈ مریضوںکی بڑھتی تعداد اور اموات سے یہ خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ وائرس نے اپنی ہیت تبدیل کرکے بھیانک صورتحال اختیار کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر یہ معاملہ ہوا ہے تو یہ کووڈ19سے اور زیادہ موذی ثابت ہوسکتا ہے کیوں کہ یورپی ممالک بشمول امریکہ میں بھی وائرس کی ہیت تبدیل ہوگئی ہے جس کی وجہ سے وہاں پر سائنس دان اس وائرس کا پتہ لگانے میں ناکام ہوچکے تھے جبکہ اس کے علاج و معالجہ میں بھی دشواریاں پیش آرہی تھیں جس کی وجہ سے وائرس نے لاکھوںلوگوں کی جان لی ہے۔ ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا کہ جب کوروناوائرس وادی میں وارد ہوا تو شروع شروع میں اس وائرس میں مبتلاء مریضوں کی تعداد کافی کم تھی اور اس کی نشانیاں بھی کم تھیں تاہم اب جو صورتحال ہے وہ بالکل مختلف ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وائرس کے جنٹک کوڈ کی نقل میں غلطی یا بلڈ سیلوں میں رہنے کی وجہ سے اپنی ہیت تبدیل کردی ہے جس کے باعث اب مریضوں میں اس کا پتہ لگانا مشکل بھی بن گیا ہے جبکہ یہ وائرس اور زیادہ مہلک ہوگیا ہے جو اموات کی شرح میں اضافے کا موجب بن گیا ہے ۔
جیلوں میں کورونا معاملات میں اضافہ فکرانگیز:حریت(ع)
قیدیوں کی بلامشروط رہائی کی مانگ
سرینگرحریت (ع)نے عالمی وبا کووڈ19 کی قہر انگیز بیماری کی مقامی اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی سنگین صورتحال پر سخت فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے پھر کہا ہے کہ وہ پورے جموںوکشمیر کے ساتھ ساتھ جیلوں اور عقوبت خانوں میں بھی کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافے کے تناظر میں تمام سیاسی نظر بندوں اور قیدیوںکوفوری طور پر بلا مشروط رہا کرے۔بیان میں کہا گیا اننت ناگ )اسلام آباد (کے جیل میں مقید 100 سے زیادہ افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت سامنے آئے ہیں اور جہاں زیادہ تر بطور احتیاط بیشترکشمیری نوجوانوں اور حریت پسندوںکو مقید رکھا گیا ہے ۔بیان میںکہا گیا کہ جموںوکشمیر کے سیاسی رہنمائوں ، سول سوسائٹی کے افراد اور نوجوان جو کشمیر سمیت بھارت کے مختلف جیلوںکورٹ بلوال ، جموں، کٹھوعہ، راجستھان، ہریانہ اور دلی کے تہاڑ جیل میں 5 اگست 2019 اور اُس سے پہلے بھی مقید رکھے گئے ہیں،کووڈ19کے اثرات اور خطرات کے سبب ان کے عزیز و اقارب میں اُن کی صحت و سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش اور اضطراب پایا جارہا ہے ۔حریت (ع) نے عوام الناس سے بھی اپنی یہ اپیل پھر دہرائی ہے کہ وہ کووڈ 19سے آئے روز بڑی تعداد میں متاثرہ افراد اور شرح اموات میں اضافے کے سبب طبی ماہرین کے مشوروں اور معیاری عملیاتی طریقہ کار(SOPs) پر سختی کے ساتھ عمل کریں کیونکہ پرہیز اور احتیاطی تدابیر پر عمل آوری سے ہی نہ صرف اس وبا کو شکست دیا جاسکتا ہے بلکہ اپنے عزیز و اقارب اور معاشرہ و سماج کو بھی لپیٹ سے بھی بچایا جاسکتا ہے۔
بے روزگاری میں تشویشناک حد تک اضافہ لمحہ فکریہ:حسنین مسعودی
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے جموں وکشمیر میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ ایک سال سے مسلسل لاک ڈائون کے نتیجے میں یہاں کا پرائیویٹ سیکٹر زبر دست متاثر ہوا ہے ، جس کی وجہ سے کافی تعداد میں لوگ اپنا روزگار گنواں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری پہلے ہی جموں وکشمیر کا سب سے بڑا مسئلہ تھا لیکن 5اگست 2019کے بعد یہاں مسلسل لاک ڈائون کی وجہ سے اس مسئلے نے خطرناک صورتحال اختیار کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے بہت سارے نوجوان ذہنی تنائو کا شکار ہوگئے ہیں اور یہ ایک اور سنگین مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ حسنین مسعودی نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کو ایسے وقت میں آگے آکر اس مسئلے کا حل ڈھونڈ نکالنا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ سابق نیشنل کانفرنس حکومت کے دوران بے روزگار پڑھے لکھے نوجوان کو ماہانہ مشاہرہ دیا جاتا تھا ، حکومت کو چاہئے کہ اسی طرز پر کوئی سکیم متعارف کرائی جائے ۔انہوںنے کہاکہ اقامتی قانون نے بے روزگار نوجوانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے، جہاں پہلے جموں وکشمیر کے پشتینی باشندے ہی سرکاری ملازمتیں حاصل کرنے کے اہل ہوتے ہیں، وہیں اب اس قانون سے لگ بھگ پورے ملک کے نوجوان یہاں نوکریاں حاصل کرسکتے ہیں اور ایسے میں مقامی نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع مزید معدوم ہوکر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈومسائل قانون کو فوری طور پر منسوخ کیا جانا چاہئے تاکہ یہاں روزگار کے وسائل کا فائدہ مقامی نوجوان ہی اُٹھا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 5اگست2019کے بعد کے تمام غیر آئینی اور غیر جمہوری فیصلے بھی منسوخ کئے جائیں۔
سلال پروجیکٹ کو NHPCسے واپس لیاجائے: اپنی پارٹی
ریاسی//جموں وکشمیر میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مالی استحکام کیلئے اپنی پارٹی لیڈر اعجاز احمد خان نے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو سے اپیل کی ہے کہ نیشنل ہائیڈرو الیکٹریک پاور کارپوریشن (این ایچ پی سی)سے سلال پاور پروجیکٹ واپس لیاجائے تاکہ بے روزگارنوجوانوں کو مستقل روزگار مل سکے۔ایک پریس بیان میں اعجاز خان نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ یوٹی میں دہائیوں سے چلائے جارہے بجلی پروجیکٹوں کے حقوق واپس جموں وکشمیر حکومت کے پاس لائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاسی، رام بن اور وادی ِ چناب میں کئی پن بجلی پروجیکٹ چلنے کے باوجود صوبہ جموں کے متعدد علاقہ جات میں غیر متوقع بجلی کٹوتی کا سامنا ہے۔ جموں وکشمیر حکومت کے ماتحت 1865میگاواٹ صلاحیت والا ساولا کوٹ پن بجلی پروجیکٹ 21ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیرکیاجانا ہے ۔متعلقہ محکمہ کی طرف سے کی جاری تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعجاز خان نے کہاکہ یہ معاملہ جموں و کشمیر پاور ڈولپمنٹ کارپوریشن (جے کے پی ڈی سی) کی گورننگ باڈی (بورڈ میٹنگ) میں فنڈنگ اور تعمیرسے متعلق فیصلہ کے لئے پیش کیاجاناتھالیکن بدقسمتی سے بورڈ کے اجلاس کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ انتظامیہ کو ذاتی طور پر مداخلت کرنی چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا جائے کہ جموں و کشمیر میں ساولا کوٹ اور دیگر زیر التوا منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیاجائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ساولاکوٹ پروجیکٹ پر کام شروع ہونا چاہئے، اگر چہ اراضی حاصل کر لی گئی ہے لیکن ابھی تک پروجیکٹ پر تعمیر شروع نہیں ہوئی۔ اس کے علاوہ انس دھرماڑی ضلع ریاسی میں پن بجلی پروجیکٹ جس کی صلاحیت 23میگاواٹ ہے پی ایم ڈی پی کے تحت منظور کی گئی ہے جوکہ ابھی ٹینڈرنگ عمل زیر غور ہے۔ اس کی پروجیکٹ کی لاگت357کروڑ کے آس پاس ہونی ہے لیکن ابھی کنٹریکٹ کمیٹی کواِس پر حتمی فیصلہ لینا ہے۔ اہم پروجیکٹوں پر کام کی سست رفتاری سے پروجیکٹ کی لاگت بڑھ جاتی ہے۔
10سالہ فٹبال کھلاڑی حرکت قلب بند ہونے سے فوت
اوشکرہ بارہمولہ میں غم واندوہ کی لہر
سرینگر//اوشکرہ بارہمولہ میں جمعہ کی صبح چوتھی جماعت کا طالب علم10سالہ توحید رحیم لون ولد عبدالرحیم ساکنہ ہل ٹاپ کالونی اوشکرہ فٹ بال کھیلنے کے دوران حرکت قلب بندہونے سے لقمہ اجل بن گیا۔ توحید رحیم گھر کے نزدیک میدان میں ساتھی بچوں کیساتھ فٹ بال کھیل رہاتھا اوراس دوران اُس نے مخالف ٹیم پرجونہی ایک گول داغا تووہ میدان میں گرپڑا۔ساتھی کمسن کھلاڑی اُس کے پاس جمع ہوئے اورجب توحید نے کوئی حرکت نہیں کی توبچوں نے اس کے والدین کومطلع کیا۔ جے کے این ایس کے مطابق
توحید کوفوری طورپرضلع اسپتال بارہمولہ منتقل کیا لیکن ڈاکٹروں نے کمسن فٹبال کھلاڑ ی کومردہ قرار دیا۔ توحید کی المناک موت سے متعلق خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی توسبھی لوگ ماتم کناں ہوئے ۔
پروازوں کے ذریعہ2,690مسافروں کی واپسی
جموں//جموں وکشمیر یونین ٹریٹری میں گھریلو پروازوں کے دوبار ہ چالوہونے کے54واں دِن 2,690مسافروں کو لے کر 4 2 پروازیں جموں اور سری نگر ہوائی اڈے پر اتریں ۔664مسافروں سمیت09کمرشل پروازیں جموں ہوائی اڈے اور 2026مسافروں کو لے کر15 پروازیں آج سری نگر کے ہوائی اڈے پر اتریں۔واضح رہے کہ25؍ مئی سے اب تک جموں ایئر پورٹ پر 394گھریلو پروازیں اتری ہیں جن میں 29,071مسافروں نے سفر کیا ۔ اسی طرح سری نگر ائیر پورٹ پر645گھریلو پروازیںاتریں ہیں جن میں84,482مسافروں نے سفر کیا ہے۔نیز جموں وکشمیر حکومت نے عالمی وَبا کے پیش نظر اَب تک متعدد ممالک سے تقریباً 3,331مسافروں کو خصوصی انخلأ پروازوں کے ذریعے جموںوکشمیر یوٹی میں واپس لایا ہے۔ہوائی اڈے پر اُترتے ہی تمام مسافروں کا کووِڈ۔19ٹیسٹ کیا گیا اوردونوں ہوائی اڈوں سے اپنے منازل کی طرف تما م احتیاطی تدابیر پر عمل پیر ا رہ کر روانہ کئے گئے۔حکومت نے ہوائی پروازوں کے ذریعے یوٹی میں وارِد ہونے والے تمام مسافروں کی آمد سکریننگ نمونے لینے اور قرنطین مراکز کی طرف لے جانے کے لئے معقول ٹرانسپورٹ اِنتظامات کئے گئے ہیں اور اِس دوران مرکزی شہری ہوا بازی اور صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارتوں کی جانب سے مقرر کئے گئے رہنما خطوط اور ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔
درماندہ 2,30,782 شہری یوٹی لوٹے
جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے 2,30,782 شہریوں کو براستہ لکھن پور اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا رہ کر یوٹی واپس لایا۔سرکاری اعداد و شما ر کے مطابق جموںوکشمیر کے مختلف اَضلاع کی اِنتظامیہ نے ملک کی مختلف ریاستوں اور یوٹیز سے 71,802درماندہ مسافروں کو لے کر جبکہ براستہ لکھن پور1,58,980افراد کو حکومت نے86کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوںکے ذریعے اودھمپو ر اور جموں ریلوے سٹیشوں پر خیرمقدم کیا ۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اب تک بیرون ملک سے896مسافرو ں کویوٹی واپس لایا ہے ۔اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اب تک 86 کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اب تک بیرون یوٹی درماندہ 2,26,071شہریو ں کو کووڈِ۔19 وَبا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھ کر واپس لایا گیا۔تفصیلات کے مطابق 16؍ جولائی سے 17؍ جولائی 2020ء کی صبح تک لکھن پور کے راستے سے3745 بشمول سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے 13درماندہ مسافریوٹی میں داخل ہوئے جبکہ 966مسافر آج 65ویں دلّی کووِڈ خصوصی ریل گاڑی سے جموں پہنچے ۔اَب تک 65ریل گاڑیاں یوٹی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے56,106درماندہ مسافر جموں پہنچے جبکہ 21خصوصی ریل گاڑیوں سے 15,696مسافر اودھمپور ریلوے سٹیشن پر اُترے۔
آہن گاندربل میںتیندوے نمودار | علاقہ میں خوف ودہشت کا ماحول
ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل کے آہن واکورہ میں اس وقت مقامی آبادی خوفزدہ ہوگئی جب میوہ باغ میں تیندوے کے تین بچے ایک ساتھ نمودار ہوئے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ جمعہ کی صبح دس بجے علی محمد میر کے سیب کے باغ میں اچانک تیندوے کے تین بچے نمودار ہوگئے جس سے پورے علاقہ میں خوف کی لہر دوڑ گئی کیونکہ اگر بچے موجود ہیں تو ان کی ماں بھی نزدیک ہی موجود ہوگی جس کی وجہ سے میوہ باغات اور دھان کے کھیتوں میں موجودلوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگ نکلے ۔ وائلڈ لائف محکمہ کے گاندربل ضلع کے انچارج فیروز احمدنے تصدیق کی کہ آہن میں تیندوے کے بچے گھوم رہے ہیں ۔انہوں نے کہا’’عوام کو راحت پہنچانے کی غرض سے ہمارا عملہ علاقے میں موجودہے‘‘ ۔
وِکاس کنڈل نے جے کے پی سی سی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا
جموں// جموں و کشمیر پروجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن (جے کے پی سی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر وِکاس کنڈل نے ایک میٹنگ میں کارپوریشن کی جانب سے چلائے جانے والی مختلف سکیموں بشمول لینگویشنگ پروجیکٹس ، سینٹرل روڈ فنڈ (سی آر ایف) اورپلگرمیج ریجیونیشن اینڈ سپریچولٹی ایگمنٹیشن ڈرائیو (پی آراے ایس اے ڈی) شامل ہیں کا جائز ہ لیا۔ میٹنگ میں چیف انجینئر جے کے پی سی سی این ڈی خواجہ ، جنرل منیجر شوکت احمد اورکشمیر ڈویژن کے مختلف یونٹوں کے ایگزیکٹو انجینئروںنے شرکت کی جبکہ جنرل منیجر ہرکوال سنگھ اور جموں کے دیگر ایگزیکٹو انجینئروں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وِکاس کنڈل نے کارپوریشن کے کام کاج اور اس کے علاوہ مالی پیش رفت کے ساتھ ساتھ منصوبوں کے عملی اور زمینی سطح کے مضمرات کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ ڈی پی آروں کو بروقت تشکیل کو یقینی بنائیں جبکہ متعلقہ محکموں سے رقومات کی واگزاری کو یقینی بنانے کے ساتھ پروجیکٹوں کی نگرانی کرنے پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ تمام معاملات کے فوری ازالہ کیلئے مؤثر انٹرا ڈیپارٹمنٹل کوآرڈنیشن برقرار رکھنے کے علاوہ بروقت اسناد پیش کریں۔وِکاس کنڈل نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت کی کہ وہ پروجیکٹوں کو مطلوبہ مقررہ وقت کے اندر اندر پورا کرنے کے لئے لنگویشنگ پروجیکٹوں او رسی آرایف پر سرعت سے کام کو یقینی بنائیںاور اس کے علاوہ پی آر اے ایس اے ڈی پروجیکٹوں کے کاموں میں تیزی لائیں۔اُنہوں نے متعلقین کو ای۔ ٹینڈرنگ کی تیاری کے لئے طریقۂ کار تیز کرنے پر بھی ہدایت دی تاکہ جلد سے جلد مختلف کاموں کو مختص کیا جاسکے۔وِکاس کنڈل نے متعلقین کو ہدایت دی کہ ان منصوبوں پر عمل درآمد کرتے وقت وبائی کووِڈ۔ 19 کے پیش نظر حکومت کی طرف سے جاری کردہ تمام ایس او پی کی سختی سے سے نافذ کریں ۔
دیہی روزگار جنریشن پروگرام
جموں و کشمیر کیلئے 25کروڑ روپے کی سبسڈی کا ہدف مقرر: ڈاکٹر حنا بھٹ
سرینگر// کھادی اورولیج اِنڈسٹریز بورڈ (کے وی آئی بی)کی وائس چیئرپرسن ڈاکٹر حنا شفیع بھٹ نے ایک میٹنگ میں کشمیر ڈویژن میں کھادی بورڈ کے ذریعہ چلائی جانے والی مختلف سکیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں کشمیر ڈویژن کے ڈویژنل آفیسر اور ضلعی اَفسران نے شرکت کی۔وائس چیئرپرسن نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے مالی سال 2020-21 کے لئے جموں وکشمیر دیہی روزگار جنریشن پروگرام (جے کے آر جی پی) سکیم کے تحت 25کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیا ہے اور دسمبر 2020 ء کے آخر تک تمام اَفسران کو یہ اہداف حاصل کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے اُنہیں پی ایم ای جی پی اور جے کے آر جی پی کے تحت معاملات کی بروقت کارروائی کو یقینی بنانے کی صلاح دی اور بینک سطح کے مقدمات کی پیروی کرنے پر زور دیا۔ ڈاکٹر حنا نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سکیموں سے فائدہ اُٹھانے کے لئے آگے آئیں۔ اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بتایا کہ اننت ناگ اور بڈگام میں دو ایس ایف یو آر ٹی آئی کلسٹرلگانے کے لئے تیار ہیں۔
٭٭٭
نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون نے پارٹی کے دیرینہ رکن شمس الدین ملک ساکن نور باغ سوپور کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے ضلع صدر بارہمولہ جاوید احمد ڈار، سینئر لیڈران محمد اشرف میر اور ارشاد رسول کار نے بھی سوگوار کنبے سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ادھر پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے محمد ابراہیم ترمبو کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے جبکہ پارٹی کے ترجمان اعلیٰ آغا سید روح اللہ نے فدا حسین آخون ساکن چک باغ صدر بل کے فوت ہونے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔ پارٹی کے سینئر صوبائی نائب صدر محمد سعید آخون نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی۔
ٹنگڈار ٹیٹوال شاہراہ سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں
نیوز ڈیسک
سرینگر // کرناہ انتظامیہ نے ٹنگڈار ٹیٹوال شاہراہ کے بیچ پڑے پتھروں، ریت اور باجری سمیت دیگر رکاوٹوں کو ہٹانے کیلئے کارروائی عمل میں لائی ۔انتظامیہ نے لوگوں کو متنبہ کیا کہ اگر سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔معلوم رہے کہ دو دن قبل کرناہ کی عدالت نے ایک ٹوٹس جاری کیا تھا جس میں شاہراہ پر رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے کہا گیا تھا جس کے بعد ایس ڈی ایم کرناہ ڈاکٹر بلال محیٰ الدین بٹ کی ہدایت پر انتظامیہ کے افسران نے سڑک پرموجود رکاوٹوں کو ہٹا دیا ۔