کانگریس لیڈران کا بلا ور دورہ
سابقہ ریاستی حکومت نے بلا ور اسمبلی حلقہ کو یکسر نظر انداز کیا :ڈاکٹر منوہر لعل
کٹھوعہ //سابقہ ریاستی وزیر اور ضلع کانگریس کمیٹی کٹھوعہ کے صدر ڈاکٹر منوہر لعل کی قیادت میں کانگریس لیڈران نے اسمبلی حلقہ بلاور کا 2روزہ دورہ مکمل کیا ۔دورے کے اختتام پر پارٹی کے ضلع صدر نے پی ڈی پی او ر بھاجپا کی سابقہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سابقہ حکومت نے مذکورہ اسمبلی حلقہ کو یکسر نظر انداز کیا جس کی وجہ سے عوام پسماندہ طرز کی زندگی بسر کر نے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔انہوں نے بھاجپا کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی کی مرکزی و ریاستی قیادت نے اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کے دوران صوبہ جموں کی عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد پارٹی لیڈران نے عوامی مسائل کی طرف کو ئی توجہ نہیں دی ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کے دور ے حکومت میں ’بیٹی بچاﺅ بیٹی پڑھاﺅ ‘کے بینر نصب کر نے کے سلسلہ میں ایک بڑی رقم خرچ کی گئی لیکن لڑکیوں کی تعلیم کےلئے کوئی معقول قدم نہیں اٹھا یا گیا ۔انہوں نے پارٹی کی مرکزی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ غیر معیاری پالیسیوں کی وجہ سے اس وقت ملک تعمیر و ترقی کے اعتبار سے سب سے پسماندہ دور سے گزر رہا ہے ۔موصوف نے کہاکہ وزیر اعظم نے کئی ایک وعدے کئے تھے لیکن ملازمین ،عارضی ملازمین ،مزدور طبقہ و عام لوگوں کے مسائل جوں کے توں ہی ہیں ۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ بھاجپا کو چاہیے کہ وہ بے روز گار نوجوانوں و عام لوگوں کےساتھ کئے گئے وعدوں کو پورے کر ے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس کے سابقہ وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کے دور میں ریاست تعمیر و ترقی کی راہ پر گامز ن ہوئی ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ بھاجپا کی ناکامیوں اور کانگریس کی فلاحی پالیسیوں کے بارے میں عوام کو بیدار کریں اور آئندہ انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی کی مضبوطی کےلئے اپنا رول ادا کریں ۔
انتظامیہ سے اجازت نہ ملنے کے باوجود نمائش کا انعقاد
گول مارکیٹ میں ٹریفک نظام متاثر ،کارروائی کا مطالبہ
جموں //گاندھی نگر کے گول مارکیٹ علا قہ میں ایس ایس پی ٹریفک سے نمائش کی اجازت نہ ملنے کے باوجودمنتظمین نے نمائش کا اہتمام کیا ۔ضلع مجسٹر یٹ جموں کی جانب سے20 جولائی 2018کو ایس ایس پی ٹریفک کو لکھے گئے تحریری خط زیر نمبرDMJ/ MISC/ 2018-19/ 1383- 1387 کی ایک کاپی جوادارہ کشمیر عظمیٰ کے پاس موجود ہے کے مطابق گاندھی نگر کے گول مارکیٹ علا قہ میں ایک نمائش کے سلسلہ میں رائے مانگی گئی تھی جس کے جواب میں ایس ایس پی ٹریفک نے ایک تحریری جواب زیر نمبر TPOJ/PA/NOC/ 18/2167-10میں یہ کہتے ہوئے نمائش نہ لگانے کی سفارش کی تھی کہ اس علا قہ میں جگہ کم ہو نے کی وجہ سے پہلے سے ہی ٹریفک نظام میں خلل پیدا ہو جاتا ہے جبکہ گاڑیوں کی پارکنگ کے سلسلہ میں اوقاف کی زمین کرائے پر لی گئی ہے ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نمائش کے منتظمین گول مارکیٹ میں 21اکتوبر 2018سے 24فروری 2019تک نمائش کا اہتمام کر نا چاہتے تھے جبکہ ایس ایس پی ٹریفک نے اپنے جواب میں یہ بھی کہا تھا کہ نمائش لگانے کےلئے گول مارکیٹ کا علا قہ معقول نہیں ہے جبکہ اس علاقہ میں دربار موﺅ کے بعد گاڑیوں کا بھاری رش ہو جاتا ہے اور نمائش کے سلسلہ میں ٹریفک نظام بُری طرح سے متاثر ہو سکتا ہے لیکن ایس ایس پی کی جانب سے اجازت نہ دینے کے باوجود بھی منتظمین نے مذکورہ علا قہ میں نمائش کا اہتمام کر دیا ہے جس کی وجہ سے عوام کو شد ید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔اس دوران مہاتما گاندھی دانشور سوسائٹی نے ڈویژنل کمشنر جموں کو ایک تحریر ی خط لکھ کر مذکورہ معاملہ میں کاروائی کر نے کی مانگ کی ہے ۔
ریاستی گورنر کی یقین دہانی کے باوجود
ملازمین کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی ۔NHM
جموں //ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کی یقین دہانی کے باو جود بھی نیشنل ہیلتھ مشن ملازمین کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی ۔ان ملازمین نے کہا ہے کہ وہ عملی کاروائی تک اپنی ہڑتال جاری رکھے گے ۔اس سے قبل گزشتہ روز ریاستی گورنر نے نیشنل ہیلتھ مشن ملازمین کی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کےساتھ میٹنگ منعقد کر کے ان کی مانگوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔اس اجلاس کے دوران گورنر نے کمیٹی کو یقین دہانی کرواتی ہو ئے کہا تھاکہ ان کی جائز مانگوں کوجلداز جلد پورا کیا جائے گا تاہم اس کے بعد ملازمین نے مشترکہ طور پر اپنی ہڑتال کو پُر امن طریقہ سے جاریرکھتے ہوئے 20جنوری تک بڑھانے کا فیصلہ کیا۔یاد رہے کہ ملازمت کی باقاعدگی کے مطالبہ کولے کرمحکمہ صحت میں کام کررہے نیشنل ہیلتھ مشن ملازمین کی طرف سے شروع کی گئی ریاست گیرہڑتال کو پہلے 48گھنٹوں تک رکھا گیا تھا لیکن ریاستی انتظامیہ کے طرف سے ختیار کرہ روایہ کی وجہ سے ملازمین نے اپنی ہڑتال کو بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا ۔اس دوران ملازمین نے جو ائنٹ کو آر ڈنیشن کمیٹی کے بینر تلے اپنی مانگوں کو لے کر ملازمین نے جموں پریس کلب کے باہر احتجاج کیا ۔ این ایچ ایم ملازمین نے حکومت سے امتیازی سلوک کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مارچ 2017میں ان کی پندرہ روز ہڑتال کے بعد حکومت کی طرف سے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جسے دو ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرناتھی تاہم آج دو سال ہونے کوہیں مگر یہ رپورٹ پیش نہیں ہوسکی ۔ان کاکہناتھاکہ اس کمیٹی نے ان کے ساتھ انصاف کرنے کے بجائے تاخیری حربے اپنائے اور کوئی مثبت کام نہیں کیا ۔ این ایچ ایم ملازمین نے مزید بتایاکہ بیس دسمبر 2017سے پھر سے انہوں نے ریاست گیر ہڑتال شروع کی جو 22جنوری کو اس وقت کے وزیر صحت اور شعبہ صحت کے پرنسپل سیکریٹری کی اس یقین دہانی پر ختم کی گئی کہ ان کے مطالبات پورے کئے جائیں گے لیکن ابھی تک ریاستی انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔
بھاری مقدار میں لاہن برآمد
کٹھوعہ //محکمہ ایکسائز کی جائب سے ضلع کٹھوعہ میں کی گئی کاروائی کے دوران 28سو کلولاہن کے علا وہ شراب کی 40تھیلیاںضائع کیں ۔ایکسائز کمشنر کی ہدایت پر متعلقہ محکمہ کے آفیسران نے چک دراب اور چب بچک علا قوں میں کی گئی کاروائی کے دوران مذکورہ کچی شراب ضبط کر کے اس کو ضائع کردیا گیا ۔
خواتین ورکرز کےلئے منعقد
۔ 2روزہ بیداری پروگرام اختتام پذیر
جموں //اسمبلی حلقہ بشناہ میں غیر منظم خواتین ورکروں کےلئے منعقد 2روزہ بیداری پروگرام اختتام پذیر ہو گیا ہے ۔ڈی ٹی نیشنل بورڈ فار ورکرز ایجوکیشن اور ڈیولپمنٹ وزرات برائے لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ گور نمنٹ آف انڈیا کی جانب سے منعقد ہ اس پروگرام کا افتتاح 16جنوری کو کیا گیا تھا جس میں کل 38غیر منظم خواتین ورکروں نے شرکت کی ۔پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کونسلر دیوراکہ ناتھ نے بیداری پروگرام کے منتظمین کی تعریف کر تے ہوئے پروگرام کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔اس بیداری پروگرام کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے خواتین کی فلاح و بہبود کےلئے شروع کی گئی اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔مقررین نے خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاستی و مرکزی حکومت کی طرف سے شروع کر دہ اسکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا ئیں۔
نئے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کےلئے فیکلٹی و دیگر عملہ تعینات
جموں//صحت و طبی تعلیم محکمہ نے آج اننت ناگ ، بارہمولہ ، ڈوڈہ ، کٹھوعہ اور راجوری میں قائم کئے جارہے نئے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کے لئے 84 اسسٹنٹ پروفیسر / لیکچرر اسامیوں کو پُر کرنے کے سلسلے میں تقرری کے احکامات جاری کئے ہیں۔جے کے پی ایس سی کی سفارشات کے مطابق 44 کیجولٹی میڈیکل افسروں کو تعینات کرنے کے لئے احکامات جاری کئے گئے ۔ان افسروں کی خدمات کالجوں کے ایسوسیٹیڈ ہسپتالوں میں قائم ایمرجنسی / کیجولٹی وِنگوں میں استعمال کی جائیں گی۔تاکہ حادثات اور ٹراما کے شکار مریضوں کی خدمات میں بہتری لائی جاسکے ۔اس سے قبل نئے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کے لئے 160 ڈیمانسٹیٹراور رجسٹرار منتخب کئے گئے ۔محکمہ نے نئے پانچ کالجوں کے مختلف زمروں میں 247 نان گزیٹیڈ سطح کی اسامیوں کو پُر کرنے کے لئے جے اینڈ کے سروس سلیکشن بورڈ کو ریفر کئے گئے۔
پنتھرس پارٹی کے صوبائی ونگ کا اجلاس
جموں //انتخابات سے قبل ریاست کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے نیشنل پنتھرز پارٹی کے صوبائی ونگ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متعدد لیڈران کا شرکت کی ۔میٹنگ کے دوران پارٹی صدر پروفیسر بھیم سنگھ نے لیڈران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ پارلیمانی و اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں ہر ایک ضلع کے دورہ کر یں اور عوام کو سابقہ حکومت کی ناکامیوں کے بارے میں بیدار کرنے کے علا وہ پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کر نے کا کام کر یں ۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس عمل کے دوران پارٹی کی ضلع اکائی کےساتھ انتخابات کے سلسلہ میں متعدد معاملات پر تبادلے خیال کر کے پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کریں ۔موصوف نے پارٹی کی ضلع اکائیوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ اسمبلی انتخابات کےلئے پارٹی کے امیدواروں کی فہر ستیں پارٹی ہائی کمان کے پاس جمع کریں ۔
سی ای او نے ریاست بھر میں ووٹر بیداری فورموں کا آغاز کیا
جموں//الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے سے شروع کئے گئے قومی سطح کے ووٹر بیداری فورموں کے ایک حصہ کے طور پر چیف الیکٹورل آفیسر جموں وکشمیر شیلندر کمار نے ایک تقریب کے دوران ریاست میں بھی اس مہم کی شروعات کی۔اس موقعہ پر کافی تعداد میں نوڈل آفیسر، اعلیٰ سرکاری افسران ، بشمول جوائنٹ سی ای او رمن کمار کیسر بھی موجود تھے۔ وی اے ایف کو ریاست کے تمام ضلعوں میں بھی متعلقہ ضلع الیکشن افسروں کی طرف سے آغاز کیا گیا۔اس موقعہ پر کافی تعداد میں سرکاری افسر ان بھی موجو د تھے۔وی اے ایف کے ذریعے سے وی اے ایف کے ارکان میں چناﺅ عمل کے مختلف پہلوﺅں کے بارے میں جانکاری پیدا کی جاتی ہے ۔ اِ س دوران مباحثوں ، سوالات اور جوابات او دیگر مقابلوں کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔تمام محکموں کے ملازمین اِس فورم کے ارکان بن سکتے ہیں ۔اس موقعہ پر سی ای او نے شرکا¿ کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران مختلف صلاحیتوں او ر کرداروں میں چناﺅ عمل کے مختلف پہلوﺅں کو محفوظ کرنے کا کام کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ مختلف محکموں کے نوڈل افسروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو چناﺅ عمل کے مختلف تقاضوں سے روشناس کرائیں۔تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ چناﺅ عمل میں شرکت کرسکیں۔سی ای او نے کہا کہ ووٹر جانچ اور اطلاعات کی مہم کی بدولت متعلقین ای سی آئی کے آن لائن این وی ایس پی یا پھر ہیلپ لائن نمبر1950 کے ذریعے سے چناﺅ فہرست پر درج جانکاری حاصل کرسکتے ہیں۔افسروں کو وی اے ایف کے مختلف امور کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔جوائنٹ سی ای او نے بھی اس موقعہ پر شرکا ¿ کو نوڈل افسروں اوردیگر سرکاری اہلکاروں کے رول کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے کہا کہ چناﺅعمل کے طور طریقوں سے روشناس کرانے سے جمہوری عمل کو مستحکم کیا جاسکتا ہے ۔سٹیٹ نوڈل آفیسر ایس وی ای ای پی ریاض احمد نے تقریب کی کارروائی انجام دی۔
سائیکل ریلی کے شرکاءکی حوصلہ افزائی
جموں //بٹوال انڈیا ایسوسی ایشن کی جانب سے سائیکل ریلی میں شرکت کر نے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کےلئے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس پروگرام کے دوران گزشتہ دنوں میں فوج کی جانب سے ’امن و خوشحالی ‘کے عنوان سے منعقد کی گئی 170کلو میٹر ریلی میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔بٹوال انڈ یا تنظیم کے جنرل سیکریٹری آر ایل کیتھ کی صدرات میں منعقدہ اس پروگرام کے دوران جے سی اﺅ میجر جنرل پی ایس بھاجواہ کو سرٹیفکیٹ و عزاز سے بھی نوزا گیا ۔اس پروگرام میں تنظیم کے سکھدیو چند ،سشما کماری ،امبیکا دیوی ودیگران بھی موجود تھے ۔
آن لائین عوامی خدمات کو مزید موثر بنانے پر زور
کیول کمار شرما نے بلڈنگ پرمشن کےلئے آن لائین خدمات کی کارکردگی کا جائیزہ لیا
جموں//گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے آن لائین عوامی خدمات کو مزید موثر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو دستیاب رکھنے کی ضرورت پر زو ردیا ہے۔ان باتوں کا اظہار مشیر موصوف نے محکمہ مکانات و شہری ترقی، نیشنل انفارمیٹک سینٹر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ میں کیا۔میٹنگ کے انعقاد کا مقصد مختلف آن لائین خدمات کی پیش رفت جس میں آن لائین بلڈنگ پرمشن، آن لائین برتھ اینڈ ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجراءکے سلسلے میں آن لائین خدمات کا جائیزہ لینا تھا۔میٹنگ میں سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی سوگات بسواس، سیکرٹری مکانات و شہری ترقی انل گپتا، ایڈیشنل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محمد ممتاز علی چوہدری، سٹیٹ انفارمیٹکس افسر ابھے کمار اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔میٹنگ کے دوران مشیر موصوف کو آن لائین بلڈنگ پرمیشنوں کے عمل کے بارے میں جانکاری دی گئی۔انہیں بتایا گیا کہ مکانات و شہری ترقی کے آن لائین پورٹل کو مزید بہتر بنانے کے لئے چند فیچر کا اضافہ کرنا ہوگا اور اس ڈاٹا کو کلاو¿ڈ سرور میں منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔مشیر موصوف نے متعلقہ محکموں سے اس سلسلے میں ضروری رائے طلب کی۔کیول کمار شرما نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ دہلی جیسے بڑے شہروں میں آن لائین خدمات کا مطالعہ کریں جہاں اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر کام کیا جاتا ہے۔انہیں موجودہ سروروں کو ابھی تک کلاو¿ڈ کے ساتھ لِنک کرنے کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔انہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ متعلقین کو وقت پر بلڈنگ پرمیشنوں کو این او سی فراہم کریں۔ مشیر موصوف نے دیگر آن لائین عوامی خدمات کی جانکاری طلب کی اور میونسپلٹی اور دیہی علاقوں میں آن لائین خدمات کا جائیزہ لیا۔مشیر موصوف نے کہا کہ این آئی سی کو اس سلسلے میں اہم رول ادا کرنا ہوگا تا کہ ریاست کے تمام علاقوں میں جدید ٹیکنالوجی کے تحت آئی ٹی خدمات دستیاب ہوں۔انہوں نے مکانات و شہری ترقی محکمہ، این آئی سی اور آئی ٹی محکموں کو ہدایت دی کہ وہ قریبی تال میل رکھنے کے لئے باقاعدہ جائیزہ میٹنگیں منعقد کیا کریں۔میٹنگ کے آغاز میں مشیر موصوف کو ریاست میں این آئی سی کی کارکردگی اور اس ایجنسی کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔
پولی ٹیکنیک کالج ادہم پور میں سوچھ بھارت ابھیان
ادہم پور //ضلع ادہم پور کے گور نمنٹ پولی ٹیکنیک کالج میں طلباءکی جانب سے سوچھ بھارت ابھیان کے تحت صفائی مہم شروع کی ۔اس صفائی مہم کو شروع کر نے کا اصل مقصد صفائی ستھرائی کے علا وہ عام لوگوں کو قدرتی ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کےلئے بیدار کرنا تھا ۔اس صفائی مہم میں 100سے زائد طلباءو سا ف ممبران نے شرکت کی ۔اس مہم کے دوران ہی طلباءکی جانب سے کلچرل پرورگرام و سمپوزیم کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے اراکین نے کہاکہ سوچھ بھارت ابھیان کے تحت ملک کے ہر ایک حصہ میں صفائی ستھرائی کے علا وہ عوام کو بیدار کر نے کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔اس صفائی مہم کے دوران طلباءنے علاقہ میں صفائی ستھرائی کو بحال رکھنے کا عزم بھی کیا ۔