محکمہ خزانہ کے چارڈائریکٹرتبدیل
حکومت جموں وکشمیرنے محکمہ فائنانس کے چارڈائریکٹروں کے تبادلے وتقرریاں عمل میں لائی ہیں۔حکمنامہ کے تحت محمدیعقوب ایتو،ڈائریکٹرجنرل (فائنانس )،پی ایچ ای اینڈفلڈ کنٹرول کوتبدیل کرکے ڈائریکٹرجنرل (بجٹ) فائنانس خالی اسامی پرتعیناتی کیاہے۔شادی لال پنڈتا ڈائریکٹرفائنانس رورل ڈیولپمنت کوتبدیل کرکے ڈائریکٹرکوڈس فائنانس ڈیپارٹمنٹ ،عبدالحمیدکمار،ایف اے اینڈسی اے او کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ کوتبدیل کرکے ڈائریکٹرفائنانس رورل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اورایف اے اینڈسی اے او کاچارج بھی سنبھالیں گے۔
کسٹوڈین جنرل نے جائیدادِ مہاجرین کا معائینہ کیا
جموں //کسٹوڈین جنرل جے اینڈ کے فاروق احمد شاہ ( بخاری ) نے جموں شہر میں مختلف جائیدادِ مہاجرین کا تفصیلی معائینہ کیا ۔ کسٹوڈین جنرل کے ہمراہ کسٹوڈین اویکیو پراپرٹی جموں ، ڈپٹی کسٹوڈین سنٹرل ، ڈپٹی کسٹوڈین ( لیگل ) ، ڈپٹی کسٹوڈین ہیڈ (کوارٹر )جموں و دیگر افسران تھے۔ معائینے کے دوران فاروق شاہ نے جموں شہر میں موجود جائیدادِ مہاجرین کی کئی سائیٹوں کا دورہ کیا جن میں ایکسچینج روڈ جموں میں واقع ایس پی اکیڈمی بھی شامل ہے ۔ ٹیم نے اس موقعہ پر اس ادارے کو چار رہایشی مکانوں میں منتقل کرنے کے علاوہ ایک جائیدادِ مہاجرین کو منہدم کرنے کی حالت میں بھی پایا ۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ انہدامی اور تعمیراتی اقدامات سیکشن 18 اور جے اینڈ کے سٹیٹ اویکیو ایکٹ 2006 کے رول 14 کی مکمل خلاف ورزی ہے ۔ کسٹوڈین اویکیو پراپرٹی جموں کو موقعہ پر ہی ہدایات دی گئیں کہ یہ تعمیراتی کام فوری طور روکا جائے تا کہ قانون کے تحت معاملے کی تحقیقات کی جا سکے ۔ اس سلسلے میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو ان بے ضابطتگیوں کے خلاف رپورٹ پیش کرے گی ۔ کسٹوڈین جنرل نے اپنے دورے کے دوران بابا جیون شاہ جموں میں قایم جائیدادِ مہاجرین کا بھی دورہ کیا اور انہیں بتایا گیا کہ الاٹی کو دو منزلہ مکان از سر نو تعمیر کرنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک تین منزلہ مکان تعمیر کیا ہے ۔ اس سلسلے میں بھی کسٹوڈین اویکیو پراپرٹی جموں کو ہدایت دی گئی کہ یہ تعمیراتی کام فوری طور روکا جائے تا کہ قانون کے تحت معاملے کی تحقیقات عمل میں لائی جا سکے ۔ بعد میں کسٹوڈین جنرل نے ادھے والا میں بنکٹ ہال کا بھی معائینہ کیا اور ہال کے انچارج کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کو بہتر خدمات فراہم کریں ۔
آئی ڈی اے کے زیراہتمام چواہدی میں دانتوں کی جانچ کاکیمپ
جموں//انڈین ڈینٹل ایسوسی ایشن نے ایس پی ایس انٹرنیشنل سکول چواہدی جموں میں دانتوں کی جانچ کے کیمپ کا اہتمام کیاگیا۔اس دوران لگ بھگ 59 طلباءکے دانتوں کی جانچ کی گئی اورانہیں کولگیٹ ٹوتھ پیسٹ اور دانتوں کا برش سمیت زبانی حفظان صحت کا کٹ بھی دیا گیا ۔اس موقعہ پرڈاکٹر حیمجا مینگی اور ڈاکٹر ویبہ رینا نے طلباءکی جانچ کی اور زبانی حفظان صحت کی برقراریت سے متعلق لیکچردیا۔اس دوران طلباءکوبرش کرنے کے مناسب طریقے کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔اس موقعہ پر اسکول کے پرنسپل انکوش اور کوآرڈی نیٹر سنی رینا بھی موجود تھے۔آئی ڈی اے کے صدر ڈاکٹر گوتم شرما نے کہا کہ اگر وہ اسکولی طلبا کے لئے دانتوں کے جانچ کیمپ منعقد کرنا چاہتے ہیں، تو وہ ان کو 7006672655 سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو زبانی حفظان صحت کی برقراریت کو ایک نوجوان عمر میں سکھایا جائے گا تاکہ وہ زندگی بھر میں مختلف آرتھو دانتوں کی صحت کے مسائل سے محفوظ رہ سکیں۔اس موقعہ پرسمیت گنڈوترا نے بچوں میں مفت کٹ بھی فراہم کی۔
شرما کا ملازمین کے مسائل کے نمٹارے میں سرعت لانے پر زور
جموں/گورنر کے صلاح کار کیول کمار شرما نے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک روڑ میپ تشکیل دینے پر زور دیا ہے۔ڈگری اور ڈپلوما یافتہ انجینئراں کو درپیش مسائل کا ایک میٹنگ میں جائز ہ لیتے ہوئے صلاح نے افسرا ن کو مذکورہ معاملے کا سنجیدہ جائزہ لینے کی ہدایت دی تاکہ ملازمین کے مسائل کا بروقت نمٹارا کیاجاسکے۔انہوں نے اس حوالے سے منصوبے کا جائز ہ لینے کے بھی احکامات دئیے۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹر ی بجلی /تعمیرات عامہ ، سیکرٹر ی صحت عامہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔بعد میں واٹر ریسورس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین پرمود جین نے صلاح کار سے ملاقات کر کے پانی کی ذخیر ہ اندوزی ، آبپاشی سہولیات سے متعلق منصوبوں ، آبی پناہ گاہوں کے تحفظ ، انسداد سیلاب اور دیگر اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
الیکشن محکمہ کو ریل ہیڈ باہوپلازہ میں اراضی الاٹ
جموں/چیف الیکٹورل آفیسر شیلندر کمار کی گزارش پر جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ادھیوگ بھون ریل ہیڈ باہو پلازہ جموں میں ریاستی الیکشن محکمہ کے دفتر کی تعمیر کے لئے اراضی الاٹ کی ہے ۔سی ای او کا دفتر اس وقت وکاس بھون جموں میں کئی برسوں سے کرایہ کی عمارت سے چلا رہا ہے ۔دفتری عمارت کی ضرورت کے مدنظر اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرس نے 9000 مکعب فٹ اراضی پر مبنی پلاٹ کو الیکشن محکمہ کو منتقل کرنے کی منظوری دی ہے۔سی ای او نے اتھارٹی کے اس قدم کی سراہنا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ اراضی پر محکمہ کے لئے ایک بہترین عمارت تعمیر کی جائے گی جس سے سال بھر انتخابی عمل سے جڑے امور پر کارروائی کرنے میں مدد ملے گی اور محکمہ کو ایک بہترین اقامتی عمارت دستیاب ہوگی۔
جموں توی گالف کورس میں سری ٹورازم پائیلٹ پروجیکٹ کارسمی آغاز
جموں/سیکرٹری سیاحت ریگزن سمفل اور ڈائریکٹر سریکلچر گلزار احمد شبنم نے یہاں جموں توی گالف کورس( جے ٹی جی سی ) سدھرا میں آرائشی توت کے پودے لگاتے ہوئے سری۔ ٹورازم پائیلٹ پروجیکٹ رسمی طور آغاز کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سیاحت کے سیکرٹری نے کہا کہ ماڈل ملبری گارڈن گالف کورس کے عقب میں قائم کیا جارہا ہے جو علاقے میں آنے والے سیاحوں اور گالف کھیلنے والوں کے لئے کشش کا مرکز ثابت ہوگا۔محکمہ سریکلچر کی طرف سے مکمل تعاون دینے کی سراہنا کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی تکمیل سے دونوں سیکٹروں کو فائدہ حاصل ہوگااور متعلقہ لوگوں کے روزگار کے مواقعوں میں بھی اضافہ ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ جگتی جموں میں فوڈ کرافٹ انسٹی چیوٹ بھی توت کے پودے لگانے سے سری ۔ ٹورازم کے دائرے میں لایاجارہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی کامیابی کی بدولت آنے والے برسوں میں ریاست کے تمام سیاحتی مقامات میں جاری پروگراموں کی حوصلہ افزائی ممکن ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہا سری ٹورازم او ایکو ٹورازم ریاست کے قدرتی مناظر کے شائقین کے لئے اُمید کی کرن ثابت ہوگی۔ڈائریکٹر سری کلچر نے سری ۔ ٹورازم کے مختلف پہلوﺅں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس پروجیکٹ کی بدولت سیاحوں کی تفریح کے لئے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سریکلچر سیکٹر کے تحت مزید تجارتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔اُنہوں نے کہا کہ ان دونوں سیکٹروں کو باقاعدہ طریقے پر فروغ دینے سے روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ اس باغ میں 1000توت کے پودے لگائے جارہے ہیں اوراتنی ہی تعداد میں توت کے پودے گالف کورس کے مختلف اطراف میں بھی لگائے جائیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ سریکلچر دیگر ایسے پروگراموں کو چلانے کے امکانات تلاش کر رہا ہے جہاں سریکلچر کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دیگر اہم سیکٹروں کو بھی فروغ ملے گا۔محکمہ سیاحت کا سری۔ ٹوراِزم پروگرام کی عمل آوری میں پُر خلوص تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ کسی بھی دیگر سیکٹر کو آگے لے جانے میں اپنا تعاون فراہم کرے گا۔سیکرٹری جے ٹی جی سی نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا اور سدھرا میں شروع کئے گئے پائیلٹ پروجیکٹ کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی۔پروجیکٹ ایگزیکٹیو جموں جاوید احمد، ڈسٹرکٹ سریکلچر آفیسر جموں فرحت عباس اور سریکلچر او رمحکمہ سیاحت کے دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔
انسٹی چیوشن آف انجینئرس کے زیراہتمام تین روزہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر
پانی کے تحفظ کیلئے جدید طریقہ¿ کاراپنانے کی ضرورت :فاروق شا ہ
جموں/صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے پانی کے قدرتی وسائل کو مستقبل کے لئے محفوظ رکھنے کے سلسلے میں پائیدار پانی کے انتظام کے طریقوں کے لئے جدید طریقہ کار اپنانے پر زور دیا۔سیکرٹری موصوف نے ان باتوں کا اِظہار آج یہاں انسٹی چیویشن آف انجینئر س چھنی ہمت میں منعقد ہ پانی کے تحفظ کے سلسلے میں منعقد ہ تین روز ہ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ تربیتی پروگرام صحت عامہ اور آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکموں کے 75 ہائیڈولک انجینئروں کے لئے منعقد کیا گیا تھا جس کا موضوع ” واٹر سیکورٹی : بیسٹ پریکٹسز فار کنزرویشن ، سیفٹی اینڈ سسٹینبلٹی “تھا۔تاکہ ریاست میں پانی کے ذخائر کی موجودہ صورتحال پر غور وخوض کیا جاسکے اور ریاست کے پیشہ وارانہ انجینئروں کو پانی کے ذخائر کو محفوظ رکھنے او ر پانی کو بہتر طریقے پر استعمال کرنے کے بارے میں جانکاری دی جاسکے۔اس پروگرام کا اشتراک سی سی ڈی یو ، محکمہ صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول نے کیا تھااور نیشنل انسٹی چیوٹ آف ہائیڈرولوجی ، ویسٹرن ہیمالین ریجنل سینٹر جموں نے منعقد کیا تھا۔ سیکرٹری موصوف نے اس موقعہ پر پائیدار پانی کے انتظام کے طریقوں اور استعمال پر روشنی ڈالی اور اس طرح کے تربیتی پروگرا م ریاست کے تینوں خطوں بالخصوص دور دراز علاقوں میں منعقد کرنے پر زور دیا تاکہ پانی کے قدرتی وسائل مستقبل کی نسلوں کے لئے محفوظ رکھا جاسکے۔فاروق احمد شا ہ نے پروگرام میں شرکا¿ پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض تن دہی اور لگن سے انجام دیں تاکہ لوگوں کو معیاری پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے زمینی سطح پر اقدمات اٹھائے جاسکیں۔اس موقعہ پر سیکرٹری موصوف نے تربیتی پروگرام میں حصہ لینے والوں میں اسناد تقسیم کئے۔ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سی سی ڈی یو ونود گپتا ، صحت عامہ کے چیف انجینئر اشوک گندوترا ، سپر انٹنڈنگ انجینئر سی سی ڈی یو افتخار ککرو نے بھی اختتامی تقریب سے خطاب کیا۔
وجے کمارنے آٹھ ہزار مربع فٹ ایگری مال کا سنگ بنیاد رکھا
کسانوں کو بہتردیہی معیشتی حمایت فراہم کرنے پر زو ر
جموں/گورنر کے مشیر کے ۔ وِجے کما رنے ریاست میں زرعی سیکٹر کو بڑھاواد ینے کی ایک کڑی کے طور پر ریاست کے کسانوں کو بہتر دیہی معیشتی حمایت کرنے پر زور دیا۔ان باتوں کا اظہار مشیر موصوف نے ایگریکلچر کمپلیکس تالاب تلو جموں میں ایگری مال تعمیر کرنے کے سلسلے میں منعقد کی گئی ایک سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مشیر موصوف کو اس موقعہ پر بتایا گیا کہ یہ مال دو منزلہ ہوگا جس پر 81لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر موصوف نے ایگری مال کے قیام سے حاصل ہونے والے فوائد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مال جموں شہر کے مرکز میں قائم کیا جارہا ہے جو زرعی و دیگرمنسلک سیکٹروں کا ایک اثاثہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس مال میں زرعی ، باغبانی اور پھولبانی مصنوعات کے لئے خاصی جگہ موجو د ہوگی اور جموں صوبے کے کسان اس مال سے مستفید ہوں گے۔مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ ایگری مال میں ہاوس ٹریکٹر ، پاور ٹِلر ، پاور ویڈر ، کلٹویٹرس ، ہینڈ ٹولز ، سپرنکلر اور ڈرپ اری گیشن نظام کے مختلف برینڈ دستیاب ہوں گے۔منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایگروز ، بھوانی رکوال ، ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں ایچ کے راز دان ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں راکیش سرنگل ، ڈائریکٹر کمانڈ ائیریا ڈیولپمنٹ جموں ایس جتندر سنگھ ، ڈائریکٹر فائنانس جے کے ایگروز راکیش کھجوریہ کے علاوہ محکمہ زراعت کے افسران موجود تھے۔مشیر موصوف نے ایگری کلچر کمپلیکس تالاب تلو جموں کا دور ہ کیا اور وہاں مختلف زرعی شعبوں کا معائینہ کیا۔انہیں بتایا گیا کہ اس مرکز پر مختلف سبزیوں کے فصلوں کی دو لاکھ پودے اُگائے جارہے ہیں اور انہیں جموں سے تعلق رکھنے والے سبزی اُگانے والوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ مشیر موصوف نے این وی پی جی ایچ کا بھی دورہ کیا جس کے تحت رنگین شملہ مرچ اور ٹماٹر و کھیرے محفوظ طریقے پر اُگائے جاتے ہیں ۔بعد میں کے وِجے کمار نے محکمہ کے افسروں کے ساتھ بات چیت کی اور ان سے کسانوں کی بہبودی کے پروگراموں اور سرگرمیوں سے متعلق جانکاری حاصل کی۔اس موقعہ پر دیگر افسران کے علاوہ ڈائریکرسریکلچر گلزار احمد ، جوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹنشن بلیش کما رزتشی و دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
شکایتی سیل نے44050شکایات کا نپٹارا کیا
جموں/ریاست میں 20جون2018 ءسے گورنر رول کے نفاذ سے لے کر اب تک گریوینس سیل کو45045 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے44050 شکایات کو نمٹارے کےلئے متعلقہ محکموں کو بھیجا گیا جبکہ995 شکایات پر عمل جاری ہے۔اسی طرح سے گورنر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے گورنر کے تینوں مشیر وں نے سری نگر اور جموں میں شیڈول کے مطابق مختلف وفود او افراد کی شکایات سنیںاور ان شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ کر کے ضروری اقدامات انجام دئیے ۔
مویشیوں کے پالنے والوں کو بہتر معاوضہ فراہم کرنے کے اقدامات جاری : سامون
جموں //پشو و بھیڑ پالن، ماہی پروری و ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے مویشیوں کے پالنے والوں کو بہتر معاوضہ فراہم کرنے کیلئے منظم طریقہ کار قایم کرنے کے اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا ۔ ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر سامون نے کٹھوعہ ضلع میں افسروں اور کسانوں کے ساتھ ایک روزہ دورے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ دورے کے دوران ڈاکٹر سامون نے راج باغ گوٹ فارم کا دورہ کیا اور بکریوں کو پالنے کے سلسلے میں اپنائے جا رہے طریقہ کار کی تفصیلات طلب کیں ۔ انہوں نے فارم کے مختلف سیکشنوں کا معائینہ کیا اور فارم میں اعلیٰ اقسام کی بکریوں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بکریوں کے پالنے کا پیشہ ضلع میں کئی طبقے اپنا رہے ہیں اور اس سلسلے میں چھوٹے کسانوں کو اس پیشے کی طرف راغب کرنے کی بڑی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بکریوں کی پیداوار میں اضافہ ہونے کے باوجود کسانوں کو آمدنی میں زیادہ اضافہ نہیں ہو رہا ہے کیونکہ ان کسانوں کو جدید طریقے اپنانے کے سلسلے میں جانکاری پوری طرح فراہم نہیں کی گئی ہے ۔ ڈاکٹر سامون نے اپنے دورے کے دوران ہیرا نگر کے ویٹر نری ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں دستیاب دوائیوں و دیگر سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ہیرا نگر میں پولٹری ڈیمانسٹریشن سنٹر کا بھی دورہ کیا اور پولٹری سے وابستہ افراد کو بہتر رہبری فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کو پولٹری میں خود کفالت حاصل کرنے کیلئے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر سامون نے مویشی پالنے والوں کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں حکومت کی طرف سے فراہم کی جا رہی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے ضلع کے ہر علاقے میں ویٹر نری کیمپ قایم کرنے اور دوائیوں کی فراہمی میں استحکام لانے پر زور دیا ۔ ڈاکٹر سامون نے کٹھوعہ میں نیشنل فش سیڈ فارم کا بھی دورہ کیا اور مستقبل کی مانگ کو پورا کرنے کیلئے محکمہ کی طرف سے منصوبہ بندی یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ اس فارم میں مچھلیوں کو لگنے والی بیماریوں سے بچاو¿ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اور مچھلیوں کے پالنے والے کسانوں کو اس سلسلے میں بیداری فراہم کریں ۔ اُن کے ہمراہ ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری جموں وکٹر کول ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں سنجیو کمار ، ڈائریکٹر فشریز آر کے پنڈتا ، چیف انیمل ہسبنڈری آفیسر جموں محمد عثماعل کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی تھے ۔
گورنرکا لانسنائیک نذیر احمد وانی کو خراجِ عقیدت پیش
جموں //گورنر ستیہ پال ملک نے لانسنائیک نذیر احمد وانی کو خراج عقیدت ادا کیا ہے جنہیں بعد از مرگ ملک کے سب سے بڑے گیلنٹری ایوارڈ آشوک چکرا سے نوازہ گیا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ لانسنائیک نذیر احمد وانی کی عظیم قربانی آنے والی نسلوں کیلئے ایک مثلِ راہ ہو گی اور وہ ملک کی سلامتی اور تحفظ کے ساتھ ساتھ سماج میں امن اور اخوت کی روایات کی بحالی کیلئے کام کرنے کیلئے راغب ہوں گے ۔
ڈی پی ایس طلاب کی عزت افزائی
جموں //گورنر ستیہ پال ملک نے یہاں راج بھون میں ایک تقریب کے دوران ڈی پی ایس جموں ، کٹڑہ اور ناگ بنی کے اُن طلاب کی عزت افزائی کی جنہوں نے تدریسی اور غیر تدریسی شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ مہاراجہ ہری سنگھ ایجوکیشنل اینڈ سوشل فاو¿نڈیشن کے ٹرسٹی اجات شترو سنگھ ، پی آر او وائس چئیر پرسن ڈی پی ایس جموں ریتو سنگھ کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات اور طلاب بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ گورنر بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے طلاب کو مبارکباد دی اور اُن پر زور دیا کہ وہ مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے کیلئے مزید محنت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ صرف علم کی بدولت ہی ایک انسان مکمل طور سے بااختیار بن سکتا ہے ۔ انہوں نے طلاب کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار بخشنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں ۔ گورنر نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موثر تعلیمی نظام کی بدولت ہی قومیں ترقی کرتی ہیں ۔ 70 یومِ جمہوریہ کی مبارکباد دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ آئینِ ہند ملک کے ہر ایک شہری کو بااختیار بناتا ہے انہوں نے کہا کہ بھارت دانشوروں ، سائینسدانوں ، تعلیم دانوں اور مفکروں کیلئے کافی مشہور ہے کیونکہ یہ زمانہ قدیم سے ہی انسانی بہبود اور بقاءکیلئے کام کرتے آ رہے ہیں ۔ انہوں نے نوجوان پود پر زور دیا کہ وہ ان دانشوروں سے ترغیب حاصل کر کے اُن کے مشن کو آگے بڑھا کر آنے والی نسلوں کو ان کے اقدار سے روشناس کرائیں ۔ گورنر نے حب الوطنی پر ایک نظم پیش کرنے کیلئے صوفیاں چوہان کی تعریف کی ۔ انہوں نے تمام طلاب کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
کیول کمارشرماکاسٹی چوک کادورہ
جے ڈی اے کومیکنائیزڈ پارکنگ کےلئے تفصیلی منصوبہ تیارکرنے کی ہدایت
جموں /گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے وائس چئیر مین جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو سٹی چوک علاقے میں میکنائیزڈ پارکنگ کا بہتر استعمال یقینی بنانے کیلئے تفصیلی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار ایک میٹنگ کے دوران کیا جو سٹی چوک میں جے ڈی اے میکنائیزڈ پارکنگ کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کے سلسلے میں اٹھائے جا رہے اقدامات کا جائیزہ لینے کیلئے منعقد کی گئی تھی ۔ فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال ، آئی جی ٹریفک جموں آلوک کمار ، وائس چئیر مین جے ڈی اے پون سنگھ راٹھور ، کمشنر جے ایم سی پنکج مگوترہ و دیگر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ مشیر موصوف نے متعلقہ پارکنگ کا بہتر استعمال کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایات دیں تا کہ رگھوناتھ بازار و دیگر ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کا دباو¿ کم کرنے میں مدد حاصل ہو ۔ وی سی جے ڈی اے اور کمشنر جے ایم سی نے مشیر موصوف کو بتایا کہ انہوں نے شہر میں ٹریفک کے دباو¿ کو کم کرنے کے سلسلے میں زیادہ سے زیادہ گاڑیاں پارکنگ ایریا میں پارک کرنے کیلئے ایک تجویز تیار کی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ رگھوناتھ بازار اور کنک منڈی علاقوں میں پیڈ پارکنگ ایریا کے طور پر ایک تجویز تیار کی گئی ہے ۔ مشیر موصوف نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ سٹی چوک اور رگھوناتھ بازار علاقے کو ریڑیوں سے پاک علاقہ بنانے کے عمل میں ہمدردانہ رویہ اختیار کریں ۔ حال ہی میں رگھوناتھ بازار بزنس مین ایسوسی ایشن اور کنک منڈی ٹریڈرز ایسوسی ایشن مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور انہیں سٹی چوک سے شالہ مار روڈ تک ریڑیوں سے پاک علاقہ بنانے کی تلقین کی ۔
والدین کی طرف سے گورنر کا شکریہ ادا
جموں //دس سال کی عمر کے لڑکے کے والد نے گورنر ستیہ پال ملک کا علاقے میں بجلی میں خلل پڑنے کی شکایت کی طرف توجہ دینے کیلئے شکریہ ادا کیا ۔ لڑکے کے والد تصدق حسین نے اپنے لڑکے کے ہاتھ سے لکھی ہوئی چٹھی کو ٹویٹ کرتے ہوئے گورنر ستیہ پال ملک کی طرف سے ہمدردانہ توجہ دینے اور زاکورہ علاقے میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے شکریہ ادا کیا ۔ چٹھی موصول ہونے کے بعد گورنر نے کشمیر کے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ فوری کاروائی کر کے علاقے کے مسائل حل کرنے کے اقدامات کریں ۔