سبکدوش استاد کے اعزازمیں تقریب
محمد اسحٰق عارف
ؓبھلیسہ//علاقہ پنگل کے تلوگڑہ گائوں سے تعلق رکھنے والے معروف استاد الحاج نثار حسین ملک30سال تک محکمۂ تعلیم میں خدمات انجام دینے کے بعد جمعرات کو اپنی سرکاری نوکری سے سبکدوش ہو گئے۔اُن کے اعزاز میں علاقہ کے اساتذہ کی طرف سے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں موصوف کی تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور اُن کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر ایس ڈی ایم گندو ڈاکٹر پرتیم تھاپا بطورِ مہمانِ خصوصی اور زونل ایجوکیشن آفیسر بٹیاس سیوا رام ،نائب تحصیلدار جکیاس محمد حسین خان اور AEEگندو محمد شفیع بٹ بطورِ مہمانانِ اعزازی موجود تھے جب کہ علاقہ کے معززین اور اساتذہ کی بھاری تعداد بھی تقریب میں شریک رہی۔شبیر احمد شیخ نے نظامت کے فرائض انجام دئیے جب کہ تقریب کے دوران مختلف مقررین جن میں الحاج غلام نبی وانی،رہبرِ تعلیم فورم کے ضلع صدر اسحق رشید ملک،محمد اسلم ملک،ارشد حسین میر،مشتاق احمد ملک،الطاف حسین ملک،سجاد احمد ملک،اعجاز احمد وانی،شفیق الرحمن وانی،ظفر اللہ ملک،لیاقت علی شیخ،عبدالرشید ملک،ظفر اللہ ملک اورماجد ملک وغیرہ شامل ہیں،نے سبکدوش ہونے والے استاد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اُمید ظاہر کی کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اپنے علاقہ کے لوگوں کی خدمت کرنے میں پیش پیش رہیں گے جو کہ اُن کا آبائی ورثہ ہے۔اس موقع پر مقررین نے مختلف علاقائی مسائل بھی اُبھارے جن میں اسکولوں میں تدریسی عملہ کی قلت اور دیگر سہولیات کا فقدان اوربٹیاس زون میں مستقل زیڈ ای او نہ ہونے کی وجہ سے اساتذہ کو درپیش مسائل وغیرہ شامل ہیں اور انتظامیہ سے مانگ کی کہ ان مسائل کے ازالہ کے لئے فوری اقدامات اُٹھائے جانے چاہئیں۔اپنے خطاب میں ایس ڈی ایم گندو نے سبکدوش ہونے والے استاد کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُن کے مستقبل کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔
رہبر تعلیم ٹیچرز فورم تنخواہوں کی جلدواگزاری کیلئے فریادی
ڈار محسن
کشتواڑ// ضلع جنرل سیکریٹری شیخ مشرف کی قیادت میں کشتواڑ کی رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نے گورنر انتظامیہ سے اپنی تنخواہوں کی جلدوگزاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پچھلے پانچ مہینوں سے اپنے فرائض کو بنا تنخواہ کے انجام دے رہے ہیں لیکن متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے ہماری تنخواہوں کی جلدوگزاری پر کوئی توجہ نہی دی جارہی ہے جس کی وجہ سے ہماری مشکلات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے تاہم پھر بھی ہم اپنے فرائض مکمل طور پر انجام دیں رہے ہیں ۔ ضلع فورم کے جنرل سیکریٹری شیخ مشرف نے بتایا کہ آر ای ٹی اسکیم کے تحت تعنات ملازمین پچھلے پانچ مہینوں سے بنا تنخواہ کے اپنے فرائض کو انجام دیں رہے ہیں تاکہ تعلیم میدان میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو لیکن آج کے دور میں بنا تنخواہ کے فرائض کو انجام دینا مشکل ہی نہی بلکہ ناممکن ہے لہذا گورنر انتظامیہ سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں پر غور کیا جائے جو کہ پچھلے پانچ مہینوں سے بند ہے۔یہ بات واضح رہے کہ قبل کچھ روز ہی جموں و کشمیر رہبر تعلیم کا اعلی وفد زیر قیادت ریاستی چیرمین فاروق احمد تانترے نے ریاستی سیکرٹری ایجوکیشن اجیت کمار ساہو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی تھی جہاں پر فورم کی جانب سے کافی مطالبات پیش کئے گئے تھے جن میں تنخواہوں کی جلدوگزاری کا ایک اہم مطالبہ پیش کیا گیا تھا جس پر ابھی تک متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے کوئی خاص دلچسپی کا مظاہرہ نہیں ہوا ہے تاہم فورم نے ضلع و ریاستی سطح پر گورنر انتظامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں پر غور کیا جائے جو کہ پچھلے پانچ مہینوں سے بند پڑی ہے۔
ریاسی میں طلاب کیلئے ہتھیاروں کی نمائش کا اہتمام
ریاسی //فوج کی جانب سے ضلع کے کلال علاقہ میں طلاب اور مقامی لوگوںکو فوج بطور ایک پیشہ اپنانے کی ترغیب دینے کے لئے ہتھیاروں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔نمائش سے طلاب میں حُب الوطنی کا جذبہ پید ا ہو ،جس سے انہیں قوم کے طاقت کا احساس دلایا گیا۔ہتھیاروں کی نمائش 45سے زائد طلاب نے دیکھی۔ا س موقعہ پر طلاب کو فوج میں شامل ہونے کے لئے ایک بیداری لیکچر کا بھی ا ہتمام کیا گیا، جس دوران قوم کی تعمیر میں فوج کے رول کو اجا گر کیا گیا۔اس دوران انہیں احساس فخر ہواکہ آرمڈ فورسز ملک کے دفاع کے علاوہ بہت کُچھ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد طلاب کو راغب کرنا ،انہیں فوج کی بہادری ، قربانیاںدکھانا تھا۔طلاب اور مقامی لوگوں نے پروگرام کی ستائش کی۔
بین الریاستی منشیات فروش گرفتار
ایک کوئنٹل فکی ضبط
ایم ایم پرویز
رام بن //رام بن پولیس نے ایک بین ریاستی منشیات فروش کو گرفتار کرتے ہوئے اسکے قبضہ سے 102کلو گرام فکی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کی جانب سے جاری ایک پریس بیان کے مطابق پولیس نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر اسٹیشن ہائوس افسر چندر کوٹ انسپکٹر عابد شاہ بُخاری کی قیادت میں پولیس اسٹیشن چندر کوٹ کے نزدیک ایک خصوصی ناکہ لگایا اور سیبوں سے لدے ہوئی ایک ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر PB13AW-5808کو روکا ،جو پنجاب کی جانب رواں تھا ۔دوران چیکنگ پولیس نے اس میںسے دو بوریوں میں سے ایک کوئنٹل اور دو کلو گرام فکی برآمد کی۔ٹرک ڈرائیور کی پہچان بطور سونی سنگھ ولد دلبیر سنگھ ساکن چندر خُرد ،فتح آباد ہریانہ کی گئی ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 5 of 2019 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔ منشیات فروش کی گرفتاری ایس ایس پی انیتا شرما ،ایڈیشنل ایس پی سنجے پریہار اور ڈی ایس پی اصغر ملک کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔