معمرخاتون مہتاب بی بی وفات پاگئیں
جموں//تحصیل بھلوال کی پنچایت دھنوں میں لگ بھگ 110سالہ خاتون مہتاب بی بی گزشتہ روزحرکت قلب بندہونے کی وجہ سے انتقال فرماگئیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق مہتا ب بی بی طویل عرصے سے علیل تھیں اورمنگل کی صبح حرکت بندہونے کے سبب ان کاانتقال ہوگیا۔مرحوم کی نمازجنازہ آبائی قبرستان محلہ ترموڑیاں دھنوں میں اداکی گئی جس میں کثیرتعدادمیں افرادنے شمولیت کی ۔مزیدتفصیلات کے مطابق مہتاب بی بی پرہیزگاراورصالح خاتون تھیں اورمعاشرے کی بہبودکیلئے ایک سماجی کارکن کی حیثیت سے مصروف رہتی تھیں۔مہتاب بی بی کی وفات سے علاقہ میں صف ماتم بچھ گئی اوراسے دھنوں کی عوام کیلئے ایک ناتلافی نقصان تصورکیاجارہاہے ۔مختلف سیاسی وسماجی کارکنان اورتنظیموں نے مہتاب بی بی کی وفات پرگہرے رنج ودُکھ کااظہارکرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت اورلواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعاکی ہے ۔واضح رہے کہ مرحومہ 1947 کے سانحہ تقسیم کی بھی گواہ تھیں۔
عمران خان کشمیر مسئلہ کے سائنٹفک نتائج کیلئے سنجیدگی دکھائیں:بھیم سنگھ
جموں//نیشنل پنتھر س پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے سابق کھلاڑی اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے نام ایک پیغام میں ان سے کہا کہ جموں وکشمیر کا بقیہ 575ریاستوں کی طرح 26اکتوبر 1947کو ہندستان کے ساتھ الحاق ہوا تھا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے مہاراجہ کے الحاق نامہ پر دستخط کرنے کے بعد پاکستا ن کے ذریعہ جموں وکشمیر کے ایک تہائی حصہ پر نومبر 1948کے بعد قبضہ، جس میں گلگت ۔بلتستان کا 32ہزارمربع میل علاقہ بھی شامل ہے، غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کی خلاف ورزی ہے۔پنتھرس سربراہ نے پاکستانی وزیراعظم کو سیاسی الفاظ کا غلط استعمال کرنے سے خبر دا ر کیا جن کا استعمال پاکستان کے سیاستداں کشمیر کے غریب اور معصوم لوگوں کا استحصال کرنے کے لئے کرتے تھے اور پاکستانی رائے دہندگان کو سیاسی طورپر بلیک میل کرتے تھے۔ انہوں نے پاکستانی وزیراعظم سے کہا کہ جموں وکشمیر کی تاریخ پر مختصر نظر ڈالیں جو ہندستان کے جموں وکشمیر پر مشتمل ہے اور جس میں گلگت۔بلتستان اور میرپور۔مظفر آبااد کا علاقہ شامل ہے جسے پاکستان آزا د کشمیر کہتاہے۔ یہ علاقہ کشمیر کا حصہ نہیں ہے لیکن جموں پردیش کا لازمی حصہ ہے جہاں پہاڑی ،ڈوگری ،گوجری اور دیگرزبانیں بولی جاتی ہیں۔انہوں نے اینگلو امریکن بلاک پر چین کی مدد سے پاکستان کے ذریعہ جموں وکشمیر کی سرحدوں پر کشیدگی پیدا کرنے کا الزام لگایا۔اس صورتحال کو اقوام متحدہ کے حکام کو سمجھنا ہوگا۔اینگلو امریکن بلاک نے چین کی مد د سے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کا استحصال اور غلط استعمال کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ حیرت کی بات ہے کہ 1956میں اقوام متحدہ میں مسٹر کرشنا مینن کے اپنے خطاب کے دوران پاکستان کو بے نقاب کرنے کے بعد کسی نے اینگلوامریکن بلاک کو، جوجموں وکشمیر کے ساتھ ساتھ ہندستان کے خلاف بین الاقوامی سازش میں ماہر ہے، بے نقاب کرنے کی ہمت نہیں دکھائی ۔پنتھرس سربراہ نے کہاکہ آج کی ہندستانی قیادت جموں وکشمیر کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی صورتحال کو سمجھنے میں ناکام رہی ہے جو بین الاقوامی قوانین اور ہندستانی آئین کے تحت ہندستانی حصہ ہے۔پنتھرس سپریمو نے ہندستانی قیادت کے تمام بنیادی حقوق کے ساتھ ہندستانی آئین اور قومی پرچم کی جموں وکشمیر تک توسیع میں ناکام رہنے پر افسوس کا اظہار کیا جہاںکے لوگوں کے ہندستانی شہری تسلیم کیا گیا ہے۔
ریاست میں بلاتاخیراسمبلی انتخابات کرائے جائیں:ہرش دیو
جموں//چیئرمین جموں کشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی وسابق وزیر ہرش دیوسنگھ نے کہاکہ ریاست میں اسمبلی انتخابات سپریم کورٹ کے تقاضوں کے مطابق مناسب وقت پرہونے چاہئیں۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہرش دیوسنگھ نے کہاکہ سیاسی حلقوں میں یہ چہ میگوئیاں ہورہی ہیں کہ پارلیمانی انتخابات کے بعداسمبلی انتخابات ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ہند کوچاہیئے کہ وہ سیاسی جماعتوں کے جمہوری حقوق کوتلف نہ کرے۔انہوں نے کہاکہ گورنرراج کے بعدریاست میں صدرراج کانفاذ نافذکیاہے ۔ہرش دیوسنگھ نے کہاکہ ہوناتویہ چاہیئے تھاکہ صدرراج نافذکرنے کے لئے یہاں اسمبلی انتخابات کاانعقادکیاجاتالیکن بدقسمتی سے ایسانہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ ریاست کوسیاسی بحران سے نکالنے کیلئے ضروری ہے کہ اسمبلی انتخابات کووقت پرکرایاجائے۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے حالات اورسیکورٹی عملہ کی قلت کے علاوہ سپریم کورٹ کی ہدایات کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے چھ ماہ کے اندرریاستوں میں اسمبلی انتخابات کویقینی بنانے کی ہدایات کی بھی پاسداری کی جانی چاہیئے۔انہوں نے مرکزی حکومت سے بلاتاخیراسمبلی انتخابات کے انعقادکامطالبہ کیا۔اس دوران پریس کانفرنس میں پرشوتم پریہارریاستی سیکریٹری ٹریڈیونین ودیگران بھی موجودتھے۔
آل انڈیاراجیوگاندھی برگیڈکااجلاس منعقد
جموں//کانگریس کی ذیلی تنظیم آل انڈیاراجیوگاندھی برگیڈکے دفترمیںاجلاس کاانعقادکیاگیا جس میں ریٹائرڈڈی ایس پی محمداسلم میرنے برگیڈمیںبطورجنرل سیکریٹری ریاسی نے شمولیت اختیارکی۔اس دوران مقررین نے آل انڈیاراہل گاندھی برگیڈکومضبوط کرنے پرزوردیاگیا۔؎اس دوران اجلاس میں جوگیندرسنگھ منہاس، سرپرست اعلیٰ برگیڈ ،ونودکوہلی جنرل سیکریٹری برگیڈ،رومیش کمار ضلع صدرجموں برگیڈ، محمداسماعیل زرگرجنرل سیکریٹری ،موہن لال ضلع نائب صدرجموں،ایڈوکیٹ فردوس عاشق صلاحکاربرگیڈ ،سنجے کمارجنڈیال ضلع جنرل سیکریٹری ، وکاس شرما،نائب صدرضلع جموں،انل کمارورماسیکریٹری ،محمدظفرخان ضلع صدرریاسی، رشب باروصدرریہاڑی چنگی جموں ،نکھل بنوترہ ،محمدشارخ ودیگران بھی موجودتھے۔
پرزنٹیشن کانونٹ سکول گاندھی نگرنے پروجیکٹ ڈے منایا
جموں//پرزنٹیشن کانونٹ سینئرسکینڈری سکول گاندھی نگرمیں اول تاپانچویں جماعتوں کیلئے پروجیکٹ ڈے تقریب کااہتمام کیاگیا ۔اس دوران تقریب میں ایف۔مائیکل انچارج سپریچولٹی اینڈکونسلنگ گیریژن چرچ جموں مہمان خصوصی تھے۔اس موقعہ پر اول تاپانچویں جماعت تک کے طلباء نے مختلف موضوعات پرشانداررنگارنگ ثقافتی پروام پیش کرکے شرکاکومحظوظ کیا۔ اس دوران تیسری جماعت کے طلبانے سوچھ بھارت کے مقصدکوبیان کیاجبکہ پانچویں جماعت کے طلبا نے وومن ایمپاورمنٹ سے متعلق پروگرام پیش کیا۔
نورعالم کوصدمہ ، والدہ انتقال کرگئیں
جموں//سابق اسسٹنٹ کمشنرڈیولپمنٹ راجوری نورعالم کی والدہ برکت بی بی سوموارشام رضائے الٰہی سے انتقال فرماگئیں۔ مرحومہ کی نمازجنازہ آبائی قبرستان ٹانڈہ بڑوئی اکھنورمیں اداکی گئی جس میں کثیرتعدادمیں لوگوں نے شرکت کی ۔اس دوران نمازجنازہ میں دیگران کے علاوہ دوسابقہ وزرا ء شام لال اوربی آرکنڈل ،ڈاکٹرعبدالغفور،ایڈوکیٹ شاہ محمد، سابق اے سی ڈی محمدیوسف ملک، چوہدری عبدالحمیدچیئرمین گرجردیش چیریٹیبل ٹرسٹ ،ڈاکٹرنصیب علی کے علاوہ بھاری تعدادمیں افسران ومعززین شامل تھے۔مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں اورافسران نے نورعالم ودیگرلواحقین کے ساتھ گہرے رنج ودُکھ کااظہارکیاہے اورمرحومہ کیلئے اللہ تعالیٰ سے مغفرت اورلواحقین کیلئے صبرجمیل عطافرمانے کی دعافرمائی ہے۔
چائلڈ لائین مشاورتی بورڈ کے کام کاج پرتبادلہ خیال
ڈویژنل کمشنر جموں کا جانکاری عام کرنے پرزور
جموں//صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے جموں خطہ میں آئی سی پی ایس کی موثر عمل آوری کے لئے چائلڈ لائین فاؤنڈیشن ایڈوائزری بورڈ کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر جموں رمیش کمار، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جموں بھارت بھوشن اور دیگر عہدیدارموجود تھے۔میٹنگ میں بچوں سے جڑے کئی معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ بچوں سے جڑے معاملات، بچہ مزدوری، کم عمر میں شادی اور دیگر معاملات کا جائیزہ لینے کے لئے ضلع سطح پر سروے کیا جانا چاہئے۔انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی انتظامیہ غریب بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے مناسب اقدامات کر رہی ہے اور ان کے حقوق کو ہر سطح پر تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔صوبائی کمشنر نے چائلڈ لائین کے بارے میں جانکاری عام کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات اُٹھانے کی ہدایت دی۔
’ ون نیشن ون ٹیکس ‘‘ کو عملانے کا مطالبہ
چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کاوفدگورنر سے ملاقی
جموں//چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا ایک ڈیلی گیشن چیمبر کے صدر راکیش گپتا کی قیادت میں یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقی ہوا ۔ گورنر کے مشیر کے سکندن ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ، خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری ، صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکرٹری شالین کابرا بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ ڈیہلی گیشن نے گورنر کو ریاست میں صنعت ، تجارت اور زراعت سیکٹروں سے متعلق معاملات کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے ریاست میں ’’ ون نیشن ون ٹیکس ‘‘ کو عملانے کا مطالبہ کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے لکھن پور میں مختلف اشیاء پر سٹیٹ ٹول ٹیکس کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ ڈیلی گیشن نے اُن مصنوعات پر جن کے منافعے بہت کم ہوں کو حکومت کی طرف سے اضافی امداد فراہم کیا جانا چاہئیے اور اُن صنعتوں کو نہیں جنہیں بڑے پیمانے پر منافع حاصل ہوتا ہے ۔ گورنر نے ڈیلی گیشن کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات پر مناسب موقع پر غور کیا جائے گا ۔ انہوں نے چیف سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ ایک کمیٹی تشکیل دیں جس کے نمائیندے حکومت کی طرف سے اور صنعت و حرفت سیکٹر سے لئے جائیں گے تا کہ ڈیلی گیشن کی طرف سے اٹھائے گئے معاملات پر غور کیا جائے گا ۔
ویشنو دیوی شرائین بورڈ از سر نو تشکیل
جموں//گورنر ستیہ پال ملک جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں نے تین سال کیلئے بورڈ کو از سر نو تشکیل دیا ۔ گورنر نے بحثیت چئیر مین اُن کے اختیار میں سیکشن 5(1)b, سیکشن 7 اور سیشن 10 جموں و کشمیر شری ماتا ویشنو دیوی شرائین ایکٹ 1988 کے تحت ڈاکٹر اشوک بھان آئی پی ایس ( ریٹائیرڈ ) ، جسٹس ( ریٹائیرڈ ) پرمود کوہلی ، میجر جنرل ( ریٹائیرڈ ) شو کمار شرما ، ایچ ایچ سری سری روی شنکر ، وجے دھر ، کے بی کاچرو اور کے کے شرما کو بطور ممبران نامزد کیا ۔ ڈاکٹر اشوک بھان سابق ڈی جی پی ، جسٹس ریٹائیرڈ پرمود کوہلی سکم ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اور سنٹرل ایڈمنسٹریٹو ٹربیونل کے سابق چئیر مین ، میجر جنرل شو کمار شرما ایک ریٹائیرڈ آرمی آفیسر ، جنہیں اے وی ایس ایم کا اعزاز حاصل ہوا ہے ، ایچ ایچ سری سری روی شنکر ایک روحانی لیڈر اور آرٹ آف لیونگ فاؤنڈیشن کے بانی ، وجے دھر ایک ممتاز تعلیمی ماہر جنہوں نے ڈی پی دھر میموریل ٹرسٹ اور دلی پبلک سکول قایم کیا ہے، کے بی کاچرو ایمرائیٹس کارل سن رذیڈور ہوٹل گروپ کے چئیر مین اور انڈین ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے سابق چئیر مین اور منیجنگ ڈائریکٹر اور کے کے شرما اے آئی ایم آئی ایل فارما سیوٹیکلز لمٹیڈ کے چئیر مین اور منیجنگ ڈائریکٹر رہے ہیں ۔
لداخ خطہ میں اشیاء کی فراہمی
حاجی عنائت علی نے سٹاک اور سپلائی پوزیشن کا جائزہ لیا
جموں//ریاستی قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنائت علی نے یہاں خوراک و امور صارفین محکمہ کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران لداخ خطہ میں اشیاء ضروریہ کی سٹاک اور سپلائی پوزیشن کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں محکمہ کے کمشنر سیکرٹری ڈاکٹر عبدالرشید، ڈایئریکٹر سی اے پی ڈی کشمیر محمد قاسم وانی، ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر منموہن سنگھ اور ایف سی آئی جموں کے جنرل منیجر پردیپ کمار کے علاوہ دیگرکئی عہدیدار بھی موجود تھے۔میٹنگ میں کرگل میں قائم ہندوستان پیٹرولیم کے بوٹلنگ پلانٹ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے علاوہ گیس کمپنیوں کی جانب سے خطہ میں رسوئی گیس کی دستیابی کا جائیزہ لیا گیا۔میٹنگ میں محکمہ خوراک و امور صارفین کی جانب سے کرگل اورلیہہ میں اشیاء خوردنی کی دستیابی کا بھی جائیزہ لیا گیا۔بوٹلنگ پلانٹ کے تعلق سے ہندوستان پیٹرولیم کے نمائندوں نے جانکاری دی کہ اس سلسلے میں تکنیکی سروے مکمل کیا گیا ہے تا ہم ایچ پی سی ایل کے چیئرمین کی منظوری آنا ابھی باقی ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ خطہ میں رسوئی گیس ، تال خاکی اور اشیاء خوردنی کی وافر مقدار دستیاب رکھی گئی ہے جو مئی2019 تک کے لئے کافی ہے۔میٹنگ میں تیل خاکی ڈپوؤں کی نجکاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین کونسل نے ہدایات دیں کہ اس سلسلے میں لیہہ کے طرز عمل پر ڈیلر شِپ فراہم کی جانی چاہئے۔کیجول ورکروں کی مستقلی کے تعلق سے محکمہ کے کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ ان تمام معاملات کو فائنانس محکمہ کو بھیجا جائے گا۔محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کرگل نے بتایا کہ جن37 ورکروں نے محکمہ میں دس سال مکمل کئے ہیں اُن کے معاملات کو پہلے ہی محکمہ خزانہ کو بھیجا گیا ہے جبکہ دیگر120 معاملات التواء میں پڑے ہیں۔محکمہ کے سسٹنٹ ڈائریکٹر لیہہ نے بتایا کہ لیہہ ضلع میں اس طرح کے صرف دو معاملات التواء میں پڑے ہیں۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ ٹھیکہ داروں اور مزدروں کی واجب الادا رقومات نظامت خوراک و امور صارفین کشمیر کی جانب سے واگذار کی گئی ہیں۔
’ فیصلہ سازوں کے ساتھ تخلیقی سوچ کا عمل ‘
ڈپٹی کمشنروں اور سرپنچوں کیلئے ورکشاپ زیرغور
جموں/ ڈائریکٹوریٹ آف رورل سنٹیشن ڈپٹی کمشنروں کے لئے’’ فیصلہ سازوں کے ساتھ تخلیقی سوچ کا عمل ‘‘کے موضوع پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کررہا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ ریاست کے سرپنچوں کے لئے ’’ ٹھوس ،رقیق وسائل کا انتظام ‘‘کے موضوع پر ایک تربیتی پروگرام کا بھی انعقاد کر رہا ہے ۔جموں صوبے کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے لئے مجوزہ ورکشاپ 8؍ فروری 2019ء کو پنچایت بھون ریل ہیڈ جموں جبکہ کشمیر صوبے کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے لئے یہ ورکشاپ 9؍ فروری 2019ء کو ایس کے آئی سی سی میں منعقد ہوگا۔اسی طرح جموں صوبے کے سرپنچوں کے لئے مجوزہ تربیتی پروگرام 6اور 7؍ فروری کو گورنمنٹ ڈگری کالج کٹھوعہ میں منعقد ہوگا جبکہ کشمیر صوبے کے سرپنچوں کیلئے یہ پروگرام 11اور 12؍ فروری کو شیخ العالم ہال بڈگام میں منعقد ہورہا ہے۔
جموں مہا اُتسو2019 ۔8فروری سے
سیکرٹری سیاحت نے انتظامات کو حتمی شکل دی
جموں//سیکرٹری سیاحت ریگزن سیمفل نے یہاں ایک میٹنگ کے دوران جموں مہا اُتسو2019 ، جو کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے8 سے10 فروری تک منعقد کیا جارہا ہے، کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی۔اس مہا اُتسو کا افتتاح ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک جموں یونیورسٹی کے جنرل زورآور سنگھ آڈیٹوریم میں کریں گے۔سیکرٹری سیاحت نے مہا اُتسو کے کامیاب انعقاد کے لئے متعلقہ محکموں کو محکمہ سیاحت کے ساتھ قریبی تال میل بنائے رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے اس میلے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ریگزن سیمفل نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر قدرتی خوبصورتی اور تہذیب و تمدن کے علاوہ فنکاری کے بیش قیمت خزانے سے مالا مال ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میلے کے انعقاد سے مُلک بھر کو ایک مثبت پیغام ملے گا اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کی آمد کا باعث بنے گا۔انہوں نے مقامی ٹور آپریٹروں ، ہوٹل مالکان اور ہاؤس بوٹ مالکان سے کہا کہ وہ اپنی تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اس میلے سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں۔اس میلے میں سیاحوں کی دلکشی کے لئے مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔میٹنگ میں ناظم سیاحت جموں او پی بھگت، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات نریش کمار اور دیگر کئی محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
کواپریٹو فیئر پرائس شاپ کا افتتاح
جموں//پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری نے یہاں سول سیکرٹریٹ کے احاطے میں کواپریٹو فیئر پرائس شاپ کا افتتاح کیا۔اس فیئر پرائس شاپ سے سول سیکرٹریٹ میں قائم دفاتر کی زور مرہ کی ضروریات پورا ہوں گی۔اس کے علاوہ یہ دوکان سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کی ضروریات بھی پورا کرے گی۔اس موقعہ پر سیکرٹری کواپریٹو عبدالمجید بٹ، رجسٹرار کواپریٹو ایم ایم رحمان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
کرشنن سکندن کا عوام کو معیاری خدمات فراہم کرنے پر زور
جموں/ گورنر کے مشیر کے ۔سکندن کے کہا ہے کہ مختلف سرکاری دفاتر کی جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات میں بہتری لانے کے لئے فائل منیجمنٹ نظام کو ڈیجیٹائز کیا جانا چاہیئے۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ سرکار ی دفاتر کے کام کاج میں نئی روح پھونکنے کے لئے فائل منیجمنٹ نظام کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ترتیب دیں۔مشیر موصوف نے ان باتوں کا اِظہار آج یہاں ایک میٹنگ کے دوران کیا جو ریاستی حکومت کی جانب سے اپنائے جارہے فائل منیجمنٹ نظام کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری بھیڑ و پشو پالن ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، سیکرٹری ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، ریلیف و باز آباد کاری فارو ق احمد شاہ ، سیکرٹری امور لداخ ریگزن سمفل ، سیکرٹری قانون اچھل سیٹھی ، سیکرٹری مال شاہد عنایت اللہ اور دیگر افسران موجود تھے۔مشیر نے کہا کہ حکومت لوگوں کے مسائل مؤثر طور حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔عوامی شکایات کا مناسب ریکارڈ رکھنے اور ان کے بروقت ازالے کے لئے ایک موزون لائحہ عمل اپنانے کے لئے کے ۔ سکندن نے ضلع سطح کی شکایتی سیلوں کو مزید موثر اور متحرک بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔مشیر نے فائل منیجمنٹ نظام میں بہتری لانے اور لوگوں کی شکایات کا مناسب ازالہ کرنے کے تعلق سے افسروں سے تجاویز طلب کیں۔انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ اس عمل میں مزید بہتری لانے کے لئے لگن اور تن دہی کے ساتھ کام کرتے ہوئے اپنا اثر و رسوخ بروئے کار لائیں۔
سریکلچر محکمہ کا جموں خطے میں دو لاکھ توت کے پودے لگانے کادعویٰ
جموں/ محکمہ ابریشم نے اس موسم کے دوران جموں خطے کے مختلف اضلاع میں 534000 پودوں کے ہدف کے مقابلے میں اب تک 221150توت کے پودے لگائے ہیں۔اس بات کی جانکاری محکمہ کے ڈائریکٹر گلزار احمد شبنم نے آج یہاں ایک میٹنگ کے دوران دی ۔ میٹنگ میں جموں صوبے کے ڈسٹرکٹ سریکلچر افسروں اور دیگر کئی محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں کے مختلف اضلاع میں شہری شجرکاری کے تحت 10800 پودے ، فارم شجرکاری کے تحت 75700اور ادارہ جاتی شجرکاری کے تحت 60150پودے لگائے جاچکے ہیں۔اسی طرح صوبے میں جاری شجرکاری مہم کے چلتے سٹرپ شجرکاری کے تحت 21000پودے اور دیہی ترقی محکمہ کے ایم جی نریگا پروگرام کے تحت 52000پودے لگائے گئے ہیں۔سری۔ ٹوراِزم کی نئی پہل کے تحت سدھرا میں واقع جموں ۔توی گالف کورس اور جگتی میں فوڈ کرافٹ انسٹی چیوٹ میں جدید طرز کے 1500آرائشی توت کے پودے لگائے گئے ہیں۔محکمہ کی جانب سے مون سون کے دوران کے بھی شجرکاری مہم جاری رکھی جائے گی اور اس دوران 30,000پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ صوبے میں قائم محکمہ کی 84 نرسریوں میں پودے لگانے کا عمل جاری ہے اور اب تک 1080000 چھوٹے پودے لگائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ ان نرسریوں میں تین لاکھ پودوں کی سیڈلنگ لگائی گئی ہے۔میٹنگ میں مزید بتایاگیا کہ یہ عمل اگلے ہفتے تک مکمل کیا جائے گا۔ڈائریکٹر سریکلچر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مقرر کئے گئے اہداف کو وقت مقررہ کے اندر حاصل کرنے کے لئے موثر اقدامات کریں۔انہوں نے اس عمل میں جدید ٹیکنالوجی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ شہری اور ادارہ جاتی توت کی شجرکاری پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔
جموں وکشمیر کے اینٹی گرافٹ قانون کے تعلق سے وضاحت
جموں/ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ( جی اے ڈی) نے جموں اینڈ کشمیر انسداد رشوت ستانی ایکٹ سموت 2006 کے بغیر دوسرے کسی ایکٹ کے تحت درج کئے جانے والے معاملا ت کی پیروی کو منظوری دینے کے تعلق سے اختیارات کے بارے میں ایک سرکیولر جاری کیا ہے۔سرکیولر کے مطابق جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ قانون و پارلیمانی امور محکمہ کے مشورے سے اس بات کی وضاحت کرتا ہے کہ انسداد رشوت ستانی ایکٹ سموت2006 کے تحت رجسٹر کئے جانے والے معاملات کی پیروی کے لئے جی اے ڈی مختار ہوگا۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے ’’ محکمہ داخلہ میں حکومت دیگر منسلک محکموں کے مشورے کے ساتھ انسداد رشوت ستانی ایکٹ سموت2006 کے بغیر کسی دوسرے ایکٹ کے تحت رجسٹر کئے گئے کیس کی پیروی کے لئے مختار ہوگا۔ ‘‘قابل ذکر ہے کہ انسداد رشوت ستانی ایکٹ سموت 2006 ( 1949ء) کی دفعہ 6کے تحت حاکم کو پہلے ہی یہ اجازت ملتی ہے کہ وہ اُن سرکاری ملازمین کے معاملات کی پیروی کریں جنہوں نے کوئی ایسا جرم کیا ہو جو اس ایکٹ کی رو سے قابل سز ا ہو۔