گورنر اپنے دفتر کاوقار برقرار رکھیں:پی ڈی پی
جموں//پی ڈی پی نے کہاہے کہ ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کو اپنے دفتر کے وقار کو برقرار رکھناچاہئے ۔ یہاں جاری ایک پریس بیان میں پارٹی کے سینئر لیڈر و ممبرقانون ساز کونسل فردوس ٹاک نے کہاکہ گورنر کو غیر سیاسی رہتے ہوئے اپنے دفتر کے وقار کو برقرار رکھناچاہئے ۔گورنر کے پی ڈی پی سے متعلق بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹاک نے کہاکہ موصوف ایک آئینی پوزیشن پر ہیں جو انہیں غیر سیاسی رہ کر جموں و کشمیر کی عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات کرنے کی ضمانت دیتی ہے ۔ان کاکہناتھا’’ہمیں عزت مآب گورنر کو یہ یاد دلاناچاہئے کہ ان کاکام اپنے دفتر کے وقار اور ریاست کے آئینی پیرامیٹرز کو برقراررکھناہے ‘‘۔ٹاک نے کہاکہ ریاستی گورنر کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں اور موجودہ صدارتی راج ریاست میں مستقل جمہوری ڈھانچہ نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ ریاستی عوام کو جمہوری حکومت منتخب کرنے کا حق حاصل ہے اور وہی کسی تنظیم یا قیادت کے بارے میں فیصلہ لینے کے مجاز ہیں۔ ٹاک کاکہناتھا’’موصوف کے بیانات سے لگتاہے کہ وہ ریاستی گورننس کے نگراں ہونے سے زیادہ ریاستی سیاست میں ایک متحرک رول ادا کررہے ہیں ،وہ خود زندگی بھر سیاستدان رہے ہیں اور انہوں نے مختلف سطحوں پر عوام کیلئے خدمات انجام دی ہیں لیکن اچانک سے سیاسی قیادت کے خلاف نفرت سے ان اصولوں کو نقصان پہنچے گاجن میں وہ رہ رہے ہیں‘‘۔ٹاک نے کہاکہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے پلوامہ کے نوجوان کی مبینہ طورپر فوج کی تحویل میں مار پیٹ پر دکھ کا اظہار کیا اور یہ ایساواقعہ ہے جس کا درد پوری ریاست کو محسوس کرناچاہئے ۔ٹاک نے کہاکہ فوج قانون سے بالاتر نہیں اور نہ ہی اسے قانون توڑنے کی اجازت دی جاسکتی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اس واقعہ پر تحقیقات کرواکر انصاف کو یقینی بنانے کے بجائے گورنر نے قابل اعتراض ریمارک دیاہے جو قابل مذمت ہے ۔ٹاک نے مزید کہاکہ ریاست کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرے اور وادی میں بڑھ رہے غم وغصہ سے سبق سیکھاجائے ۔
دانتوں کے علاج کیلئے طبی کیمپ منعقد
جموں //انڈین ڈینٹل ایسوسی ایشن کی جانب سے برٹیش انٹرنیشنل سکول میں دانتوں کی چیک اپ کیلئے کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔اس طبی کیمپ کے دوران مختلف کلاسوں کے طلباء کے دانتوں کا معائینہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو ادویات اور برش و پیسٹ بھی فراہم کی گئیں ۔اس کیمپ کے دوران ڈاکٹروں کی ایک ماہر ٹیم نے بچوں کو صحت و صفائی کے سلسلہ میں مختلف احتیاطی تدبیروں کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔اس طبی کیمپ میں جموں وکشمیر سٹیٹ ڈینٹل کونسل کے رکن ڈاکٹر بھوپیندر سنگھ کے علا وہ دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔طبی کیمپ کے دوران 200سے زائد طلباء کا طبی معائنہ کیا گیا ۔
نٹرنگ اداکار ’نیشنل سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ‘ سے سرفراز
جموں //نٹرنگ تھیٹر جموں سے وابستہ ادا کار انیل ٹیکو کو بہترین اداکاری کیلئے’نیشنل سنگیت ناٹک اکیڈمی ایورڈ ‘سے نوزا گیا ۔انیل ٹیکو ریاست جموں وکشمیر سے ایسے پہلے ادا کار ہیں جنہوں نے اس شعبہ میں مذکورہ ایوراڈ حاصل کیا ۔ان کو یہ ایورڈ راشٹرپتی بھون نئی دہلی میں منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران دیا گیا ۔انیل ٹیکو نے 1989میں نٹرنگ تھیٹر سے اپنے کام کا آغاز کیا جس کے بعدا نہوں نے مذکورہ تھیٹر میں متعد د ڈراموں میں اپنی خدمات پیش کیں جبکہ اس کے علا وہ ابھی تک انہوں نے 150سے زائد قومی و بین الا قوامی تھیٹر فیسٹیولوں میں شرکت بھی کی ہے ۔ اس کے علا وہ انہوں نے متعدد ورکشاپ میں بچوں کو تربیت فراہم کرنے کیساتھ ساتھ محکمہ تعلیم و دیگر تنظیموں میں بھی اپنی خدمات پیش کی ہیں ۔اس کامیابی پر نٹرنگ تھیڑ انتظامیہ نے انیل ٹیکو کو مبارکباد پیش کی ہے ۔
کٹھوعہ پولیس کاقتل کیس حل کر نے کا دعویٰ
حافظ قریشی
کٹھوعہ //کٹھوعہ پولیس نے حالیہ دنوں میں ہوئے قتل کیس کو حل کر تے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر نے کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق 3فروری کو پولیس اسٹیشن نگری میں پپو رام نامی ایک مقامی شخص نے ایک تحریر شکایت درج کرواتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے بھائی بیٹو رام کو نامعلوم افراد نے قتل کر کے لاش کو کھیت میں پھینک دیا ہے جس کے بعد پولیس نے ایک کیس زیر نمبر 38/2019 کرتے ہوئے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر مزید تحقیقات شروع کی۔اس دوران پولیس نے ایک مشکوک شخص جس کی شناخت منشی کمار کے طور پر ہوئی ہے، کو گرفتار کر کے پوچھ تاچھ کا عمل شروع کیا جس دوران ملزم نے دوران تحقیقات اقرار جرم کیا ۔پولیس نے اب قتل کے واقعہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
ادہم پور میں منشیات پر بیداری پروگرام
ادہم پور //ضلع ادہم پور کے گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول تکری میں منشیات کے غلط استعمال پر ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران طلباء کو منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔سکول پرنسپل کی قیادت میں منعقدہ مذکورہ پروگرام میں ایڈیشنل سپرانٹنڈنٹ آف پو لیس بطور مہمان خصوصی شامل ہوئیں ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی تبسم پروین نے کہاکہ طلباء کو چاہیے کہ وہ سماج میں سے اس لت کو باہر کرنے میں اپنا رول ادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ پولیس کی جانب سے منشیات کے اسمگلنگ میں مصروف افراد کیخلاف ایک کاروائی شروع کی گئی ہے جبکہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی بچوں کو اس طرح کے غیر قانونی کاموں میں ملوث ہو نے سے روکیں ۔اس دوران مذکورہ عنوان ہر ایک سیمینار کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں پانچ طلباء نے شرکت کر کے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
محکمہ زراعت کے عارضی ملازمین کی باڈی تشکیل
جموں //ڈائریکٹر ایگریکلچر اور دیگر دفتروں سے منسلک عارضی ملازمین کی طرف سے نئی باڈی تشکیل دے دی گئی ہے جس کا اصل مقصد عارضی ملازمین کی مشکلات اور مطالبات کر اجاگر کرنا ہے ۔اس سلسلہ میں عارضی ملازمین کا ایک اجلاس کرشی بھون جموں میں منعقد ہو جس کے دوران ان ملازمین نے ’ایگریکلچر ورکرز اینڈ کیجول لیبر یونین ‘نام سے نئی باڈی تشکیل دی ۔محکمہ کے عارضی ملازمین نے دویندر سنگھ کو نئی تشکیل شدہ باڈی کا صدر نامزد کیا گیاہے جبکہ ان کے علا وہ تلک راج ،چین سنگھ ،گینش داتہ ،اشونی کمار ،دلبیر سنگھ ،گیان چند ،اجے کمار ،بلبیر سنگھ کو بھی باڈی میں شامل کیا گیا ہے ۔
ٹریفک جام اوربڑھتے حادثات کی روک تھام
ریاست کو ہائی ٹیک سہولیات دستیاب ہوں گی
جموں//ریاست جموںو کشمیر کی حکومت ریاست کی سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کو روکنے کیلئے ہائی ٹیک ٹریفک کنٹرول اور سرولینس نظام قایم کرنے جا رہا ہے ۔ روڈ ایکشن ماسٹر پلان جو موٹر وہیکل اور ٹریفک محکمہ مشترکہ طور شروع کر رہا ہے ، کا مقصد سٹیٹ آف آرٹ ٹریفک کنٹرول نظام کو معرض وجود میں لانا ہے ۔ اس کے علاوہ انفورسمنٹ ایجنسیوں کی نقل و حرکت کو استحکام بخشنے اور مختلف سطحوں پر ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئے کار لانا ہے ۔ اس مقصد کیلئے روڈ فنڈ کے تحت ریاستی حکومت نے 8 کروڑ روپے واگذار کئے ہیں جو سپریم کورٹ کمیٹی کی ہدایات کے مطابق روڈ سیفٹی پر خرچ کئے جائیں گے ۔ اپیکس کورٹ کمیٹی نے ریاستوں میں لیپس نہ ہونے والے روڈ سیفٹی فنڈ کو قایم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ روڈ سیفٹی فنڈ سڑکوں کی حفاظت سے متعلق سکیموں ، پروگراموں ، پروجیکٹوں کو عملانے ، متعلقہ آلات کی خریداری اور نصب کرنے و دیگر ضروری چیزوں کیلئے مقرر کیا گیا ہے ۔ ان باتوں کی جانکاری روڈ سیفٹی فنڈ مینجمنٹ کمیٹی کی ایک میٹنگ میں دی گئی جس کی صدارت خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے کی ۔ میٹنگ میں ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، ٹرانسپورٹ کمشنر ایس پی وید ، آئی جی پی ٹریفک آلوک کمار اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں آٹھ کروڑ روپے کو خرچ کرنے سے متعلق کئی فیصلہ جات لئے گئے جن میں100 ہائی اینڈ کامبو موٹر بائیکس ، لفٹنگ کرینس و دیگر گاڑیوں کی خریداری شامل ہے ۔ ایم وی ڈی اور ٹریفک محکمے کی طرف سے استعمال کی جا رہی گاڑیوں میں اہم آلات نصب کئے جائیں گے جن میں سپیڈ ہنٹر ۔ تھرڈ + سپیڈ لیزر گن ، برتھ الکوہل انلائیزر ای چلاننگ مشین و دیگر آلات شامل ہیں ۔ ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکرٹری نے اس موقعہ پر محکمہ کی طرف سے روڈ ایکشن پلان سے متعلوق ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ آئی جی پی ٹریفک نے کہا کہ اُن کا محکمہ جدید شہروں کی خطوط پر انٹیلی جنٹ ٹریفک ریگولیشن نظام کے تحت ٹیکنالوجی عملا رہا ہے ۔ اس سے قبل نوین چودھری نے رقومات کے تصرف کے بارے میں تفصیلی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ گورنمنٹ ای مارکیٹ پلیس کے ذریعے خریداری عمل میں لائیں تا کہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے ۔
کے وجے کمار نے ایس ایف سی ڈپو سنجواں کا معائنہ کیا
جموں//گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے سنجواں میں قایم سٹیٹ فارسٹ کارپوریشن کے ٹمبر سٹور اور سیل ڈیپو کا دورہ کیا اور اس کی کارکردگی کا جائیزہ لیا ۔ جنگلات کے کمشنر سیکرٹری منوج کمار دویدی ، پی سی سی ایف جے اینڈ کے سریش چُگ ، ڈپٹی کمشنر جموں رومیش کمار ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایس ایف سی واسو یادو و دیگر متعلقہ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ مشیر موصوف نے ٹمبر اور سیل ڈیپو کا معائینہ کیا ۔ ایم ڈی جے کے ایس ایف سی نے انہیں ڈیپو میں دستیاب ٹمبر سٹاک کی تفصیلات پیش کیں ۔ انہیں ڈمپنگ اور لفٹنگ کے عمل کے بارے میں بھی اطلاع دی گئی ۔ بعد میں مشیر موصوف کو محکمہ جنگلات کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے کُل اراضی جس میں ڈیپو و دیگر سرگرمیاں جاری ہیں کی تفصیلات پیش کی گئیں ۔ متعلقہ افسروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ڈیپو میں ٹمبر کی قسموں کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے ٹمبر کو فروخت کرنے کیلئے منظورشدہ شرحوں و دیگر سرگرمیوں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ ڈیپو میں دیودار ، کیل اور فر قسموں کی ٹمبر موجود ہے ۔ اس موقعہ پر جنگلات اراضی پر ناجائیز قبضے کا معاملہ بھی زیر غور آیا جس کے تحت مشیر موصوف نے ڈپٹی کمشنر جموں کو ہدایت دی کہ وہ جنگلاتی اراضی سے ناجائیز قبضہ ہٹانے کیلئے ضروری اقدامات عمل میں لائیں ۔ ڈیپو میں کام کرنے والے مزدوروں سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر موصوف کو مزدوروں کے مشاہرات و دیگر معاملات بھی گوش گذار کئے گئے ۔ کے وجے کمار نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مطالبات پر غور کیا جائے گا ۔ انہوں نے جنگلات کے کمشنر سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ مزدوروں کی شکایات کا ازالہ کرنے کے اقدامات کریں ۔
ایس ٹی اے سی کی چوتھی میٹنگ منعقد
جموں//محکمہ دیہی ترقی اور پنچایتی راج کی سیکرٹری شیتل نندانے سوچھ بھارت مشن گرامین ( ایس ڈی ایم ۔ جی ) کے تحت گوبردھن /ایس ایل ڈبلیو ایم کیلئے تشکیل دی گئی چوتھی سٹیٹ ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف رورل سینی ٹیشن نے کیا تھا اور اس موقعہ پر ڈائریکٹر رورل سینی ٹیشن کے علاوہ مشن ڈائریکٹر ایس ڈی ایم ۔ جی اندو کنول چب موجود تھے ۔ ایس ٹی اے سی میٹنگ میں ریاست اور ریاست کے باہر سے آئے ہوئے 9 ایجنسیوں نے شرکت کی ۔ گوبردھن ریاست کے منتخب شدہ دیہات میں عملایا جائے گا اور اس سلسلے میں منتخب کی گئی ایجنسیوں کو یہ سکیم موثر طریقے پر عملانے کو یقینی بنانا ہو گا ۔ ایس ٹی اے سی کے نامزد ممبران میں محکمہ زراعت ، پشو پالن ، بھیڑ پالن ، سٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ ، میونسپل کارپوریشنز ، یونیورسٹی آف جموں ، ایس کے یو اے ایس ٹی جموں ، زیڈ ایس بی پیز کی نمائیندے شامل ہوں گے ۔ اس موقعہ پر دیہی ترقی کی سیکرٹری نے کہا کہ گوبردھن سکیم دیہی علاقوں میں روز گار کے نئے مواقعے معرض وجود میں لائے گی اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرے گی ۔
چیئرمین بی او پی ای ای گورنر سے ملاقی
جموں//چیئرمین جموں اینڈ کشمیر بورڈ آف پروفیشنل انٹرنس ایگزمنیشن( بی او پی ای ای) محمد اشرف بخاری نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔چیئرمین نے گورنر کو بورڈ کی کارکردگی، انٹرنس ٹسٹس کے انعقاد کے شیڈول اور مختلف انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروفیشنل کورسوں کے لئے اُمیدواروں کے داخلے کے عمل کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے امتحانات کے انعقاد میں اعلیٰ سطحی پیشہ وارانہ طریقہ کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے انٹرنس ٹسٹوں کے انعقاد میں تیزی لانے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے نئی ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی زور دیا۔
گنائی نے کے این ایس کے چیف ایڈیٹر سے تعزیت کا اِظہار کیا
جموں//گورنر کے صلاح کار خورشید احمد گنائی نے کشمیر نیوز سروس کے چیف ایڈیٹر محمد اسلم بٹ کے والد حاجی محمد سبحان بٹ کے اِنتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغا م میں صلاح کار نے محمد اسلم اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اِظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔حاجی محمد سبحان بٹ کا منگل وار کو ہندواڑہ میں اِنتقال ہوا تھا۔
سیکرٹری اور ناظم اطلاعات کا محمد اسلم کے ساتھ اظہار تعزیت
جموں//سیکرٹری اطلاعات سرمد حفیظ نے کشمیر نیوز سروس( کے این ایس) کے ایڈیٹر اِنچیف محمد اسلم بٹ کے والد حاجی محمد سبحان بٹ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں سرمد حفیظ نے غمزدہ کنبہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی ہے۔دریں اثنا ناظم اطلاعات طارق احمد زرگر نے بھی محمد اسلم کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔
باغبانی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیاجائے:سکندن
جموں//گورنر کے صلاح کار کے ،سکندن نے باغبانی اور پھولبانی شعبوں کو ضم کر کے باغبانی شعبے کو نئے خطوط پر استوار کرنے پر زور دیا ہے۔صلاح کار نے جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اِن خیالات کا اظہار کیا ۔اُنہوں نے صنعت و حرفت اور دیگر منسلک محکمہ جات کے بجٹ تخمینہ جات ، موجودہ مالی صورتحال ، اہداف اور حصولیابیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت شالین کابرا ، ڈائریکٹر صنعت و حرفت جموں انو ملہوترہ ، سپیشل سیکرٹری انڈسٹریز ، سی ای او کے وی آئی بی ، مختلف محکموں کے سربراہاں اور دیگر عہدہ داروں نے شرکت کی۔
وِجے کمار 7؍ فروری کوجموںمیں عوامی شکایات سنیں گے
جموں//گورنر کے صلاح کار کے ۔وِجے کمار 7؍ فروری جمعرات کو جموں میں ہفتہ وار عوامی دربار میں عوام کے مطالبات سنیں گے ۔عوامی دربار میں شرکت کے خواہشمند عوامی وفود ، تنظیمیں اور افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ مذکورہ تاریخ پر کنونشن سینٹرجموں میں اپنی شکایات مشیر موصوف کے سامنے پیش کریں اور اپنی شکایات صبح 10بجے سے دوپہر ساڑھے 12بجے تک درج کراسکتے ہیں۔
روڈ سیفٹی سے متعلق ایپلی کیشن شروع
جموں//پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون اور ٹرانسپور ٹ کمشنر ڈاکٹر ایس پی وید نے جے رائیڈ سیف ایپ کی شروعات کی ۔اس ایپ کی بدولت شہریوں کو روڈ سیفٹی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقعہ پر ڈاکٹر سامون نے عام لوگوں کو ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی تلقین کی تاکہ اُن کا سفر آسان اور پُر تحفظ بن سکے۔اُنہوں نے کہا کہ اس ایپ کی بدولت اوور لوڈنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جیسے امور سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ اس ایپ کی بدولت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق بروقت جانکاری ملے گی۔ڈاکٹر وید نے کہا کہ ایپ کی بدولت خطرناک صورتحال سے بچنے میں مددملے گی اور ٹریفک قوانین کی موثر عمل آوری میں بھی مدد ملے گی ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ایپ کی بدولت مسافر گاڑیوں میں لاپروائی برتنے اور متعلقہ اہلکاروں کی طرف سے بروقت کارروائی یقینی بنے گی اور بروقت کارروائی کے لئے موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ کوجانکاری فراہم کی جائے گی۔آئی جی ٹریفک آلوک کمار ، ضلع ترقیاتی کمشنراں اور دیگر سینئر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔