مسروقہ موٹر سائیکل برآمد، سارق گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن // رام بن پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو کیلہ موڑ سے ایک موٹر سائیکل چور کر چوری کئے ہوئے موٹر سائیکل کے ہمراہ گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس بیان کے مطابق ایس ایچ او رام بن انسپکٹر وجے کوتوال کی قیادت میںپولیس کی ایک گشتی پارٹی نے کو جموںسرینگر شاہراہ پر کیلہ موڑ کے مقام پر ایک مشتبہ شخض کو موٹر سائیکل سمیت دیکھا،پولیس پارٹی نے اُسے روکنے کا اشارہ کیا۔مذکورہ شخض نے اپنی پہچان بتانے کے بجائے موقعہ پر ہی بائیک کو چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی،تاہم پولیس اہلکاروں نے اسکا تعاقب کیا اور اسکو حراست میں لیا۔پوچھ تاچھ پر اس نے میترا سے موٹر سائیکل چوری کرنے کا اعتراف کیا ۔پولیس نے اسکے قبضہ سے چابیوںکا ایک گُچھا بھی برآمد کیا۔ بائیک چورکی پہچان بطور مدثر احمد ولد شمس دین ساکنہ فالٹی،رام بن کے طور پر کی گئی ہے ۔ اسکے انکشاف پر پولیس نے اُسکے دیگر دو ساتھیوں کو بھی پولیس اسٹیشن تحقیقات کیلئے لایا ہے۔ ریاض احمد ساکن میترا کی زیر نمبر JK02B-6376چوری کی ہوئی موٹر بائیک پولیس اسٹیشن رام بن میں رکھی گئی ہے ۔
منشیات سمیت ایک گرفتار
ریاسی //ریاسی پولیس کی جانب سے پولیس اسٹشین ارناس کے نرلو کے مقام پر ایک ناکہ لگایا گیا اور ایک شخض کو گرفتار کیا ۔ گرفتار شخض کی پہچان طاہر حسین ولد جمال دین ساکنہ مٹلوٹ تحصیل ٹھورو کے بطور بیان کی گئی ہے۔پولیس نے اسکی تلاشی کے بعد چٹا (smack) برآمد کیا ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 7/2019 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
امن ٹھاکر کی موت پراظہار تعزیت
کشتواڑ//جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر و سابق ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی نے گزشتہ روز کولگام میں ہوئے انکاؤنٹر میں وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ڈی ایس پی امن ٹھاکر کی موت پر اظہار تعزیت کیا۔ موصوف نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ امن ٹھاکر کو یاد رکھا جائے گا ۔سروری نے سوگوار کنبے کے ساتھ اظہار تعزیت کیا. علاوہ ازیں سروڑی نے کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے ببلو احمد کچلو، راج دین ولد قاسم دین ساکنہ ملوان سرتھل ، غلام احمد شیخ ولد عبدالرشید شیخ ساکنہ ناگنی گڑھ کیشوان کے انتقال پر مرحومین کے سوگوار کنبوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔دریں اثنا پی ڈی پی ضلع صدر ڈوڈہ شہاب الحق نے بھی ڈی ایس پی امن ٹھاکر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے ٹھاکر کو ضلع کا ایک بہادر افسر قرار دیا جنھوں نے کلگام میں ایک تصادم میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ لڑتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کولگام میں ایک انکائونٹر کے دوران ڈوڈہ کے اثر علاقہ سے تعلق رکھنے والے امن ٹھاکر نے وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔