درماندہ مسافروں کیلئے فوج نے امداد فراہم کی
جموں //فوج نے جموں کے بٹھنڈی علا قہ میں درماندہ مسافروں کیلئے لگائے گئے ریلیف کیمپ میں بنیادی سہولیات فراہم کیں ۔فوج کے ٹائیگر ڈویژن کی جانب سے بٹھنڈی مکہ مسجد کے پاس ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران درماندہ مسافروں کو ضروری اشیاء فراہم کی گئیں ۔یاد رہے کہ پلوامہ فدائین حملے کے بعد جموں میں پیدا شدہ حالات اور جموں و سرینگر قومی شاہراہ بند ہو نے کی وجہ سے درماندہ ہوئے مسافروں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بٹھنڈی کی مکہ مسجد میں مقامی لوگوں نے آپسی اشتراک سے ریلیف کیمپ کا اہتمام کیا جس کے دوران انہوں نے مسافروں کو رہائش کے علا وہ کھانے پینے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔اسی دوران فوج نے جموں کے دیگر علا قوں کے ساتھ ساتھ درماندہ مسافروں کو مکہ مسجد کے قریب لگائے گئے کیمپ میں کھانے پینے کی سہولیات فراہم کرنے کے علا وہ ان کو سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کی ۔
گوجر بکروال اصلاحی کمیٹی کے زیر اہتمام دعائیہ مجلس
جموں //گوجر بکروال اصلاحی کمیٹی کی جانب سے مرحوم چوہدری اختر حسین کیلئے دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا ۔اس مجلس میں گوجر بکروال اصلاحی کمیٹی کے اراکین کے علا قہ مذکورہ طبقہ کے متعدد لیڈران نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر اراکین نے مرحوم کے حالات زندگی کے علا وہ ان کی جانب سے طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔اراکین نے کہاکہ مرحوم چوہدری اختر حسین گوجر بکروال بستیوں کو مسمار کرنے اور ان بستیوں میں رہائش پذیر افراد زد کو ب کئے جانے کیلئے ہمیشہ فکر مند رہتے تھے جبکہ اس سلسلہ میں انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو آپسی یکجہتی کیساتھ رہنے کی تلقین کی ۔تنظیم کے صدر حاجی امیر الدین کسانہ نے مرحوم کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے طبقہ کی بہترین اور ان کیساتھ کی جانے والی نا انصافیوں کے سلسلہ میں ہمیشہ اپنی آواز بلند کی ۔موصوف نے کہاکہ مرحوم ریلوے اسٹیشن کے نزدیک مسجد میں ایک مدرسہ چلاتے تھے اوران کی علمی و ادبی خدمات بھی ناقابل فرامو ش ہیں۔اجلاس کے دوران مرحوم کیلئے دعا مغفرت کی گئی ۔اس مجلس میں ماسٹر ہاشم علی ،حاجی منشی خان ،حاجی محمد حسین ،پروفیسر شیخ محمد امین ،ڈاکٹر نور احمد ،مولانا شاہ محمد،مولانامشتاق احمد ومرحوم کے فرزند چوہدری ندیم کھٹانہ ودیگران بھی موجود تھے ۔