بالاکوٹ میں لاکھوں روپے صرف کرنے کے باوجود بنکرکی تعمیرنامکمل اورحالت ناگفتہ بہ
سرحدی گولہ باری کے دوران پناہ لینے کیلئے پہنچے لوگوں کومایوسی کاسامناکرناپڑا
جاویداقبال
مینڈھر//بالاکوٹ علاقہ میں پولیس چوکی کے قریب تعمیرکیے جارہے بنکرکی ادھوری تعمیر اوراس کی ناگفتہ بہ حالت کی وجہ سے گزشتہ روزاسے پناہ لینے کے قابل نہ پائے جانے پرمعززین نے تشویش اوربرہمی کااظہارکیاہے۔ اس سلسلہ میں بالاکوٹ کے معززین بشمول وسیم قریشی،لیاقت حسین،محمدشفیق خان، رشید ہ بیگم ،جمیلہ بیگم وغیرہ نے مشترکہ پریس بیان میںکہا کہ گذشتہ روز جب حدمتارکہ پرزوردار فائرنگ اور گولہ باری ہورہی تھی تو لوگوں نے بنکر کے اندر پناہ لینے کی کوشش کی لیکن بنکر کی ناگفتہ بہ حالت دیکھ کرانہیں مایوسی ہوئی اور لوگ دیکھ کر ششدر رہ گئے کہ متعلقہ محکمہ کی وساطت سے حکومت کے لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجودبنکر پناہ لینے کے قابل نہیں ہے اورعوام کیلئے بے سود ثابت ہوا ۔مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے بالاکوٹ پولیس چوکی کے قریب ایک بنکر کی تعمیر کروائی جارہی تھی جسے متعلقہ محکمہ نے لنٹر ڈالنے کے بعد ادھورا چھوڑ دیا تھااورضرور ت پڑنے پرنامکمل بنکر عوام کے کسی کام نہ آسکا۔لوگوں نے کہاکہ لینٹرڈالنے کے بعدتعمیرکاکام روکناعوام کے ساتھ کھلواڑکے مترادف ہے۔ بالاکوٹ کے لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ دو سال گزرنے کے باوجود بنکرکی تعمیرنہ ہونے کانوٹس لے کرمتعلقہ محکمہ اورٹھیکیدارکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔اس سلسلہ میں جب بی ڈی او بالاکوٹ سے رابطہ قائم کیاگیاتو ان کا کہنا تھا کہ میں نے دوروز قبل ہی چارج سنبھالا ہے اورمزیدکہاکہ میں موقعے پر جا کر حالات کا جائزہ لوں گا اوروجہ معلوم کروں گاکہ بنکرکی تعمیرنامکمل کیوں ہے؟۔
سول آبادی کوتحفظ فراہم کرنے کی اپیل
مینڈھر//پردیش کانگریس کمیٹی کے رکن چوہدری عمران ظفرنے ہندوستانی ائیر فورس کی پاکستان میں گھس کرحملہ کرنے کی ستائش کرتے ہوئے ہندوپاک قیادت پردونوں ممالک کی آبادی کومحفوظ بنانے پرزوردیاہے۔یہاں جاری پریس بیان میں پی سی سی ممبر عمران ظفرنے کہاکہ سرحدوں پرتنائواورریاست کے نامساعدحالات کے پیش نظرعوام کوآپسی بھائی چارے قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام سے اپیل کی کہ وہ امن کوفروغ دیں اورشرپسندعناصرکے منصوبوں کوناکام بنائیں۔انہوں نے چندروزپہلے مینڈھرمیں رونماہوئی آتشزدگی واردات کی شدیدالفاظ میں مذمت کی اوراسے شرپسندوں کی مینڈھرکے خرمن امن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش سے تعبیرکیا۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کی کہ آتشزدگی کی وجہ سے جن لوگوں کی املاک کونقصان پہنچاہے انہیں فوری طورپرمعاوضہ دیاجائے۔عمران ظفرنے ہندوستان فوج کی سول آبادی کومحفوظ بنانے کیلئے ہرممکن کوششوں کوسراہا۔انہوں نے کہاکہ سرحدی جنگ کی صورت میں کسی بھی ملک کوسول آبادی کونشانہ بنانے سے گریزکرناچاہیئے ۔انہوں نے ریاستی پولیس سربراہ سے رات کے وقت پولیس کوپولیس کی گشت میں اضافہ کرنے پرزوردیا۔انہوں نے ضلع میں امن وامان بحال رکھنے کیلئے انتظامیہ کی کاوشوں کوبھی سراہا۔
بالہامہ کے آتشزدگان کو امدادی چکیں فراہم
سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے بالہامہ ملہ پھاک کے آتشزدگان میں آج ترقیاتی کمشنر کے دفترمیں 20ہزار روپے کے امدادی چیک فراہم کئے۔اس موقعہ پر دوآتشزدگان میں دس دس ہزار روپے کی ریلیف تقسیم کی گئی۔آتشزدگان کو ڈسٹرکٹ ریڈکراس فنڈ کے تحت امداد فراہم کی گئی ۔اس کے علاوہ انہیں کمبل،کچن کا سامان اوربیڈنگ بھی فراہم کی گئی۔
سیدالطاف حسین بخاری
بختیار حسین
سرنکوٹ// محکمہ تعلیم میں 35سال فرائض منصبی انجام دے کر سید الطاف حسین شاہ بخاری 28 فروری کوسبکدوش ہورہے ہیں۔موصوف کی سبکدوشی کے سلسلے میں مرہوٹ کے مڈل سکول جبڑمیںالوداعیہ کااہتمام کیاگیا۔اس موقعہ پرمقررین نے سیدالطاف حسین شاہ کی محکمہ تعلیم کیلئے انجام دی گئی خدمات کوسراہا۔انہوں نے بتایاکہ موصوف نے 1984 میں استاد کے طورپرمحکمہ تعلیم کوجوائن کیا،اور 1992 ماسٹر گریڈ اور2007 میں ہیڈ ماسٹر بنے۔بعدازاں 2012 میں زونل ایجوکیشن آفیسر بفلیازرہنے کے علاوہ مختلف مقامات پرخدمات انجام دیں۔مقررین نے سیدالطاف حسین شاہ کوایک قابل استاد قراردیا۔ سید الطاف حسین شاہ بخاری نے کہا کہ میں محکمہ تعلیم کے تمام ملازمین کا شکر گذار ہوں جو میرے ساتھ شانہ بشانہ چلے۔ اور میں خاص طور پر مڈل سکول مرہوٹ کے ہیڈ ماسٹر کرامت حسین اور ان ملازمین کا شکریہ اداکرتاہوں نے جنھوں نے مجھے عزت بخشی ۔اس دوران تقریب میںحال ہی میں تعینات ہوئے زونل ایجوکیشن آفیسر سرنکوٹ غلام محمد ،نائب تحصیلدار مرہوٹ اختر عباس علی ،ہاڑی لور لفٹ کے سرپنچ سکندر نورانی ،ماسٹر جہانگیر احمد ،ماسٹر غلام احمد ،ماسٹر جاوید حسین ،ماسٹر مختارحسین شاہ ،ماسٹر جاوید احمد ودیگران موجودتھے۔اس دوران نظامت کے فرائض قاضی انعام الحق نے انجام دیئے۔
بنکروں کی تعمیرمیں سست روی پراظہارتشویش
جاوید اقبال
مینڈھر//سائی ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے بالاکوٹ مینڈھر میں سرحدی مکینوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تعمیرکیے جارہے بنکروں کے تعمیری کام کی سست روی پرتشویش کا اظہارکیاہے۔انہوں نے کہاکہ مینڈھر کے سرحدی علاقوں میں آئے روزگولہ باری ہوتی ہے جس کی وجہ سے سرحدکے قریب رہنے والے لوگوں کومشکلات جھیلناپڑتی ہیں اور نامساعدحالات میں لوگوں کوایمبولیس گاڑی کی سہولیات بھی میسرنہیں ہوتی ہیں ۔شہزادملک نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ سرحدی آبادی کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے بنکروں کی تعمیرکے کام میں سرعت لانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔
کاروباری انجمنوں کے نمائندوں کی میٹنگ
ڈی سی بارہموہ نے اشیائے ضروریہ کی دستیابی کاجائزہ لیا
بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر جی این ایتو کی صدارت میں آج بارہمولہ قصبے کی تاجر ا نجمنوں کے نمائندوں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران موجودہ صورتحال کے تناظرمیں ،جس سے وادی میں معمول کی زندگی متاثر ہوگئی ہے،اشیأ ضروریہ کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر قصبے میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ کاروباری انجمنوں نے ترقیاتی کمشنر کو اشیائے ضروریہ کی سپلائی اور سٹاک پوزیشن کے بارے میں جانکاری دی۔اس دوران ترقیاتی کمشنر کو یہ جانکاری دی گئی کہ کئی اشیأ کا اگرچہ محدود سٹاک موجود ہے تاہم ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ اس کمی کو عنقریب ہی پورا کیاجائے گا۔
شوپیان میں چنائو عملے کے لئے تربیتی پروگرام کا انعقاد
شوپیان//آنے والے چنائو کے پیش نظر منی سیکریٹریٹ آرہامہ شوپیان میں آج ضلع چنائو آفیسر ڈاکٹر اویس احمد کے نگرانی میں چنائو عملے کے تربیت دی گئی۔اے ایل ایم ٹیز نے تربیتی پروگرام کا اہتما م کیا۔تربیتی پروگرام کے دوران 600پولنگ عملے کو ای وی ایمز،وی وی پی اے ٹیز کے استعمال کے بارے میں تربیت فراہم کی گئی تاکہ چنائو عمل کا احسن اورخوش اسلوبی سے انعقاد یقینی بن سکے۔اس دوران انہیں اُن کے فرائض کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔تربیتی پروگرام کا انعقاد وچی اورشوپیان اسمبلی حلقوں کے لئے کیا گیا۔
ڈاکٹر زبیر نے اے آر ٹی اوکولگام کا چارج سنبھالا
کولگام//ڈاکٹر محمد زبیر لُٹو نے آج اے آر ٹی اوکولگام کا چارج سنبھالا ۔اس موقعہ پر محکمے کے ملازمین اورآفیسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر زبیر نے کہا کہ ہمارا محکمہ ٹرانسپورٹ خدمات میں بہتری لانے اور کورپشن کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے وعدہ بند ہے۔انہوں نے ڈیجٹل ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت دی تاکہ نظام اورخدمات کی فراہمی میں مکمل شفافیت یقینی بن سکے۔انہوںنے آفیسران پر زوردیا کہ وہ شہریوں کو آن لائین موڈ کے تحت شہریوں کو مختلف نوعیت کی خدمات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل کا استعمال کریں۔بعد میں ڈاکٹر زبیر نے آفس کمپلیکس کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
12اپریل تک پتوشاہی گرڈ اسٹیشن چالو کرنے کی ہدایت
بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شہباز احمد مرزا نے آج بانڈی پورہ بادام پورہ ٹرانسمیشن لائین کا کام ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ پتوشاہی گرڈ اسٹیشن چالو کیاجاسکے۔انہوںنے ان باتوں کا اظہار آج ضلع میں بجلی کی صورتحال کاجائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ میں اے ڈی سی،اے سی آر،جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ،پاور ڈیپارٹمنٹ کے انجینئران اوردیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے محکمہ کے آفیسران پر ٹائوروں کی تعمیر،اورباقی ٹاوروں کو کھڑاکرنے کے دوران بہتر معیار قائم رکھنے کی ہدایت دی۔انہوںنے تاخیر کی وجہ سے عام لوگوں کو درپیش دقتوں پر افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ گرڈ اسٹیشن کو چالو کرنے سے ضلع میں بجلی کی کمی پر قابو پایاجاسکتا ہے۔اس دوران بتایا گیا کہ 111ٹاوروں میںسے99ٹاور کھڑاکئے گئے ہیں جب کہ 10ٹاوروںکے لئے بنیادوں کی تعمیر کا کام مکمل کیاجاچکا ہے۔
ڈی سی اننت ناگ نے مختلف محکموں کے کام کاج کاجائزہ لیا
شوپیان //ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ خالد جہانگیر نے آج آفیسران کی ایک میٹنگ میں ضلع کمپلیکس بجٹ2018-19ء کے تحت آر اینڈ بی،جے کے پی سی سی اینڈ یو ای ای ڈی کی طبعی اور مالی حصولیابیوںکے علاوہ مختلف فلیگ شِپ پروگراموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں جے ڈی پلاننگ ،ایگزیکٹیو انجینئران آر اینڈ بی ڈویژنز،ڈی جی ایم ،جے کے پی سی سی اینڈ اے ای ای،یو ای ای ڈی بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے سیکٹر سطح پر پروجیکٹوں،فلیگ شِپ پروگراموں،سی آر ایف،نبارڈ اورمرکزی معاونت والی سکیموں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔میٹنگ میں بتایا گیا ضلع میں 2018-19ء کے کیپکس بجٹ کے تحت 199.5کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔اس میں سے دستیاب168.06کروڑ روپے میں جنوری2019ء کے آخری تک 131کروڑ روپے بروئے کار لائے گئے ہیں۔میٹنگ کے دوران مختلف سکیموں اورپروگراموں کی عمل آوری کے علاوہ مالی سال کے دوران حصولیابیوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔