حضرت بلبل شاہ صاحبؒ کا عرس
بلبل لنکر نوا کدل میں روح پرور مجلس آراستہ
سرینگر// بلند پایہ ولی کامل حضرت سید عبدالرحمان قلندر المعروف بلبل شاہ صاحبؒ کے عرس کی اختتامی تقریب پر کل اُن کے آستان عالیہ واقع بلبل لنکر نوا کدل میں صبح صادق ہی ایک روح پرور مجلس کا انعقاد ہوا، جس میں درود ازکار ، ختمات المعظمات اور مولود خوانی کی مجالس آراستہ ہوئیں ۔کل ہی حاجی پیر حاجی محمد قاری صاحبؒ کا بھی عرس منایا گیا، جہاں حسب قدیم مولود خوانی، خطمات المعظمات اور درود و ازکار کی مجالس کا انعقاد ہوا۔ مولانا شوکت حسین کینگ، مولوی خورشید احمد قانونگو اور الحاج پیرزادہ مولوی عبدلاحق نے اس مجالس کی پیشوائی کی۔اس موقعے پر جمعیت کے حاجی فاروق احمد گانی اور میر غلام محمد ساقی بھی موجو دتھے۔
اولڈ زیرو برج راجباغ کی آبادی
بجلی کی آنکھ مچولی سے پریشان
سرینگر //نمائندہ عظمیٰ //اولڈ زیرو بریج راجباغ کی آبادی نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ نے انہیں اندھیرے میں رکھا ہوا ہے اور علاقے میں شیڈول کے مطابق بھی بجلی فراہم نہیں ہو رہی ہے ۔ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فیڈر نمبر چار کے تحت آنے والی اولڈ زیرو بریج راجباغ کی بستی پچھلے کچھ عرصے سے بجلی کی آنکھ مچولی سے مشکلات کا سامنا کر رہی ہے ۔وفد کا الزام تھا کہ اُن کے حصے کی بجلی کاٹ کر اثر ورسوخ والے لوگوں کو فراہم کی جاتی ہے ۔وفد نے بتایا کہ مسجد ابو ہریرہ بھی بجلی سپلائی سے محروم رہتی ہے ۔نصیر احمد نامی ایک وفد نے مزید بتایا کہ اگر میٹر یافتہ علاقوں میں 6گھنٹے بجلی بند رکھنے کا اعلان ہوا تھا لیکن اُس علاقے میں 6گھنٹے کے بجائے 8 سے 9گھنٹے بجلی کاٹ دی جاتی ہے ۔لوگوںنے گورنر ستیہ پال ملک اور محکمہ بجلی کے چیف انجینئر قاضی حشمت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اُس کی طرف دھیان دے کر لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کریں ۔
نوگام میں سنسنی
کمسن لڑکے پر تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ
سرینگر// نوگام کے پہرو علاقے میں جمعہ کی رات قریب نو بجے نامعلوم افراد نے ایک کمسن لڑکے پر تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کرکے اس کو زخمی کیاہے جس کے باعث علاقہ میں خوف ودہشت کی لہردوڑ گئی ہے۔ پولیس کے مطابق زخمی لڑکے کی شناخت سمیع فیاض ولد فیاض احمد ساکن گنگی پورہ نوگام کے بطور ہوئی ہے۔ سمیع کو زخمی حالت میں مقامی لوگوں کی مدد سے علاج ومعالجے کے لئے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پارمپورہ میں ٹاٹا موبائیل کی زد میں آکر راہ گیر ہلاک
لاش کی پہچان کیلئے لوگوں سے تعاون طلب
سرینگر //14مارچ کو پولیس اسٹیشن پارمپورہ کو اطلاع موصول ہوئی کہ انصاری ٹویٹا پارمپورہ کے نزدیک ایک نامعلوم ٹاٹا موبائیل نے راہ چلتے شخص کو ٹکر ماردی اگر چہ اْس کو علاج ومعالجہ کی خاطر جے وی سی اسپتال منتقل کیاگیا تاہم وہ وہاں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آڑ زیر نمبر 79/2019کے تحت معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ عدم شناخت نعش کو فی الحال پی سی آر کشمیر کے مردہ خانے میں پہچان کی خاطر رکھا گیا ہے۔ اگر کسی کو مذکورہ شخص کے بارے میں کوئی جانکاری ہو تو وہ پولیس اسٹیشن پارمپورہ یا ٹول فری نمبر100پر بھی رابط قائم کرسکتا ہے۔