گورنراور اُن کے مشیروں کی نوروز اور ہولی پر لوگوں کو تہنیت
نیوز ڈیسک
جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے ہولی کے موقعہ پر عوام کو مبارک باددی ہے۔اپنے پیغام میں گورنر نے کہا ہے کہ تہواروں کو منانا ہماری گوناگوں ثقافت کا ایک اہم حصہ ہے اور ان کی بدولت آپسی بھائی اور اخوت کے رشتوں کو مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔اُنہوں نے اُمیدظاہرکی ہے کہ ہولی ہم سب کے لئے ترقی اور خوشحالی کی ایک نوید لے کر آئے۔گورنر نے اس موقعہ پر ریاستی عوام کی خوشحالی کے بقا کے لئے دعا کی ہے۔دریں اثنائگورنر ستیہ پال ملک نے نوروز کے موقعہ پر عوام کو مبارک باد دی ہے۔اسے عالمی شجرکاری کے طور پر بھی منایا جانتاہے ۔گورنر کے اپنے مبارکبادی کے پیغام میں کہا ہے کہ اِس تہوار کو ریاست کی ثقافتی اور مذہبی گوناگونیت میں ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے اور اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم میں حصہ لیں تاکہ ماحولیاتی توازن کو تحفظ حاصل ہوسکے۔دریں اثناء گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی ، کے کے شرما اورکے۔ وجے کمارنے نوروز اور ہولی کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارک باد دی ہے۔اپنے پیغامات میں مشیروں نے کہا ہے کہ یہ تہوار ملک کے گوناگوں ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوںنے ہولی کے موقعہ پر عوام کو مبارک باد دی ہے ۔ہولی تہنیتی پیغامات میں مشیروں نے کہا کہ رنگوں کا یہ تہوار گونا گوں ثقافتی اور تہذیتی ورثے کا عکاس ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ دن ریاست کے لئے امن ، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔انہوں نے نوروز جسے عالمی شجرکاری دِن کے طور پر بھی منایا جاتا ہے کے موقعہ پر عوام کو مبارک باد دی ہے۔
نیشنل پنتھرس پارٹی جموں وکشمیر کی تمام لوک سبھا سیٹوں پر الیکشن لڑے گی
نیوز ڈیسک
جموں//جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ نے بدھ کو جموں پریس کلب میںایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جموں وکشمیر ریاست نہایت خراب حالت سے گزر رہی ہے خاص طورپر 1990سے اور یہ ریکارڈ سے واضح طورپر عیاں ہے۔ جموں وکشمیر آج بین الاقوامی پلیٹ فارم کے ساتھ ساتھ بڑے سیاسی ، سماجی بحران سے گزر رہا ہے اور ایسا اس لئے ہے کہ ریاست کی سابقہ حکمراں جماعتیں نیشنل کانفرنس، کانگریس ، پی ڈی پی اور بی جے پی اپنے مفا د کی خاطر ریاست کو لوٹتی رہیں اور جموں وکشمیر او رلداخ کے لوگوں کا استحصال کرتی رہی ہیں۔پنتھرس سربراہ پروفیسربھیم سنگھ نے کہاکہ آج جموں وکشمیر ریاست ملک کی تمام قوم پرست طاقتوں کی توجہ کی حقدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ اسمبلی انتخابات کرانے کو ایک خفیہ سازش اور تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساز باز کرکے ٹالا گیا ہے تاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پنتھرس پارٹی کو لوک سبھا انتخابات سے دور رکھنے کے لئے دہلی اور سری نگر سے مختلف طریقہ سے دباو ڈالا گیا لیکن آخر میں پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے یوم تاسیس یعنی 23مار چ کو اپنی آئندہ حکمت عملی اور ووٹ کے ذریعہ انقلابی پلان کے ساتھ سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی جموں وکشمیر اور لداخ کی تمام چھ لوک سبھا سیٹوں کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان23, 24,25 اور 26مارچ کو کرے گی۔پریس کانفرنس میں موجود اہم لیڈروں میں پی کے گنجو ، انیتا ٹھا کر، شنکر سنگھ چب ، نیرج گپتا ، نریش چب اور سردار زوراور سنگھ شامل تھے۔پنتھرس سربراہ نے آخر میں کہا کہ ہم جلد ہی تمام رکاوٹوں کو پار کرتے ہوئے ہر گھر تک انصاف پہنچانے کے مقصد میں کامیاب ہوں گے۔ وہ دن بہت جلد آئے گا جب ریاست کی تشکیل نو ہوگی اور جموں وکشمیر کے ہر شخص کو بنیادی حقوق ملیں گے۔
ہولی کے پیش نظر ٹریفک ایڈوائزری جاری
نیوز ڈیسک
جموں // ٹریفک پولیس رورل جموں کی جانب سے ہولی کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں جاری ایک پریس بیان کے مطابق دوپہیہ والوں سے سٹنٹ کرنے سے اجتناب کرنے ،گاڑیوں کی چھتوں پر اور کھڑکیوں پر آویزان ہونے سے اجتناب کرنے، سڑکوں پر جا رہی گاڑیوں پر رنگدار /پانی کے برے ہوئے غبارے نہ پھینکیں،دو پہیہ سواروں سے اپنے تحفُظ کیلئے ہیلمٹ پہننے اور تیسری سواری بٹھانے سے اجتناب کرنے، شراب پی کر گاڑی چلانے اور موبائیل فون کا استعمال کرنے سے اجتناب کرنے،ایمبولنسز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو راستہ دینے،قومی شاہراہ پر غلط پارکنگ کرنے سے اجتناب، گاڑیوں کی نقل و حرکت میں روکاوٹ سے بچنے کیلئے سڑکوں پر گاڑیوں کی پارکنگ کرنے سے اجتناب کرنے اور اپنی گاڑیوں کو سڑکوں اور مشغول بازار میں چھوڑ کر چلے جانے سے اجتناب ،لیں ڈرائیونگ پر عمل کریں اور ایک ہی لین میں چلنے کی ہدایت دی۔بیان میں دیگرگاڑیوں کو پار کرنے کے بعد اپنی باری پر سڑک پار کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایڈوائزری کی خلاف روزی کرنے والوں کے خلاف موٹر وہیکلز ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے گی۔
مصطفی کمال کا بانہال کی8کلو میٹر ٹنل کو عوام کو وقف کرنے کی اپیل
نیوز ڈیسک
جموں //نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری شیخ مُصطفیٰ کمال نے ریاستی سرکار سے جموں سرینگر شاہراہ پر بانہال کی 8کلو میٹر ٹنل کو عوام کو وقف کرنے کی اپیل کرتے ہوئے سرکار سے شاہراہ پر ٹریفک جام روکنے کیلئے اقدام کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے شاہراہ کا سفر کرنے کے دوران مسافروں کو د رپیش مشکلات کا بذات خود جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی جانب سے شاہراہ پر بدھ کے روز سرینگر سے جموں کیلئے یکطرفہ ٹریفک کی اجازت دی گئی تھی ،تاہم قومی شاہراہ پر دونوں اطراف سے گاڑیوں کا چلنا جاری تھا ،جسکی وجہ سے مسافروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ شاہراہ کی حالت انتہائی خستہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ شاہراہ پر گرد و غبار کی وجہ سے لوگوں کو پریشناینوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،کیونکہ شاہراہ پر کہیں بھی پانی چھڑکانے کیلئے کوئی گشتی پانی ٹینک نہیں ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بعض مقام پر سڑک ملبہ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی ہے، جسکی وجہ سے شاہراہ پر رام بن ، چندر کوٹ،ناگام ،بانہال، رامسو اور پیڑا میں قائم صاف و شفاف بازار ماحول کی آلودگی کے شکار ہوئے ہیں۔انہوں نے سرکا رسے ان بازاروں کی خصوصی ترقی کے لئے اقدام کرنے کی اپیل کی ہے۔
پی ایچ ڈی ڈگری تفویض
جموں//محمدانورولد لیاقت علی اورخورشیدبی بی ساکن ساندھی تحصیل وضلع جموں کوجموں یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹرآف فلاسفی (پی ایچ ڈی) اُردو کی ڈگری تفویض کی گئی ہے ۔مذکورہ اسکالرنے شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹرمحمدریاض احمد کی نگرانی میں ’’مشرف عالم ذوقی کی ادبی جہات ‘‘موضوع پرتحقیقی مقالہ تحریرکرکے جموں یونیورسٹی کے حوالے کیا۔