مزید خبرں

رائفل مین کی آخری رسومات فوجی اعزاز کیساتھ انجام 

اودھمپور حلقہ کا امیدوار غیر حاضر ،انتظامیہ سے بھی کسی اہلکار نے شرکت نہیں کی

یوگیش سگوترہ
 
جموں//جہاں پر ملک بھر میں تمام سیاسی پارٹیاں سپاہیوں اور انکی بہادری کو شمار کرتے تھکتے نہیں ہیں ، وہیںاودھمپور ۔ڈوڈہ۔کٹھوعہ پارلیمانی حلقہ کا کوئی بھی امیدوار بشمول مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے بھی رائفل مین یش پال کے آخری رسومات میں شامل ہونے کی زحمت گوارا نہیں کی، جو گُذشتہ روز سند ربنی سیکٹر میں سئز فائر خلاف ورزی کے دوران ہلاک ہوا ۔ حیرانی کی بات ہے کہ نہ تو کوئی سیاست دان اور نہ ہی گورنر انتظامیہ کا کوئی اہلکار مرحوم کے آخری رسومات میں شامل ہوا۔فقط مقامی ایس ڈی ایم اور ایس ڈی پی او نے یش پال کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ یہ بات قابل ذ کرہے کہ سابقہ مقامی ایم ایل اے دینا ناتھ بھگت، بی جے پی کے پارلیمانی حلقہ کے امیدوار ڈاکٹر جیتندر سنگھ اور یہاں تک کہ مرکزی وزیر ریولے پیوش گوئل بھی اس موقعہ پر کٹھوعہ میں ڈاکٹر جیتندر سنگھ کے کاغذات دائر رکنے کے وقت موجود تھے لیکن ان میں سے کسی نے بھی یش پال کے آخری رسوم میں شرکت نہیں کی بی جے پی وررکوں نے اپنا نام ظاہر کئے بغیر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر مرکزی وزیر پیوش گوئل یش پال کے آخری رسومات میں شرکت کرتے تو یہ پارٹی کے لئے بہت ہی مفید ہوتا ۔ سابقہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق بھی کانگریسی لیڈروں کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں مشغول تھے۔  کے ساتھ یش پال عمر 24سال کی جست خاکی کو جمعہ کے روز ااودہمپور کے تحصیل چنہنی کے آبائی گائوں میں بذریعہ ہیلی کاپٹر لایا گیا ۔ انکی رہائش پر روایتی رسوم ادا کرنے کے بعد جست خاکی کو ہیلی پیڈ پر رکھا گیا ،جہاں اُسے فوجی اعزا پیش کئے گئے اور ایک خصوصی گاڑی میں بینی سنگم کے شمشان گھاٹ پر پورے فوجی اعزا زکے ساتھ آخری رسومات ادا کئے گئے۔
 

پریم ناتھ ڈوگرہ کو 47ویں برسی پر خراج عقیدت پیش

نیوز ڈیسک
جموں //پنڈت پریم ناتھ ڈوگرہ ایک عظیم دور اندیش اور قوم پرست تھے جنھیں ملک اور اسکے لوگوں کے اتحاد پر پورا بھروسہ تھا۔ان باتوں کا اظہار یہاں جمعہ کے روز سابق مرکزی وزیر چمن لعل گپتانے پنڈت پریم ناتھ ڈوگرہ کو انکی 47ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کرنے کیلئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اگر دور اندیش عظیم ڈوگرہ کی جانب سے پیش کئے گئے صلاح و مشورے پر غور کیا ہوا ہوتا،تو مسئلہ کشمیر کوئی پیچیدہ مسئلہ نہیں ہوتا لیکن اسے بدقسمتی سے ذاتی تکبر کی وجہ سے اور اقتدار کی ہوس اور نہرو۔شیخ کی دوستی اور انکی مہاراجہ کے تئیں دشمنی کی وجہ سے جیل بھیجا گیا ۔ پروفیسر گپتانے کہا کہ ریاست کے مہاراجہ نے بھی اسی الحاق نامہ پر دستخط کئے جس پر ملک کی دیگر550ریاستوں نے دستخط کئے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شیخ محمد عبداللہ کو خوش کرنے کیلئے نہرو نے آئین ہند میں عارضی دفعہ370شامل کیا اور یہ عارضی دفعہ سات دہائیوں کے بعد بھی آئین میں موجود ہے۔انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ اس دفعہ کو مستقل بنانے کی مانگ کی جارہی ہے حالانکہ نہرو نے یقین دہانی کی تھی کہ وقت گُذرنے کے ساتھ ساتھ یہ خود ہی ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی یکجہتی اور اتحاد پنڈت ڈوگرہ کو حقیقی خراج ہوگا۔
 

جے اینڈ کے یونائیٹڈ سکول ٹیچرس ایسو سی ایشن کا اجلاس

مطالبات پورے نہ ہونے پر29مارچ کو پریس کلب میں احتجاج کا انتباہ 

نیوز ڈیسک
 
کٹھوعہ // جے اینڈ کے یونائیٹڈ سکول ٹیچرس ایسو سی ایشن کا ایک جنرل باڈی اجلاس یہاں زیر قیادت ہری سنگھ صدر ،راجیو کمار،کانتا دیوی اور روپ چند منعقد ہوا۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں صوبائی صدر ہری سنگھ نے مرکزی اور ریاستی سرکا رکی جانب سے تعلیم کوکمرشلائز اور پرائیویٹ کرنے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ اس سے تعلیمی نظام تباہ ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ وقت کے حکام سرکاری سکولوں کی ضروریات اور تدریسی عملہ کے مطالبات حل کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔یہاں تک کہ اُجرت بھی مہینوں تک ادا نہیں کئے گئے ہیں ۔انہوں نے الزام لگایا کہ اساتذہ کو غیر اکیڈمک فرائض کے لئے معمور کیا جاتا ہے،جسکی وجہ سے تعلیمی نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ اجلاس میں بیک زبان ہو کر گورنر انتظامیہ سے ایس ایس اے اور اب سماگر کے تحت کام کر رہے ہیڈ ٹیچرس کو 6سے7مہینوں کی واجب الادا تنخواہ کو معہ 7ویں تنخواہ کمیشن کے بقایا جات کے تحت فوری طور سے واگُذار کرنے کی مانگ کی ہے۔اجلاس میںآر آر ای ٹئیز کو گریڈ۔II میں منتقل کرنے اور تما م انڈر گریجویٹ آر آر ای ٹئیز کو گریڈ۔II میں منتقل کرنے،اساتذہ کو غیر ۔اکیڈمک فرائض سے فارغ کرنے ، تمام پرائمری سکولوں میں پری۔پرائیمری کلاسز شروع کرنے ۔مطلوبہ ڈھانچہ مہیا کرنے ،تربیت یافتہ  انڈرگریجوٹ اساتذہ کے حق میں سینئر ٹیچر گریڈ جاری کرنے اور انکے ٹائم بائونڈ معاملات میں تفاوت کو دور کرنا ،محکمہ تعلیم میں تمام اسامیوں کو پُر کرنے کا گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے۔ایسو سی ایشن نے گورنر انتظامیہ سے تمام جائز مطالبات تسلیم کرنے کی اپیل کی ہے اورمتنبہ کیا ہے کہ اگر ان کی مانگوں کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ 29مارچ کو پریس کلب جموں میں زور دار احتجاج کریں گے۔اجلاس سے پردیپ سنگھ ، ذوالفقار علی ملک، شام لعل، اشوک کمار، ٹھورو رام ، رسپال سنگھ، دھرم پال ،ولی محمد، رتن چند، شمشیر سنگھ ،راکیش کمار، گنیش دتہ اور شیر علی و دیگران نے بھی خطاب کیا۔
 
 

گورنرس گریوینس سیل  55195شکایات کا نپٹارا 

نیوز ڈیسک
 
جموں//جموں وکشمیر گورنر س گریوینس سیل کو20 جون 2018 سے لے کر اب تک 55424 شکایات موصول ہوئیںجن میں سے 55195 شکایات ازالے کے لئے متعلقہ محکموں کو بھیج دی گئیں جبکہ 229شکایات زیرِ عمل ہیں۔اِس کے علاوہ گورنر کی ہدایات پر گورنر کے سبھی مشیر سری نگر اور جموں میںشیڈول کے مطابق عوامی درباروں اور میٹنگوں کے دوران لوگوں اور وفود کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے ہیں ۔بعد میں یہ شکایات متعلقہ محکموں کو بھیجی جاتی ہے تاکہ انہیں جلد از جلد حل کیا جاسکے۔
 

ریاستی کوآپریٹو بینکوںکی مالی خواندگی پہل کے تحت 73 کیمپ منعقد 

گاہکوںکو ڈیجیٹل بغیر نقدی بینکنگ کی متعدد مصنوعات کی جانکاری دی گئی

نیوز ڈیسک
 
جموں // ریاستی کواپریٹو بینکوں نے مالی خواندگی پہل کے تحت ریاست کے تینوں صوبوں میں  73  بیداری کیمپ منعقد کئے گئے۔ان کیمپوںمیں گاہکوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،بزرگ شہریوں او سکولی بچوں کے لئے خصوصی پروگرام منعقد کئے گئے تھے۔ان کیمپوں کا عنوان گاہکوں کی تحفُظ ،خطرہ بنام ریٹرن ، شکایتی ازالہ، ڈیجٹل و کیش لیس بینکنگ ،اینٹر پرینور شپ وغیرہ تھا۔ان کیمپوں میں شرکا کو بطور گاہک کے اپنے حقوق ،فرائض اور بینک کے تئیں فرض ، جدید بینک کاری میں خطرے ۔ اور کس طرح سے اپنی دولت میں اضافہ کیا جا سکے، سے روشناس کرنا تھا ۔شرکا کو متعدد ڈیجٹل بینکنگ پروڈکٹوں جیسے کہ روپے کے سی سی اور ڈیبٹ کارڈ، ای۔کامرس،پی او ایس وغیرہ کا  ڈیمانسٹریش دیکر فوائد کی جانکاری دی گئی۔کیمپوں کے دوران کیش لیس لین و دین جیسے کہ NEFT, RTGS, DBT,  وغیرہ کو اپنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ڈیجٹل لین و دین  میں خطروں کے بچاو کیلئے احتیاط برتنے پر زور دیا گیا ۔ بعض کیمپوں میںمنیجنگ ڈائرکیٹر ایم لطیف نے نبارڈ سب آفس کے اہلکاروں کے ساتھ شرکت کی اور شرکا کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔شرکا نے متعدد سوالات پوچھے ،جن کا بینک افسروں نے اطمینان بخش جواب دیا۔شرکا نے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کو فقط جموں میں لاگو رکھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے کشمیر ڈویژن میں بھی لاگو کرنے کا مطالبہ کیا ۔بینک کے مالی خواندگی مرکز کی جانب سے کی گئی کام پر تبصرہ کرتے ہوئے بینک کے چیئر مین ایم ایس دار نے کہا کہ بینک نے لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کیلئے جامع مہم چلائی۔بیداری مہم کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر ایم لطیف نے کہا کہ لوگوں کا ان کیمپوں کے تئیں شاندار رد عمل رہا کیونکہ وہ ڈیجٹل ادائیگی کے طریقوں کو سمجھنے کے لئے بہت ہی بے تاب تھے۔انہوںنے نبارڈ کی جانب سے کیمپوں میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
 
 

دھوکہ باز کرائم برانچ کے شکنجہ میں

5لاکھ روپے ہڑپنے کا الزام 

نیوز ڈیسک
 
جموں //کرائم برانچ جموں نے ایک دھوکہ باز وپن گپتا ولد سریندر گپتا ،ذات مہاجن ساکن ایف۔378 ،گوڑھا بخشی نگر ،جموں کو ایف آئی آر نمبر 17/2019 کے ایک معاملہ میں گرفتار کیا ہے۔پولیس بیان کے مطابق دھوکہ باز نے مجرمانہ فعل کے ارادے سے راہل گپتا ولد رتن لعل گپتا  ،ساکن مکان نمبر 22،سیکٹر  03 سنجے نگر ،جموں کو اپنے دیگر د ومبینہ ساتھیوں کیاشتراک سے دھوکہ دیا اور 5لاکھ روپے کی رقم یہ کہہ کر ہڑپ کر دی کہ وہ یہ رقم معیاد پوری ہونے کے بعد 9فیصدی شرح سود کے مطابق واپس کی جائے گی۔کرائم برانچ کی تحقیات سے یہ معلوم ہوا ہے کہ مبینہ ملزمان نے دھوکہ اور فریب سے 5لاکھ روپے کی رقم ہڑپ کر دی ہے۔مبینہ ملزم کی گرفتاری کرائم برانچ جموں کے ایس آئی سندر سنگھ منہاس کی قیادت والی ایک ٹیم نے عمل میں لائی ہے،جو کہ اس معاملہ کے تحقیقاتی افسر بھی ہیں۔مبینہ ملزم کو گرفتار کرکے پولیس حولات میںرکھا گیا ہے۔
 

کٹھوعہ میں یک روزہ قومی سیمینار کا اہتمام

نیوز ڈیسک
 
کٹھوعہ //شعبہ اردو گورنمنٹ ڈگری کالج وومن کٹھوعہ کے زیر اہتمام مورخہ 23 مارچ 2019 کو یک روزہ قومی سیمینار بعنوان "عصر حاضر میں کرشن چندر کی افسانہ نگاری کی اہمیت و افادیت پر منعقد ہونے جا رہا ہے۔ یہ سیمینار قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کے باہمی اشتراک سے منعقد ہو رہا ہے۔ اس سیمینار کی ان معنوں بھی اہمیت ہے کہ یہ سیمینار کٹھوعہ کے زنانہ کالج میں منعقد ہورہا ہے۔ اس سیمینار کی خاص بات یہ ہے کہ یہ اردو کے مشہور و معروف افسانہ نگار اور شہنشاہ افسانہ کرشن چندر کی افسانہ نگاری پر ہے۔ جس میں کرشن چندر کے حوالے سے کئی ذیلی عنوانات رکھے گئے ہیں۔ اس سیمینار میں ریاست اور بیرون ریاست سے کئی معتبر شخصیات تشریف لارہی ہیں۔ نئی دہلی سے دہلی یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر مشتاق عالم قادری ، اور غلام نبی کمار تشریف لارہے ہیں۔ جب کہ جموں یونیورسٹی سے ڈاکٹر رشید منہاس ، ایس پی ایم آر کالج جموں سے عرفان عارف اور کئی دیگران شریک ہورہے ہیں۔ اس یک روزہ قومی سیمینار کے کنوینر ڈاکٹر یشپال شرما ہیں،جو زنانہ کالج کٹھوعہ کے صدر شعبہ اردو ہیں۔ واضح رہے کہ اردو ریاست جموں و کشمیر کی سرکاری زبان ہے۔ گزشتہ برسوں سے اردو زبان ریاست میں بہت فروغ پارہی ہیں۔
 

جموں میونسپلٹی کا صحت و صفائی سے متعلق بیداری پروگرام  

نیوز ڈیسک
 
جموں //لوگوں کو واٹر باڈیز ،دریائوں ،تالابوں ،نالوں،دریا کے کناروں کی صحت و صفائی سے متعلق بیداری پھلانے کے لئے جموں میونسپل کارپوریشن نے محکمہ آبپاشی اور دریائے توی ایریگیشن کمپلیکس کے اشتراک سے جمعہ کے روز یہاں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس موقعہ پر دوکانداروں اور فالتو کوڈا کرکٹ اکٹھا کرنے والوں کو صلاح دی گئی کہ وہ کوڈا کرکٹ دریا میں نہ پھینکیں۔متعدد مندر کمیٹیوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں انہیں پھول اور پالی تھین آبی باڈیز میں نہ پھینکنے کی صلاح دی گئی اور کہا کہ اس سے نہر میں کوڈا کرکٹ کا ذخیرہ ہو جاتا ہے۔ممبران نے سوچھ ابھیان مشن کو تمام دیگر لوگوں تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔بیداری کیمپ میں ریجنل ریسرچ لیبارٹری کے دانشوروں نے بھی شرکت کیاور جموں میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں کی جانب سے جموں کو صاف رکھنے کے لئے صحت و صفائی کی کاوشوں کو دیکھ کر کافی مسرت کا اظہار کیا۔دوکانداروں کو کوڈا کرکٹ ڈبوں میں جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ کیمپ میں زور آور سنگھ ماسٹر، وید پال شرما اور جموں میونسپل کارپوریشن کے اشونی کمار، رچت گپتا و دیگران نے بھی شرکت کی۔
 

پرنسپل سیکرٹری خزانہ نے التوا میں پڑے

 پروجیکٹوں کی صورتحال کا جائیزہ لیا 

جموں /نیوز ڈیسک/پرنسپل سیکرٹری خزانہ اے کے مہتہ نے آج ایک میٹنگ کے دوران التوا میں پڑے پروجیکٹوں کی صورتحال کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت التوا میں پڑے اُن پروجیکٹوں کیلئے رقومات واگذار کرنے کیلئے تیار ہے جن کو اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی نے منظوری دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ساری رقومات جے اینڈ کے انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی وساطت سے آن لائین موڈ کے ذریعے واگذار کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے ایم آئی ایس پورٹل قایم کیا گیا ہے تا کہ نوڈل افسر ضروری کاروائی انجام دے سکیں ۔ ان پروجیکٹوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے انتظامی محکموں کو پہلے ہی مطلع کیا گیا ہے کہ وہ پروجیکٹوں کی عمل آوری ایجنسیوں کو ضروری جانکاری فراہم کریں ۔ انہوں نے جموں کشمیر انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن سے رقومات حاصل کرنے کیلئے مخصوص کھاتے کھولنے کی بھی ہدایت دی ۔