سناتن دھرم سبھا کاچندر کانت کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار
جموں//شری سناتن دھرم سبھا نے ایک قوم پرست اور اقلیتوں کے ایک مستحکم ستون چندر کانت کی وحشیانہ ہلاکت پر غم و غصہ کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں سبھا نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ہی پرانے ڈوڈہ ضلع میں اقلیتوں کے مفاد کے محافظ تھے،جسے گذشتہ روزضلع ہسپتال کشتواڑ میں بے دردی سے ہلاک کیا گیا،جہاں پر وہ اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کشتواڑ میں گذشتہ پانچ مہینوں کے دوران دوسری ہلاکت ہے اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ پریہار برادراں کی ہلاکت میں ملوث ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ قوم دشمن عناصر ضلع کشتواڑ میں ملی ٹینسی دوبارہ بحال کرنا چاہتے ہیں اور کشمیر پر مرکوز لیڈران ایسے اشتعال انگیز بیان دیکر ملی ٹینٹوں پر کاروائیاں کرنے کی مخالفت کر رہے ہیں اور علحیدگی پسند لیڈر یاسین ملک کی گرفتاری کی مخالفت کرتے ہیں۔سناتن دھرم سبھا نے الیکشن کمیشن آف انڈیا اور چیف الیکٹورل افسر جے اینڈ کے سے دفعہ 370 اور 35Aمدعے کی وجہ سے بھارت کو توڑنے کی دھمکی دینے والوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے نااہل قرار دینے کی مانگ کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ1989 میں مائیگریشن کے لئے مجبورکشمیری پنڈتوں کی بازآباد کاری ہندو ہونے کی وجہ سے نہیں ہوئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں کی جغرافیہ کو بدلنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں روہنگیوں اور بنگلہ دیشیوں کو جموں میں بسایا جا رہا ہے ،جس سے مستقبل میں امن و قانون کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں بھی کشمیر پر مرکوز سیاسی پارٹیاں اکثریتی طبقہ کی خوشنودی حاصل کرنے اور انہیں سرکاری زمین الاٹ کرنے کے لئے سرکار اپنے سیاسی ایجنڈا کے تحت چلا رہے ہیں۔ بیان میں کشتوڑ کے اقلیتی طبقہ کو یقین دلایا گیا ہے کہ سبھا انکے مفاد کے لئے ہمیشہ کوئی بھی قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔
لوپیڈ ایمپلائز ایسو سی ایشن کی جانب سے یوم مئی کی تیاریاں
جموں// لوپیڈ ایمپلائز ایسو سی ایشن کی جانب سے یوم مئی کے موقعہ پر ایک جلوس نکالے گی اور 29 ۔اپریل شہیدوں کو خراج عقیدت ادا کرنے اورمختلف طبقہ کے ملازموں اور پنشنروں کے مسائل ابھارنے کیلئے ایک بھاری ریلی نکالے گی۔فیڈریشن کے صدر عبدل مجید خان نے بیان میں کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میںاضافہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوںکو مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے۔انہوں نے ملزازموں اور پنشنروں کے حق میں دئے جا رہے میڈیکل الائونس میں اضافہ کرکے اسے تین سو روپے سے لیکر ایک ہزار روپے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اسکے علاوہ انہوں نے ہیلتھ انشورنس قابل برداشت پریمیم پر مہیا کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے اساتذہ کے حق میں لئیو ایکیشمنٹ ،ایل ٹی سی بحال کرنے ،یومیہ اجرتوں پر کام کرنے والوں کو باقاعدہ بنانے ،ورکر مخالف ایس آر اورو520 ہٹانے چوکیداروں اور درجہ چہارم کے ملازموں کی اجرتوں میں اضافہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔لمبر داروں ، آنگن واڑی ورکروں ، ہیلپروں ،آر ای ٹی اساتذہ، کنٹریکچول ملازمین و دیگران کے مشاہرہ میں اضافہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اوم پرکاش شرما ، صوبائی ٹیچرس ایسو سی ایشن کے صدر کابلہ سنگھ ،صدر جے اینڈ کے پنشنرس ایسو سی ایشن کرشن سنگھ،چنچل سنگھ ، آر کے مینی، گورچرن سنگھ جگل کشور شرما و صوبہ کے متعدد ملازمین ایسو سی ایشنوں کے نمائندوں نے بھی یوم مئی جلوس کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی کوششوں میں تیزی لائی ہے۔
دارالعلوم حسینیہ نظامیہ میں انتظامیہ کی ایک اہم میٹنگ
جموں// دارالعلوم حسینیہ نظامیہ رضا نگر بٹھنڈی نالہ جموں میں زیر صدارت حضرت مولانا مظفر حسین رضوی سربراہ اعلی ادارہ ہذا ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔ میٹنگ کا مقصد مدرسہ کے سالانہ جلسہ اور شب برات کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔میٹنگ میں ادارہ کے تمام اراکین نے شمولیت فرمائی اور اراکین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ادارہ کے سالانہ جلسہ اور شب برات کی تیاریوں پر اطمینان ظاہر کیا۔ دارالعلوم حسینیہ نظامیہ میں مورخہ 20 اپریل 2019 بارود سنیچر وار بعد نماز عشاء پیغام حسین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں مقرر خصوصی حضرت مولانا ڈاکٹرمفتی محمد آصف علیمی پروفیسر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری اور مولانا مفتی محمد ابراہیم مصباحی اسسٹنٹ پروفیسر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری تشریف لا رہے ہیں اور دیگر جموں مضافات میں سے بھی جملہ آئمہ کرام اور مشائخین کانفرنس میں شمولیت کریں گے۔ واضح ہو کہ دارالعلوم حسینیہ نظامیہ میں سے سات بچے حافظ قرآن فارغ ہو رہے ہیں کانفرنس میں ان کی دستار بندی کی جائے گی مولانا موصوف نے تمام لوگوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب لوگ اس نورانی محفل میں تشریف لا کر علماء کرام کے بیانات سماعت فرمائیے اور حفاظ کرام کی دستار بندی کا حسین منظر اپنی آنکھوں سے ملاحظہ فرمائیں۔
بی جے پی بے ایمانی کی سیاست کر رہی ہے: مولا رام
جموں //جے کے پی سی سی کے نائب صدر مولا رام کٹھوعہ اور ہیرا نگرمیں لوگوں کے مطالبات حل نہ کرنے پر بی جے پی سرکار کی تنقید کی ہے۔اودہمپور۔کٹھوعہ۔ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ کے حق میں چلائی جا رہی انتخابی مہم میں تیزی لاتے ہوئے پیر کے روز انہوں نے کٹھوعہ ضلع کے گوند سرم اور ناگری اور ہیرا نگر میں متھرا چک میں متعدد عوامی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے مولا رام نے بی جے پی پر بے ایمانی کی سیاست کرنے کا الزام لگایا اور عوام کے ساتھ2014 لوک سبھا انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ منقسم کی سیاست ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو دھوکہ دیکر اقتدار حاصل کرنا نہیں ہے بلکہ کانگریس کاریاست میں دیر پا امن قائم کرنے کا ایجنڈا ہے۔ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر ہری سنگھ چب بھی انکے ہمراہ تھے،جنھوں نے بھی اجتماعات سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنے 125 سالوں کے دوران ریاستی کے کمزور طبقہ اور غریبوں کی بھلائی کیلئے کافی کام کیا ہے۔اور لوگوں کو یقین دلایا کہ کانگریس لوگوں کے مسائل حل کرنے کی وعدہ بند ہے۔انہوں نے عوام سے بی جے پی کی نئی چال’’چوکیدار مہم ‘‘ سے خبر دار رہنے کی تلقین کی اور پارٹی کے نامز د امید وار وکرما دتیہ کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔اجلاس میں نتھو رام ، رشید احمد، ست پال، بنسی لعل، رادھے شرما ، کمل چند، اوم پرکاش، رسل چند ، منوہر لعل ،کرم چند ،ست پال بھنڈاری و بلاک صدور نے بھی شرکت کی۔
پلس –2لیکچرارز فورم کا وفد گورنر کے صلاح کارسے ملاقی
جموں//آل جے اینڈ کے پلس –2 لیکچرارز فورم کا ایک وفد پیر کے روز گورنر کے صلاح کار خورشید احمد گنائی سے ملاقی ہوا ہے۔ ایک بیان کے مطابق وفد کی قیادت فورم کے جنرل سیکرٹری آر ایس سلاتھیہ کر رہے تھے۔وفد نے صلاح کار سے متعدد مسائل پر غور و خوض کیا، تاکہ انکے دیرینہ مسائل پورے ہوجائیں ۔وفد نے ڈاکٹروں ، ویٹرنری سرجنوں ،کے اے ایس، کے پی ایس افسروں کے طرز پرانکے مطالبات کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔وفد سے بات کرتے ہوئے صلاح کار نے کہا کہ انکے مطالبات پر سرگرمی سے غور کیا جارہا ہے اور سرکار نے پہلے ہی ایک اعلیٰ اختیار والی کمیٹی کو ACP پر غور کرنے کیلئے تشکیل دی ہے۔ترقی شدہ پرنسپلوں کے تنخواہوں کے بارے میں شکایت پر انہوں نے موقعہ پر ہی انکے تنخواہ جاری کرنے کی ہدایت دی۔وفد نے محکمہ تعلیم میں تمام خالی اسامیں پُر کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفد میں ترسیم سنگھ ، دنیش کمار، رویندر کمار رینہ، امریش کمار، اشوک شرما ، انیل پنڈتا، رویندر کور، آشا بھٹ، سپنا صوری، شوا کیرتی، انیتا، روہنی دیوی،دلیپ پنڈتا و دیگران بھی شامل تھے۔
پینتھر ز پارٹی نے گورچرن سنگھ کو خراج ادا کیا
جموں //پینتھرز پارٹی کی جانب سے پیر کے روز ایک تعزیتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں این جی او ’’ دی ہیومنز‘‘ کے چیئرمین ، صدر پنتھک مورچہ جے اینڈ کے اور بی جے پی لیڈرگورچرن سنگھ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیاگیا۔اجلاس میں دکھ زدہ کنبہ کے ساتھ ا ظہار ہمدردی کیا گیا ۔ تعزیتی اجلاس میں پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ ،ریاستی صدر بلونت سنگھ منکوٹیا، سینئر نائب صدر پی کے گنجو، چودھری محمد اقبال، ایڈوکیٹ بنسی لعل شرما ، انیتا ٹھاکور، سریندر واہی، جگدیو سنگھ ، انیل گوڑ، راجندر سنگھ منجو ،شنکر سنگھ ، اسی پرمجیت سنگھ ، سریندر چوہان ، رایو مہاجن ، رویندر مجموال، راکیش گپتا، بلدیو سنگھ ، نوین بالی چودھری بشن داس و دیگران نے بھی مرحوم کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا۔ پینتھرز لیڈران نے مرحوم کو ایک سیکولر لیڈر اور ایک سیوا دار قرار دیا ،جو ہر طبقہ کے لوگوں کی بھلائی کے لئے پیش پیش رہتے تھے۔