یوتھ شرنارتھی ایکشن کمیٹی کا وکرما دتیہ کو حمایت دینے کا اعلان
جموں //جے کے یوتھ ( 1947 کے پی او کے بے گھر) شرنارتھی ایکشن کمیٹی ،جنھیں کانگریس کی سرکا رنے جموں خطہ کے مختلف مقامات جیسے کہ جموں، کٹھوعہ، سانبہ، اودہمپور، ریاسی ،راجوری اور پونچھ میں بسایا تھا ، نے آنے والے پارلیمانی انتخاب میں اودہمپور ۔ کٹھوعہ۔ ڈوڈہ ے پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ سنگھ کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک پریس بیان میں کمیٹی کے صدر پنڈت آر سی شرما نے عام لوگوں خصوصاً پی او کے رفیوجیوں سے اودہمپور ۔کٹھوعہ۔ڈوڈہ کے پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ سنگھ کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ اودہمپور ۔کٹھوعہ۔ڈوڈہ کے پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ سنگھ کے والد ڈاکٹر کرن سنگھ نے طبقہ کے لئے گاڑی گڑھ و دیگر مقامات میں زمین الاٹ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ طبقہ کے لئے 30 لاکھ روپے فی کنبہ کے پیکیج کو بھی کانگریس نے سفارش کی تھی جبکہ مرکزمیں قائم بی جے پی کی سرکار نے اس پیکیج کو کم کرکے 5.5 لاکھ روپے فی کنبہ کر دیا ، جو کہ پی اوکے رفیوجیوں کے ساتھ ایک مذاق ہے۔انہوںنے ووٹروں سے آنے والے پارلیمانی انتخاب میں اودہمپور ۔ کٹھوعہ۔ ڈوڈہ کے پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ سنگھ کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔
پینتھرز پارٹی ریڈیو کشمیر جموں پر برہم
جموں //پینتھرز پارٹی نے ریڈیو کشمیر جموں کی جانب سے لوگوں کو امید واروں کے رتبہ کی جانکاری دینے میں پینتھرز پارٹی کو فراموش کرکے ووٹروں کو گمراہ کرنے کی مذمت کی ۔پارٹی کی جانب سے جاری ایک پریس بیان میں پارٹی کے سپریمو پروفیسر بھم سنگھ نے کہا ہے کہ انہوں نے ریڈیو کشمیر جموں کے 6.15 بجے بعد دوپہر کے ڈوگری بلٹین کو سنا ،جس میں ریڈیو کشمیر نے بتایا کہ ہرش دیو سنگھ بطور نیشنل کانفرنس امید وار کے انتخابی میدان میں ہیں۔پارٹی نے اسے پینتھرز پارٹی کے خلاف پروپگنڈا سے مترادف کیا ۔بیان میں اس خبر کو نہایت ہی قابل اعتراض قرار دیا اور ریڈیو کشمیر جموں کے اس گمراہ کن بیان کی مذمت کی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے ریڈیو کشمیر جموں ،جموں ڈوگری بلٹین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔
گورنر اور کے کے شرمانے مہا ویر جینتی کے موقعہ پر لوگوں کو مبارکباد دی
جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے بھگوان مہاویر کے جنم دِن کے موقعہ پر منعقد ہونے والی مہا ویر جینتی کے سلسلے میں ریاست کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔مبارک بادی کے اپنے ایک پیغام میں گورنر نے کہا کہ بھگوان مہاویر سچائی اور نیکی کی ایک مثال تھے اور اُن کے جنم دِن کو منانے کی بدولت ریاست جموں وکشمیر میں آپسی بھائی چارے کی قدریں مضبوط ہوں گی۔گورنر نے اس موقعہ پر ریاست میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دُعا کی۔دریں اثناء مشیرکے کے شرما نے ریاستی عوام کو بھگوان مہاویرا کے جنم دِن یعنی مہاویر جینتی پر مبارک باد دی ہے ۔اپنے پیغام میں مشیر موصوف نے بھگوان مہاویرا کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سچائی او رصداقت کے ایک مجسمہ تھے ۔کے کے شرمانے اس موقعہ پر ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔
آگ اور بحالی پر توسیعی لیکچرمنعقد
اودہمپور// طلاب میں آگ سے بچائو کے تدابیر کی جانکاری دینے کے لئے دہلی پبلک سکول اودہمپور میں محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی جانب سے ایک توسیعی لیکچر کا اہتمام کیا گیا ،جس میں ڈویژنل فائر آفیسر ڈی ایف او تیج کرشن رینہ ترجمان اعلیٰ تھے،جنھوں نے آتشزنی کی وجہ سے جان و مال کے خطرات کو کم کرنے کے لئے اقدام پر روشنی ڈالی۔انہوں نے ایسی ہنگامی صورتحال میں پھنسے لوگوں کی بحالی کے لئے کئے جارہے اقدام کو اجا گر کیا۔ سکول کے پرنسپل ڈاکٹر کنال آنند نے سکول کے طلاب کے لئے ایسا پروگرام منعقد کرنے کی کافی ستائش کی اور کہا کہ یہ پروگرام طلاب کے لئے بہت ہی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے تیج کرشن رینہ کو طلاب اور فیکلٹی ممبران کو آگ سے بچائو کے طریقوں کی جانکاری دینے کیلئے انکا شکریہ ادا کیا۔بعد میں پرنسپل نے رینہ کو ای مومینٹو بطور محبت کی علامت کے پیش کیا۔ ڈی پی ایس اودہمپور کی سی سی اے کارڈی نیٹر راکھی گپتا نے رسمی شکریہ کا ووٹ پیش کیا۔
مویشی سمگلر پی ایس اے کے تحت گرفتار
جموں //جے اینڈ کے پولیس ضلع سانبہ نے ضلع مجسٹریٹ سانبہ کے ایک حکم کے تحت ایک مویشی سمگلر کو مویشیوں کی سمگلنگ کے لئے جے اینڈ کے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری ایک پریس بیان کے مطابق مبینہ ملزم محمد حسین ولد لعل حسین ساکنہ منوہر گوپالہ،سانبہ کا باشندہ ہے ،جس کے خلاف ضلع میں مویشی سمگلنگ کے متعدد معاملات درج ہیں، جسکی وجہ سے وہ ضلع کے امن کے لئے ایک خطرہ بن گیا ہے اور حکام اسے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرنے کیلئے مجبور ہو گئی ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بار بار مویشی سمگلنگ کے فعل میں ملوث ہونے کی وجہ سے اسی ایس ی سانبہ نے ایک ڈوزائر تیار کی تھی ،جسے ضلع مجسٹریٹ سانبہ کو بھیجا گیا ،جنھوں نے رسمی طور سے بد نام زمانہ سمگلر کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا۔ وارنٹ گرفتاری کو ایس ایچ او پولیس اسٹیشن سانبہ کی قیادت میں ایک ٹیم نے عملایا ،مبینہ ملزم کو سب ۔جیل ہیرا نگر میں رکھا گیا ہے۔