امن و انصاف کیلئے پنتھرس پارٹی کو ووٹ اور حمایت دینے کی اپیل
جموں//جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے بانی اور سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے ادھمپور پارلیمانی حلقہ کے رائے دہندگان سے 18اپریل کو ’سائکل’ کے نشان والابٹن دباکر نیشنل پنتھرس پارٹی کو ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔پنتھرس سربراہ نے ادھمپور کے ووٹروں خاص طورپر نوجوانوں کو یاد دلایا کہ پنتھرس پارٹی آنجہانی ڈاکٹر ٹھاکر چنوترا کی سربراہی میں ہوئی ایمرجنسی میٹنگ میں قائم کی گئی تھی۔ انہوں نے لوگوں کو یاد دلایا کہ انہوں نے اس وقت جموں وکشمیر اسمبلی سے کانگریس کے رکن اسمبلی کے عہدہ اور کانگریس سے استعفی دے دیا تھا جو شیخ محمد عبداللہ کی حکومت میں چوکیدار کے طورپر کام کررہی تھی۔انہوں نے تمام رائے دہندگان سے ان کی سیاسی یا سماجی یا مذہبی وابستگی سے بالاتر ہوکر انصاف ، برابری اور امن کیلئے متحد ہوکر 18اپریل کو ’سائکل‘ کے انتخابی نشان والی پنتھرس پارٹی کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔انہوں نے کہا کہ یہی واحد راستہ ہے سیکولراقدار کو مضبوطی فراہم کرنے اور بھائی چارہ کو بڑھاوا دینے کا جس سے جموں وکشمیر کی تشکیل نو کے مشن میں مدد ملے گی اور جموں وکشمیر کے لوگوں کو ہندستانی آئین میں دیئے گئے تمام بنیادی حقوق مل سکیں گے جس سے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بند معصوم لوگوں کو جیل اور قید سے آزادی مل سکے گی۔ پنتھرس سربراہ نے کہا کہ اگر ادھمپور کے رائے دہندگان نے پنتھرس پارٹی کے امیدوار ہرش دیو سنگھ کو اپنا قیمتی ووٹ دیکر کامیاب بنایا تو ایک بڑا انقلاب اور بڑی تبدیلی ہوگی۔ انہوں نے تمام لوگوں سے فرقہ پرست ، بدعنوان اور موقع پرست لوگوں کو شکست دینے اور تمام سیکولر اور قوم پرست جماعتوں سے موقع پرست، فرقہ پرست اور اقتدار کے بھوکے عناصر کو شکست دینے کے لئے متحد ہونے کی اپیل کی۔
سٹیٹ پنشرس ایسو سی ایشن کا سرکار سے جائز مسائل حل کرنے کا مطالبہ
جموں// آل جے اینڈ کے سٹیٹ پنشرس ایسو سی ایشن کا ایک ہنگامی اجلاس یہاں بدھ کے روز زیر قیادت جنرل سیکرٹری ایسو سی ایشن مدن لعل ابرول منعقد ہوا ۔ایک بیان کے مطابق اجلاس میں بزرگ شہریوں و دیگر لوگوں کے مسائل پر غور و خوض ہوا۔دیس راج شرما ، یش پال سنسن ،جگدیش ڈوگرہ، رام داس بھگت، بھوشن پرگال، ہربنس سنگھ، محمد شفیع، پورن چند کھجوریہ و ایسو سی ایشن کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں سرکار پر ریاستی پنشنروں کے مطالبات حل کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا گیا۔اجلاس میں اے جیز کی جانب سے پنشنروں کے ساتویں تنخواہ کمیشن واگُذار نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور ریاست کے گورنر سے اپیل کی کہ ان معاملات میں سرعت لائی جائے ،تاکہ پنشنرس کے حق میں بقایا جات واگُذار کیا جا سکے۔اجلاس میں پنشنرس کے میڈیکل الائونس میں اضافہ کرکے اسے 300روپے سے بڑھا کر اسے3000 روپے کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں ایسو سی ایشن نے 23.04.2019 بروز منگل کو سنٹرل مہاجن ہال جموں میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ریاست کے تمام پنشنرس سے احتجاجی مظاہرہ میں شرکت یقینی بنانے کی اپیل کی گئی۔
خورشید گنائی نے ریاست کے لوگوں کو مہا ویر جینتی پر مبارکباد دی
جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ریاست کے لوگوں کو مہا ویر جینتی کے موقعہ پر مبارکباد دی ہے ۔اپنے ایک پیغام میں مشیر موصوف نے بھگوان مہا ویر کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تاکید کی ۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان مہا ویر نے لوگوں کو محبت ، شفقت اور قربانی دیتے ہوئے انسانیت کو زندہ رکھنے کی تلقین کی ۔ مشیر موصوف نے اس موقعہ پر ریاست کے امن ، ترقی اور خوشحالی کی دعا کی ۔
بلونت ٹھاکور کو صدمہ
جموں//اشرو دیوی زوجہ مرحوم ہری سرن ٹھاکور اور بلونت ٹھاکور کی ماں 95 سال کی عمر میںاپنے آبائی گائوں موضع بکل، ضلع ریاسی میں رحلت کر گئی ہیں۔انکے آخری رسومات موضع بکل، ضلع ریاسی میںانجام دی گئی۔انکے انتقال پُرملال پر سماج کے مختلف طبقوں نے دکھ کا اظہار کیا۔
وطن کے سپوت نے ڈانس میں ریاست کا نام روشن کیا
جموں //نیشنل مزدور کانفرنس کے صدر سبھاش شاستری نے یہاں گاندھی نگر میں بدھ کے روزمنعقدہ ایک تقریب پر وطن کے سپوت یوگیشور سنگھ جموال ، جو کہ ایک نامور قومی ڈانسر ہیں ،کی عزت افزائی کی ۔کلاکار نے ملک کے متعدد مقامات پر اپنے کرتب سے سامعین کو محظوظ کیا ہے اور متعدد مقابلوں میں انعامات حاصل کرکے ریاست کا نام روشن کیا ہے۔اس موقعہ پر یوگیشور سنگھ جموال کو ایک مومینٹو پیش کیا گیا ۔ جموال ریاست کے نوجوانوںکو بھی قلیل مدتی کوچنگ فراہم کرکے اس شعبہ میں حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔اس موقعہ پر ریٹائرڈ ڈیس ی بی ایس جموال مہمان ذی وقار تھے۔
ڈگری کالج سانبہ میںپلیس منٹ مہم کا اہتمام
سانبہ//گورنمنٹ ڈگری کالج سانبہ میں بدھ کے روزریلائنس جیو نے کئیرئیر کونسلنگ سیل کے اشتراک سے ایک پلیس منٹ مہم کا انعقاد کیا گیا ۔ ستنسوبرگوترہ ٹیلنٹ ایکوزشن لئیڈ،گور کپور، ٹیلنٹ ایکوزیشن سپورٹ اور ایگزیکٹو ٹیلنٹ ایکوزیشن مندیپ کور نے مہم میں شرکت کی۔ڈاکٹر اشوک بھگت نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔پلیس منٹ مہم ایکوزیشن ٹیم نے منعقد کی تھی،جنھوں نے طلاب کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور VI سیمسٹر کے 26 طلاب کو ٹیلی کام شعبہ میں دستیاب روز گار مواقوں سے باخبر کیا۔کمپنی کے صدر دفتر پر تربیت کے لئے آن لائن14 طلاب کا نام شارٹ لسٹ کیا گیا ہے،جنھیں تربیت مکمل ہونے کے بعدکمپنی میں ملازمت فراہم کی جائے گی۔کالج کے پرنسپل ڈاکٹر جی سی رکوال نے کئیر ئیر کونسلنگ کی جانب سے کالج میں پلیس منٹ مہم کا اہتمام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔پلیس منٹ مہم میں ڈاکٹر اشوک بھگت، ڈاکتر رنوجے سنگھ ،ڈاکٹر سیما باہو، پروفیسر شوالی رتن ، پروفیسر سکھویندر کور، پروفیسر آشا دیوی اور پروفیسر پرویہ ہنس نے بھی شرکت کی۔