گاڑیوں کا پولنگ عملے کیلئے استعمال
رام بن میں مسافروں کو دربدر ہوناپڑگیا
ایم ایم پرویز
رام بن//بڑی تعداد میں گاڑیوں کے پولنگ عملہ کیلئے استعمال کی وجہ سے رام بن میںمسافروں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت نہ مل سکی اور انہیں دربدر ہوناپڑگیا۔ضلع میں گاڑیوں کی کمی کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کے عالم میں اِدھر اُدھر گھومتے پھرتے دیکھاگیا ۔صورتحال اس قدر خراب تھی کہ مائیں بچوںکو گود میں اٹھاکر پیدل چلتی نظر آئیں اورعمر رسیدہ افراد بھی پیدل چلتے رہے ۔رام بن میں کئی میٹاڈوریں، ٹاٹاسومو اور دیگر مسافرگاڑیاں پولنگ عملہ کیلئے استعمال کی جارہی ہیں جس وجہ سے ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔مسافروںنے انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کو گاڑیوںکو پولنگ عملے کیلئے استعمال کرنے سے قبل کوئی متبادل انتظام کرناچاہئے تھاتاہم ایسا نہیں کیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ گاڑیاں نہ ملنے پر افراتفری کا عالم دیکھاگیا ۔
ریاسی میں بارش سے فصلوں کو نقصان
زاہد ملک
مہور//ضلع ریاسی میں بھی گزشتہ شب سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے جہاں سردی میں اضافہ ہواہے وہیں کسانوں کو فصلوں کی تباہی پر نقصان ہواہے۔ضلع کے بالائی علاقوں کے لوگ ڈھوکوں کی طرف رخ کر رہے ہیں جو بھی اس سردی کی وجہ سے سخت متاثر ہورہے ہیں۔خاص طور پر درماڑی اورمہور کے جمسلان،ہاڑی والا،شجرو،جمسلان,بٹھوئی،ٹھیلو،چانہ،چسانہ،باگنکوٹ،منکوٹ،بگوداس,،بلمتکوٹ،بدر،شبراس،اڑبیس،نہوچ،دیول،گلابگڑھ،لار،ٹکسن وغیرہ کے لوگوں نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے فصلوں اور میوہ جات کو نقصان پہنچا ہے۔کسانوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس دوران مکی کے فصل بیجنے کا وقت ہے لیکن بارش کی وجہ سے وہ بھی پریشان ہیں اور فصلوں کی بوائی میں تاخیر ہوسکتی ہے ۔تاہم بعد سہ پہرموسم میں بہتری آئی ۔بارشوں سے کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔