جموں و کشمیر جوائنٹ چرچز فیلوشپ کی سری لنکا حملوں کی شدید مذمت
جموں//جموں و کشمیر جوائنٹ چرچز فیلوشپ جموںنے سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر ہوئے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ایک بیان کے مطابق اس سلسلہ میں جموں و کشمیر جوائنٹ چرچز فیلوشپ جموںکاایک اجلاس منعقد ہوا،جس میں بم دھماکوں کی وجہ سے معصوم زندگیوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی گئی، جو ایسٹر اتوار کے موقعہ پر گرجا گھروں میں عبادت کیلئے اکٹھا ہوئے تھے۔اجلاس میں ان دھماکوں میں ہوئی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ایک مہذب دنیا کو پر امن ماحول کی ضرورت ہے،نہ کہ خون خرابہ کی۔اجلاس میں سری لنکا کی سرکار سے ملک کے گرجا گھروں کی مناسب سیکورٹی فراہم کرنے کی اپیل کی ،تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔اجلاس میں جے اینڈ کے جوائنٹ چرچز فیلوشپ جموں کے صدر شوکت پیٹر، پادری سینٹ پال چرچ اودے سنگھ ، چرچ آف گاڈ کے پادری اسحاق بھٹی، روبن بھٹی، راجیو تیجی، مسرف بھٹی، روہل مٹو، انتھونی تیجی، سٹیفن ڈیوڈ، یونس گل، مرکوس نثار، سابقہ ایم ایل سی ایس ایم گل،ڈیوڈ ببلو ،تھومس کھوکھر اور تائٹس گل نے بھی شرکت کی۔
ہندستانی عالمی امن کونسل نے سری لنکا میں اجتماعی قتل کی مذمت کی
جموں//ہندستانی عالمی امن کونسل نے نئی دہلی میں ہنگامی میٹنگ کرکے کل سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہوئے بم دھماکوں میں بڑی تعداد میں لوگوں کے مارے جانے اور زخمی ہونے کی مذمت کی جن میں کچھ ہندستانی بھی شامل ہیں۔ہندستان کی ناوابستہ تحریک نے سری لنکامیں ہوئے اجتماعی قتل کی مذمت کرنے کے لئے ہندستانی قیادت سے ناوابستہ ممالک کی نئی دہلی میں ہنگامی میٹنگ بلانے کی اپیل کی۔ہندستانی عالمی امن کونسل کے ایکزکیوٹیو چیئرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے ہندستانی وزیراعظم سے عالمی سطح کی میٹنگ بلانے میں پہل کرنے کی اپیل تاکہ انسانیت کے دشمن عالمی امن کے لئے خطرہ نہ بن سکیں۔ اس وقت اسٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے چیرمین پروفیسر بھیم سنگھ کو 1974 میں سری لنکا کی اس وقت کی وزیراعظم سری ماو بندرانائکے کی دعوت پر سری لنکا جانے کا موقع ملا تھا جہاں انہوں نے جیلوں میں بند سری لنکائی نوجوانوں سے بات چیت کی تھی ۔ انہوں نے کئی غصائے سری لنکائی نوجوانوں سے بات چیت کرکے وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ انہیں کیا کرنا چاہئے اور اس وقت کی وزیراعظم نے سری لنکا میں ’یوتھ موومنٹ‘ کے تعلق سے ان کے چند مشوروں کو قبول بھی کیا تھا۔ پروفیسر بھیم سنگھ اس وقت انڈین یوتھ کانگریس کے سکریٹری جنرل بھی تھے جس کے سربراہ آنجہانی پی آ ر داس منشی تھے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ کل سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر وحشیانہ حملوں کی پوری دنیا کے عالمی امن، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی میں یقین رکھنے والے ممالک کو مذمت کرنی چاہئے۔انہوں نے اس وقت اقوام متحدہ میں شامل بڑی طاقتوں سے تخفیف اسلحہ اور ہتھیاروں کے استمال پر نگرانی کے لئے ناوابستہ دنیا کی نئی تحریک کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوئترس سے اس طرح کے انسانیت سوز بم دھماکوں کی مذمت کرنے کے لئے ہنگامی میٹنگ بلانے کی اپیل کی جو سری لنکا سے باہر کی بیرونی ایجنسیوں کی شمولیت کے بغیر انجام نہیں دیئے جاسکتے۔انہوں نے دنیا میں کہیں بھی اس طرح کے انسانیت سوز واقعات کے خلاف دنیا کی بڑی طاقتوں سے ناوابستہ تحریک کی حوصلہ افزائی کرنے کی اپیل کی ۔انہوں نے ہندستانی وزیراعظم سے قومی یکجہتی کونسل کی ہنگامی میٹنگ بلانے کی اپیل کی جس سے تمام لوگ متحد ہوکر اپنی سیاسی اور مذہبی وابستگی سے بالاتر ہوکر اس طرح کے وحشیانہ واقعات کی مذمت کرسکیں۔
محبوبہ اور عبداللہ ترقی اور امن کی بات کیوں نہیں کرتے : کویندر
جموں//ایک جمہوری ملک میںلوگ پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلی کیلئے اپنے نمائندوں کا انتخاب انکے مسائل اور شکایات کو اجاگر کرنے، ازالہ کرنے اور اپنے علاقوں کی ترقی یقینی بنانے کیلئے کرتے ہیں۔ہر ایک سیاسی پارٹی کا امیدوار رقی، خوشحالی اور زندگی میں بہتری لانے کے وعدوں سے حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ان باتوں کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر کویندر گپتا نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی
بات ہے کہ لوک سبھا انتخاب میں بالک ہی الگ بات دکھائی دے رہی ہے۔جہاں این سی اور پی ڈی پی لیڈران امن اور ترقی کی ضرورت پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کے بجائے جذباتی کارڈ کھیل کر ووٹروں سے ووٹ طلب کرتے ہیں۔گپتا نے محبوبہ مفتی، ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ سے پوچھا ہے کہ ان کی انتخابی مہم میں لوگوں کی بہبودی ،ترقی اور امن لانے اور وادی میں معمول کے حالات بحال کرنے کی باتیں کیوں نہیں کی جاتی ہیں۔انہوں نے کشمیر پر مرکوز سیاسی پارٹیوں پر ترقی اور امن کو فراموش کرنے اور قوم دشمن باتیں کرنے کا مبینہ الزام لگایا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ یہ پارٹیاں سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا کر حریت اور علحیدگی پسندوں کی خوشنودی حاصل کرنے اور انکے کارکنوں کو مجاہدین کے نام سے پکار کر انکی حمایت اور ووٹ حاصل کرنے کا کام کرتے ہیں ،جو کہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کو ملی ٹینسی کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اور ہزاروں لوگوں کوتربیت یافتہ ملی ٹینٹوں نے ہلاک کیا ہے لیکن نہ این سی اور نہ پی ڈی پی نے اسکی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو یہ سمجھنا چاہے وادی میں سیاحت، کاروبار اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے امن لازمی ہے لیکن مذکورہ سیاسی پارٹیوں کوا سکی کوئی پریشانی نہیں ہے۔انہوں نے لوگوں سے کہا ہے کہ ان پارٹیوں پر اعتماد نہیں کیا جائے کیونکہ بی جے پی علیحیدگی پسندوں کو خوش کرنے کے بجائے امن اور معمول کے حالات بحال کرنے کو ترجیح دیتی ہے۔
وائی ایچ اے آئی صدر خورشید گنائی سے ملاقی
جموں//یوتھ ہوسٹلز ایسو سی ایشن آف اِنڈیا( وائی ایچ اے آئی )کے صدر اور جے اینڈ کے پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین محمد شفیع پنڈت نے آج یہاں گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی کے ساتھ ملاقات کی۔اِس موقعہ پر محکمہ سیاحت کے کمشنر سیکرٹری ریگزن سمفل بھی موجود تھے۔یوتھ ہوسٹل ایسو سی ایشن آف اِنڈیا کے صدر نے ریاست میں سیاحت خصوصاً مہم جوسیاحت سے جڑے کئی معاملات پر مشیر موصوف کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
کے کے شرما 24اپریل کو جموں میں عوام کے مطالبات سنیں گے
جموں//گورنر کے مشیر کے کے شرما 24؍ اپریل (بدھ وار) کنونشن سینٹر کنال روڈ جموں میں ایک عوامی دربار کے دوران لوگوں کی شکایات اور مطالبات سنیں گے ۔مشیر موصوف سے ملنے کے خواہشمند جن وفود ، انجمنوں اور افراد نے اُن کے دفتر میں اپنی رجسٹریشن کرائی ہے ، ان سے کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ پر صبح 10بجے سے دوپہر 12بجے تک کنونشن سینٹر کنال روڈ جموں میں حاضر ہوجائیں۔
50ویں کے وی ایس ریجنل سپورٹس میٹ کا افتتاح
جموں//50ویں کے وی ایس ریجنل سپورٹس میٹ ( انڈر۔14 اور انڈر ۔17 لڑکوں کے فٹ بال اور ہینڈ بال ) کا پیر کے روز یہاںکیندریہ ودیالیہ نگروٹہ میں جوش وخروش سے افتتاح کیا گیا ۔ایک بیان کے مطابق پروگرام کا آغاز روایتی لیمپ روشن کرکے کیا گیا،جسکے بعد حلف برداری کی رسم منعقد کی گئی۔اس موقعہ پر پرنسپل دیدار سنگھ نے سپورٹس میٹ میں شرکا کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔انہوں نے طلاب کو حقیقی سپورٹس مین جذبہ کے تحت کھیلنے کی حوصلہ افزئی کی ،جسکے بعد 50ویں کے وی ایس ریجنل سپورٹس میٹ کا اعلان کیا گیا۔فاتحین کو ٹیموں اور سٹاف کی جانب سے تالیوں سے خیر مقدم کیا گیا۔ہینڈ بال (انڈر۔17) میں کے وی نگروٹہ فاتح رہا جبکہ کے وی نمبر1 ۔اودہمپور دوسری نمبر پر رہا۔اس طرح سے فٹ بال (انڈر 17- )میں کے وی۔1 ،اودہمپور اور کے وی نمبر۔2جموں نے شرکت کی۔امریک سنگھ ٹی جی ٹی (پی اینڈ ایچ ای) نے شکریہ کا ووٹ پیش کیا۔سندھیا شرما ٹی جی ٹی انگلش نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔پروگرام کا اختتام قومی ترانہ سے کیا گیا ۔