گرمائی تعطیلا ت علاقائی اور موسمی بنیادوں پر کرنے کا مطالبہ
طارق شال
تھنہ منڈی //تحصیل تھنہ منڈی کی متعدد پنچایتوں کے سرپنچوں نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ جموں کے سرکاری تعلیمی اداروں میں کی جانے والی گرمائی تعطیلات علاقائی اور موسمی بنیادوں پر کی جانی چائیے ۔انہوں نے کہاکہ سرحدی ضلع راجوری ،پونچھ ،ریاسی اور ادہم پور کے کئی دیہا توں میں جب موسم بچوں کی پڑھائی کیلئے ساز گار ہو تا ہے تو اسی وجہ ریاستی انتظامیہ کی جانب سے صرف جموں کے میدانی علا قوں میں پڑنے والی گرمی کی بنیاد پر تعطیلات کر دی جاتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تھنہ منڈی ،بدھل ،منجا کوٹ ،سرنکوٹ ،منڈی کے کئی ایک ایسے علا قوں میں بھی گرمی کی چھٹیاں کی جاتی ہیں جو کہ سردیوں میں شدید برفباری کی وجہ سے متاثر ہو تے ہیں ۔سرپنچوں نے کہاکہ پہاڑی علا قوں کے بچوں کیلئے جولائی ماہ کے آخر میں سکول جانا شدید مشکل ہو جاتا ہے کیو نکہ مذکورہ ماہ میں برساتی نالوں اور بارشوں کی وجہ سے بھی طلباء کی پڑھائی متاثر ہو تی ہے ۔سرپنچوں اور پنچوں نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ خطہ پیر پنچال میں تعطیلات موسمی اور علاقائی بنیادوں پر کی جانی چاہئے تاکہ ان پسماندہ علا قوں کے بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو ۔
دو منشیات اسمگلر وں کو حراست میں لیا گیا
پونچھ //پونچھ پولیس نے منشیات اسمگلروں کیخلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے احتیاطی طور پر 2افراد کو حراست میں لیا گیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق ان دونوں منشیات اسمگلروں کی شناخت محمود سجاد اور غلام رسول سکنہ مینڈھر کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق دونوں اسمگلر منشیات کے کاروبار میں ملوث ہیں جن کو حتیاطی طورپر حراست میں لے لیا گیا ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرحدی ضلع پونچھ میں حالیہ دنوں سے منشیات کے کاروبار کیساتھ ساتھ استعمال میں بھی اضافہ ہو ا ہے جس کے بعد پولیس انتظامیہ نے مہم شروع کی ہے ۔
دھار گلون کے دیو تہ گائوں میں پانی کی شدید قلت
انتظامیہ کی غفلت شعار ی سے لوگ کئی کلو میٹر دور سے پانی لانے پر مجبور
جاوید اقبال
مینڈھر//بالاکوٹ تحصیل کی پنچائت اپر دھارگلون کے گائوں دیوتہ کے لوگوں نے محکمہ صحت عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک بڑی آبادی والا علاقہ گزشتہ کئی عرصہ سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے تاہم متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ غیر معقول پالیسیوں کی وجہ سے ماہ صیام میں بھی لگ بھگ چار سو کنبوں کو پینے کا صاف پانی فراہم نہیں کیا گیا ۔چوہدری محمد گل سید،عبد الرحمان،محمد دلپذیر اور کمال دین نے بتایا کہ دیوتہ علاقہ بڑی آبادی پر مشتمل ہے لیکن پانی سے علاقہ محروم ہے اور رمضان کے مہینے میں بھی لوگوں کو کئی کلو میٹر سے پانی لانا پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کئی سال قبل ایک لوکل پانی کی لائن متعلقہ محکمہ نے لگائی تھی لیکن وہ پانی کی لائن اب زمینی سطح پر نہیں ہے کیونکہ کبھی بھی متعلقہ محکمہ کے ملازمین نے پانی کی لائن کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھا جس کے بعد وہ پانی کی لائن آہستہ آہستہ ختم ہو گئی اور اب حالت یہ ہے کہ علاقہ کے اندر لوگ پانی کی بوند بوند کیلئے ترس رہے ہیں لیکن رمضان کے مہینے کو دیکھتے ہوئے بھی متعلقہ محکمہ کے افیسران کو رحم نہیں آیاکہ کوئی گاڑی لگا کر لوگوں کو پانی فراہم کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ملازمین مین سڑک پر لوگوں کو پانی گاڑیوں کے ذریعے سپلائی کر رہے ہیں لیکن علاقہ کے اندر کوئی بھی گاڑہی نہیں بھیجی جا رہی ہے جو کہ لوگوں کے ساتھ نا انصافی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب علاقہ کے اندر سڑک موجود ہے تو پھر پانی سپلائی کیوں نہیں کیا جاتا۔انھوں نے متعلقہ محکمہ کے اعلی افیسران اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ فوری طور لوگوں کو پانی دیا جائے تاکہ لوگوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ورنہ ہم لوگ عید کے بعد جموں مینڈھر شاہراہ کو بند کرکے سرکار کے خلاف احتجاج کریں گے جس کی ذمہ واری متعلقہ محکمہ پر عائد ہو گی۔
پونچھ میں مواصلاتی نظام درہم برہم
صارفین کو مشکلات کا سامنا،انتظامیہ سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل
حسین محتشم
پونچھ//قصبہ پونچھ کئی روز سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہے۔جس کی وجہ سے عوام کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔خصوصی طور پر وہ دکاندار جن کا کاروبار انٹرنیٹ پر منحصر ہے ان کا کاروبار سخت متاثر ہو رہا ہے جس کی وجہ سے وہ سخت برہم نظر آتے ہیں۔ مواصلاتی نظام درست نہ ہونے کی وجہ سے دفتری کام کاج بھی شدید متاثر ہورہا ہے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے پونچھ کے مقامی شہری محمد آمیب نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ میں جان بوجھ کر اس نظام کو خستہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مواصلاتی کمپنی بی ایس ایل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جان بوجھ کر نیٹ ورک کو خراب کر دیتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں مداخلت کرکے مواصلاتی نظام کو درست کریں انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جب سارا کام انٹرنیٹ پر ہی ہوتا ہے اگر مواصلاتی نظام اس طرح خستہ حالی کا شکار رہے گا تو لوگ کس طرح ترقی کریں گے۔
بالا کوٹ کے سرحدی علا قوں میں بنکروں کی تعمیر شروع نہ ہوسکی
حد متارکہ کے نزدیک لوگ خوف میں زندگی بسر کرنے پر مجبور
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر سرحدی علاقہ بالاکوٹ میں بنکروں کی تعمیر نہ ہو نے کی وجہ سے حد متارکہ کے نزدیک رہائش پذیر لوگ ہمیشہ خوف میں مبتلا رہتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرحد پر بسنے والے لوگوں کیلئے اس وقت تک کسی بھی بنکر کی تعمیر کا کام شروع نہیں کروایا جا سکاجبکہ یہ علاقہ پاکستانی افواج کی فائرنگ اور گولہ باری کی زد میں ہمیشہ اپنی زندگی بسر کرتے ہیں ۔اس سلسلہ میں ممبر پنچائت بالاکوٹ حاجی محمد کبیر نے کہا کہ بنکروں کو لے کر کئی بار ضلع انتظامیہ،بالاکوٹ تحصیل انتظامیہ سے بات کی گئی ہے تاہم ابھی تک مذکورہ سمیت میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی ۔ان کا کہنا تھا کہ سرحد پر بسنے والے لوگوں کیلئے انتظامیہ سنجیدہ نہیں ہے اور صرف سیاسی اثر رسوخ رکھنے والے لوگوں کو بنکر دئیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بنکروں کی بندر بانٹ تحصیل انتظامیہ بالاکوٹ نے کی کیونکہ جو لوگ ہمیشہ فائرنگ اور گولہ باری کی زد میں رہتے ہیں ان کیلئے سب سے پہلے بنکر شروع کرنے چاہیے تھے لیکن انتظامیہ نے ایسا نہیں کیا اور اس وقت تک بنکروں کا کام شروع نہیں ہوا۔انھوں نے ضلع انتظامیہ اور ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ جو لوگ فائرنگ اور گولہ باری کی زد میں ہمیشہ رہتے ہیں ان کیلئے فوری طور بنکروں کا کام شروع کیا جائے تاکہ سرحد پر بسنے والے لوگوں کو انصاف مل سکے۔ان کا کہنا تھا کہ فارورڈ بالاکوٹ میںسڑکوں کی بھی خستہ حالت ہے اور گاڑیوں کے چلنے کے قابل سڑک نہیں ہے لہذا اس کی حالت کو بھی سیدھا کیا جائے اور علاقہ کے لوگوں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔
ماہ صیام کی راتوں میں
عبادت کا اہتمام کریں :مفتی عبدالرحیم ضیائی قاسمی
طارق شال
تھنہ منڈی //امام و خطیب مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی مولانا مفتی عبدالر حیم ضیائی قاسمی نے مسلمانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ ماہ صیام کی راتوں کو زیادہ سے زیادہ عبادت کا اہتمام کریں ۔جمعتہ الوداع کے موقع پر ہزاروں فرزندان توحید سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مابقیہ شب و روز میں خوب اعمال خیر اور اللہ پاک کی عبادات اور صدقہ و خیرات کا اہتمام کیا کریں ۔انہوں نے کہاکہ دن میں بھوک پیاس کی شدت کو برداشت کرکے غریبوں یتیموںاور مسکینوںکے دکھ درد کو سمجھنے کیساتھ ساتھ اللہ کے خوف اور ڈر کو دل میں پیدا کرسکیں۔ اگر رمضان المبارک کے آخری دن ہماری زندگی کے اعمال و احوال اور طرز و رویہ میں نمایاں اور مثبت تبدیلی نہیں آرہی تو پھر بھوکا پیاسا رہنے کاکیا فائدہ ۔ مفتی موصوف نے کہا کہ شب قدر خاص رات میںنہیںہے بلکہ آخری عشرہ کی ہر رات میں رب کریم کے حضور دعا و استغفار تلاوت وتسبیح اور توبہ وتلاوت ضرور کرنا چاہیے 27 ہی کو فقط وعظ وبیان اور تقریر و شور میں نہ گذاریں بلکہ یہ متبرک راتیں تنہائی میں عبادت کرنے اور اللہ پاک کے سامنے رونے دھونے اور معافی مانگنے کی ہیں ۔انہوں نے اس بات کو انتہائی سختی کے ساتھ بیان کیا کہ رات بھر بالخصوص سحری کے وقت بعض مساجد میں سپیکروں پر بلند آواز کی وجہ سے عوام کی عبادت و یکسوئی میں خلل پیدا ہوتا ہے اوربغیر وجہ کے شور شرابے اور چیخ و پکار سے بیمار و ضعیف اور بچے و مجبور لوگوں کی نیند حرام کرنا کبھی بھی نیکی و دین کا کام نہیںہوسکتا بلکہ یہ ناجائزہے اور انسانیت کو تکلیف دینا اور پریشان کرنا جائز نہیں ہے ۔مولانا موصوف نے انتظامیہ سے بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ غیر ضروری اسپیکروں کے ذریعہ بلند کی جانے والی آواز پر پابندی عائد کی جائے ۔جمعتہ الوداع کے بعد قوم و ملت اور ریاست کی خوشحالی اور امن کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی ۔
ایس بی آئی کی بدھل شاخ میں ملازمین کی تعیناتی کا مطالبہ
راجوری //جموں وکشمیر سرپنچ پنچ ڈیمو کریٹک فورم نے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ سٹیٹ بینک آف انڈیا کی بدھل شاخ میں جلداز جلد ملازمین کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے چیئر مین فاروق انقلابی نے کہاکہ بدھل میں ایس بی آئی کی قائم کردہ شاخ میں صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے معقول ملازمین نہیں ہیں ۔موصوف نے کہاکہ اس وقت مذکورہ بینک شاخ میں صارفین کو پیسے نکلوانے اور جمع کروانے ودیگر خدمات فراہم نہیں کی جارہی ہیں جبکہ بینک میں انتظامیہ کی طرف سے صرف ایک ہی منیجر اور ایک کیشر تعینات کیا گیا ہے جبکہ عملے کی قلت کی وجہ سے صارفین کو کئی گھنٹوں تک قطاروں میں کھڑا ہو نا پڑتا ہے ۔فورم کے جنرل سیکریٹری شبیر احمد کملاک افلا طون نے کہاکہ مذکورہ معاملہ کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ متعلقہ آفیسران سے بھی رجوع کیا گیا تاہم اس کے باوجود بھی صارفین کو درپیش مشکلات کو حل نہیں کیا گیا ۔مقررین نے چیف جنرل منیجر اسٹیٹ بینک آف انڈیا سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بینک کی بدھل شاخ میں جلداز جلد ملازمین کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔اس موقعہ پر فورم کی سیکریٹری شمیم اختر ،سٹر محمد حسین، فردوس لون، اسحاق احمد و فورم کے ترجمان شبیر بڈیال بھی موجود تھے۔