تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے نوجوان لقمہ اجل
رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں پونچھ شاہراہ پر نوشہرہ کے بنگوئی علاقے میں ایک تیزرفتار کار نے سڑک کنارے کھڑے شخص کو ٹکر مار دی جس سے وہ موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔پولیس کے مطابق 30سالہ محمد اسلم ولد عبدالعزیز ساکن باہوفورٹ جموں اپنے کنبے کے ساتھ شاہدرہ شریف جارہاتھا جس دوران بگنوئی کے مقام پر وہ دن کا کھانا کھانے کیلئے گاڑی سے اتر کر سڑک کنارے کھڑا تھا کہ اچانک جموں سے پونچھ کی طرف آرہی تیزرفتار سوفٹ گاڑی زیر نمبر JK21D-0935نے اسے ٹکر ماردی جس سے موقعہ پر ہی اس کی موت ہوگئی ۔اگرچہ اسلم کو جائے حادثہ سے اٹھاکر نزدیکی ہسپتال لایاگیاتاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔پولیس نے سوفٹ گاڑی کو ضبط کرکے اس کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیاہے جبکہ قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کی گئی ہے۔
مغل شاہراہ پر ٹیمپو حادثہ
کانگریس لیڈر کا اظہار افسوس
مینڈھر//مغل شاہراہ پر پیر کی گلی کے نزدیک ہو ئے سڑک حادثے پر کانگریس کمیٹی کی ممبر پروین سرور خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کیساتھ ہمدردی کا اظہارکیا ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ایک ٹیمپو میں 17بچوں کو سوار کیا گیا تھا جو کہ قانون کی خلاف ورزی ہے لیکن اس سلسلہ میں کوئی بھی قدم نہیں اٹھا یا جا تا تاکہ سڑکوں پراور لوڈنگ نہ کی جائے ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ شاہراہ پر تعینات پولیس اہلکاروں و آفیسران کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔موصوفہ نے کہاکہ شاہراہ پر تعینات اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کر کے ان کو نوکریوں سے بھی بر طرف کیا جائے ۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ تربیتی ادارہ کا لائسنس بھی منسوخ کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ اس طرح سے کوئی بھی شخص لا پروائی کا مظاہرہ نہ کر ئے۔
راجوری میں چار روزہ گرمائی کیمپ اختتام پذ یر
سمت بھارگو
راجوری //آسو دھارہ آشرم کی جانب سے راجوری میں منعقدہ چار روزہ گرمائی کیمپ اختتام پذیر ہو گیا ۔بچوں کیلئے تخلیقی سرگرمیا ں ‘کے عنوان سے منعقدہ کیمپ میں ضلع کے مختلف حصوں سے سینکڑوں کی تعداد میں بچوں نے شرکت کی جبکہ اس دوران ماسٹر ٹرینرز نے ان کو مختلف اقسام کی تربیت بھی فراہم کیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ڈاکٹر سلیندر شرما نے کہاکہ اس کیمپ کو منعقد کرنے کا اصل مقصد بچوں کو تخلیقی طور پر بہتر بنانا تھا ۔انہوں نے کہاکہ کیمپ میں شرکت کرنے والے بچوں نے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا ۔انہوں نے مزید کہاکہ آسو دھارہ آشرم کی جانب سے راجوری میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام منعقد کیا گیا ہے جوکہ کامیابی کیساتھ اختتام پذ یر ہو ا ہے ۔
’بیک ٹو ولیج ‘پروگرام کے تحت کسان میلے کا افتتاح
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں انتظامیہ کی جانب سے ’بیک ٹو ولیج ‘پروگرام کے تحت کسان میلے کا اہتمام کیا گیا ۔اس کسان میلے کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمود اعجاز اسد نے دیگر آفیسران و عام لوگوں اور کسانوں کی موجودگی میں کیا ۔ بلاک نوشہر ہ کی پنچایت ہونجانہ میں منعقدہ کسان میلے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا جائزہ لیتے ہوئے آفیسران کو تلقین کی کہ وہ عوام کو فلاحی اسکیموں کے بارے میں مکمل جانکاری فراہم کریں ۔اس کسان میلے کے دوران آفیسران کی جانب سے پردھان منتری سروکشہ بیمہ یوجنا ،پردھان منتری جیون جوتی بیمہ یوجنا ،پی ایم مدرہ یوجنا ،پی ایم کسان ،بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو ودیگر اسکیموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔