۔370اور35 اے کے بجائے عوامی فلاح وبہبود پر توجہ مرکوز کرنا لازمی:مولانا حکیم الدین
حسین محتشم
پونچھ// بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور سماجی کارکن مولانا حکیم الدین نے کہا ہے کہ اس طرح کے بیانات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی سرکار کو ریاست جموں و کشمیر کی عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے کشمیر کی عوام کے جذبات ابھار کر انھیں مجبور کیا جاتا ہے کہ وہ احتجاجی مظاہرے کریں ۔موصوف نے کہا کہ ڈاکٹر جتندر سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے دیگر لیڈران جو کہ دفعہ370اور 35-Aکو ختم کرنے کی بات کر رہے ہیں وہ شاید یہ نہیں جانتے کہ یہ دفعات ریاست اور مرکز میں ایک مضبوط پل کا کام کرتے ہیں۔انہوں نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران کو ہدایت کریں کہ وہ کشمیریوں کے زخموں پر مرحم لگانے کی کوشش کریں ان کے زخموں کو کرید کر انھیں مزید پریشان نہ کریںجبکہ ریاستی عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کی جانب توجہ مرکوز کی جائے ۔پی ڈی پی لیڈر نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ ہندوستان میں مختلف مذہبوں کے لوگ آپسی ہم آہنگی کیساتھ رہتے آئے ہیں جبکہ اس وقت پورے ہندوستان میں فرقہ پرستی کی آگ بڑکائی جارہی ہے جو ہندوستان کی سالمیت کے لئے خطر ناک ہے۔انہوں نے مرکز ی سرکار سے مطالبہ کیا کہ اقلیتی طبقوں کو اور ان کی عبادت گاہوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ370اور35-Aکے ساتھ چھیڑ چھاڑ چھوڑ کر اس سے قبل مرکزسرکار کو ریاستی عوام کے مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہئے۔
مینڈھر شیئر مارکیٹ معاملہ
ملوث عناصرکیخلاف کارروائی کر کے متاثر ین کو انصاف دلانے کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کی عوام نے ریاستی انتظامیہ اور کرائم برانچ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر شیئر مارکیٹ معاملہ میں ملوث افراد کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کر کے متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے ۔مقامی لوگوں نے آئی جی کرائم برانچ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ کیس میں ملوث تمام افراد کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جائے تاکہ پیسے کو جلداز جلد باز یاب کروایا جاسکے ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کرائم برانچ کی جانب سے گزشتہ روز معاملہ میں ملوث 6ملزمان کیخلاف چارج شیٹ پیش کی گئی تھی جبکہ اس سلسلہ میں تمام ملزمان اس وقت عدالتی تحویل میں ہیں۔غنڈا عناصر کی جانب سے بنائی گئی جعلی شیئر مارکیٹ میں غریب لوگوں نے اپنا مال مویشی ودیگر جائیداد فروخت کر کے پیسے لگائے تھے لیکن پیسے ہڑپنے کے بعد مذکورہ عناصر رو پوش ہو گئے تھے جس کے بعد کرائم برانچ نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کی تھی ۔مقامی لوگوں نے لوگوں نے آئی جی کرائم برانچ پر بھروسہ کرتے ہوئے یہ کہاکہ وہ ایمانداری سے معاملے کی تحقیقات کرواکر ان تمام افراد کو سامنے لائیں گے جن کا شیئر مارکیٹ کو چلانے کے سلسلہ میں ہاتھ تھا ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ شیئر مارکیٹ کو چلانے والوں کی مدد کرنے والے ابھی بھی کھلے عام گھوم رہے ہیں جبکہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ تفصیلی تحقیقات کیلئے تمام افراد کو حراست میں لے کر مکمل تحقیقات کریں ۔
منجا کوٹ سے عازمین حج کا تیسرا قافلہ روانہ
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ سے عازمین حج کا تیسرا قافلہ روانہ ہو گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں منجا کوٹ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران عازمین کے ساتھ ساتھ ان کے رشتہ داروں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر تحصیلدار منجا کوٹ صغیر چوہدری نے عازمین حج کو ہری جھنڈی دیکھا کر روانہ کیا ۔مقررین نے عازمین کے تعین نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ حج کے دوران ملک اور ریاست کی تعمیر وترقی کیلئے خصوصی دعا کریں ۔
سڑک حادثے میں ایک زخمی
محمد بشارت
درہال //ضلع راجوری کے درہال علا قہ میں ایک سڑک حادثے کے دوران ایک شخص زخمی ہو گیا ۔ذرائع کے مطابق اینٹوں سے بھرے ہوئے ٹپر کو پیش آئے حادثے کے دوران گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہو گیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ ٹپر ایک کلوٹ پار کرتے ہوئے حادثے کا شکا ر ہو گیا جس کے بعد انہوں نے بچائو کارروائی شروع کرتے ہوئے زخمی ڈرائیور کو درہال ہسپتال منتقل کیا جہاں پر اس کا علاج معالجہ کیا جارہا ہے ۔
سرنکوٹ میں موسلا دھار بارش سے سیلابی صورتحال
قصبہ میں نکاسی آب کا نظام مفلوج ،دکانوں میں پانی داخل
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ میں ہوئی موصلادھار بارش کی وجہ سے قصبہ میں نکاسی آب نظام پوری طرح سے مفلوج ہو کر رہ گیا جس کی وجہ سے بارش کا پانی گلیوں اور دکانوں میں داخل ہوا ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کو تنقید کا نانہ بناتے ہوئے کہاکہ قصبہ سرنکوٹ کی نالیوں میں ریت بھری ہوئی ہے جس کی وجہ سے نکاسی آب مشکل بن چکی ہے لیکن ان نالیوں کی صفائی کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔گزشتہ روز ہو ئی شدید بارش کی وجہ سے قصبہ کی تمام نالیاں بند ہونے کی وجہ سے اقبال نگر ودیگر علاقوں میں لوگوں کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرنکوٹ میں دو نالوں کے کناروں پر ہوئی غیر قانونی تعمیر ات کی وجہ سے نکاسی آب میں خلل آرہی ہے جبکہ کچھ ایک علاقوں میں ابھی بھی تعمیر ات جاری ہے ۔مقامی معززین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول سرنکوٹ کے ملحقہ محلہ میں کچھ افراد نے نالے کا پانی بازار کی جانب موڑ دیا ہے جس کی وجہ سے بارش کے دوران قصبہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں نکاسی آب کے نظام کو ٹھیک کیا جائے تاکہ بارشوں میں مقامی لوگوں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
کلالی مال کلا مڈل اسکول کی ناگفتہ بہہ حالت
بچوں کو مسائل کا سامنا ،سکول کی مرمت کی اپیل
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کاکلالی مال کلا مڈل سکول کی عمارت خستہ حال ہونے کی وجہ سے زیر تعلیم بچوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ ایجوکیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پرانی عمارت کی مرمت کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے کبھی بھی کوئی حادثہ پیش آسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمارت کے خستہ حال ہونے کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو سکول بھیجنے سے ڈرتے ہیں جبکہ عمارت کی خستہ حالی کے سلسلہ میں کئی بار محکمہ ایجوکیشن کے اعلیٰ آفیسران کو آگاہ کیا گیا ہے لیکن یقین دہانیوں کے علاوہ عملی طورپر عمارت کی مرمت کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تحصیل منجا کوٹ میں کئی ایسے سرکاری سکول ہیں جن کی عمارتیں اس وقت ناقابل استعمال ہیں لیکن ریاستی انتظامیہ ان سکولوں کی مرمت کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کلالی مال کلا مڈل سکول کی جلداز جلد مرمت کی جائے تاکہ بچوں کو مسائل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔
مینڈھر :الگ الگ سڑک حادثات میں 4زخمی
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر میں دو الگ الگ سڑک حادثوں میں 4افراد زخمی ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق جموں پونچھ شاہراہ پر طوطا گلی علا قہ میں ایک ٹریکٹر ٹرلی کو پیش آئے حادثے میں 3افراد زخمی ہو گئے ۔بھمبر گلی تا سرنکوٹ کے درمیان ٹریکٹر ٹرلی زیر نمبر JK12-3701ڈرائیو ر کے قابو سے باہر ہو کر حادثے کا شکاری ہو گئی جس کی وجہ سے اس پر سوار تین افراد زخمی ہوگئے جن کی شناخت ظہیر عباس ولد عبدالعزیز سکنہ دھار گلو ،رحیل عباس ولد محمد عزیز سکنہ ناڑ اور محمد رخسار ولد محمد جمیل کے طور پر ہوئی ہے ۔ان تمام زخمیوں کو راجوری ہسپتال ریفر کر دیا گیا ۔اسی طرح مینڈھرکے سنگالہ علاقہ میں ایک موٹر سائیکل کو پیش آئے حادثے میں موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گیا جس کی شناخت غلام رسوم ولد غلام حسین سکنہ راجوری کے طور پر ہوئی ہے ۔زخمی ہو مینڈھر ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے ۔
آئی جی ٹریفک کی قیادت میں ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں اجلاس
مغل شاہراہ حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کے بیانات قلمبند
بختیار حسین
سرنکوٹ // مغل شاہراہ پر ہوئے ٹریفک حادثے کے سلسلہ میں کورٹ کے حکم پر آئی جی ٹریفک نے سرنکوٹ ڈاک بنگلہ میں ایک اجلاس کے دوران مرنے والوں کے لواحقین کے بیانات قلمبند کئے ۔لواحقین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جس ادارے میں طلباء تربیت حاصل کر رہے تھے ان کی جانب سے ورثہ کو سیرپر جانے کے سلسلہ میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ اگر ان کو اطلاع دی جاتی تو ہو سکتا تھا کہ وہ اپنی جوان بیٹیوں کو اتنی دور جانے کی اجازت ہی نہیں دیتے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حادثے کا شکار ہونے والے ٹیمپو ڈرائیور کو ادار کی جانب سے صرف 35سو روپے کرایہ دیا گیا تھا جبکہ بچوں نے 10ہزار روپے سے زائد رقم وصول کی گئی تھی ۔انہوں نے کہاکہ پیسے بچانے کیلئے سنٹر کے مالک نے ایک ہی ٹیمپو میں 18طلباء کو بھر دیا جو کہ قانونی کی خلاف ورزی کیساتھ ساتھ حادثے کی بھی ویک وجہ ہو سکتی ہے ۔انہوں نے ٹریفک حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ٹریفک اور ڈسٹرکٹ پولیس بھی مذکورہ معاملہ میں برابر کی شریک ہے ۔انہوں نے کہاکہ مغل شاہراہ تک پہنچے سے قبل کئی ایک پولیس چوکیاں اور ٹریفک پولیس کے ناکے عبور کرنا پڑتے ہیں لیکن ائور لوڈنگ ہونے کے باوجود بھی مذکورہ ٹیمپو کو کسی بھی اہلکار نے روکا ہی نہیں ۔لواحقین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ معاملہ میں ملوث سبھی لوگوں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
پو نچھ ٹی 20 میں اسرار چاڑک کی شاندار کارکردگی
پونچھ //پونچھ میں پولیس کی جانب سے منعقدہ ٹی 20مقابلے کے دوران پونچھ 11اور سنگھ وائیر ز کے مابین کھیلے گئے میچ کے دوران پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پونچھ 11نے 200رنز اسکور کئے جس کے جواب میں سنگھ وائیرز کی ٹیم صرف 80رنز بنا سکی ۔میچ کے دوران اسرار چاڑک نے 14بالوں پر 55رنز بنائے ۔اس موقعہ پر بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ بھی موجود تھے ۔معززین نے پونچھ پولیس کی جانب سے اٹھا ئے گئے قدم کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے میں پولیس ایک اہم رول ادا کررہی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اسراس چاڑک جیسے باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔